Tag: فوج طلب

  • سیلاب سے متاثرہ علاقے لودھراں میں بھی امداد سرگرمیوں کیلئے فوج طلب

    سیلاب سے متاثرہ علاقے لودھراں میں بھی امداد سرگرمیوں کیلئے فوج طلب

    لاہور( 28 اگست 2025): محکمہ داخلہ پنجاب نے لودھراں میں امداد سرگرمیوں کیلئے فوج طلب کر لی ہے، اس سے قبل لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ، سرگودھا اور حافظ آباد میں فوج طلب کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقے لودھراں میں امدادی سرگرمیوں اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے دستوں کو ضلعی انتظامیہ نے طلب کرلیا ہے، اس کے علاوہ حکومت پنجاب کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، سول ڈیفنس، ریسکیو، پولیس 24/7 زمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 9 ہزار سے زائد سول ڈیفنس رضا کار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ سیلابی علاقوں میں سول ڈیفنس پنجاب کے ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، سول ڈیفنس متاثرہ علاقوں سے عوام اور انکے مویشیوں کی محفوظ مقامات تک بحفاظت منتقلی میں پیش پیش ہے، مشکل کی اس گھڑی میں سول ڈیفنس پنجاب کے شہریوں کا دوست اور مددگار ہے۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، شہری ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پنجاب میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کو طلب کیا گیا تھا۔

    بھارت کی جانب سے دریائے راوی پر ڈیم کے تمام گیٹ کھولنے سے پاکستانی دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے، اس اقدام سے پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوئی، جس سے صوبائی حکومت کو سات اضلاع میں فوج کے یونٹ تعینات کیے گئے تھے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فوری امدادی اقدامات کیلئے فوج طلب

    وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فوری امدادی اقدامات کیلئے فوج طلب

    لاہور(27 اگست 2025): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فوری امدادی اقدامات کیلئے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے حافظ آباد میں امداد سرگرمیوں کیلئے فوج طلب کرلی ہے، اس سے قبل لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ ،سرگودھا میں فوج طلب کی گئی تھی۔

    محکمہ داخلہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی امداد اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فوج طلب کی گئی، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو، پولیس پہلے ہی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/flood-situation-punjabs-rivers-water-flow/

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ابتک پنجاب کے 8 اضلاع میں ضلعی انتظامیہ نے فوج کی فوری تعیناتی کی درخواست دے رکھی ہے، بروقت فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی امداد،کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنےکیلئےکیا گیا ہے۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ضرورت کے مطابق آرمی ایوی ایشن ودیگر وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں، 8 اضلاع میں فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے طے ہو رہی ہے۔

    محکمہ داخلہ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات بروقت کئے جا رہے ہیں۔

  • پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب، فوج طلب کرلی گئی

    پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب، فوج طلب کرلی گئی

    بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد پنجاب کے دریاؤں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج طلب کرلی گئی ہے۔

    بھارت نے دریائے راوی پر قائم ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے جس کے باعث دریائے چناب میں بھی پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی آبی جارحیت سے پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس سے نمٹنے کیلیے سول انتظامیہ کی مدد کیلئے پنجاب کے7اضلاع میں فوج طلب کرلی گئی ہے۔

    ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب نے فوری امدادی اقدامات کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے قصور، سیالکوٹ، نارووال میں فوج طلب کی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس پہلے سے متحرک ہیں، قصور، سیالکوٹ، نارووال کے ڈی سیز نے فوج کی فوری تعیناتی کی درخواست دی۔

    ضلعی امداد اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت فیصلہ کیا گیا ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو فوجی تعیناتی کیلئے مراسلہ ارسال کیا ہے۔

    ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج کو طلب کیا جا رہا ہے، فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد طے ہوگی۔

    مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سیلابی علاقوں میں آرمی ایوی ایشن سمیت دیگر وسائل بھی فراہم ہوں گے، پنجاب حکومت کے تمام ادارے سیلابی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کررہے ہیں،

    محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    دریائے چناب پر انتہائی خطرناک سیلاب

