Tag: فوجی ہلاک

  • اسرائیل کے 25 اعلیٰ افسران اور فوجی ہلاک کیے، حزب اللہ کا دعویٰ

    اسرائیل کے 25 اعلیٰ افسران اور فوجی ہلاک کیے، حزب اللہ کا دعویٰ

    لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے رواں ماہ کے آغاز میں اسرائیل کی ایلیٹ فورسز کے 25 سے زائد افسران اور فوجیوں کو ہلاک جبکہ 130سے زائد کو زخمی کیا ہے۔

    حزب اللہ نے گزشتہ روز ٹیلی گرام پلیٹ فارم پر جاری ایک بیان میں 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی لبنان کے دیہاتوں میں گھسنے والی اسرائیلی افواج کے ساتھ اپنے تصادم کے نتائج کا جائزہ پیش کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان نے اپنے بیان میں گذشتہ چند دنوں کے دوران اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج کے اعلیٰ درجے کے 25 سے زائد افسران اور فوجیوں کی ہلاکت اور 130 سے زائد کو زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    حزب اللہ ترجمان کا کہنا ہے کہ ان میں سے کچھ ہلاکتوں کو اسرائیل نے تسلیم کیا ہے اور آنے والے دنوں میں پتہ چل جائے گا کہ اس نے کتنی ہلاکتوں کو چھپایا ہے۔

    حزب اللہ نے اسرائیلی فوجیوں کی چھاؤنیوں، فوجی مقامات اور لبنانی سرحد کے قریب بستیوں کو توپ خانے کے گولوں، میزائلوں اور بھاری مشین گنوں سے مسلسل نشانہ بنانے کی بھی دعویٰ کیا۔

    یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے حملے کے پہلے دن تین اعلیٰ افسران سمیت اپنے 8 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا تھا اور مقامی میڈیا نے 30 سے زائد فوجی زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔

    ہفتے کے روز بھی اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا کہ جنوبی لبنان غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کے 38 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

  • امریکہ کی شام میں بمباری،80فوجی جاں بحق

    امریکہ کی شام میں بمباری،80فوجی جاں بحق

    ماسکو: روسی آرمی کا کہنا ہے کہ جنگ زدہ شام کے مشرقی علاقے میں واقع ایئر بیس پر امریکی اتحادی طیاروں کے فضائی حملوں میں 80 سے زائد شامی حکومتی فوجی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی اتحاد کی جانب سے، ڈیرایزور ایئر بیس میں داعش کے جنگجوؤں سے گِھری ہوئی شامی فورسز کے خلاف 4 فضائی حملے کیے گئے۔

    بیان میں کہا گیا کہ فضائی حملے شام کے پڑوسی ملک عراق سے آنے والے ایف سولہ اور اے ٹین جیٹ طیاروں نے کیے،جس کے نتیجے میں80 شامی فوجی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

    امریکی فضائی حملوں کے جواب میں داعش کی جانب سے بھی کارروائی کی گئی،جس کے بعد دہشت گردوں کے خلاف شدید لڑائی کا آغاز ہوگیا۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے یہ فضائی کارروائی ہدف کو نشانہ بنانے میں کسی غلطی کا نتیجہ ہے تو اس کے براہ راست اثرات ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: امریکی فضائی حملے میں داعش کا وزیراطلاعات ہلاک

    شامی فوج گزشتہ ایک سال سے حملے کا نشانہ بننے والی ایئربیس کے اطراف میں واقع داعش کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔

    یاد رہے کہ امریکہ اور روس کے درمیان چند روز قبل ہی شام میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا،جو اس حملے کی وجہ سے صرف 5 روز تک جاری رہا۔

    واضح رہے کہ روسی فوج کی جانب سے پہلے ہی کہا جاچکا ہے کہ اگر جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہوا توا اس کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔

  • بھارت کے یوم آزای پرمقبوضہ کشمیرمیں مسلح تصادم،دو بھارتی فوجی ہلاک

    بھارت کے یوم آزای پرمقبوضہ کشمیرمیں مسلح تصادم،دو بھارتی فوجی ہلاک

    سری نگر : بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر ایک حملے میں مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارتی سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ دو کشمیریوں کی شہادت کی بھی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے نوہاٹہ میں بھارتی سیکیورٹی فورسز پر مسلحح افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے جس میں 2 اہلکار ہلاک اور 6 بھارتی فوجی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طورپرمنایا جا رہا ہے

    کشمیری میڈیا کے مطابق حملہ آور اور بھارتی سیکیورٹی فورس کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس کے نتیجے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زکمی ہو گئے ہیں جب کہ دو کشمیریوں کی شہادت کی بھی اطلاعات ہیں

    ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز نے نوہاٹہ میں مزید نفری طلب کر لی ہے اور علاقہ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا ہے۔

    نوہاٹہ کے داخلی اور خارجی راستوں کی بندش کے باعث علاقہ کی صورت حال کا درست اندازہ لگانے اور مصدقہ اطلاعات کے حصول میں دقت پیش آرہی ہے۔

    یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں آج بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر یوم سیاہ منایا جا رہا ہے جب کہ پاکستان سے یکجہتی کے لیے 13 اور 14 اگست کو حریت پسند رہنماؤں کی جانب سے فریڈم مارچ بھی کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کو برہان وانی کی شہادت کے بعد سے کشمیر میں جاری بھارت مخلاف مظاہروں میں تیزی آگئی ہے اور ایک ماہ سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ ہے اور موبائل فون اور انٹر نیٹ پر پابندی عائد ہے۔