Tag: فواد چوہدری

  • ملازمت سے کسی کو نہیں نکالا گیا صرف ان کی جگہ تبدیل کی گئی: وزیر اطلاعات

    ملازمت سے کسی کو نہیں نکالا گیا صرف ان کی جگہ تبدیل کی گئی: وزیر اطلاعات

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے 508 ملازمین کو نکالا نہیں گیا، ملازمت سے کسی کو نہیں نکالا گیا صرف ان کی جگہ تبدیل کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کی منظوری دی گئی۔ سعودی عرب کی جانب سے بڑی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔ ’چین کی طرح سعودی عرب کے ساتھ بھی ہمارے قریبی تعلقات ہیں‘۔

    انہوں نے بتایا کہ سعید احمد، طاہرہ رضا، سید طلعت محمود اور احسان الحق کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا، جمیل احمد، شمس الحسن سمیت دیگر غیر قانونی طور پر بھرتی افراد بھی برطرف کر دیے گئے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے مطابق وفاقی حکومت ہی تعیناتیاں کر سکتی ہے، کابینہ ہی وفاقی حکومت ہے اور اپنے اختیارات استعمال کرتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے۔ ایک کمیٹی ہے جس کی سربراہی شفقت محمود کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم ہاؤس میں موجود گاڑیاں اور بھینسیں نیلام کی گئیں، ’سمجھ نہیں آتی ایک شخص 8 بھینسوں کا دودھ کیسے پیتا تھا‘۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے 508 ملازمین کو نکالا نہیں گیا، ملازمت سے کسی کو نہیں نکالا گیا صرف ان کی جگہ تبدیل کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کمیٹی نے ایک لاکھ 38 ہزار لوگوں کو ریگولرائز کیا، خورشید شاہ نے بڑی تعداد میں لوگوں کو بغیر دیکھے ریگولرائز کیا۔ مشاہد اللہ نے اپنے رشتے داروں کو پی آئی اے میں بھرتی کروایا۔ ’ایسے آگے بڑھنا ہے تو پھر پاکستان آگے نہیں بڑھ پائے گا‘۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پختونخواہ اور پنجاب میں سرکاری زمینوں کی نشاندہی ہوگئی ہے، پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی ان زمینوں سے متعلق اقدامات کرے گی۔ پنجاب کا گورنر ہاؤس 32 کنال پر مشتمل ہے اس کی کیا ضرورت ہے۔ سرکار کے وسائل ایسے ضائع کریں گے تو ملک کیسے آگے بڑھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں کو استعمال میں لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

    وزیر پیٹرولیم سرور خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان گزشتہ ماہ سعودی عرب گئے تھے، وزیر اعظم عمران خان کا بھرپور استقبال ہوا، ملاقاتیں مفید رہیں۔ ’تاثر دیا گیا ہم امداد لینے سعودی عرب گئے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم امداد لینے نہیں سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے سعودی عرب گئے، سعودی حکام نے کہا جہاں سرمایہ کاری چاہتے ہیں ہم آنے کے لیے تیار ہیں۔ پاور، پیٹرولیم اور دیگر سیکٹر میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ سعودی حکام نے کہا ہم فوری طور پر ریفائنری میں سرمایہ کاری چاہتے ہیں، ریفائنری میں سرمایہ کاری پر دونوں جانب سے دلچسپی دکھائی گئی۔ سعودی حکام کا وفد رواں ماہ یا آئندہ ماہ پاکستان کے دورے پر آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی حکام نے سی پیک میں شمولیت پر بھی اظہار دلچسپی کیا۔ سعودی شراکت داری پر چینی حکام کو کوئی تحفظات نہیں، چینی حکام خود چاہتے تھے سی پیک میں دیگر ممالک کو شامل کیا جائے۔

    وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں 143 فیصد اضافہ کیا گیا، گیس کی قیمتوں میں اضافہ مخصوص سلیب کے لیے کیا گیا ہے۔ 5 سال گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو 2018 میں مکمل ہونا تھا، اسلام آباد ایئرپورٹ پروجیکٹ کی صورتحال بھی سامنے ہے۔ نیلم جہلم کی لاگت بڑھ گئی اور خاصیت میں کمی ہوئی۔ نیلم جہلم اور اسلام آباد ایئر پورٹ منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کروائیں گے۔

