Tag: فوربز

  • دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری، کون بازی لے گیا؟

    دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری، کون بازی لے گیا؟

    امریکی جریدے فوربز کی جانب سے دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں، جن کی مجموعی دولت چار سو پچیس ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

    امریکی جریدے فوربز کے مطابق ایمازون کے مالک جیف بیزوس کا دوسرا نمبر ہے، جن کی مجموعی دولت دو سو اکتالیس ارب ڈالر ہے، پہلے اور دوسرے نمبر سے اندازہ لگالیں کہ ایلون مسک کے قریب بھی کوئی نہیں۔

    فہرست میں تیسرا نمبر دو سو سترہ ارب ڈالر کے ساتھ میٹا کے مالک مارک زکر برگ کا ہے جبکہ کمپیوٹر سافٹ ویئر کمپنی ’اوریکل‘ کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر ایلیسن دو سو نو ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

    دنیا کی 10 امیر ترین مسلم شخصیات کون ہیں؟

    آپ نے اب تک دنیا کی امیر ترین شخصیات کے بارے میں جانا ہوگا مگر ہم آپ کو عالمی سطح پر 10 امیر ترین مسلم شخصیات کے بارے میں بتائیں گے۔

    غیر ملکی میڈیا نے دنیا کی 10 امیر ترین مسلمان شخصیات کی فہرست شائع کی ہے۔ اس میں سر فہرست شخصیات کا نام آپ کو ضرور چونکا دے گا کیونکہ ان کا تعلق ایسے ترقی پذیر غریب ملک سے ہے۔

    دنیا کی امیر ترین مسلم شخصیات میں سر فہرست شخصیت کا تعلق پاکستان سے جڑا ہے تاہم وہ پاکستانی نژاد امریکی شہری ہیں۔ مشہور کاروباری شخصیت شاہد خان 13.6 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین مسلمان ہیں۔

    شاہد خان 16 سال کی عمر میں پاکستان سے امریکا ہجرت کی تھی اور اپنی ساری دولت امریکا میں بنائی اور اس وقت مسلمان شخصیات میں دولت کے تناسب میں سب پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

    دوسرے نمبر پر بھارت سے تعلق رکھنے والے عظیم ہاشم پریم جی ہیں، جن کی دولت 12 ارب ڈالر ہے اور وہ وائپرو لمیٹڈ کے بانی ہیں۔

    اس فہرست میں روسی مسلم شہری سلیمان کریموف 10.7 ارب ڈالر اور اسکندر مخمدوف 8.3 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کے بھارتی نژاد ایم اے یوسف 7.8 ارب ڈالر جائیداد کے ساتھ پانچویں اور اسی ملک کے حسین سیجوانی 5.1 ارب ڈالر دولت کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

    ترکی کی معروف کاروباری شخصیت مورات اولکر 5.1 ارب ڈالر کے ساتھ ساتویں، قازقستان کے تیمور کولیبایوف 5 ارب ڈالر دولت کے ساتھ آٹھویں، نائیجیریا کے عبدالصمد رابیو 5.2 ارب ڈالر دولت کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔

    چین کا امیر ترین شخص کون ہے؟

    دسویں نمبر پر پھر متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے عبداللہ بن احمد الغریر موجود ہیں، جن کے اثاثوں کی مالیت 3.9 ارب ڈالر ہے۔

  • کنگ خان  نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    کنگ خان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی شخصیت اور شاندار اداکاری کے باعث جہاں کروڑوں چاہنے والوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں وہیں ان کی دولت میں بھی بے شمار اضافہ ہورہا ہے،بالی وڈ کنگ خان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    امریکی جریدے فوربز نے بھارت میں رواں برس سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کنگ خان کا پہلا نمبرہے۔

    رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان ایک فلم کا معاوضہ ایک سو پچاس کروڑ سے دو سو پچاس کروڑ بھارتی روپے لیتے ہیں۔

    بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا فہرست میں پانچواں نمبر ہے کیوں کہ ان کی ایک فلم کا معاوضہ 100 کروڑ سے 75 کروڑ بھارتی روپے ہے۔

    سلمان خان رواں برس زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں جن کی ایک فلم کا معاوضہ سو سے ایک سو پچاس کروڑ بھارتی روپے ہے۔

    دوسری جانب بالی ووڈ کی معروف سینئر اداکارہ فریدہ جلال نے پر اسٹار شاہ رخ خان سے ملاقات نہ ہونے کے اپنے بیان سے متعلق بیان کی وضاحت دیدی۔

    فریدہ جلال نے کچھ روز قبل اپنے ایک بیان میں فریدہ جلال کا کہنا تھا کہ میں تو کوشش کرتی ہوں کہ شاہ رخ خان سے ملاقاتیں ہوجائے لیکن ایسا نہ ہونے کی وجہ درمیان میں موجود ان کے سیکریٹریز ہیں۔

    سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کے یادگار لمحات کی ویڈیو وائرل

    فریدہ جلال نے کہا تھا کہ وہ شاہ رخ سے رابطے میں نہیں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ ان سے کیسے مل سکتی ہیں، انھوں نے تو اپنے موبائل نمبر ہی تبدیل کرلیے ہیں۔

  • 6 سعودی کمپنیاں بہترین ٹیک کمپنیوں کی فہرست میں شامل

    6 سعودی کمپنیاں بہترین ٹیک کمپنیوں کی فہرست میں شامل

    ریاض: سعودی عرب کی 6 کمپنیوں کو فوربز نے 30 بہترین ٹیک کمپنیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے، فہرست میں صف اول پر موجود کمپنی مصر کی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق فوربز نے سعودی عرب کی 6 کمپنیوں کو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں سب سے اوپر 30 فن ٹیک کمپنیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

    اس فہرست میں مصر 8 کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست ہے، اس کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بالترتیب 6 اور 5 کمپنیوں کے ساتھ ہیں۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ مصر اور سعودی عرب اس فہرست میں 46 فیصد کے حصہ دار ہیں جبکہ بقیہ 7 ممالک نے 54 فیصد حصہ ڈالا۔

    کویت کی 5 جبکہ اردن کی 2 فن ٹیک کمپنیاں اس فہرست میں شامل تھیں۔

    پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ فوربز نے 2022میں ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے ان کمپنیوں کی جانب سے ادا کی گئی رقم پر غور کر کے اس فہرست کو تیار کیا۔

    اس فہرست کی تیاری کے دوران فوربز کی جانب سے جن دیگر عوامل پر غور کیا گیا ان میں ایپ ڈاؤن لوڈز اور صارفین کی تعداد، جغرافیائی موجودگی، سالانہ ترقی، اختراع، اثرات، قیمتوں کا تعین اور وینچر کیپیٹلسٹ سے فنڈنگ شامل ہیں۔

    بینکنگ ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک ادائیگیوں کے لیے مصر کی فاری کمپنی 2023 کی درجہ بندی میں سرفہرست رہی، اس کے بعد اردن کی میڈ فٹکام اور یو اے ای کی اوپٹاسیہ ای پیمنٹس دوسرے نمبر پر رہی۔

  • طلاق کے بعد بل گیٹس کی دولت فیس بک کے زکربرگ سے بھی کم ہو گئی

    طلاق کے بعد بل گیٹس کی دولت فیس بک کے زکربرگ سے بھی کم ہو گئی

    واشنگٹن: طلاق کے بعد بل گیٹس کی دولت میں نمایاں کمی آئی ہے، اور وہ امیر ترین افراد کی فہرست میں نیچے چلے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 27 برس کا ازدواجی تعلق ختم ہونے کے بعد دنیا کی ارب پتی شخصیت بل گیٹس کی دولت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، مائیکروسافٹ کے بانی دنیا کی امیر ترین شخصیات کی فہرست میں پانچویں نمبر پر چلے گئے۔

