اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام عہدوں نہیں کردار کی وجہ سے ڈالے گئے، وزیر اعلیٰ کا سازش میں کردار آصف زرداری سے بھی بڑا ہے۔ اومنی گروپ کے اصل مالک و مختار آصف زرداری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شیخ زید بن سلطان النہیان کا پاکستان میں کردار سب جانتے ہیں، ابو ظہبی کے ولی عہد کا وزیر اعظم عمران خان نے خود استقبال کیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ابو ظہبی کے ولی عہد 3 روز پاکستان میں رہے اور واپس روانہ ہوئے۔ ابو ظہبی کے ولی عہد نے تیسرے روز آفیشل اسلام آباد کا دورہ کیا۔ مراد علی شاہ کے استعفے سے متعلق تحریک انصاف اپنے مطالبے پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اومنی گروپ کے اصل مالک و مختار آصف زرداری ہیں، سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا جائے۔ فلم ٹھگز آف پاکستان میں مراد علی شاہ کا اہم کردار ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں نام عہدوں نہیں کردار کی وجہ سے ڈالے گئے، وزیر اعلیٰ کا سازش میں کردار آصف زرداری سے بھی بڑا ہے۔ پوری قوم کرپٹ عناصر کے خلاف متحد ہے۔ گھناؤنی سازش میں وزیر اعلیٰ سندھ کا نام آنا باعث شرمندگی ہے، وزیر اعظم کا سیاسی مافیا کے خلاف آپریشن کلین اپ کامیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وعدہ کیا تھا کہ بڑے چور جیلوں میں ہوں گے جس میں 90 فیصد کامیابی مل گئی ہے، سپریم کورٹ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم سر آنکھوں پر ہے۔ چوہدری نثار پہلے بہت ایکٹو تھے لیکن پھر اچانک سے خاموش ہوگئے، اصل میں کرپشن کی وجہ سے ایک معاہدہ ہوگیا تھا اس لیے چوہدری نثار خاموش ہوئے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ کسی ایک پارٹی یا شخص نے بھی اس کیس کو مسترد نہیں کیا، ہماری حکومت نے کوئی نیا کیس نہیں بنایا۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے درخواست کی تھی مزید تحقیقات کے لیے کیس نیب کو بھیجا جائے۔ نیب کی تحقیقات شروع ہوگئی، اب پلی بارگین ہوگی یا ریفرنس ہوگا۔ جے آئی ٹی اپنا کام جاری رکھے گی اور نیب کی معاونت کرے گی۔ عدالت کے حکم پر ای سی ایل سے نام نکالا جائے گا لیکن تحقیقات جاری رہیں گی۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ کابینہ نے بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل سے نکال دیا لیکن جواب دہی ضروری ہے، فاروق نائیک کے بیٹے کے اکاؤنٹ میں جعلی اکاؤنٹ سے پیسے آئے۔ فاروق ایچ نائیک سے بھی تفتیش ہوگی اور جواب لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں ملوث ہیں نیب کو جوابدہ ہیں، سرکاری زمین پر قبضہ اور من پسند لوگوں کو دینے کا الزام ہے جواب دینا ہوگا۔ 262 ایکڑ کی اسٹیل مل کی زمین اور 7 ایکڑ گلستان جوہر کی زمین کا جواب دینا ہوگا۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ کک بیکس اومنی گروپ کے اکاؤنٹس میں کیوں جمع ہو رہے تھے؟ سمٹ بینک بنایا گیا، اس میں عام شیئر ہولڈر کے ساتھ زیادتی ہوئی، اومنی گروپ 4، 2 سے درجنوں کمپنیوں پر کیسے چلی گئی؟ سارے سوالوں کے جواب نیب کو 2 ماہ کے اندر دینا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بینک میں7 اکاؤنٹس میں ڈیڑھ ارب کی منی لانڈرنگ کا جواب دینا ہوگا، ہنڈی حوالہ کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی، دبئی میں 2 کمپنیوں کی نشاندہی ہوئی۔ یہاں دبئی اور وہاں سے لندن پیسے جاتے تھے اس کا جواب دینا ہوگا۔