Tag: فواد چوہدری

  • وفاقی کابینہ کا صدر نیشنل بینک کو ہٹانے کا فیصلہ، جنوبی پنجاب صوبے کے لیے کمیٹی قائم

    وفاقی کابینہ کا صدر نیشنل بینک کو ہٹانے کا فیصلہ، جنوبی پنجاب صوبے کے لیے کمیٹی قائم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر نیشنل بینک کو ہٹانے اور جنوبی پنجاب صوبے کے لیے کمیٹی کے قیام سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اہم ترین وفاقی کابینہ اجلاس میں نیشنل بینک کے صدر سعید احمد خان کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ طارق جمالی کو قومی بینک کا قائم مقام صدر مقرر کیا گیا۔

    وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سعید احمد اشتہاری اسحاق ڈار کے ساتھ منی لانڈرنگ میں ملوث تھے۔

    وفاقی کابینہ میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے  بھی کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور خسرو بختیار شامل ہیں، کمیٹی آئینی ترمیم کے لیے مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔

    فواد چوہدری نے بتایا کہ اجلاس میں نیب کے قوانین میں بھی ضروری ترامیم کی منظوری دی گئی، ترامیم کے لیے وزیرِ قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کر دی گئی جو ضروری ترامیم کی سفارشات پیش کرے گی۔

    انھوں نے کہا کہ کابینہ میں سِول قوانین میں اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس بنائی گئی ہے، فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کے عہدوں کی تنظیمِ نو اور وزارتوں اور محکموں کے اخراجات میں کمی کے لیے بھی مکینزم بنایا جائے گا۔

    [bs-quote quote=”نیب کے قوانین میں بھی ضروری ترامیم کی منظوری دی گئی” style=”style-7″ align=”center” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 100 روزہ پلان پرعمل در آمد کا جائزہ لیا گیا، اب 100 کے بجائے 90 دن کا ایجنڈا رہ گیا ہے، کابینہ میں اس پر غور کیا گیا۔

    کابینہ میں ایک کروڑ نوکریاں نکالنے اور 50 لاکھ گھروں کے لیے بھی ٹاسک فورس بنائی گئی، اس سلسلے میں ٹاسک فورس کو 90 دن کا وقت دیا گیا ہے۔

    [bs-quote quote=”ایک کروڑ نوکریاں نکالنے اور 50 لاکھ گھروں کے لیے بھی ٹاسک فورس قائم” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا کے خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام کے عمل کو تیز کرنے کے لیے بھی کمیٹی بنادی گئی ہے، جس میں گورنر، وزیراعلیٰ، وزیر دفاع اور مشیر اسٹبلشمنٹ شامل ہوں گے۔

    فواد چوہدری نے کہا ’فوج اور حکومت ایک ہی صفحے پر ہیں، کتاب بھی ایک ہے، ماضی میں بھی فوج اور حکومت ایک صفحے پر تھے مگر کتاب الگ الگ تھی۔‘

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم ہاؤس میں یہ وفاقی کابینہ کا ہونے والا تیسرا اجلاس تھا، جس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، وزیرِ اعظم ہر 15 دن بعد تمام ٹاسک فورسز سے پیش رفت رپورٹ لیں گے۔


    وزیراعظم نےشہریارآفریدی کووزیرمملکت برائے داخلہ بنانے کی منظوری دے دی


  • ہمارے نمبر پورے ہیں، عارف علوی صدر منتخب ہوجائیں‌ گے: فواد چوہدری

    ہمارے نمبر پورے ہیں، عارف علوی صدر منتخب ہوجائیں‌ گے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کے نمبرز پورے ہیں، عارف علوی صدر منتخب ہوجائیں‌ گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں‌ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ عارف علوی ہی پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوارہیں.

    انھوں نے دعویٰ‌ کیا کہ ایم کیوایم، ق لیگ، جی ڈےاے، بی اے پی حکومتی امیدوار کو ووٹ دیں گی، صدارتی انتخاب میں پی ٹی آئی کوکوئی دشواری نہیں.

    ایک سوال کے جواب میں‌ فوادچوہدری نے کہا کہ میٹرک پاس صدربن سکتا ہے، تو پھرگورنرمیں کیا مسئلہ ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نےکل کابینہ اجلاس میں تاریخی فیصلے کیے، ان فیصلوں سے خزانے کو کروڑوں روپےکی بچت ہوئی، ریلوےکےخسارےکوکم کرنےکی کوشش کررہے ہیں، عمران خان پوری کابینہ کے لئے رول ماڈل ہیں.

    پی ٹی وی کے نئے چینلز

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے دو نئے چینلز لا رہے ہیں، ایک پی ٹی وی اسپورٹس اور دوسرا چینل بچوں کے لئے ہوگا.

    وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ موجودہ پی ٹی وی اسپورٹس کوصرف کرکٹ چینل بنائیں گے، پی ٹی وی میں سینسرشپ ختم کر دی ہے.

  • حکومت کی خریدی گئیں تمام اضافی گاڑیاں نیلام کر دی جائیں گی، فواد چوہدری

    حکومت کی خریدی گئیں تمام اضافی گاڑیاں نیلام کر دی جائیں گی، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ملک میں جاری توانائی بحران کے سلسلے میں اقدامات کا عندیہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کے مسائل کے حل کے لیے ماہرین سے مشاورت کی جا رہی ہے۔

    وہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا ’وفاقی کابینہ نے سیاسی بھرتیاں نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شاہانہ طرزِ حکومت کے لیے خریدی گئیں تمام اضافی گاڑیاں نیلام کر دی جائیں گی۔‘

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا قوم سے خطاب غیر روایتی تھا، عمران خان نے اپنے خطاب کے پوائنٹ خود ترتیب دیے، جو ان کے دل میں ہوتا ہے وہی زبان پر بھی ہوتا ہے، وہ ڈھکی چھپی نہیں، کھل کر بات کرتے ہیں۔

    وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے سارک کانفرنس کے نام پر قیمتی گاڑیاں منگوائیں، ماضی کے حکمرانوں کے غلط اقدامات سے خود ان کی ساکھ متاثر ہوئی۔


    منی لانڈرنگ سے باہر گیا پیسہ واپس لانے کیلیے ٹاسک فورس بنائیں گے، عمران خان


    انھوں نے کہا بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے قرضے لینے پڑ رہے ہیں، سب کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام وزارتیں اپنے اخراجات کو کم کریں، گورنر ہاؤسز کے بہتر استعمال کی حکمت عملی بھی ترتیب دی جا رہی ہے۔

    انھوں نے امید ظاہر کی کہ معاشی چیلنجز پر قابو پانے میں کام یاب ہوجائیں گے، عمران خان چاہتے ہیں معاشی بہتری میں سمندر پار پاکستانی کردار ادا کریں، وہ ہمارے لیے بہت بڑا اثاثہ ہیں۔

  • عمران خان کی اوورسیزپاکستانیوں کیلئے جدوجہد کامیاب ہوگئی، فواد چوہدری

    عمران خان کی اوورسیزپاکستانیوں کیلئے جدوجہد کامیاب ہوگئی، فواد چوہدری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اوورسیز پاکستانیوں کے لئے جدوجہد کامیاب ہوگئی، سپریم کورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا آج اوورسیزپاکستانیوں کے لئے بڑا دن ہے، سپریم کورٹ نے اوورسیزپاکستانیوں کوووٹ کا حق دے دیا، عمران خان کی اوورسیزپاکستانیوں کے لئے جدوجہد کامیاب ہوگئی۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی۔


    مزید پڑھیں : سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا


    جسٹس ثاقب نثار نے اوورسیزپاکستانیوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے حق کوتسلیم کرلیا، . اب عمل درآمد کرانے کا معاملہ اور انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کے نتائج کو پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا جائے۔

    خیال رہے سپریم کورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں ووٹ کا حق دینے سے متعلق درخواست چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دائر کر رکھی تھی۔

  • کسی کیخلاف مقدمات بند نہیں کرسکتے، نوازشریف کو پارلیمنٹ نے سزا نہیں دی، فواد چوہدری

    کسی کیخلاف مقدمات بند نہیں کرسکتے، نوازشریف کو پارلیمنٹ نے سزا نہیں دی، فواد چوہدری

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کسی کے خلاف کرپشن کے مقدمات بند نہیں کرسکتے، نوازشریف کو پارلیمنٹ نے نہیں عدالت نے جیل بھیجا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں نعرے لگائے گئے کہ نوازشریف کو رہا کرو، نوازشریف کو پارلیمنٹ نے جیل نہیں بھیجا، عدالتوں نے بھیجا ہے۔

    نواز شریف کے 300ارب روپے بیرون ملک ہیں، اسمبلی میں احتجاج کرکے ماحول خراب نہ کیا جائے، ہمیں اپوزیشن کے حقوق کااحترام ہے، یہ عدالت کا اختیار ہے کہ وہ نوازشریف کو رہا کرتے بھی ہیں یا نہیں۔