    امریکی جریدے فوربز کی مرتب کردہ دنیا کی امیر ترین افراد کی فہرست میں بل گیٹس کا نام پانچویں نمبر پر ہے، بتایا جا رہا ہے کہ ارب پتی شخصیات کی فہرست میں بل گیٹس کا نام ٹاپ تین میں نہ ہونے کی بنیادی وجہ ان کی میلنڈا فرنچ گیٹس سے طلاق ہے۔

    بِل گیٹس 1987 کے بعد سے سرفہرست ارب پتیوں میں سے ایک رہے ہیں، فوربز کی فہرست شروع ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب وہ تیسرے نمبر سے نیچے آ گئے ہیں، اس وقت بل گیٹس کے کُل اثاثوں کی مالیت 129 اعشاریہ 6 بلین ڈالر ہے، جب کہ فیس بُک کے بانی مارک زکربرگ 132 بلین ڈالر کے ساتھ فوربز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

    بل گیٹس اور میلنڈا میں باقاعدہ طور پر طلاق ہو گئی، جائیداد کی تقسیم کیسے ہوگی؟

    واشنگٹن کے قوانین کے مطابق شادی شدہ زندگی کے دوران ایک جوڑا جو بھی جمع کرتا ہے اس پر دونوں کا برابر کا حق ہوتا ہے، تاہم اگر دونوں فریقین اس پر اتفاق کریں اور عدالت اسے مناسب سمجھے تو علیحدگی کے کانٹریکٹ میں تقسیم کا فیصلہ اس سے ہٹ کر کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا کے امیر ترین لوگوں میں سے ایک بِل گیٹس، اور ان کی اہلیہ میلنڈا نے تین مہینے پہلے طلاق کا اعلان کیا تھا، اور اب ان کی 27 سالہ شادی شدہ زندگی کا حتمی طور پر اختتام ہوگیا ہے۔

    واشنگٹن کے قوانین کے تحت طلاق کی درخواست دائر کروانے سے لے کر اس پر حتمی فیصلہ سنائے جانے کے درمیان 90 دن کا دورانیہ ہوتا ہے۔ عدالتی ریکارڈز میں بتایا گیا ہے کہ بل گیٹس اور میلنڈا میں سے کوئی بھی اپنا نام نہیں بدلے گا نہ ہی ان میں سے کوئی ایک دوسرے کو مالی معاونت دینے کا قائل ہوگا۔

  • کرونا وبا کے دوران ارب پتی، کھرب پتی بن گئے

    کرونا وبا کے دوران ارب پتی، کھرب پتی بن گئے

    امریکی بزنس میگزین فوربز کی سالانہ فہرست کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کی دوران ارب پتی افراد کھرب پتی ہوگئے اور ان کی دولت میں ناقابل یقین حد تک اضافہ ہوگیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فوربز میگزین نے دنیا کے ارب پتی افراد کی 35 ویں سالانہ فہرست جاری کی ہے، فہرست میں دنیا کے 2 ہزار 755 ارب پتی افراد شامل ہیں۔

    فوربز کی فہرست کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کے دوران جہاں دنیا بھر کی مضبوط ترین معیشتیں بھی ہل گئی وہیں بہت سے ارب پتی اسی عرصے کے دوران کھرب پتی ہو گئے اور کئی افراد کی دولت میں ناقابل یقین حد تک اضافہ ہوا ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق ارب پتیوں کی سالانہ فہرست کے تحت امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون کے بانی جیف بیزوس مسلسل چوتھے سال بھی پہلے نمبر پر ہیں، ان کے اثاثوں کی مالیت 177 ارب ڈالرز ہے۔

    فوربز کے مطابق رواں سال کے ان ارب پتیوں کی مجموعی دولت 13 اعشاریہ ایک کھرب ڈالرز ہے جو گذشتہ سال 8 کھرب ڈالر تھی۔

    گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلن مسک کا اس فہرست میں دوسرا نمبر ہے۔ گزشتہ سال اپنی دولت کے حساب سے وہ 31 ویں نمبر پر تھے۔ ان کے اثاثوں کی مالیت 151 ارب ڈالرز ہے۔

    تیسرا نمبر لگژری اشیا بنانے والی فرم لوئس وٹون کے چیف ایگزیگٹو برنارڈ آرنالٹ کا ہے۔ ان کے اثاثے 150 ارب ڈالرز ہیں۔

    چوتھے نمبر پر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ہیں جن کے اثاثے 124 ارب ڈالرز کے ہیں، فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکر برگ 97 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

    سرمایہ کار اور بزنس ٹائیکون وارن بفٹ دو دہائیوں کے بعد پہلی مرتبہ دنیا کے پہلے پانچ امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر ہوئے ہیں کیونکہ فوربز کی درجہ بندی میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز کا غلبہ ہے۔

    اس سال کی فہرست میں 493 نئے افراد بھی شامل ہوئے ہیں جن میں ڈیٹنگ ایپ بمبل کی چیف ایگزیکٹو وہٹنی وولف ہرڈ بھی شامل ہیں۔

    فوربز کی فہرست کے مطابق امریکا بدستور سب سے زیادہ ارب پتیوں کی سرزمین ہے جبکہ اس حوالے سے چین دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں 724، چین میں 626 اور بھارت میں 140 ارب پتی رہتے ہیں۔

    فوربز میگزین کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران 493 نئے ارب پتی منظر عام پر آئے ہیں۔ ان نئے ارب پتیوں میں سے 210 کا تعلق چین اور ہانگ کانگ سے ہے جبکہ 98 امریکی شہری ہیں۔

  • امریکی جریدہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے مستقبل سے پرامید

    امریکی جریدہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے مستقبل سے پرامید

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں حکومت پاکستان کی معاونت سے پاکستانی آئی ٹی مصنوعات کی نمائش ہوئی، نمائش کے بعد امریکی جریدے فوربز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیکٹر سے امیدیں بڑھ رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے فوربز میں شائع شدہ امریکی صحافی ڈیوڈ بلوم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیکٹر سے امیدیں بڑھ رہی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پر امن پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ کشش کا سامان پیدا کر سکتا ہے، پاکستان نے آئی ٹی شعبے کو امریکی کمپنیز اور سرمایہ کاروں میں بھی متعارف کروانا شروع کردیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ آئی ٹی سیکٹر میں عالمی سودے پاکستان کی معیشت کو سہارا دے سکتے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ سان ہوز، کیلی فورنیا میں پاکستانی آئی ٹی مصنوعات کی ایک روزہ نمائش ہوئی، نمائش میں حکومت پاکستان کی معاونت شامل تھی۔

    نمائش میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے، سلیکون ویلی کو بتانا چاہتے ہیں پاکستان آئی ٹی شعبے میں کیا کچھ کر سکتا ہے۔

    اسد مجید نے کہا کہ پاکستانی اسٹالز میں شرکا کو مائیکرو الیکٹرانکس، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور مصنوعی ذہانت سے آگاہ کیا گیا۔ میڈیکل شعبے میں جدت اور کیپٹل وینچر پر بھی شرکا کو معلومات دی گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت وزیر اعظم عمران خان کی پہلی ترجیح ہے، پاکستان اس وقت آئی ٹی ایکسپورٹس کے ذریعے 4 ارب ڈالر کما رہا ہے۔

