Tag: فوجی مشقیں

  • چین نے روس کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں شروع کر دیں

    چین نے روس کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں شروع کر دیں

    چین نے بحر الکاہل کے شمال مغرب میں روس کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشترکہ مشقوں کے دوران فوجیوں کو آبدوزوں کے ساتھ لڑائی اور انہیں ناکارہ بنانے کی تربیت فراہم کی جارہی ہے، مشقوں میں چین کی شمولیت دو محارب اور ایک فریگیٹ بحری جہاز پر مشتمل ہے۔

    روسی وزارت دفاع کے مطابق فوجی مشقیں دونوں ملکوں کے شمال مغربی بحرالکاہل میں جاری مشترکہ پیٹرولنگ کاروائیوں کا ایک حصّہ ہیں۔

    چین کی عوامی لبریشن فورسز کے مطابق مشقوں میں ”Tip 055” ووشی محارب، ”Tip 052D” شننگ محارب اور ”Tip 054 A ” لینیی فریگیٹ شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ بحری جہازوں سے تعاون کے لئے ایک پیٹرول ٹینکر اور ‘اینٹی سب میرین’ صلاحیت کے حامل تین نیول ہیلی کاپٹر بھی چینی فلیٹ میں شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ اسی علاقے میں چین اور روس کی مسلح افواج نے گذشتہ ماہ بھی مشترکہ فوجی مشقیں کی تھیں۔

    دوسری جانب سیول حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے فوجی یوکرین میں روس کے لیے لڑ رہے ہیں۔ سیول کے وزیر دفاع کے مطابق شمالی کوریا کے فوجی یوکرین میں روسی فوجیوں کے شانہ بشانہ لڑ رہے ہیں۔

    کم یونگ ہیون نے منگل کے روز جنوبی کوریا کے سیاستدانوں کو بتایا کہ اس بات کا ”بہت زیادہ امکان”ہے کہ 3 اکتوبر کو ڈونیٹسک کے قریب یوکرائنی میزائل حملے میں شمالی کوریا کے چھ افسران ہلاک ہو گئے۔

    کم یونگ نے کہا کہ مختلف حالات کو دیکھتے ہوئے ہم نے اندازہ لگایا ہے کہ یوکرین میں شمالی کوریا کے افسران اور فوجیوں کے درمیان ہلاکتوں کا بہت زیادہ امکان ہے اور سیول توقع کرتا ہے کہ پیانگ یانگ روس کی جنگی کوششوں کی حمایت کے لیے مزید فوجی بھیجے گا۔

    افغانستان میں سڑکیں اور ریلوے کی تعمیر، ایرانی کمپنیوں کا اظہار دل چسپی

    شمالی کوریا نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ وہ یوکرین پر حملے کے لیے روس کی افواج کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔

  • پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ تربیتی فوجی مشقوں کا اختتام

    پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ تربیتی فوجی مشقوں کا اختتام

    اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ تربیتی فوجی مشقوں الصمصام کا اختتام ہوگیا، مشقوں کے دوران انسداد دہشت گردی کے مختلف آپریشنز کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ تربیتی فوجی مشقیں الصمصام اختتام پذیر ہوگئیں، فوجی مشقیں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اور سعودی زمینی فورس کے میجر جنرل عبد اللہ عید العتیبی وہاں موجود تھے۔ تقریب میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی بھی شریک ہوئے۔

    مشترکہ فوجی مشقیں دو ہفتے تک جاری رہیں، مشقوں کے دوران انسداد دہشت گردی کے مختلف آپریشنز کیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کی الصمصام سیریز کی یہ آٹھویں مشقیں تھیں۔

  • روس کا بھرپور فوجی قوت کا مظاہرہ، فوجی مشقوں اور میزائل تجربوں کا آغاز

    روس کا بھرپور فوجی قوت کا مظاہرہ، فوجی مشقوں اور میزائل تجربوں کا آغاز

    ماسکو: روس نے اپنی بھرپور عسکری قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد میزائلوں کے تجربوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس کے لیے آبدوزیں اور ہوائی جہاز استعمال کیے جارہے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق روس نے اہم اسٹریٹجک ڈرل میں آبدوزوں، زیر زمین سائلوز اور ہوائی جہاز سے میزائل داغے جبکہ روسی سب میرینز نے زیر زمین سائلوز اور ہوائی جہاز سے میزائل لانچ کیا۔