    ہم کسی کے خلاف کرپشن کے مقدمات بند نہیں کرسکتے، آصف زرداری کے خلاف مقدمات بھی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں، حکومت آصف زرداری کے مقدمات کیسے ختم کرسکتی ہے؟ اپوزیشن کا یہی جھگڑا ہے کہ ان کے مقدمات ختم کیے جائیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسپیکر کیلئے مسترد ہونے والے چار ووٹ تحریک انصاف کے ہی تھے، وزیراعظم کیلئے بھی ہمارے ووٹ 183سے185ہوں گے۔

    عمران خان اقتدار سنبھال کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے، ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کرچلیں گے۔ مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اراکین اسمبلی میں حلف اٹھا کرکہتے ہیں ہم انتخابات کو نہیں مانتے۔

  • عمران خان شیروانی پہن کرحلف اٹھائیں گے، فواد چوہدری

    عمران خان شیروانی پہن کرحلف اٹھائیں گے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی روایت کو برقراررکھا جائے گا، اس لئے عمران خان شیروانی پہن کر حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکرکے لئے جمہوری طریقے کو فالو کرنا ضروری ہے، امید ہے اسپیکر کے انتخاب میں 175سے زائد ووٹ لیں گے، ہمارے اتحادی بھی پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے متحد ہے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا اتحاد غیر فطری ہے، جو اتحاد زیادہ دیر نہیں چل سکتا، وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ سے متعلق فیصلے دو سے تین دن میں ہوجائیں گے۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے کہا قائداعظم محمدعلی جناح کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عمران خان شیروانی پہن کرحلف اٹھائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھراحتساب عدالت پرحملہ کیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے جتھے احتساب عدالت پرمسلسل حملے کررہےہیں، مسلم لیگ ن کے احتساب عدالت پرحملےکی مذمت کرتے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا یہ نہیں ہوسکتا لوگوں کوعدالت بھجوا دیں نعرے بازی کرائیں، عدالتوں پرحملوں کارویہ قبول نہیں کیا جائے گا،عدالتوں پر حملے ہوں گے نوازشریف کا جیل میں ٹرائل ہوگا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف شیروانی زیب تن کر کے اُٹھائیں گے۔

    خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے انتخاب کے لیے اسد قیصراور خورشیدشاہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

    ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اُمیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے اُمیدواراسد محمود کے مابین مقابلہ ہوگا۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔

  • قومی اسمبلی اسپیکر: تحریک انصاف نے خورشید شاہ سے اسد قیصر کے حق میں دست برداری کی درخواست کردی

    قومی اسمبلی اسپیکر: تحریک انصاف نے خورشید شاہ سے اسد قیصر کے حق میں دست برداری کی درخواست کردی

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار خورشید شاہ سے اسد قیصر کے حق میں دست بردار ہونے کی درخواست کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تحریکِ انصاف نے خورشید شاہ سے درخواست کی کہ وہ پی ٹی آئی کے اسد قیصر کے حق میں دست بردار ہوجائیں۔

    پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’خورشید شاہ سے اسد قیصر کے حق میں دستبرداری کی درخواست کی ہے، پیپلز پارٹی سے کہا کہ وہ ہمیں ووٹ دے۔‘

    فواد چوہدری نے کہا کہ ملاقاتوں کا مقصد پارلیمانی جماعتوں کا تعاون حاصل کرنا تھا، ہم نے پارلیمان کو مضبوط بنانا ہے، سب کو متحد ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔

    پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے فون آ رہے ہیں، دنیا عمران خان کو عالمی لیڈر کی طرح دیکھ رہی ہے، سعودی ولی عہد شاہ سلمان نے بھی عمران خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    نئے پاکستان میں نئی بات ہونی چاہیے، اسپیکر سینئر ترین پارلیمنٹیرین ہو، خورشید شاہ

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم، بی این پی مینگل اور پی پی کے رہنماؤں کو تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے دعوت نامے دیے ہیں، عمران خان سوال جواب کے لیے خود پارلیمنٹ آئیں گے۔

    دریں اثنا پی ٹی آئی کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے منصب کے لیے نامزد امیدوار اسد قیصر نے بھی میڈیا سے گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ آج ایم کیو ایم سمیت پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی گئیں، چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتیں عوامی توقعات پر پورا اتریں۔

    نامزد اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کو سنجیدہ چیلنجز کا سامنا ہے، قومی ایجنڈے کو سامنے رکھ کر چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور قوم کو ایک نیا پاکستان بنا کردیں گے۔

  • تحریک انصاف کے وفد کی ایاز صادق سے ملاقات، تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