  • پاکستانی نژاد دولت میں ڈونلڈ ٹرمپ  سے آگے

    پاکستانی نژاد دولت میں ڈونلڈ ٹرمپ سے آگے

    نیویارک : پاکستانی نژاد نے دولت میں ڈونلڈ ٹرمپ کو پیچھے چھوڑ دیا ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 275 ویں نمبر پر ہیں جبکہ امریکا کی امیر ترین پہلی 10 شخصیات میں ایک بھی خاتون شامل نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معتبر کاروباری جریدے فوربز نے امریکا کی 400 امیر ترین و ارب پتی شخصیات کی فہرست جاری کردی، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 275 ویں نمبر پر ہیں۔

    امریکا کی امیر ترین پہلی 10 شخصیات میں ایک بھی خاتون شامل نہیں ہیں، اس فہرست میں ان امیر افراد کو شامل نہیں کیا گیا، جن کی دولت کے اثاثے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر تک یا اس سے تھوڑے سے زائد ہوں۔

    فہرست میں ان امیر افراد کو شامل کیا ہے جن کی دولت 2 ارب ڈالر سے زائد ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں نہ صرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بلکہ دیگر 240 امریکیوں سے بھی ایک پاکستانی نژاد ارب پتی دولت میں آگے ہے۔

    فوربز کی فہرست میں پاکستانی نژاد امریکی تاجر 69 سالہ شاہد خان 61 ویں نمبر پر ہیں اور ان کی دولت 8 ارب ڈالر ہے جبکہ معروف امریکی ٹی وی اینکر

    اوپرا ونفرے بھی فوربز کی اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب گئی ہیں، انہیں اس فہرست میں 319 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

    اوپرا ونفرے کی مجموعی دولت 2 ارب 70 کروڑ ڈالر تک ہے اور ان کی زیادہ تر کمائی ان کی ٹی وی مصروفیات اور میڈیا انڈسٹری میں کی گئی سرمایہ کاری سے ہوئی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کے امیر ترین 400 افراد کی فہرست میں 275 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور ان کی دولت تین ارب 10 کروڑ ڈالر تک بتائی گئی ہے۔

    جریدے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی زیادہ تر دولت ان کے ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے بنی جو انہوں نے اپنے والد کے ساتھ کم عمری میں سستے گھر بنانے کی ایک اسکیم کے تحت شروع کیا تھا اور اب تک نیویار ک کے مہنگے ترین علاقے منہٹن میں ان کی نصف درجن سے زائد کثیر منزلہ عمارتیں اور دیگر کاروبار ہیں۔

    پاکستانی نژاد امریکی تاجر شاہد خان کو اس فہرست میں 61 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور ان کی دولت 8 ارب ڈالر بتائی گئی ہے، شاہد خان کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ محض 16 برس کی عمر میں پاکستان سے امریکا منتقل ہوئے اور ان کی جیپ میں 500 ڈالر تھے تاہم اب وہ 8 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔

    شاہد خان کے حوالے سے بتایا گیا کہ انہوں نے 1980 میں خود کو ملازمت دینے والے ایک شخص سے آٹو پارٹس کی کمپنی خریدی تھی، جو ان کی اصل کمائی ہے اور اب اسی کمپنی کے دنیا بھر میں 66 پلانٹس ہیں اور اس کمپنی کے 24 ہزار ملازمین ہیں۔

    امریکی ٹیکنالوجی و آٹو کمپنیوں اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کو اس فہرست میں 23 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور ان کی مجموعی دولت 20 ارب 10 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔

    دنیا کے امیر ترین شخص جیف بزوز کی سابق اہلیہ مکینزی بزوز کو اس فہرست میں 15 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور ان کی مجموعی دولت 33 ارب 80 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔


    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مکینزی بزوز کی زیادہ تر دولت انہیں ان کی طلاق کی وجہ سے حاصل ہوئی، چوںکہ انہوں نے سابق شوہر سے طلاق کے بعد 33 ارب ڈالر تک لیے تھے اور اس میں سے بھی انہوں نے زیادہ تر رقم عطیہ کردی تھی۔

