Tag: فون کال

  • عمر اکمل کو نہیں کھلانا، کس کا فون آتا تھا؟

    عمر اکمل کو نہیں کھلانا، کس کا فون آتا تھا؟

    قومی کرکٹر عمر اکمل نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں پاکستان ٹیم میں نہ کھلانے کےلیے فون کالز آتی تھی اور بیٹر کو کھلانے کےلیے منع کیا جاتا تھا۔

    نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل نے بتایا کہ ایک کپتان تھا رضا علی ڈار، میں آپ کو اسکا نمبر بھی دے سکتا ہوں اور آپ خود کال کرکے تصدیق کرسکتے ہیں، انہیں کرکٹ بورڈ سے اوپر سے کال آتی تھی کہ عمر اکمل کو نہیں کھلانا ہے۔

    عمر اکمل نے بتایا کہ تاہم اس کپتان نے میرے لیے اسٹینڈ لیا کہ میں اسے کیسے نہ کھلائوں، عمر اکمل جیسا بیٹر میں کیسے باہر بٹھائوں۔

    5 کپتانوں کو ایک کمرے میں بند کردیں پھر۔۔۔۔ عمر اکمل کا انوکھا مشورہ

    سابق وکٹ کیپر کامران اکمل کے بھائی عمر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر میں ابھی نام لینا شروع کردوں تو آپ کہیں گی کہ عمر بھائی بس کردیں، آپ اتنی گہرائی میں چیزیں کیوں بتا رہے ہیں کرکٹ سے ہمارا دل کیوں اٹھا رہے ہیں۔

    عمر اکمل نے کہا کہ آپ حقیقت سن کر کہیں گے کہ ہمارا دل نہیں کرے گا کرکٹ دیکھنے کا کہ ماضی میں یہ ایک پلیئر کے ساتھ اس قدر پرسنل ہوئے ہیں

    ماضی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر  نے بتایا کہ جب سے اللہ تعالیٰ نے مجھے سرخ رو کیا ہے اس کے بعد سے میرے ساتھ ایسے معاملات ہوئے ہیں۔

    میزبان نے ان سے سوال کیا کہ دوران تین چار چیئرمین آئے ان میں سے کسی نے بھی آپ سے رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کی، تو عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میں آپ کو بتا رہاہوں کہ انھوں نے میرے ساتھ کیا ہی ایسا ہے کہ کپتانوں کو کہا جاتا تھا کہ اسے نہ لیں۔

    https://urdu.arynews.tv/umar-akmal-reveals-wahab-riazs-response-to-his-comeback-offer/

  • وزیر اعظم عمران خان کی چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت

    وزیر اعظم عمران خان کی چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان فون پر رابطہ ہوا، وزیر اعظم عمران خان نے چینی صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان فون پر رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں میں خطے کی صورتحال اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے چینی صدر کو کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریبات پر مبارکباد دی، انہوں نے غربت کے خاتمے کے لیے چین کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔

    دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کے 70 سال پورے ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی، گفتگو میں دو طرفہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

    دونوں رہنماؤں نے باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا جبکہ سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل سے متعلق بھی خصوصی بات چیت ہوئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے سی پیک کے اقتصادی زون میں چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون ریلوے منصوبے پر کام کا جلد آغاز علاقائی ترقی کا باعث بنے گا۔

    وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چینی اقدامات کو بھی سراہا۔ دونوں رہنماؤں میں مختلف شعبوں میں پاک چین تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔

    گفتگو میں دونوں رہنماؤں کی افغانستان کی تازہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی، وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغان عوام کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے دنیا کردار ادا کرے۔ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے مدد کرنی ہوگی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے چینی صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

  • واٹس ایپ فون کالز میں بڑی تبدیلی

    واٹس ایپ فون کالز میں بڑی تبدیلی

    دنیا بھر میں مقبول ترین میسیجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ کے فون کالز میں زبردست تبدیلی لائی گئی ہے۔

    یہ ایک ایسی تبدیلی ہے جو صارفین بلاشبہ بہت زیادہ پسند کریں گے، اور اس سے انھیں زیادہ سہولت میسر آئے گی، یہ تبدیلی ایک نئے اور مفید فیچر کی صورت میں ہے۔

    ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کے مطابق ایپلیکیشن واٹس ایپ نے آئی او ایس بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے کال کرنے اور موصول ہونے پر نیا انٹرفیس متعارف کروایا ہے۔

    اس ویب سائٹ کی جانب سے شیئر کردہ اسکرین شاٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ نیا انٹرفیس ایپل کی انٹرفیس ایپ سے مماثلت رکھتا ہے، اس انٹرفیس کے تحت اب صارف بہ آسانی کال کے دوران آپشنز ڈھونڈ سکے گا، اس کے علاوہ اسکرین کے نیچے رِنگ کا آپشن بھی موجود ہوگا۔