    تحریک انصاف کے وفد کی ایاز صادق سے ملاقات، تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی اور وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے اسپیکر ہاؤس میں ملاقات کی، تحریک انصاف کے وفد میں نامزد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، پرویز خٹک، فواد چوہدری، شفقت محمود شامل تھے۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف (ن) لیگ سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں سے ورکنگ ریلیشنز کے قیام کو اہم سجھتی ہے، تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو طلب کیا جائے گا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی ایوان کے معاملات مشاورت سے چلانا چاہتی ہے اور قومی اسمبلی انتخابات کے معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہے، بطور اسپیکر پہلے اجلاس کی کارروائی قواعد و ضوابط کے تحت چلاؤں گا۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی کا وفد آج شام خورشید شاہ سے بھی ملاقات کرے گا، ملاقات پارلیمنٹ لاجز میں ہوگی، ملاقات سے پہلے پی ٹی آئی کا وفد ایم کیو ایم کی قیادت سے بھی ملے گا، پی ٹی آئی کے نامزد اسپیکر اسد قیصر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کریں گے۔

    ملاقات میں سیاسی صورت حال، مرکز میں پی ٹی آئی کی حمایت اور دیگر امور پر بات ہوگی، بی این پی مینگل سربراہ اختر مینگل سے بھی پی ٹی آئی وفد کی ملاقات طے ہے، تحریک انصاف کے سینئر رہنما شام 6 بجے اختر مینگل سے ملاقات کریں گے۔

    ادھر قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخابات کے لیے نامزد اسپیکر کا فہمیدہ مرزا سے رابطہ ہوا ہے، فہمیدہ مرزا نے پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    خیال رہے کہ کل 13 اگست کو قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس بلایا گیا ہے جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اُٹھائیں گے۔

  • پہلا ٹارگٹ معیشت کی بحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، فواد چوہدری

    پہلا ٹارگٹ معیشت کی بحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارا پہلا ٹارگٹ معیشت کی بحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، عمران خان نے گورنرسندھ کیلئے عمران اسماعیل کے نام کی منظوری دیدی، عمران خان میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔

    یہ بات انہوں نے بنی گالہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا فیصلہ جلد ہوجائے گا، پارلیمانی پارٹی رہنماؤں کو حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، شہباز شریف، بلاول بھٹو، خورشید شاہ کو تقریب میں مدعو کیا جائےگا۔

    سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے آرہے ہیں تاہم سنیل گواسکر مصروفیات کے باعث حلف برداری کی تقریب میں نہیں آسکیں گے۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان میانوالی کی نشست رکھیں گے جبکہ باقی چار نشستیں چھوڑ دیں گے، اسپیکرکے انتخاب کیلئے180ووٹ حاصل کرلیں گے جبکہ وزیراعظم کے انتخاب کیلئے180ووٹ سے زیادہ حاصل کریں گے۔

    ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے تین نام فائنل کیے گئے ہیں، پنجاب اسمبلی کا اجلاس15اگست کو طلب کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق آج بھی مشاورت ہوئی ہے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا عہدہ پی ٹی آئی کے پاس رہے گا، وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق 24سے48گھنٹے میں فیصلہ ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ کو جوابدہ ہوں گے، وزیراعظم خود ایوان میں ایک گھنٹے سوالات کے جواب دیا کریں گے، معیشت کی بحالی اس وقت ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، اسد عمر اور ان کی ٹیم کی توجہ اس وقت معیشت پر ہی مرکوز ہے، اس کے علاوہ اسد عمر بین الاقوامی امور پر بھی بریفنگ لے رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس، گورنرہاؤسز، چیف سیکریٹری ہاؤسز کے اخراجات کم کریں گے، سب سے پہلا ٹارگٹ معیشت اور روز گار کے مواقع پیدا کرنا ہے، عمران خان کی رہائش گاہ سے متعلق سیکیورٹی ایشوز ہیں، اس حوالے سے بھی اقدامات کررہے ہیں، سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ آنے کے بعد بتایا جائے گا۔

  • گلگت بلتستان میں دہشت گردی عمومی صورت حال نہیں‘ فواد چوہدری

    گلگت بلتستان میں دہشت گردی عمومی صورت حال نہیں‘ فواد چوہدری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں دہشت گردی عمومی صورتحال نہیں ہے، فوری طورپرمؤثراقدامات کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا کہ خدا ہمارا حامی وناصر ہو۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس عفریت کو مل کرہی شکست دی جاسکتی ہے۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں دہشت گردی عمومی صورتحال نہیں ہے، فوری طورپرمؤثراقدامات کی ضرورت ہے۔

    گلگت: کارگاہ نالہ میں پولیس چوکی پرحملہ‘3 اہلکارشہید

    خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں رات گئے کارگاہ نالہ میں پولیس چوکی پردہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے۔

    پولیس اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دیگرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق فرارہونے والے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کی جاچکی ہے۔