    وال مارٹ کے بانی سیم والٹ کی بیٹی الائس والٹن امریکا کی سب سے امیر ترین خاتون ہیں جب کہ وہ امریکا کی 11 ویں امیر خاتون بھی ہیں، ان کی دولت 51 ارب 90 کروڑ ڈالر ہے۔اسی فہرست میں ان کے بڑے بھائی نویں نمبر پر جب کہ ایک بھائی 12 ویں نمبر پر ہیں۔

    معروف امریکی میڈیا ادارے ’بلوم برگ‘ کے مالک مائیکل بلوم برگ کو اس فہرست میں نویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور ان کی دولت 53 ارب ڈالر تک بتائی گئی ہے۔

    فوربز کی فہرست میں گوگل کے شریک بانی ’لیری پیج‘ 55 ارب 50 کروڑ ڈالر کے ساتھ چھٹے اور ’سرگی برن‘ 53 ارب 50 کروڑ ڈالر کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔

    فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو امریکا کا چوتھا امیر ترین شخص بتایا گیا ہے اور ان کی دولت 64 ارب 90 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے، مارک زکربرگ کے بعد سافٹ ویئر کمپنی ’اوریکل‘ کے مالک لیری السن ہیں، جن کی مجموعی دولت 55 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

    تیسرے نمبر پر ’اوریکل‘ سمیت دیگر سافٹ ویئر کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے وارن بفٹ کو رکھا گیا ہے اور ان کی دولت 80 ارب ڈالر سے زائد بتائی گئی ہے۔

    مائیکرو سافٹ کے مالک بل گیٹس کو امریکا کا دوسرا امیر ترین شخص بتایا گیا ہے اور انہیں دنیا کا بھی دوسرا امیر ترین شخص مانا جاتا ہے، بل گیٹس کی دولت 104 ارب ڈالر بتائی گئی ہے اور ان کی زیادہ تر کمائی مائیکرو سافٹ سے ہوتی ہے۔

    ای کامرس اسٹور ایمازون کے بانی جیف بزوز کو امریکا کا امیر ترین شخص بتایا گیا ہے اور انہیں دنیا کا امیر ترین شخص بھی قرار دیا گیا ہے، اگرچہ ان کی بہت ساری دولت طلاق کے بعد ان سے چھن گئی تھی، تاہم پھر بھی وہ امیر ترین شخص ہیں۔

    جیف بزوز نے رواں برس اپنی اہلیہ مکینزی بزوز کو طلاق دی تھی اور اس کے عوض انہوں نے سابق اہلیہ کو 33 ارب ڈالر سے زائد کی دولت بھی تھی لیکن اس کے باوجود اب تک جیف بزوز کی دولت 114 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

  • فوربز کی باصلاحیت نوجوانوں کی فہرست میں 9 پاکستانی بھی شامل

    فوربز کی باصلاحیت نوجوانوں کی فہرست میں 9 پاکستانی بھی شامل

    معروف امریکی کاروباری جریدے فوربز نے 30 انڈر 30 کی سالانہ فہرست جاری کردی جس میں 7 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    سنہ 2016 سے آغاز کی جانے والی اس فہرست میں اس سال بھی کئی پاکستانی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں جن میں سب سے نمایاں نام گلوکارہ مومنہ مستحسن کا ہے۔

    فہرست میں پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت سمیت ایشیا کے 24 ممالک کے 30 سالہ یا اس سے کم عمر نوجوان شامل ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

    فہرست کی ہر کیٹیگری میں 30 نوجوانوں کو شامل کیا جاتا ہے جس میں فنون و لطیفہ، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، کاروبار اور دیگر شعبوں کے افراد شامل ہیں۔

    فہرست میں شامل پاکستانیوں میں سعدیہ بشیر، کوئینز ینگ لیڈر ایوارڈ یافتہ سید فیضان حسین، حمزہ فرخ، عدنان شفیع، عدیل شفیع، محمد اسد رضا، ابراہیم شاہ اور محمد شہیر نیازی شامل ہیں۔

