Tag: فوبیا

  • فوبیا: کیا خوف سے نجات پانا ممکن ہے؟

    فوبیا: کیا خوف سے نجات پانا ممکن ہے؟

    زندگی میں نشیب و فراز اور حالات کا اتار چڑھاؤ ہماری رفتار تو کم کرسکتے ہیں، لیکن ہم آگے بڑھتے رہتے ہیں اور بُرا وقت بھی گزر جاتا ہے۔

    مشکل حالات اور کڑے وقت کا سامنا کرتے ہوئے ہم گھبراہٹ کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انجانے خدشے، اندیشے ستاتے ہیں اور ہم پریشان رہنے لگتے ہیں۔

    اسی طرح جب کوئی خطرہ سَر پر ہو یا افتاد ٹوٹ پڑنے کا ڈر ہو تو ہم اس کے "خوف” میں مبتلا ہوجاتے ہیں جو حاوی ہوجائے تو زندگی تکلیف دہ ہوسکتی ہے۔

    فوبیا، کسی مخصوص صورتِ حال یا چیز کے خوف کو کہتے ہیں جس میں کچھ خاص تدابیر اور طریقے اپنائے جائیں تو اسے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے ہر قسم کی احتیاط، کچھ چیزوں سے پرہیز اور اجتناب کرنا بتدریج بہتری کی طرف لے جاتا ہے۔

    کوشش کریں کہ انجانی اور ان دیکھی شے یا خطرے کے فوبیا کو کم سے کم وقت کے لیے سوچیں، خود کو مثبت سرگرمی کی طرف دھکیل دیں۔ اچھی اور معلوماتی کتب کا مطالعہ اور دیگر مفید مشاغل اپنائیں۔ تاہم ماہر اور مستند معالج اس حوالے سے بہتر راہ نمائی کرسکتا ہے۔

    ماہرینِ نفسیات کے مطابق اکثر فوبیا کے شکار لوگوں پر عرصے بعد کُھلتا ہے کہ وہ جس چیز سے خوف زدہ تھے، وہ کوئی ایسا خطرہ نہیں تھا کہ اس سے مسلسل پریشان رہا جاتا، لیکن اس پر توجہ دینا اور ضرورت پڑنے پر باقاعدہ علاج یا عادات و رویے میں تبدیلی لاکر گھبراہٹ اور بے چینی کی شدت سے بچنا بہرحال ضروری تھا۔

    بعض اوقات تشویش، پریشانی اور اس کے نتیجے میں گھبراہٹ کی بہت واضح اور معقول وجوہ بھی ہوتی ہیں، جنھیں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، لیکن اس حوالے سے غیرمستند، غیرضروری اور سنی سنائی باتوں کو اہمیت دینے کے بجائے درست اور مناسب راہ نمائی اور مشاورت ضروری ہوتی ہے۔

    ماہرینِ نفسیات کا کہنا ہے کہ انسانی دماغ اور رویوں پر برسوں کی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ مستقبل کا خوف یا کل کے اندیشوں سے گھبرانے کے بجائے فوبیا کے شکار افراد کو اگر اس بات پر آمادہ کرلیا جائے کہ وہ ہمت اور حوصلے سے کام لیتے ہوئے ڈٹ کر‌ حالات کا مقابلہ کریں تو ان کی حالت میں بتدریج بہتری آسکتی ہے اور مسائل کے حل کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

  • کیا خوشی سے بھی خوفزدہ ہوا جاسکتا ہے؟

    کیا خوشی سے بھی خوفزدہ ہوا جاسکتا ہے؟

    خوشی ایک ایسی شے ہے جو ہر انسان اپنی زندگی میں چاہتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کچھ لوگ خوشی سے بھی خوفزدہ ہوتے ہیں؟

    انسان کو لاحق بہت سے فوبیاز یا خوف میں سے ایک خوف خوشی کا بھی ہے جسے چیئرو فوبیا بھی کہا جاتا ہے، بظاہر یہ بات حیران کن لگتی ہے کہ خوشی کی تلاش انسان کی زندگی کا اہم مقصد ہوتا ہے لیکن ایسے بھی افراد ہوتے ہیں جو اس سے بچنا چاہتے ہیں۔

    دراصل ایسے افراد کے اس خوف کی جڑیں ان کے ماضی سے پیوست ہوتی ہیں۔ ایسے افراد کے ساتھ کسی ایسے موقع پر، جب وہ بے حد خوش ہوں، کوئی دردناک واقعہ، حادثہ یا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آجاتا ہے۔

    لہٰذا ان کے ذہن میں یہ بات بیٹھ جاتی ہے انہیں ملنے والی خوشی اپنے ساتھ کوئی دکھ بھی لائے گی، چنانچہ وہ خوشی سے بچنے کی کوشش کرنے لگتے ہیں۔

    ایسے افراد نا چاہتے ہوئے بھی تنہائی پسند بن جاتے ہیں، لوگوں سے ملنا اور محفلوں میں شرکت کرنا چھوڑ دیتے ہیں کیونکہ انہیں ذرا سی خوشی بھی خوفزدہ کرنے لگتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ایسے افراد کے آس پاس رہنے والے افراد کو چاہیئے کہ انہیں خوشی کے چھوٹے چھوٹے مواقعوں سے متعارف کروائیں اور ان میں مثبت خیالات پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ اپنے قریبی افراد کی مدد سے ہی ایسے افراد اپنے خوف پر قابو پاسکتے ہیں۔