کراچی: 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا، مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ بارہ امام پر دیر قیام کریگا، علم پر پھولوں کی تبدیلی کے بعد جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچے گا۔
پولیس حکام کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس کے دستے جلوس کے آگے چلیں گے، جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینر رکھ کر سیل کر دیا گیا ہے۔
رینجرز اور پولیس کے سراغ رساں کتوں کی مدد سے گزرگاہوں کی سوپئنگ کی جائیگی، بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جلوس کی گزرگاہوں پر سوئپنگ کرے گا۔
پولیس حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کلیئرنس کے بعد جلوس کو آگے بڑھایا جائے گا، سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں کے اہلکار بھی جلوس کی نگرانی کیلئے تعینات کئے جائیں گے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں اے این پی آر کیمروں کی مدد سے جلوس کی نگرانی کی جائے گی، ماہر نشانہ باز اہلکار بلند و بالا عمارتوں پر تعینات کردیے گئے۔
9 اور 10 محرم تعطیلات: نادرا کی جانب سے اہم اعلان
جلوس کے روٹ، متصل بازار اور گلیاں سیل کردی گئیں ہیں، جلوس کے روٹ پر ٹریفک کوگرومندر سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گاڑیوں کو جلوس کے راستے میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، 8 محرم کا جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