    ان نوجوانوں نے سائنس، صحت، تعلیم، کاروبار اور سماجی خدمات کے شعبے میں اپنے قائم کردہ اسٹارٹ اپس کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھائی۔

    مومنہ مستحسن کو فہرست میں فنون لطیفہ کی کیٹیگری میں جگہ دی گئی ہے جنہوں نے اپنی شہرت کو معاشرے میں مثبت تبدیلیوں اور سماجی خدمات کے لیے استعمال کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فوربز کی 30 برس سے کم عمر کامیاب ترین نوجوانوں کی فہرست میں 6 پاکستانی نمایاں

    فوربز کی 30 برس سے کم عمر کامیاب ترین نوجوانوں کی فہرست میں 6 پاکستانی نمایاں

    لندن : فوربز کی جانب سے دنیا کے تیس برس سے کم عمر کے کامیاب ترین افراد کی فہرست میں 6 پاکستانی بھی نمایاں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، برطانوی جریدے فوربز کی جانب سے دنیا کے تیس برس سے کم عمر کے کامیاب ترین افراد کی فہرست شائع کی ہے، جنہوں نے اپنے اپنے شعبے میں خوب کامیابی سمیٹی۔

    فوربز کی انڈر 30 فہرست میں 6 پاکستانی نژاد امریکی بھی نمایاں ہیں، جن میں سارا احمد، زید انعام، خضر حیات اور رضا منیر شامل ہیں۔

    برطانوی جریدہ ہر سال دنیا بھر سے 600 افراد کا انتخاب کرتا ہے، جنہوں نے 20 منتخب شعبوں میں حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کی ہوں۔ ان شعبوں میں آرٹ اور اسٹائل، تعلیم، گیمز، فوڈ، انٹرپرائز ٹکنالوجی اور میڈیا شامل ہیں۔

    خضر حیات

    پاکستانی نژاد امریکی خضر حیات ایک ڈیٹا آٹومیشن کمپنی کے شریک بانی ہیں، جو سپلائی چین میں ہونے والے نقصان کا اندازہ لگا کر اس سلسلے میں درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے تجاویز فراہم کرتی ہے۔

    خضر حیات ٹیچ پاکستان کے نام سے ایک این جی او کے صدر بھی ہیں، جو پاکستان کے دیہی علاقوں میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اورعام کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

    سارا احمد

    سارا احمد وارپ + ویفٹ نامی کمپنی کی بانی ہیں، ان کی کمپنی کا ایک پریمیم ڈینم برانڈ ہے، جس میں اس کے اعلیٰ معیار اور مکمل طور پر فٹ ہونے والے سائز کی ضمانت دی جاتی ہے۔

    سارا احمد برانڈ متعارف کرانے کے بعد ایک سال سے بھی کم عرصے میں 25 لاکھ ڈالر کما چکی ہیں۔

    فوربز نے سارا احمد کو ری ٹیل اور ای۔ کامرس کی صنعتوں میں نمایاں کامیابیوں کے حوالے سے منتخب کیا ہے۔

    زید انعام

    زید انعام نے اسٹین فورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرتے ہوئے پڑھائی کو خیرآباد کہہ دیا اور کرسٹا نامی کمپنی کی بنیاد رکھی، جو کسمٹر سروس کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے بہتر بنانے ں خدمات فراہم کرتی ہے، زید انعام کمپنی کے چیف آپریٹنگ افسر ہیں۔

    فوربز کی فہرست میں اینٹرپرائز ٹیکنالوجی کے شعبے میں زید انعام کا نام نمایاں ہے۔

    رضا منیر

    رضا منیر کریڈٹ کلائمب کمپنی کے شریک بانی ہے ، یہ کمپنی طلبا کو مختلف اسکولوں میں داخلے کیلئے نہایت آسان شرائط پر قرضے جاری کرتی ہے۔

