Tag: فواد چوہدری

  • فواد چوہدری نے مبشر لقمان کو تھپڑ دے مارا

    فواد چوہدری نے مبشر لقمان کو تھپڑ دے مارا

    لاہور: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھری محفل میں نجی ٹی وی کے اینکر پرسن مبشر لقمان کو تھپڑ رسید کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیر آبپاشی محسن لغاری کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں فواد چوہدری اور مبشر لقمان میں جھگڑا ہوگیا، فواد چوہدری نے مبشر لقمان کو تھپڑ دے مارا جس کے بعد دونوں گتھم گتھا ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سارا واقعہ 25 سے 30 سکینڈ پر مبنی تھا جس کے بعد وہاں موجود وفاقی وزراء اور دیگر مہمانان نے بیچ بچاؤ کراتے ہوئے دونوں کو علیحدہ کیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ تقریب میں جہانگیر ترین سمیت وفاقی و صوبائی وزراء سمیت متعدد اعلیٰ شخصیات موجود تھیں اور وہ اس غیر معمولی واقعے پر دنگ رہ گئے۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے معاملے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ مبشرلقمان جیسے لوگوں کاصحافت سے کوئی تعلق نہیں، یہ لوگ صحافت میں گھس گئےہیں ایسے لوگوں کوبے نقاب کرنا سب کا فرض ہے۔

  • فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کو اطمینان بخش جواب دے دیا

    فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کو اطمینان بخش جواب دے دیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کو اطمینان بخش جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کو اسمبلی سے منظوری کے لیے پارلیمانی طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی سے قانون کی منظوری کے لیے طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے، طریقہ کار پر سیاسی جماعتوں کا اعتراض بھی دورکیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے ہمارا نظریہ بالکل مختلف ہے، تاہم کچھ معاملات ایسے ہیں جن پر اتفاق رائے ضروری ہوتی ہے، اہم قانون سازی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے، سال 2020 کی ابتدا اچھی ہوئی ہے، کل یہ بل سفارشات کے بعد اسمبلی میں آئے گا، امید ہے بل کل قومی اسمبلی سے منظور ہو جائے گا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں آج تمام سیاسی جماعتوں نے متحد ہونے کا مظاہرہ کیا، مسلح افواج صرف پی ٹی آئی کا ادارہ نہیں بلکہ سب کا ہے، ان اداروں پر سیاست نہیں کر سکتے، نہ ہی برداشت کر سکتے ہیں۔

    آرمی ایکٹ بل پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق لایا جانا چاہیے: بلاول بھٹو

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ امید ہے قومی اسمبلی میں آیندہ الیکشن کمیشن کا معاملہ بھی آئے گا، چیف الیکشن کمشنر پر ان ناموں پر فیصلہ نہ ہو سکا تو نئے نام آ جائیں گے، تقرری پارلیمنٹ ہی کرے گی۔ مستقبل میں آگے بڑھنے کی لیے ضروری ہے احتساب کا عمل شفاف ہو، پیر سے احتساب کے عمل پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع ہوگی۔

    خیال رہے کہ بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل کہا تھا کہ آرمی ایکٹ بل کو پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق لایا جانا چاہیے، ہم پھر سے وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں جو نوٹیفکیشن کے وقت کی تھیں۔

  • حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے چلنا ہوگا، فواد چوہدری

    حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے چلنا ہوگا، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اتفاق رائے نہیں ہوگا تو ایسے جمہوریت نہیں چل سکتی، حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے چلنا ہوگا۔

    تفصیلات کے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کو نئے سال کی مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال تلخیوں کے ساتھ غروب ہوچکا ہے، نیا سال نیا کتاب کی طرح ہے کہ نیا باب لکھیں، نئے سال کا آغاز پچھلے سال سے مختلف کریں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ یوں لگ رہا ہے حکومت، اپوزیشن میں معاملات آگے نہیں بڑھ رہے، تمام ادارے معاملات میں قصوروار ہیں نہ بے گناہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے نہیں ہوگا تو ایسے جمہوریت نہیں چل سکتی، حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے چلنا ہوگا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ نوجوانوں کو کیسے بہتر مستقبل دیں، ہم نے معاملات درست نہیں کیے تو مسائل ہاتھ سے نکل جائیں گے، چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر امور پر اتفاق رائے ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ہر قسم کے احتساب کے لیے تیار ہیں، الیکشن کمیشن،احتساب اور دیگر اہم معاملات پر متفق ایجنڈے کا حامی ہوں، چاہتا ہوں حکومت اور اپوزیشن اہم ایشوز کے ایجنڈے پر اتفاق کریں۔

  • خلائی مشنز کے لیے سخت فریم ورک کی ضرورت ہے: فواد چوہدری

    خلائی مشنز کے لیے سخت فریم ورک کی ضرورت ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ خلا سے ہر انسان کا تعلق ہے، خلائی مشنز کے لیے سخت عالمی فریم ورک کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ خلا سے ہر انسان کا تعلق ہے، یہ اتنا ہی اہم ہے جتنا ماحول کا تحفظ کرنا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ خلائی مشنز کے لیے سخت عالمی فریم ورک کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری نے بھارت کے ناکام خلائی مشن کو خلائی ماحول کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ خلائی مشن ماحول کے لیے خطرناک ہیں، بھارت خلا میں ملبہ پھیلانے کے باعث خلائی آلودگی کا بڑا سبب بنتا جا رہا ہے۔

