Tag: فوجی جوان شہید

  • دوستی کا جواب گولی، افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

    دوستی کا جواب گولی، افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

    راولپنڈی: پڑوسی ملک افغانستان نے دوستی کا جواب گولی سے دے دیا، پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ میں ایک فوجی جوان شہید ہو گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں لانس نائیک سمیع اللہ شہید ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے بیمار افغان فوجی کا علاج کیا لیکن اس کے جواب میں افغانستان نے پاکستان کا ایک جوان شہید کر دیا ہے، فوجی جوان سرحد پار سے پاکستان کے علاقے باجوڑ میں فائرنگ سے شہید ہوا۔

    افغان فوجی جوان کا علاج کرکے پاکستان نے انسانیت کی مثال قائم کردی

    گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ پاکستان نے افغان فوجی حکام کی درخواست پر ایک افغان فوجی جوان کا پاکستان میں علاج کر کے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی تھی، آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے اعلیٰ حکام نے پاکستانی عسکری قیادت سے اپنے متاثرہ فوجی جوان کا پاکستان میں علاج کرنے کی درخواست کی تھی۔

    پاکستانی حکام نے افغان فوجی حکام کی درخواست قبول کرتے ہوئے ایک افغان فوجی جوان کا راولپنڈی میں واقع سی ایم ایچ اسپتال میں علاج کیا، افغان فوجی صحت یاب ہونے کے بعد طور خم بارڈر کے ذریعے افغانستان واپس روانہ ہو گیا۔

  • فیصل آباد: شہید فوجی کی نماز جنازہ ادا، شہادت پر والد کو مبارک باد

    فیصل آباد: شہید فوجی کی نماز جنازہ ادا، شہادت پر والد کو مبارک باد

    فیصل آباد: لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے دو فوجی جوانوں میں سے ایک فوجی کا جسد خاکی آبائی شہر فیصل آباد پہنچا دیا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔


    Pakistan’s martyred army men’s heart warming… by arynews
    اے آر وائی نیوز فیصل آباد کے نمائندے قمر الزمان کے مطابق فوجی جوان امتیاز احمد کا جسد خاکی ان کے گھر ہجویری ٹائون گلی نمبر دو میں پہنچا دیا گیا جہاں ہزاروں افراد نے شہید کے جسم کا استقبال کیا اور میت کے ساتھ ساتھ چلتے گئے۔

    اس موقع پر موجود لوگ انتہائی جذباتی نظر آئے ، حب الوطنی سے سرشار ہجوم نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد شہید امتیاز زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
    میت گھر پہنچنے پر لوگوں کا جم غفیر شہید امتیاز کے قومی پرچم میں لپٹے ہوئے جسد خاکی کے گرد جمع ہوگیا، منظر دیکھنے میں آیا کہ لوگوں نے شہید کے والد ریٹائر ٹیچراقبال تبسم کو بیٹے کی شہادت اور وطن کے لیے جان دینے پر مبارک باد پیش کی۔

    بعدازاں شہید کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،امتیاز احمد اقبال تبسم کے سب سے چھوٹے اور لاڈلے بیٹے تھے۔