Tag: فوجی ہیلی کاپٹر تباہ

  • فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو امریکی فوجیوں سمیت 3 ہلاک

    فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو امریکی فوجیوں سمیت 3 ہلاک

    ٹیکساس: امریکا میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے دو امریکی فوجیوں سمیت 3 ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی میکسیکو سرحد پر گشت پر مامور نیشنل گارڈ کا ہیلی کاپٹر جمعہ کو ٹیکساس میں گر کر تباہ ہو گیا، جس میں دو فوجی اور ایک امریکی بارڈر پٹرولنگ ایجنٹ ہلاک ہو گیا اور ایک اور فوجی زخمی ہو گیا۔

    امریکی فوج کے مطابق UH-72 لکوٹا ہیلی کاپٹر کو حادثہ ریو گرانڈے سٹی، ٹیکساس کے قریب دوپہر ڈھائی بجے کے بعد پیش آیا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر سرحد پر فضائی مانیٹرنگ کے سلسلے میں محو پرواز تھا۔

    فوج نے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے، فوج نے ایک بیان میں کہا کہ انھیں حادثے کے وقت موسمی حالات کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی۔

  • پولیس ٹیمیں بھی آرمی ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مصروف

    پولیس ٹیمیں بھی آرمی ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مصروف

    کوئٹہ: پاکستان آرمی کے لاپتا ہیلی کاپٹر کو چودہ گھنٹے ہو گئے، پولیس ٹیمیں بھی ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مصروف ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی قلات پرویز عمرانی نے کہا ہے کہ پولیس ٹیمیں بھی ہیلی کاپٹر تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، علاقہ پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے، اس لیے تلاش میں مشکل پیش آ رہی ہے۔

    پرویز عمرانی نے بتایا کہ پولیس ٹیمیں موٹر سائیکلوں پر دشوار علاقوں میں ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مصروف ہیں، پولیس اور ایف سی کا مشترکہ ریسکیو آپریشن کئی گھنٹے سے جاری ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گزشتہ رات لا پتا ہوا، آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ہیلی کاپٹر پر سوار تھے، ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت دیگر 4 افسر بھی سوار تھے۔

    ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوئے 14 گھنٹے ہو گئے ہیں، تلاش کا آپریشن جاری ہے، ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر تھا، دوران پرواز ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوا۔

    ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی جا رہی تھی، وندر کے قریب درگاہ سسی پنوں کے پاس ہیلی کاپٹر گرنے کی اطلاع ہے۔

  • انڈونیشیا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 4 فوجی ہلاک

    انڈونیشیا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 4 فوجی ہلاک

    جکارتہ: انڈونیشیا میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے وسطی صوبے جاوا میں ہفتے کے روز ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس میں چار فوجی ہلاک جب کہ 5 زخمی ہو گئے۔

    انڈونیشین فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹر حادثے کی تصدیق کر دی گئی ہے، فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب فوج کا ایم 17 ہیلی کاپٹر کینڈ ضلع کے وونوریزو گاؤں کے اوپر تربیتی پرواز پر جا رہا تھا۔

    ترجمان کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر زمین پر گرتے ہی اس میں آگ لگ گئی تھی، حادثے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کو قریب کے اسپتال لے جایا گیا، تاہم ان میں سے چار کو نہ بچایا جا سکا۔

    فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ تربیتی پرواز سے قبل ہیلی کاپٹر کی پوری طرح سے جانچ کی گئی تھی اور اس میں کوئی خرابی نہیں پائی گئی، تاہم عینی شاہدین نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر دوران پرواز اچانک بے قابو ہو گیا تھا۔

    عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر فضا میں ڈگمگانے کے بعد زمین پر گرا اور اس سے دھواں اٹھنے لگا، پھر ایک زور دار دھماکا ہوا۔ دریں اثنا، ہیلی کاپٹر حادثے کے اسباب کا پتا لگانے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • فوجی ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ میں تائیوان کے فوجی سربراہ سمیت 8 ہلاک

    فوجی ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ میں تائیوان کے فوجی سربراہ سمیت 8 ہلاک

    تائی پے: مشرقی ایشیا کے ملک تائیوان میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں تائیوان کے فوجی سربراہ سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تائیوان میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں تائیوان کے چیف آف جنرل اسٹاف شن یی منگ سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے جب کہ ہیلی کاپٹر میں 13 افراد سوار تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق تائیوان کے وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار 13 میں سے 5 افراد کو بچا لیا گیا، فوجی ہیلی کاپٹر نے ایوی ایشن سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی، ہیلی کاپٹر تائی پے سے شمال مشرقی شہر یلان جا رہا تھا۔

    ہیلی کاپٹر تائی پے کے ایک پہاڑی علاقے میں تباہ ہوا، جس میں سوار 62 سالہ چیف آف جنرل اسٹاف متعدد اعلیٰ فوجی حکام کے ہم راہ نئے سال کی تقریبات میں شرکت کے لیے روٹین مشن پر یلان جا رہے تھے۔

    حادثے کے بعد کئی گھنٹوں تک تائیوان کے اعلیٰ فوجی جنرل کی موت سے متعلق درست خبر نہیں آ سکی تھی، متضاد رپورٹس آ رہی تھیں کہ وہ ان پانچ افراد میں شامل ہیں جنھیں بچا لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ یہ حادثہ تائیوان کے عام انتخابات سے قبل پیش آیا ہے، 11 جنوری کو تائیوان میں عام انتخابات ہو رہے ہیں، جنھیں بیجنگ کے ساتھ تعلقات پر ایک ریفرنڈم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں حکام تائیوان کو ایک ایسے الگ ہونے والے صوبے کی طرح دیکھتے ہیں جسے ان کے کنٹرول میں واپس آنا چاہیے۔

  • ترکی میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، چار فوجی جاں بحق

    ترکی میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، چار فوجی جاں بحق

    استنبول: ترکی کے ایک رہائشی علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں 4 فوجی جاں بحق جب کہ ایک فوجی شدید زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق استنبول شہر کے ایک رہائشی علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر کے گر کر تباہ ہونے سے چار فوجی جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔

    ترک حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ استنبول کے رہائشی علاقے میں ٹریننگ کے دوران پیش آیا، فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا۔

    ترک وزیرِ دفاع نے حادثے کی جگہ کا دورہ کیا، امدادی کارکنوں نے حادثے کی جگہ سے ہیلی کاپٹر کا ملبہ اٹھالیا۔

    دوسری طرف حادثے کی وجوہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر رہائشی عمارتوں کے درمیان گر کر دو ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ترکی:‌ زمین دھنسنے کا واقعہ، دو خواتین لپیٹ میں‌ آگئیں، ویڈیو وائرل


    ترک میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر استنبول میں واقع سمندرا ملٹری ایئر بیس سے صبح ساڑھے 10 بجے اڑا اور اپنی پرواز مکمل کرنے کے بعد واپس بَیس پر لوٹ رہا تھا۔

    اس دوران ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، پہلے وہ ایک بلند عمارت کی چھت سے ٹکرایا اور اس کے بعد نیچے سڑک پر آ گرا جس سے وہ دو ٹکڑے ہوا۔