    اس حوالے سے روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ بارینٹس بحیرہ میں کریلیا جوہری سب میرین سے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ روس نے حالیہ برسوں میں مغربی ممالک کے ساتھ تناؤ کے دوران اپنی فوجی مشقوں میں توسیع کی ہے کیونکہ روس کے سنہ 2014 میں ہونے والے اتحاد کے بعد سرد جنگ کے بعد پہلی بار روس اور مغرب کے مابین تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔

    ان حالیہ تجربات میں ڈیلیٹا چہارم کلاس آبدوز کاریلیا 18 بارینٹس سی میں لانچ ہوا۔ اس ضمن میں روسی وزارت دفاع کے ٹی وی زیو زڈا نے بھی ارکنگلسک خطے میں پلیسیسک کوسو ڈوموم سے بین البراعظمی میزائل لانچ کرنے پر روشنی ڈالی۔

    اس موقع پر اینجلس اور یوکرینکا ایئر فیلڈز سے ٹی یو 160 اور ٹی یو 95 اسٹریٹجک بمباروں سے بھی کئی لونگ رینج کروز میزائل فائر کیے گئے۔

    خیال رہے کہ ماسکو اور واشنگٹن دونوں نے گذشتہ سال سنہ 1987 کے انٹرمیڈیٹ رینج نیو کلیئر فورسز معاہدے سے دستبرداری کے بعد اپنی میزائل قوت میں اضافے کا اعلان کیا ہے، اب نیو اسٹارٹ ہی دونوں ممالک کے مابین جوہری ہتھیاروں پر قابو پانے کا واحد معاہدہ باقی ہے۔

  • کثیر الملکی فوجی مشق کیوکاز کا انعقاد، وزیر دفاع نے مشاہدہ کیا

    کثیر الملکی فوجی مشق کیوکاز کا انعقاد، وزیر دفاع نے مشاہدہ کیا

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کثیر الملکی فوجی مشق کیوکاز روسی شہر آستر کان میں منعقد ہوئی۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کیو کاز فوجی مشق کا مشاہدہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کثیر الملکی کیو کاز فوجی مشق کا مشاہدہ کیا۔ کثیر الملکی فوجی مشق روسی شہر آستر کان میں منعقد ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیف آف لاجسٹک اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی بھی وزیر دفاع کے ساتھ موجود تھے۔ وزیر دفاع نے پاکستانی اور چینی دستوں کے اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں میں مختلف ممالک کے فوجی دستوں نے بھی شرکت کی۔

    خیال رہے کہ فوجی مشقیں کیو کاز 21 سے 26 ستمبر تک جاری رہیں گی۔

    میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ فوجی مشقوں کے شرکا باہمی تجربات اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے جبکہ فوجی دستوں کے مختلف چیلنجز پر ردعمل کو جانچنے کا موقع بھی ملے گا۔

    دوسری جانب بھارت کیو کاز فوجی مشقوں میں شرکت سے آخری وقت میں پیچھے ہٹ گیا تھا، بھارت چین سرحدوں پر تنازعہ، بھارت کے پیچھے ہٹنے کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔ دفاعی ماہرین نے بھارتی فیصلے کو بچکانہ اور تنگ نظری قرار دے دیا۔

  • امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع

    امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع

    سیول:امریکی اور جنوبی کوریائی افواج کی سالانہ فوجی مشقیں شروع ہوگئیں ، جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ فوجی مشقوں کا فوکس ملکی فوج کی جنگی حالات میں عملی صلاحیتوں کا اندازہ لگانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ان مشقوں کے شروع ہونے پر شمالی کوریا نے اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان فوجی مشقوں کے انعقاد سے کمزور جوہری سفارت کاری کا عمل پٹری سے اتر سکتا ہے۔

    جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق ان فوجی مشقوں کا فوکس ملکی فوج کی جنگی حالات میں عملی صلاحیتوں کا اندازہ لگانا ہے۔

    جنگی مشقوں میں امریکا اور جنوبی کوریا کے فوجیوں کے ساتھ ساتھ جنگی آلات اورہتھیاروں کا بھی استعمال شامل ہے۔ شمالی کوریا نے حالیہ ایام میں درمیانے فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کے دو تجربات بھی کیے تھے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس جون میں شمالی کوریا کے معاملے پر امریکا اور جنوبی کوریا نے اپنی مشترکہ فوجی مشقیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    مشترکہ فوجی مشقیں ختم کرنے پر امریکا نے یہ شرط عائد کی ہے کہ شمالی کوریا دوبارہ جوہری پروگرام کا آغاز نہیں کرے گا اور 12 جون کو سنگا پور میں جو بات چیت ہوئی تھی اس پر کم جونگ ان کاربند رہیں گے۔