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر بہاؤ 9 لاکھ 20 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے جو کہ انتہائی خطرناک سیلابی سطح ہے جبکہ ہیڈ مرالہ کی ڈیزائن گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے جبکہ خانکی کے مقام پر 4 لاکھ 32 ہزار کیوسک ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہا ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ عوام حفاظتی اقدامات یقینی بناتے ہوے مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر لازمی عمل کریں اور امدادی ٹیموں سے رابطہ رکھیں۔

    مزید پڑھیں : پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال، ادارے ہائی الرٹ

    دریائے چناب، ستلج، راوی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی وزرا کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

    وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو سیلاب متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کرنے، امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے اور اپنے متعلقہ حلقوں میں جانے کی ہدایت کر دی، ساتھ ہی شہریوں کا انخلا، ریسکیو و ریلیف کی سرگرمیوں کی خود نگرانی کرنےکی ہدایت کی ہے۔

     

  • تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ، حکومت کا اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر غور

    تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ، حکومت کا اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر غور

    اسلام آباد : حکومت تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر غور کررہی ہے جبکہ راستوں کی بندش اور ریڈزون سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس ہوا ، جس میں ڈی آئی جیز،ایس ایس پیزاوراسپیشل برانچ حکام نے شرکت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنےسےمتعلق ممکنہ سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ، جس کے تحت راستوں کی بندش اور ریڈزون سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ایف سی اور رینجرز سمیت دیگر صوبوں سے نفری طلب کرنے سمیت موٹر وے، سیف سٹی کیمروں سے نگرانی کیلئے مانیٹرنگ سیل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اجلاس میں سفارشات بھی تیار کرلی گئیں تاہم حتمی منظوری وزارت داخلہ دےگی، پولیس اور انتظامیہ نے سفارشات میں مظاہرین کو روکنے کی گائیڈ لائنز مانگ لیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کاحتجاج پر امن ہوگا،حکومت نے غیرقانونی قدم اٹھایا تو مظاہرین کو روکنا مشکل ہوجائےگا،ان کی ساری منصوبہ بندی رائیگاں جائے گی۔

  • لندن : گیٹ وک کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ پر بھی مشکوک ڈرونز کی پرواز، فوج طلب

    لندن : گیٹ وک کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ پر بھی مشکوک ڈرونز کی پرواز، فوج طلب

    لندن : برطانوی حکام نے ہیتھرو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مشکوک ڈرون کی پرواز کے بعد تفتیس کے لیے فوج کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے گیٹ وک ایئرپورٹ کے بعد دارالحکومت لندن کے قریب واقع مصروف ترین عالمی ہوائی اڈے ہیتھرو پر بھی مشکوک ڈرون کو پرواز کرتے دیکھا گیا تھا۔

    ہیتھرو ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے مشکوک ڈرونز کی پرواز کے بعد پروازیں منسوخ کردیں تھی جبکہ تحقیقات میں پولیس کی معاونت کےلیے برطانوی فوج کو بھی طلب کرلیا ہے۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ مشکوک ڈرون کی ایئرپورٹ پر پرواز کے خلاف ’مکمل کرمنل انویسٹی گیشن‘ ہوگی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ حکام کی جانب سے ایک گھنٹے کے لیے مغربی لندن کے ہوائی اڈے پر پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔

    ہیتھرو ایئرپورٹ کی انتظامیہ میٹروپولیٹن پولیس کے ہمراہ حالات کو دیکھ رہی ہے اور پروازوں کی منسوخی کے باعث متاثر ہونے والے مسافروں سے معذرت کرلی ہے۔

    برطانیہ کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ’ہم نے میٹروپولیٹین پولیس کی درخواست پرخصوصی سامان اور فوجی دستے ہیتھرو ایئرپورٹ پر تعینات کردئیے ہیں‘۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے ایئرپورٹ کے ارد گرد کے علاقوں میں واقعے میں ملوث افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پرغیرقانونی طور پر ڈرون اڑانا انتہائی خطرناک ہے، یہ اقدام طیاروں کےلیے شدید نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں، مشکوک ڈرونز اڑانے میں جو بھی ملوث پایا گیا اسے عمرقید کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : گیٹ وک ایئرپورٹ: ڈرون سے ملنے والے فنگر پرنٹ کی مماثلت نہ ہوسکی