    یہ نئی اپ ڈیٹ واٹس صارفین کے لیے مزید سہولت بھی لائی ہے، اگر آپ سے گروپ کالز مس ہو چکی ہیں تو آپ ان کے ساتھ دوبارہ شامل ہو سکیں گے۔

    واٹس ایپ کال پر انٹرنیٹ ڈیٹا بچانے کا طریقہ

    تاہم فی الحال یہ فیچر آئی او ایس بیٹا ورژن کے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، امید ہے کہ جلد ہی اس تبدیلی سے اینڈرائیڈ کے صارفین بھی مستفید ہو سکیں گے۔

  • رجسٹرار سپریم کورٹ اپنی مرضی سے فون کال نہیں‌ کرسکتے، اعتزاز

    رجسٹرار سپریم کورٹ اپنی مرضی سے فون کال نہیں‌ کرسکتے، اعتزاز

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ اپنی مرضی سے فون کال نہیں کرسکتے، خبر کی تحقیقات ہوں گی تو تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی ارکان سے متعلق خبر پر عدلیہ انکوائری کرائے،رجسٹرار اپنی مرضی سے کال نہیں کرسکتے،تحقیقات کے بعد تمام باتیں سامنے آجائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم رہے تو نہال ہاشمی دو سال میں گورنر سندھ ہوں گے، نہال ہاشمی کی زبان سے نواز شریف بولے ہیں، نہال ہاشمی کی دھمکی آمیز تقریر کے الفاظ نواز شریف کے الفاظ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ججز کو ریمارکس میں حکومت کو سسلین مافیا سے تشبیہ نہیں دینی چاہیے تھی،سپریم کورٹ کا دفاع وکلا ہی کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف تیاری کررہے ہیں مسلم لیگ ن کی جانب سے پلاننگ کی جارہی ہے،شریف برادران پہلے گردن اور پھر پاؤں پکڑتے ہیں، نواز شریف نے 1994 میں صفر روپے ٹیکس دیا،نواز شریف نے 1995 میں 447 اور 1996 میں پھر صفر ٹیکس دیا،نواز شریف کے ٹیکس سے متعلق ثبوت اب بھی موجود ہیں۔

    چوہدری اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار جو بات کرتے ہیں اس پر قائم رہتے ہیں،چوہدری نثار سے لاکھ اختلاف لیکن وہ اپنےبیان پر ڈٹے رہتے ہیں، نثار کے پاس بہت سی تحقیقاتی رپورٹس موجود ہیں۔

    رہنما پی پی نے کہا کہ جے آئی ٹی کی کارروائی مکمل ہونے پر منظر عام پر لانی چاہیے،جے آئی ٹی کی کارروائی بھی اوپن کیمرا ہونی چاہیے۔

  • آسٹریلوی وزیراعظم کی فون کال بدترین قرار‘ڈونلڈ ٹرمپ

    آسٹریلوی وزیراعظم کی فون کال بدترین قرار‘ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اورآسٹریلوی وزیرِاعظم میلکم ٹرن بال کےدرمیان فون کال پرپناہ گزینوں سے متعلق ہونے والی گفتگوکو ٹرمپ نے بدترین کال کہاہے۔

    تفصیلات کےمطابق ڈونلڈ ٹرمپ نےآسٹریلوی وزیرِاعظم میلکم ٹرن بال کی فون کال کو ان کی عالمی رہنماؤں سے ہونے والی اب تک کی بدترین بات چیت قرار دیا ہے اور انہوں نے کال وقت سے پہلے ختم کر دی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس بےوقوفانہ معاہدےکا جائزہ لیں گے۔

    سابق امریکی صدر براک اوباما اور آسٹریلیا کے درمیان یہ معاہدہ ہواتھا،اس معاہدے کے تحت امریکہ آسٹریلیا سے پناہ کے 1250 درخواست گزاروں کو امریکہ میں آباد کرے گا۔

    آسٹریلیا نے متنازع طور پر ان پناہ گزینوں کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا، اور انہیں ناؤرو اور پاپوا نیو گنی میں مختلف کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔ جن میں سےاکثریت کا تعلق ایران، عراق اور افغانستان سے ہے۔

    وزیرِ اعظم ٹرن بال نے فون کر کے صدر ٹرمپ سے وضاحت طلب کی تھی کہ ان کے گذشتہ ہفتے کے انتظامی حکم نامے کے بعد اس معاہدے کا مستقبل کیا ہو گا۔اس حکم نامے کے ذریعے سات اسلامی ملکوں سے امریکہ آنے والوں پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

    واضح رہےکہ امریکی اخبار کےمطابق ٹرمپ اور ٹرن بال کے درمیان فون کال ایک گھنٹہ جاری رہنا تھی لیکن ٹرمپ نے اسے 25 منٹ کے بعد ہی کاٹ دیاتھا۔