ماسکو: روسی فوجی جہاز سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اہلکاروں، آرمی میوزک بینڈ اور صحافیوں سمیت 92 افراد جاں بحق ہوگئے ، طیارہ روس سے شام کے لیے روانہ ہوا تھا۔
روسی میڈیا کے مطابق فوجی جہاز انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے شام کے لیے روانہ ہوا تو بحرا سود کے قریب گر کرتباہ ہوا، جس میں روسی فوج، آرمی بینڈ اور صحافیوں سمیت 92 افراد سوار تھے جو حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
روسی وزیر دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’بدقسمت طیارے کی منزل شام تھی، تاہم یہ یوون فائیو فورٹیک کی پرواز ٹیک آف کے سات منٹ بعد ہی ریڈار سے غائب ہوگئی تھی‘‘۔

روسی میڈیا کے مطابق تباہ شدہ طیارے کا چیسس ساحل سے ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے سے مل گیا تاہم ریسکیو کا عمل جاری ہے۔
طیارے میں سوار تمام افراد سال نو کا جشن منانے شام کے شہرلتاکیہ میں روسی ائیر بیس جارہےتھے مگر بدقسمت طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا اور اس میں سوار تمام ہی لوگ ہلاک ہوگئے۔

ا س سے قبل روسی وزارت دفاع نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ٹی یو-154 طیارہ بحیرہ اسود کے ساحل پر واقع روس کےشہر سوچی سے اڑان بھرنے کے بعد ریڈار سے غائب ہوا۔ رپورٹس کے مطابق طیارہ جنگ زدہ ملک شام جا رہا تھا،جہاں روس کے فوجی اڈے پر سال نو کے موقع پر جشن کی تقریبات کا اہتمام کیاگیا تھا۔

طیارے میں 9 صحافیوں اور فوج کے ایک میوزیکل گروپ کے افراد بھی سوار تھے،وزارت دفاع کے مطابق میوزیکل گروپ سال نو کے موقع پر منائے جانے والے جشن میں فن کا مظاہرہ کرنےجا رہے تھے۔ رپورٹس کے مطابق طیارہ سوچی کی ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد مقامی وقت صبح 5 بج کر 40 منٹ پر ریڈار سے غائب ہوا۔

یاد رہےکہ رواں ماہ 19 دسمبر کو سائیبریا کے شمال مشرقی علاقے میں روس کے فوجیوں کو لے جانے والے ایک طیارے نے کریش لینڈنگ کی تھی۔حادثے میں 32 فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر میں سائبیریا کے شمال مغربی علاقے میں خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر گرکرتباہ ہونے سے 19افراد ہلاک ہو گئےتھے۔