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل لندن کے انٹرنیشنل گیٹ وک ایئرپورٹ پر دو مشکوک ڈرونز کی پروازوں کے باعث مسلسل 36 گھنٹے تک پروازیں منسوخ رہی تھیں، جس کے باعث ڈیڑھ لاکھ مسافر متاثر ہوئے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق مشکوک ڈرونز کو کنٹرول کرنے پولیس کی ناکامی کے بعد حکومت نے فوج کی خدمات حاصل کی تھیں۔

    خیال رہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے گیٹ وک آنے والی پروازوں کا رخ ملک کے دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا تھا، جن میں لندن ہیتھرو، لوٹن، برمنگھم، گلاس گلو اور مانچیسٹر بھی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : لندن: ڈرون اڑانے کے الزام میں گرفتار جوڑے کو عدم شواہد پر رہا کردیا گیا

    یاد رہے کہ سینتالیس سالہ پاؤل گئیت،57 سالہ ایلائنی کرک کو برطانوی پولیس نے شک کی بنیاد پر جمعے کی شب 10 بجے گرفتار کیا تھا جنہیں ثبوت کی عدم موجودگی کے باعث رہا کردیا گیا تھا۔

  • برطانیہ میں سابق روسی جاسوس پرقاتلانہ حملہ

    برطانیہ میں سابق روسی جاسوس پرقاتلانہ حملہ

    لندن: برطانیہ میں سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی پرقاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے فوج کا خصوصی دستہ طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہر سالسبری میں 66 سالہ سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپل اور ان کی بیٹی یولیا اسکریپل کو زہر دے کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔

    سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپل اور ان کی 33 سالہ بیٹی یولیا کو حملے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جائی ہے۔

    برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی کو اعصاب متاثر کرنے والے کیمیکل مواد سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

    دوسری جانب برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے 180 فوجیوں کو متاثرہ علاقے میں تعینات کیا گیا ہے جنہوں نے متاثرہ علاقے کو حصار میں لے کر وہاں فرانزک ٹیسٹ شروع کردیے ہیں تاکہ حملے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔

    برطانوی وزارت دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ فوجی اہلکاروں کی متاثرہ علاقے میں موجودگی سے شہریوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشلمیڈیا پرشیئر کریں۔

  • مقدونیہ میں آندھی اور سیلاب سے 21 افراد ہلاک

    مقدونیہ میں آندھی اور سیلاب سے 21 افراد ہلاک

    اسکوپیے : مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپیے میں آنے والی آندھی اور سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جان کی بازی ہار گئے.

    تفصیلات کے مطابق مقدونیہ میں آندھی اور طوفان میں مرنے والوں کی لاشیں اتوار کی صبح مل گئی تھیں،تاہم ابھی بھی چھ افراد لاپتہ ہیں،
    اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے کچھ لوگ اس وقت سیلابی ریلے کی زد میں آ گئے جب وہ اپنی کاروں پر سفر کر رہے تھے.

    سیلابی ریلے کے نتیجے میں شہر کی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کچھ کاریں پانی میں بہہ کر قریبی کھیتوں میں جا پہنچیں.

    مقدونیہ کے دارالحکومت میں آنے والے اس طوفان کے دوران نو سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے.

    اسکوپیے کے میئر نے طوفان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ ایک آفت تھی اور آج سے پہلے ہم نے کبھی ایسی کوئی چیز نہیں دیکھی۔‘

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسکوپیے میں آنے والے اس طوفان کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تقریباً 20 افراد کو اسپتال میں طبی امداد دی گئی ہے.

    طوفان کے بعد شہر بھر سے امدادی اداروں کو مدد کے لیے کالز موصول ہوئی تھیں جس کے بعد مدد کے لیے فوج کو بھی طلب کیا گیا تھا.