    واضح‌ رہے کہ ٹرمپ نے 12 جون کو سنگاپور کے جزیرے سینتوزا میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے تاریخی ملاقات کی تھی اس موقع پر دونوں‌ ملکوں‌ کے درمیان اہم دستاویز پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔

  • ترکی میں اب تک کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز

    ترکی میں اب تک کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز

    انقرہ: ترک فوج نے بحیرہ ایجیئن، بحیرہ روم اور بحیرہ اسود میں اب تک کی اپنی سب سے بڑی جنگی مشقیں شروع کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ان مشقوں کو ترکی کی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی مشقیں قرار دی گئی ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں فوجی اہلکار اور جدید اسلحے کا استعمال ہورہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سی وولف نامی ان مشقوں میں تقریباً چھبیس ہزار فوجی، ایک سو سے زائد بحری جہاز، ہیلی کاپٹر اور ڈرون طیارے حصہ لے رہے ہیں۔

    ایک بیان میں ترک وزارت دفاع نے کہا تھا کہ سی وولف نامی ان مشقوں میں تقریباً چھبیس ہزار فوجی، ایک سو سے زائد بحری جہاز، ہیلی کاپٹر اور ڈرون طیارے حصہ لے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر دفاع نے مسلح افواج کے سربراہ ، برّی، بحری اور فضائی افواج کے کمانڈرز کے ساتھ قومی دفاع یونیورسٹی نیول اکیڈمی میں طالبعلموں کے ساتھ افطار پروگرام میں شرکت بھی کی۔

    اس میں بری، فضائیہ اور بحریہ کے دستے آپس میں اپنے تعاون کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔ رواں برس کے دوران ترک فوج کی دوسری بڑی مشقیں ہیں۔

    پاک ترک بحری مشقیں دوسرے دن بھی جاری رہیں

    سالانہ مشقوں کے پروگرام کے دائرہ کار میں بحریہ کی زیر کمانڈ پلان کردہ اور نیول اکیڈمی کمانڈ سینٹر کی زیر نگرانی سی وولف مشقیں تین سمندروں مشرقی بحر روم، بحیرہ ایجئین اور بحر اسود میں پہلی دفعہ بیک وقت کی جا رہی ہیں۔

  • آرمی چیف کا قومی انسداد دہشت گردی سینٹر کا دورہ

    آرمی چیف کا قومی انسداد دہشت گردی سینٹر کا دورہ

    راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کاؤنٹرٹیررازم سینٹر کا دورہ کیا، آرمی چیف نے پاکستان اور روس کی خصوصی فورسز کی مشترکہ مشقیں دیکھیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک روس مشترکہ فوجی مشقوں کے اختتامی روزکاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا دورہ کیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نےدونوں ملکوں کی خصوصی فورسزکی مشترکہ مشقیں دیکھیں اور جوانوں کی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ مشقیں باہمی روابط کوتقویت دینے کا بہترین ذریعہ ہیں، مشترکہ مشقوں سے دونوں ملکوں کی افواج کے روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق روس کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن بھی اس موقع پرموجود تھے۔

  • شمالی کوریا میزائل تجربے روکے‘چین

    شمالی کوریا میزائل تجربے روکے‘چین

    بیجنگ : چینی وزیرخارجہ نے شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں کے ٹیسٹ کو روکنے پرزور دیتے ہوئےامریکہ اور جنوبی کوریاسے کہاکہ وہ اپنی مشترکہ فوجی مشقیں ختم کریں۔

    تفصیلات کےمطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا کہناہےکہ امریکہ اور جنوبی کوریاکی مشترکہ مشقیں خطے میں کشیدگی کا باعث ہیں جبکہ یہ ایسا ہی ہے جیسے دو تیز رفتار ٹرینیں ایک دوسرے کی سمت میں آگے بڑھ رہی ہوں۔