    وزیر سائنس نے ناسا کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ خلائی مشن پورے ایکو سسٹم کے لیے خطرناک ہیں، ناسا سمیت دیگر عالمی تنظیموں کو بھارتی اقدام کا سخت نوٹس لینا چاہیئے۔

    فواد چوہدری نے وزارت سائنس کا منصب سنبھالتے ہی اعلان کیا تھا کہ سنہ 2020 میں پہلا پاکستانی خلا میں جائے گا اور یہ اقدام پاکستان کے اسپیس پروگرام کے لیے تاریخ ساز ہوگا۔

    پاکستان اور چین کے درمیان خلائی ٹیکنالوجی منتقلی کا معاہدہ ہوا تھا جس سے پاکستانی خلا نورد کے خلا میں جانے کی راہ ہموار ہوئی تھی۔ پاکستانی اور چینی خلانوردوں کو مشترکہ طور پر خلائی مشن پر بھیجا جائے گا اور چین پاکستان کو خلائی تحقیق میں مدد و تعاون فراہم کرے گا۔

    فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پہلے پاکستانی خلا باز کے لیے انتخاب اگلے سال (سنہ 2020 میں) ہوگا، پہلے مرحلے میں 50 خلا نورد شارٹ لسٹ کریں گے اور 50 میں سے 25 حتمی مرحلے میں جائیں گے۔

  • وزیراعظم کی وجہ سے صدیوں سے پیاسی دھرتی کو پانی مل رہا ہے، فواد چوہدری

    وزیراعظم کی وجہ سے صدیوں سے پیاسی دھرتی کو پانی مل رہا ہے، فواد چوہدری

    جہلم: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے صدیوں سے پیاسی دھرتی کو پانی مل رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہلم کی تمام نشستوں سے تحریک انصاف کامیاب ہوئی، ضلع بھر سے ہزاروں لوگ آج اس تقریب میں شریک ہیں، وزیراعظم عمران خان کا علاقے کا یہ تیسرا دورہ ہے۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے صدیوں سے پیاسی دھرتی کو پانی مل رہا ہے، اس منصوبے سے ایک لاکھ 72 ہزارایکڑ زمین سیراب ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ تونسہ شریف اور ڈی جی خان بھی ہمارے ہی شہر ہیں، نہر سے عوام کو پینے کا صاف پانی بھی میسر ہوگا، ماضی کے حکمرانوں نے ان علاقوں کو نظرانداز کیا، شہبازشریف نے پنجاب کے ساتھ زیادتی کی۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ جہلم کی صنعت 300 ارب روپے قومی خزانے میں ڈالتی ہے، جہلم بائیو ٹیکنالوجی پارک کا منصوبہ پاکستان کو سلیکون ویلی بنا دے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے گزارش کی کہ جہلم کو فیوچرسٹی کے تحت ترقی دی جائے۔

    واضح رہے کہ منصوبہ سنہ 2024 تک مکمل ہوگا جس پر 48 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ 274 ملین ڈالر ایشین ڈیولپمنٹ بینک فراہم کرے گا۔

  • پیسے واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، مزید وصولیاں ہوں گی، فواد چوہدری

    پیسے واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، مزید وصولیاں ہوں گی، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ پیسے واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، مزید وصولیاں ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ مودی کی انتہا پسندانہ ذہنیت سے بھارتی عوام مصیبت میں مبتلا ہیں، آر ایس ایس کی پالیسی سے بھارت کا وجود خطرے میں ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نوازکو باہر جانےسے روک دیا، نواز شریف کو اجازت دینا زیادتی ہے، عام آدمی جیلیں کاٹتا ہے، امیر لوگ سہولتیں لے کر باہر چلے جاتے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز کو روکنے سے کچھ نہ کچھ مداوا ہوا ہے، ہم انہیں جیلوں میں نہیں رکھنا چاہتے یہ پلی بارگین کریں، لوٹی دولت واپس کر کے جہاں مرضی جائیں، پیسے واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، مزید وصولیاں ہوں گی۔

    نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے پنجاب حکومت کو درخواست

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے چیف سیکرٹری پنجاب کو درخواست جمع کروائی ہے جس میں موقف اپنا گیا ہے کہ نوازشریف کا بیرون ملک علاج جاری ہے، بیماری کے باعث وطن واپس نہیں آسکتے۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس بھی درخواست کے ساتھ لگائی گئی ہیں۔