  • وزیراعظم آزاد کشمیر نےحویلی کہوٹہ میں حالات بدستورکشیدہ ہونےپر فوج طلب کرلی

    وزیراعظم آزاد کشمیر نےحویلی کہوٹہ میں حالات بدستورکشیدہ ہونےپر فوج طلب کرلی

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہوٹہ حویلی میں دوسیاسی جماعتوں میں کشیدگی کے باعث فوج طلب کرلی.

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کےحلقہ ایل اے سولہ حویلی کہوٹہ میں حالات بدستور کشیدہ ہیں،حالات کو کنٹرول کرنے کےلیےپولیس کی بھاری نفری پہلے سے موجود ہے تاہم وزیراعظم آزاد کشمیر نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر فوج کو بھی طلب کرلیا.

    یاد رہے دو روز قبل تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی نشت ایل اے 16 حویلی میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں میں ریلی کے دوران تصادم ہوا،جس کے نتیجے میں ایل اے 16 مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محمد عزیز بازو اور ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے جنہیں اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا.

    پولیس حکام کے مطابق تصادم میں دونوں پارٹیوں کی جانب سے اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ امیدوار سمیت 9 افراد زخمی ہوئے،جنہیں اسسپتال منتقل کردیا گیا تھا.

    *آزاد کشمیر: سیاسی جماعتوں میں تصادم دو افراد جاں بحق کئی زخمی

    تصادم کے بعد مشتعل افراد نے حویلی میں واقع بازار کی مختلف دکانوں میں آگ لگا دی تھی تاہم بروقت اقدامت کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا گیا تھا.

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات نے پیپلزپارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وزیر اور کارکنان کی جانب سے لیگی کارکنوں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 لیگی کارکنان جو جاں بحق جبکہ 10 کو زخمی ہوئے ہیں.

  • آزاد کشمیر: سیاسی جماعتوں میں تصادم دوافراد جاں بحق کئی زخمی

    آزاد کشمیر: سیاسی جماعتوں میں تصادم دوافراد جاں بحق کئی زخمی

    مظفر آباد : آزاد کشمیر کے علاقے حویلی میں دو سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلح تصادم، دوپانچ افراد جاں بحق کئی زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی نشت ایل اے 16 حویلی میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں میں ریلی کے دوران تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایل اے 16 مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محمد عزیز بازو اور ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے جنہیں اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق تصادم میں دونوں پارٹیوں کی جانب سے اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق جبکہ امیدوار سمیت 09 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ شدید زخمی ہونے والے افراد کو راولپنڈی ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تصادم کے بعد مشتعل افراد نے حویلی میں واقع بازار کی مختلف دکانوں میں آگ لگا دی تھی تاہم بروقت اقدامت کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا ہے۔

    ترجمان آزاد کشمیر نے بتایا کہ ’’تصادم کے بعد حویلی میں حالات کشیدہ ہیں تاہم حالات کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ہے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار کے ایل اے 16 کے امیدوار اور موجودہ وزیر فیصل راٹھور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔

    دوسری جانب مظفرآباد میں مسلم لیگ ن کے صدر کی رہائش گاہ پر اتنخابات کے حوالے سے اپنے منشور کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ ’’کسی بھی سیاسی جماعت نے کشمیریوں کے لیے کوئی منشور تیار نہیں کیا صرف مسلم لیگ ن ہی کشمیریوں کے مفادات کے حق میں ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے پیپلزپارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وزیر اور کارکنان کی جانب سے لیگی کارکنوں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 لیگی کارکنان جو جاں بحق جبکہ 10 کو زخمی ہوئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں شکست کے خوف سے  پی پی اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئی ہے اور عوام میں خوف پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے، کسی بھی جماعت نے کشمیریوں کے لیے کوئی منشور پیش نہیں کیا

    پی پی رہنماء قمر زمان کائرہ نے جوابی پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ بلاول بھٹو نے سیاسی کامیابیوں کا آغاز کردیا ہے، کشمیر اب آنے والی اصل تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا۔