  • پاکستان میں سنیماؤں کی تعداد127سے1000تک بڑھانا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

    پاکستان میں سنیماؤں کی تعداد127سے1000تک بڑھانا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا سے فلم اور سنیما صنعت کی بحالی کیلئے تعاون کے خواہاں ہیں، ہم پاکستان میں سنیما کی تعداد127سے1000تک بڑھانا چاہتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور پول جونز سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ ملاقات میں وزیر اطلاعات نے پاک امریکہ دوطرفہ ثقافتی تعلقات اور خصوصاً فلم کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ امریکا سے فلم اور سنیما صنعت کی بحالی کیلئے تعاون کے خواہاں ہیں، ہم پاکستان میں سنیما کی تعداد127سے1000تک بڑھانا چاہتے ہیں۔

    سنیما صنعت کے فروغ سے20ہزار افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، فلموں کے تبادلے، مشترکہ پروڈکشن میں تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔

    اس موقع پر امریکی ناظم الامور نے حکومت پاکستان کی طرف سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی خواہش کا خیر مقدم کیا،پول جونز نے وزیراطلاعات کے دوطرفہ ثقافتی تعلقات کے حوالے سے خیالات کو سراہا۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیا آزاد ہے، ہم اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں،پاکستان ایک جدید جمہوری ریاست ہے، یہاں میڈیا اور عدلیہ مکمل طور پرآزاد ہیں اور تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

  • سی پیک پر سابق حکومت کی ترجیحات غلط تھیں: خسرو بختیا اور فواد چوہدری کی مشترکہ پریس کانفرنس

    سی پیک پر سابق حکومت کی ترجیحات غلط تھیں: خسرو بختیا اور فواد چوہدری کی مشترکہ پریس کانفرنس

    کراچی: ڈیویلمپنٹ کے وزیر خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سی پیک ٹیسٹ میچ ہے، گذشتہ حکومت ٹی 20 سمجھ کر کھیلتی رہی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

    اس موقع پر خسرو بختیارنے کہا کہ پاکستان پر 28ہزار ارب کا قرضہ ہے، بیرونی خسارہ پاکستان کے بجٹ کا 27 فیصد ہے.

    انھوں نے کہا کہ براہ راست ٹیکس دینے والوں کی تعداد انتہائی کم ہے، عام شہریوں پر ان ڈائریکٹرٹیکسزکو بیلنس کرنے کی ضرورت ہے، ماضی کی حکومتوں نے من پسند سیاسی ترقیاتی منصوبے لگائے.

    خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ 583 ارب کا گردشی قرضہ اداکرنے والی ن لیگ کی حکومت 1200ارب گردشی قرضہ چھوڑ کر گئی، اس سے بری گورننس کی مثال کسی دور میں نہیں ملتی.

    انھوں نے کہا کہ ہم نے ذرائع نہ ہونے کے باوجود 34 فی صد ترقیاتی بجٹ پیش کیا، ن لیگ کے ترقیاتی کام پوراکرنے کے لئے2 ہزار ارب کی ضرورت ہے.

    مزید پڑھیں: سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا، سراج الحق

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، حکومت نے آتےہی سی پیک کادائرہ کار وسیع بنانے کا فیصلہ کیا، ماضی میں‌ موٹروے کو ترجیح دے کر سی پیک کی اہمیت کو کم کیا گیا، گزشتہ حکومت نے سی پیک کے لئے غلط ترجیحات رکھیں.

    خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان مل کر غربت کا خاتمہ کریں گے، عوام کے لئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، ہم نے ہائیڈل منصوبوں سےبجلی کی اضافی پیداوار لینا شروع کی ہے، سی پیک کوکامیاب بنانے کے لئے نیا ورکنگ گروپ بنارہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سی پیک ٹیسٹ میچ ہے، گذشتہ حکومت ٹی20سمجھتی رہی، گوادرکایہ حال ہے کہ وہاں اب تک پانی کی اسکیم موجود نہیں، ن لیگ کی حکومت نے پاکستان کے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچا.