    مزید پڑھیں:شمالی کوریا کی جانب سے4میزائل فائر

    خیال رہےکہ تین روز قبل امریکہ اور جنوبی کوریا کی جاری مشقوں کے جواب میں شمالی کوریا نے 2 مارچ کو 4 بیلسٹک میزائل داغےتھے،جن میں سے 3جاپان کی سمندری حدود میں گرے تھے۔

    شمالی کوریاکے میزائل ٹیسٹ کےبعدجاپانی وزیراعظم سنزو آبے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ خطہ خطرے کی ایک نئی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

    مزید پڑھیں:چین نےشمالی کوریاسےکوئلے کی درآمد معطل کردی

    دوسری جانب امریکی فوج کاکہناہےکہ جنوبی کوریا میں میزائل ڈیفینس سسٹم ‘تھاڈ’ کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور یہ نظام شمالی کوریا کی جانب سے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے لگایا جا رہا ہے۔

    واضح رہےاقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے شمالی کوریا کے اس قدم کی مذمت کی تھی اور اسے شمالی کوریا کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

  • کھاریاں،آرمی چیف نےفوجی مشق کا جائزہ لیا

    کھاریاں،آرمی چیف نےفوجی مشق کا جائزہ لیا

    کھاریاں : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کھاریاں پہنچ گئے ہیں اور سینٹرل کمانڈ کی مشقوں کا جائزہ لیا۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سینٹرل کمانڈ کی مشقیں گوجرانوالہ اور کھاریاں کے قریب جا ری ہیں جس میں پاک فوج کے جوان اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

    اس حوالے سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کھاریاں پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے جاری سینٹرل کمانڈ کی مشقوں کا جائزہ لیا اور جوانوں کی جوانمردی اور مہارت کی تعریف کرتے ہوئے مشقوں کے انعقاد کو حوصلہ افزاء امر قرار دیا۔

    اسی سے متعلق : پاک فوج نے 140 ممالک کو شکست دے کرطلائی تمغہ جیت لیا

    اس موقع پر آرمی چیف نے مشقوں میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات بھی کی، جوانوں نے دوران ِ گفتگو پاک سر زمین کی انچ انچ کی حفاظت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور آرمی چیف کی آمد پر مسرت کا اظہار کیا۔

    واضح رہے لائن آف کنٹرول بھارتی پر جارحیت اور بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلے کے آغاز کے بعد سے فوجی مشقوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے حال ہی میں روسی دستوں کے ساتھ پاکستان آرمی کی مشترکہ فوجی مشق میں اور برطانیہ میں ہونے والے ڈیڑھ سو سے زائد ممالک کے فوجی دستوں کے درمیان ہونے والے کیمبریئن مقابلوں میں اول نمبر حاصل کر کے پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا عملی ثبوت دیا تھا۔

  • آذربائیجان کا پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کرنے کااعلان

    آذربائیجان کا پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کرنے کااعلان

    باکو: وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق آذر بائیجان کے دورے پر گئے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےآذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا کہناتھاکہ پاکستان ہمارے فوجیوں کی تربیت کرے گا،پاکستان ہمارا قریبی دوست اور اتحادی ہے۔

    صدر الہام علیوف نے کہا کہ پاکستان کا دفاع شعبہ بہت ترقی یافتہ ہے،اس شعبے پر تفصیل سے بات کی گئی ہے دونوں ممالک ادویہ سازی اور فوجی سازوسامان سےمتعلق تعاون بڑھائیں گے۔

    مقبوضہ کشمیر پر آذربائیجان کے صدر کا کہناتھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہیں کیاگیا۔

    آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا مزید کہناتھا کہ پاکستان ان پہلے ممالک میں شامل ہے،جس نے آذربائیجان کی آزادی کوتسلیم کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مستقبل میں تعاون جاری رہےگا۔

    بعد ازاں پریس کانفرنس میں وزیراعظم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل پر عمل درآمد چاہتا ہے اورآذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے موقف کی تائید پر ان کے مشکور ہیں۔

    وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھاکہ پاکستان اور آذربائیجان کے مثبت تعلقات پر خوشی ہے، دونوں ممالک کےعوام ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہیں۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے،آذر بائیجان کی سیاسی،ثفافتی اور معاشی ترقی قابل تعریف ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا آذربائیجان کا یہ پہلا دورہ ہے،اس دورے میں ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد نے وہاں کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کی ہیں، ان ملاقاتوں میں معاشی اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