    رضا منیر نے زینڈر رفائیل، امیت سنہا اور وشال گارگ کے ساتھ ملکر یہ کمپنی بنائی اور تعلیمی قرضوں سے نمٹنے کیلئے ایک قابل عمل طریقہ کار وضع کیا، جو طلبا کیلئے روباٹکس اور نرسنگ جیسے ہنر پر مبنی تعلیم کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

    رضا منیر کا تعلیم کے شعبے میں انتخاب کیا گیا ہے۔

    عباس حیدر

    عباس حیدر عباس حیدر ایسپیٹو نامی کمپنی کے شریک چیئرمین ہیں ، کمپنی لباس کو آرام دہ اور پرسکون، پائیدار بنانے میں خدمات فراہم کرتی ہے۔

    عباس حیدر کو مینوفیکچررز اور صنعت کے شعبے میں فوربس کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    اینا خان 

    اینا خان نے فروری 2012 میں بسمیمر وینچر میں شراکت داری کی، اب تک فنانسنگ میں 141 ڈالر ملین سے زائد اضافہ ہوا، اینا کو ورلڈ اقتصادی فورم اور ہارورڈ بزنس اسکول کے ذریعہ ایک راک سینٹر فیلو کی جانب سے "گلوبل شاپر” کا نام دیا گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔

  • بدترین صنفی امتیاز کو واضح کرتی سب سے زیادہ آمدنی والے مردوں کی فہرست جاری

    بدترین صنفی امتیاز کو واضح کرتی سب سے زیادہ آمدنی والے مردوں کی فہرست جاری

    امریکی میگزین فوربز نے رواں سال سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی اداکاراؤں کے بعد اداکاروں کی فہرست بھی جاری کردی جس نے ایک بار پھر خواتین اور مرد اداکاروں کے معاوضوں اور آمدنی میں وسیع ترین فرق کو واضح کردیا۔

    فوربز کے مطابق رواں سال سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے فنکار کا اعزاز مارک والبرگ کے نام رہا جنہوں نے اس برس اپنی فلموں ’ڈیڈیز ہوم 2‘ اور ’ٹرانسفارمرز: دا لاسٹ نائٹ‘ سے 6 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی آمدنی حاصل کی۔

    اس کے برعکس گزشتہ ہفتے جاری کی جانے والی فہرست کے مطابق سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی اداکارہ ایما اسٹون کی آمدنی صرف 2 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہی۔

    فوربز نے اپنی فہرست کے ساتھ ایک بار پھر معاوضوں میں بدترین صنفی تفریق کی طرف اشارہ کیا۔

    مزید پڑھیں: ایما اسٹون سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی اداکارہ

    میگزین کا کہنا ہے کہ رواں برس سب سے زیادہ کمانے والے سرفہرست 10 مردوں کی کل آمدنی مجموعی طور پر 48.85 کروڑ ڈالرز بنتی ہے، جبکہ سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی سرفہرست 10 خواتین کی کل رقم صرف 17.25 کروڑ ہے جو مردوں کی کل آمدنی سے 3 گنا کم ہے۔

    دوسری جانب 46 سالہ ہالی ووڈ اداکار مارک والبرگ نے رواں سال کی اس کثیر آمدنی سے گزشتہ برس سب سے زیادہ کمانے والے اداکار ڈوائن دا راک جانسن کو دوسرے نمبر پر دھکیل دیا جنہوں نے رواں برس 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی آمدنی حاصل کی۔

    فلم ’پائریٹس آف دی کیریبئن‘ کے اداکار جونی ڈیپ جو آمدنی کے حوالے سے گزشتہ کئی سال سے ٹاپ 5 میں شامل تھے، اس بار ٹاپ 20 میں بھی اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

    رواں برس بالی ووڈ کے 3 اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار بھی بالترتیب 3 کروڑ 80 لاکھ، 3 کروڑ 70 لاکھ، اور 3 کروڑ 55 کے ساتھ آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