    اس موقع پر فواد چوہدری نے کہ کہا ہے کہ بجلی کےنرخ نہیں بڑھائےجارہے، بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ ای سی سی میں کیا گیا.

  • سینیٹ اجلاس: فواد چوہدری کی آمد پر مشاہد اللہ خان برہم، اپوزیشن کا واک آؤٹ

    سینیٹ اجلاس: فواد چوہدری کی آمد پر مشاہد اللہ خان برہم، اپوزیشن کا واک آؤٹ

    اسلام آباد:  وزیراطلاعات فواد چوہدری کی سینیٹ اجلاس میں آمد پر  ن لیگ کے سینئر رہنما مشاہد اللہ خان برہم ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری کی سینیٹ کے اجلاس میں شرکت پر مشاہد اللہ خان اور اوپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا.

    مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ حکمران ایوان میں غلط بیانی سے کام لیتے ہیں، حکمرانوں کو معلوم ہی نہیں کہ حکومت میں بیٹھے ہیں.

    اس موقع پر رضا ربانی نے کہا کہ جب تک سوالوں کےجواب نہیں ملیں گے، ایوانوں میں نہیں بیٹھیں گے. بعد ازاں ارکان نے احتجاجاً واک  آؤٹ کیا۔

    فواد چوہدری نے  اپوزیشن کے واک  آؤٹ پر کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ میں خود نہیں نکلوں گا، انھیں نکلواؤں گا۔


    مزید پڑھیں: بڑے کرپٹ لوگوں کو گردنوں سے پکڑیں گے‘ فواد چوہدری


    سینیٹ کے اجلاس میں بجٹ پربحث نہیں سمیٹی جاسکی، اپوزیشن کےاحتجاج کےبعدچیئرمین سینیٹ کواجلاس ملتوی کرنا پڑا.

    یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر اطلاعات نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ پر براہ راست الزامات لگاتے ہوئے بدعنوان افراد کو الٹا لٹکانے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر شدید بدمزگی ہوئی.

    آج وزیر اطلاعات کی سینیٹ آمد کے موقع پر اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا.

  • فواد چوہدری اور عثمان بزدار کی اہم ملاقات، 100 روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کا جائزہ

    فواد چوہدری اور عثمان بزدار کی اہم ملاقات، 100 روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کا جائزہ

    لاہور: وفاقی وزیرِ اطلاعات اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پی ٹی آئی حکومت کے 100 روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری اور عثمان بزدار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں حکومتی اقدامات کو بھر پور طریقے سے اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کی 30 روز کی کارکردگی بھی ماضی کی حکومت سے کہیں بہتر ہے، وزیرِ اعظم کا ایجنڈا 22 کروڑ عوام کی زندگیاں بدل دے گا۔

    عثمان بزدرا نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات عوام کے سامنے لانے میں میڈیا کا کردار اہم ہے، میڈیا کی تعمیری تنقید سے حکومت کو رہنمائی ملتی ہے۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ حکومتی کارکردگی کی جانچ پڑتال سب سے بہترین طریقے سے عوام کر سکتے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کی منظوری


    فواد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ اشتہاری حکومت کی ترقی اشتہاری ہو چکی ہے، تحریکِ انصاف کی حکومت کا فوکس عوام کے حقیقی مسائل ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف ایک بڑے آپریشن کی منظوری دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ قبضہ گروپس اور تجاوزات کے خلاف آپریشن طاقت ور مافیا سے شروع ہوگا۔

  • فواد چوہدری نے بالآخر معافی مانگ لی

    فواد چوہدری نے بالآخر معافی مانگ لی

    اسلام آباد : اپوزیشن کو خوب کھری کھری سنانے کے بعد فواد چوہدری نے بالآخر معافی مانگ لی اور کہا میرے کچھ الفاظ سے دل آزاری ہوئی، جس پرمعذرت خواہ ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات نے ایوان میں اپنے الفاظ معافی مانگتے ہوئے کہا پہلے ہاف میں کچھ بدمزگی پیدا ہوئی، میرے کچھ الفاظ سے دل آزاری ہوئی، جس پر میں معذرت خواہ ہوں۔