  • وزیراعظم 26 دسمبر کو پنڈ دادن خان کا دورہ کریں گے

    وزیراعظم 26 دسمبر کو پنڈ دادن خان کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 26 دسمبر کو پنڈ دادن خان کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان عوامی رابطہ مہم کا آغاز پنڈ دادن خان سے کریں گے، عمران خان جلالپورشریف تا خوشاب نہر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ وزیر اعظم جہلم کے لیے اہم میگا پراجیکٹس کا اعلان کریں گے۔ وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان جہلم کا پہلا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،ہیلی پیڈ بنا دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ لاہور کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی تھی آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹرئ اعظم سلیمان نے وزیراعظم سے خصوصی ملاقات کی تھی۔

  • فواد چوہدری نے بھارتی عوام سے توقع وابستہ کر لی

    فواد چوہدری نے بھارتی عوام سے توقع وابستہ کر لی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ توقع ہے بھارتی عوام جنونیوں کے اقتدار سے نجات حاصل کر لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے تازہ ٹویٹ میں بھارتی عوام سے اس توقع کا اظہار کر دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے دشمن جنونیوں کے اقتدار کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں گے۔

    انھوں نے لکھا کہ بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاج جاری ہے، اس دوران درجنوں اموات ہو چکی ہیں، بھارت وزیر اعظم نریندر مودی کے پاگل پن کی قیمت چُکا رہا ہے۔

    تازہ ترین:  بھارت میں پرتشدد مظاہرے، اترپردیش میں 9 افراد ہلاک

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت کو جنونیت نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، اور اقلیتیں بھارت میں مشکل ترین دور سے گزر رہی ہیں، جب کہ مودی اینڈ کمپنی بھارت کا وجود ختم کرنے کے مشن پر ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی صدر نے جب سے مسلم مخالف شہریت کے متنازع قانون پر دست خط کیے ہیں، تب سے پورے بھارت میں شدید احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، احتجاج اور مظاہروں میں صرف مسلمان ہی شامل نہیں ہیں بلکہ دیگر قومیتیں بھی مودی سرکار کے خلاف سراپا احتجاج بن گئی ہیں۔

    مظاہروں کے دوران اترپردیش میں پولیس گردی کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اب تک اترپردیش میں ہلاک مظاہرین کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ دہلی میں نماز جمعہ کے بعد بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی تھی، جس کے دوران پولیس نے خواتین سمیت سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا، اور مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔

  • ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا: فواد چوہدری

    ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا، واقعات کا تسلسل عدالتی اور قانونی معاملہ نہیں رہا اس سے بڑھ کر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی سیب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ پرویز مشرف کی ذات کا ہے ہی نہیں ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلے لبیک دھرنا کیس میں فوج اور آئی ایس آئی کو ملوث کیا گیا، پھر آرمی چیف کے عہدے میں توسیع کو متنازعہ بنایا گیا اور اب ایک فوج کے مقبول سابق سربراہ کو بے عزت کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ واقعات کا تسلسل عدالتی اور قانونی معاملہ نہیں رہا اس سے بڑھ کر ہے۔ اگر ملک میں فوج کے ادارے کو تقسیم یا کمزور کر دیا گیا تو پھر انارکی سے نہیں بچا جا سکتا۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ جنرل باجوہ اور موجودہ فوجی سیٹ اپ نے جمہوری اداروں کا ساتھ دیا ہے، لیکن اس حمایت کو نادانی میں کمزوری نہیں سمجھنا چاہیئے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اداروں کو ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، فوج کی مداخلت کے بغیر ملک نہیں چل سکتے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی پالیسی میں جی ایچ کیو کا اہم کردار ہے اس لیے اداروں کو ایک دوسرے کی اہمیت اور عزت کا خیال رکھنا چاہیئے۔ مشرف کی سزا کو کوئی بھی اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہا۔

  • ’آگ سے کھیلنے والوں کو علم ہی نہیں کہ وہ بھی جل سکتے ہیں‘

    ’آگ سے کھیلنے والوں کو علم ہی نہیں کہ وہ بھی جل سکتے ہیں‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آگ سے کھیلنے کے شوقین حضرات کو علم ہی نہیں کہ وہ بھی جل سکتے ہیں۔

    سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کیس کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے لکھا کہ افتخار چوہدری کی بحالی کے نتیجے میں ایسے لوگ بھی جج بن گئے جن کی اہلیت اور علم پر سنجیدہ سوالات ہیں۔

    وفاقی وزیرفواد چوہدری نے لکھا کہ آگ سے کھیلنے کے شوقین حضرات کو علم ہی نہیں کہ وہ بھی جل سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نہ لفظ چننے کی اہلیت نہ بیان کا سلیقہ، یہ ریت نئی نہیں مگر تاریخ کا سبق ہے ،کوئی تاریخ سے سبق نہیں سیکھتا۔

    یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری

    عدالت نے فیصلے کی کاپی میڈیا کو نہ دینے کا حکم دیا، بعد ازاں پرویز مشرف اور وزارت داخلہ کے نمائندوں کو فیصلے کی کاپی فراہم کردی گئی۔ دونوں نمائندے تفصیلی فیصلے کی کاپی لے کر خصوصی عدالت سے روانہ ہوگئے۔

    پرویز مشرف کو سزا سنانے والے خصوصی عدالت کا بینچ جسٹس وقار سیٹھ، جسٹس نذر اکبر اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل تھا۔