    فواد چوہدری کی معافی کے بعد اپوزیشن ارکان واپس ایوان میں آگئے۔

    https://youtu.be/TK5bun-eHVo

    یاد رہے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں دھواں دھار خطاب میں اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے چور ڈاکو قرار دیا اور کہا ان لوگوں نے قومی خزانے کو ایسے لوٹا جیسے ڈاکے کے پیسے کو مجرے پر لٹایا جاتا ہے، اگر وزیراعظم میری بات مانیں تو انھیں الٹا لٹکاناچاہیے۔

    مزید پڑھیں : اگر وزیراعظم میری بات مانیں تو ملک لوٹنے والوں کو الٹا لٹکانا چاہے، فواد چوہدری

    اسپیکرنے پارلیمانی آداب کاخیال رکھنےکی ہدایت کی تو وزیراطلاعات نے کہا ہمیں ناتجربہ کار کہنے والوں نے تیس برسوں میں ملک کا بیڑہ غرق کردیا، ملک لوٹنا پارلیمانی ہے لیکن ڈاکوکو ڈاکو کہنا غیرپارلیمانی ہے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 150لوگوں کو کرپشن پر پکڑا گیا، 75 لوگوں کو صبح ناشتے کے بعد الٹا لٹکایا جاتا تھا اور 75 کو رات کو، ہم چور کو چور کہیں تو انہیں برالگ جاتا ہے۔

    جس کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے فواد چوہدری سے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جو لفظ استعمال کیا گیا وہ گھٹیا ہے، اس قسم کی گفتگونہیں کرنی چاہیے،جب تک فواد چوہدری پارلیمنٹ سےمعافی نہیں مانگیں ہم یہاں نہیں بیٹھیں گے۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا خورشیدشاہ سے جیسے بات کی ایسےنہیں کرنی چاہیے، فوادچوہدری جوبھی بات کرنا چاہیں کریں لیکن پارلیمانی آداب کاخیال رکھیں اور معاملہ آگے بڑھنے دیں۔

  • اگر وزیراعظم میری بات مانیں تو ملک لوٹنے والوں کو الٹا لٹکانا چاہے، فواد چوہدری

    اگر وزیراعظم میری بات مانیں تو ملک لوٹنے والوں کو الٹا لٹکانا چاہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے گزشتہ ادوارمیں ملک کے خزانے کو لوٹا گیا، برباد کیا گیا،  اگر وزیراعظم میری بات مانیں تو ملک لوٹنے والوں کو الٹا لٹکانا چاہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں رہنما پی پی خورشید شاہ کے بیان پر درعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ادوارمیں ملک کے خزانے کو لوٹا گیا، جس طرح پیسے مجرے میں لٹائے جاتے ہیں، ایسے بیڑہ غرق کیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے فوادچوہدری کو پارلیمانی الفاظ استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ اگروزیراعظم میری بات مانیں توانھیں الٹالٹکاناچاہیے، ڈاکو کو ڈاکو نہ کہیں تو کیا کہیں، لوٹ مار کرنا پارلیمانی ہے لیکن ڈاکو کو ڈاکو
    کہنا غیر پارلیمانی ہے؟

    انھوں نے مزید کہا کہ اسٹیل مل، پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کو تباہ کیا گیا، چمچوں کو اداروں میں بھرتی کیاگیا اور تنخواہیں پاکستان کےعوام دے رہے ہیں کہا جاتا ہے ناتجربہ کار لوگ آگئے، انہوں نے تیس سال میں ملک کا بیڑاغرق کردیا۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے چندےپرملک چلارہےہیں،اس کے بعد ڈاکو کو ڈاکو نہ کہیں تو کیا کہیں، اداروں کو تباہ کردیا گیا، ریڈیو پاکستان کی صورتحال دیکھ لیں۔

    فواد چوہدری نے کہا خورشیدشاہ نے پی آئی اے میں اپنے دوستوں کو بھرتی کیا، مشاہد اللہ نے برمنگھم میں پی آئی اے اسٹیشن منیجر اپنا بھائی بھرتی کرایا، ان کے خاندان میں کوئی ایسا نہیں، جس کی سرکاری نوکری نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام کے پاس کھانے کو کچھ نہیں اورانہوں نے ملک کو تباہ کردیاہے، کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

    فوادچوہدری نے کہا کہ سعودی عرب میں 150لوگوں کو کرپشن پر پکڑا گیا، 75 لوگوں کو صبح ناشتے کے بعد الٹا لٹکایا جاتا تھا اور 75 کو رات کو، ہم چور کو چور کہیں تو انہیں برالگ جاتا ہے۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم صرف ملک کاسوچ رہےہیں،کوئی ناراض ہوتاہےتوبےشک ہوجائے، اسپیکر کا کام اسمبلی چلانا اور اسمبلی کا کام ملک چلاناہے، خورشیدشاہ نے 3 دن میں 300افراد پی ٹی وی میں بھرتی کرائے، ہرسال ریڈیو پاکستان کو ایک ارب 25 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا نیویارک میں ٹیکسی چلانےوالے کو یہاں بلاکرریڈیو پاکستان کا ڈی جی بنادیاگیا، ٹیکسی چلانے والے کو ریڈیوپاکستان کا ڈی جی بنا کر ساڑھے 4لاکھ تنخواہ دی جارہی ہے، ایسی صورتحال ہے تو پھرمیں چورکو چورنہ کہوں توکیا کہوں۔

    فوادچوہدری کے بیان پر اپوزیشن اراکین نے احتجاج کیا اور نشستوں سے کھڑے ہوکر خورشید شاہ کےقریب جمع ہوگئے لیکن بعد میں  اسپیکرقومی اسمبلی کی ہدایت پر واپس اپنی نشستوں پربیٹھ گئے۔

    مزید پڑھیں : 800 کیا ایک لاکھ لوگوں کوروزگاردوں گا‘چاہے پھانسی چڑھا دو‘ خورشیدشاہ

    یاد رہے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں اظہار کرتے ہوئے کہا تھا 800 کیا ایک لاکھ لوگوں کوروزگاردوں گا‘چاہے پھانسی چڑھا دو، نوجوانوں کوروزگاردینا حکومت کی آئینی ذمے داری ہے، اگرحکومت یہ کرتی ہے تو سب کوخوشی ہوگی۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ کہ ہم نے نہ صرف لوگوں کوروزگار دیا بلکہ اسے تحفظ بھی دیا، ووٹ لینا اصل چیزنہیں اصل چیزڈیلیورکرنا ہے۔

    خیال رہے فواد چوہدری نے صبح سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پی پی پی نے تمام اداروں میں اپنے ساتھیوں کا تقرر کیا، 3 دن میں خورشیدشاہ نے 800 لوگ ریڈیو پاکستان میں رکھے، خورشید شاہ کے اقدام سے 7 کروڑکا اضافی بوجھ پڑا، پی پی پی کی وژن لیس پالیسی کا شکریہ۔

  • پی پی پی نےتمام اداروں میں اپنےساتھیوں کا تقرر کیا ‘ فواد چوہدری

    پی پی پی نےتمام اداروں میں اپنےساتھیوں کا تقرر کیا ‘ فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی پی پی نے پی بی سی سمیت تمام اداروں کو تباہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپرفواد چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پی پی پی نے تمام اداروں میں اپنے ساتھیوں کا تقرر کیا۔

    وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ پی پی پی نے پی بی سی سمیت تمام اداروں کو تباہ کردیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ 3 دن میں خورشیدشاہ نے 800 لوگ ریڈیو پاکستان میں رکھے، خورشید شاہ کے اقدام سے 7 کروڑکا اضافی بوجھ پڑا، پی پی پی کی وژن لیس پالیسی کا شکریہ۔

    پی ٹی وی پر سیاسی سنسرشپ ختم کردی، فواد چوہدری کا ٹوئٹ

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پی ٹی وی پرسیاسی سنسرشپ ختم کردی اور ادارتی آزادی کے لئے ہدایات جاری کردی ہے۔

  • مسلم لیگ ن حکومت نے قرض لے لے کر آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کردیا،وزیراطلاعات

    مسلم لیگ ن حکومت نے قرض لے لے کر آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کردیا،وزیراطلاعات

    اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا گزشتہ حکومت نےقرض لے لے کر آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کردیا، مسلم لیگ ن حکومت نے ایسٹ انڈیا جیسا کردار ادا کیا، دو حکومتوں نے جو کیا اس کے بعد چندوں کے سوا راستہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں بےشمارارسطو شامل تھے، گزشتہ حکومت نےقرض لے لے کر آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کردیا، مسلم لیگ ن حکومت نے ایسٹ انڈیا جیسا کردار ادا کیا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوید قمرکہہ رہےہیں چندوں پرحکومت نہ چلائیں، دو حکومتوں نے جو کیا اس کے بعد چندوں کے سوا راستہ کیا ہے، 5 سال میں ڈیٹ 28ارب پر چلا گیا ہے، موجودہ معاشی صورتحال کے ذمہ دار اسحاق ڈار اینڈ کمپنی ہے،اسحاق ڈار کو حکومت کے خصوصی طیارے سے باہر بھجوایا گیا

    وزیراطلاعات نے کہا گزشتہ حکومت نے مہنگے ترین قرض لے کر کھلونے بنائے، شہبازشریف نے 11ٹریلین روپے خرچ کردیے، حکومت پنجاب کو ہر سال میٹرو چلانے کے لیے 8ارب چاہیے، اورنج ٹرین لائن 300 ارب لے کر خرچ کردیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے جو کچھ کیا وہ ایک جرم تھا، ریڈیو پاکستان کے پاس 20کروڑ پنشن دینے کے لیے نہیں، کیا ہم ملک ویسے ہی چلائیں جیسے تجربہ کار چلاتے رہے، چندوں پر تنقید کرنے والے آگے کا راستہ بھی تو بتائیں۔

    فواد چوہدری نے کہا اپوزیشن کی چارٹرآف اکانومی کی تجویزکی حمایت کرتےہیں، پاکستان کی خراب معاشی حالت کے ذمے داروں کا تعین ہوناچاہیے۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے، گاڑیاں بیچنےسےحکومت نہیں چلتی، 58 کروڑ روپے کی 35 گاڑیاں خریدی گئی، 98 کروڑ روپے کی 35گاڑیاں خریدی گئی، گزشتہ حکومت کے سمجھ داروں نے 35کروڑ دیکھ بھال پر لگا دیے۔

    انھوں نے مزید کہا کوئی وزیراعظم یہ نہیں کرتا، جو وزیراعظم نے کیا، 1100 کنال کا وزیراعظم ہاؤس چھوڑ کر 3کمروں کے گھر میں رہ رہے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ اور موٹر وے کے ایسے اعلان کیے، جیسےگولیاں بانٹ رہےہیں، جس محکمے کو ہاتھ لگائیں، اس میں ایک ایک صاحب کے 60 ، 60لوگ بھرتی ہوئے، ریگستان میں بھی ن لیگ کے وزیراعظم نے ایئرپورٹ کا اعلان کیا۔

    وزیراطلاعات نے کہا کہ ہم عمران خان کے وژن کےمطابق ملک چلائیں گے، چیلنج ہے گزشتہ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی ہماری ایک ماہ کی کارکردگی کے برابر ہے۔

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے، فواد چوہدری

    پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کو قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ کہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

    سینٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی اندرونی سیاست سے ہم متاثر نہیں ہوں گے، پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے۔

    فواد چوہدری نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے جاری شر انگیزی کے جواب میں کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی دھمکی میں آنے والا نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ایک اور سرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے، پاکستان کو معمول کے تعلقات کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت اپنے گریبان میں جھانکے، بھارت رافیل اسکینڈل کو دبانے کے لیے ایشو کھڑا کر رہا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی جارحانہ کارروائی کا جواب دینا جانتے ہیں، بھارت اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دے، وہ سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  حالات کشیدہ ہونےکےباوجود پاکستان کرتار پور بارڈر کھولنے کو تیار‘ فواد چوہدری


    واضح رہے کہ گزشتہ روز فواد چوہدری نے بھارتی میڈیا کو ٹیلی فونک انٹرویو میں بھی کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے اور جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

    دوسری طرف بھارتی آرمی چیف نے ایک بار پھر ہرزہ سرائی کی ہے کہ بھارتی حکومت کا پاکستان سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ درست ہے، دہشت گرد ختم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے۔