Tag: فوٹو گرافر

  • ویڈیو: کوہلی نے فوٹوگرافرز کو بیٹی کی تصویر کھینچنے سے روک دیا

    ویڈیو: کوہلی نے فوٹوگرافرز کو بیٹی کی تصویر کھینچنے سے روک دیا

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹر ویراٹ کوہلی نے فوٹوگرافرز کو اپنی بیٹی کی تصویر کھینچنے سے روک دیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ویراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کو اپنی 9 ماہ کی بیٹی وامیکا کے ساتھ ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا جاسکتا ہے۔

    کوہلی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہورہے ہیں جہاں بھارتی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔

    ٹیم کی بس سے اترنے کے بعد کوہلی فوٹو گرافرز کو کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ بچی کی تصویر مت لینا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)

    واضح رہے کہ چند دن قبل ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف شکست کے بعد ویراٹ کوہلی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

    بعد ازاں بھارتی پولیس نے دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • نابینا دلہن کے لیے خوبصورت تحفہ

    نابینا دلہن کے لیے خوبصورت تحفہ

    اپنی شادی کی تصاویر دیکھنا ہر شخص کے لیے ایک خوشگوار تجربہ ہوتا ہے جس میں وہ اپنی زندگی کے یادگار لمحوں کو ایک بار پھر سے یاد کرتا ہے۔ لیکن کیسا محسوس ہوگا اگر کوئی شخص ان یادگار لمحات کو نہ دیکھ سکے۔

    سڈنی کی ایک نابینا دلہن کو شاید زندگی بھر یہی افسوس رہتا تاہم اس کے فوٹوگرافر نے اسے ایک سرپرائز دے دیا۔

    جیمس ڈے نامی ایک فوٹوگرافر نے جوڑے کی شادی کو عکس بند کیا تھا لیکن اسے افسوس تھا کہ اس کی کھینچی ہوئی تصاویر دلہن اسٹیف نہیں دیکھ سکے گی کیونکہ وہ نابینا تھی۔

    اسٹیف ایک حادثے میں اپنی بینائی سے محروم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد وہ روب سے ملی جو اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ اسٹیف شادی کے لیے تیار نہیں تھی تاہم روب نے اسے قائل کرلیا۔

    مزید پڑھیں: وہیل چیئر پر سجے عروسی لباس نے سب کی توجہ کھینچ لی

    اسٹیف ہمیشہ سے پریوں کی کہانی جیسی شادی منعقد کرنا چاہتی تھی جن کی خوبصورت تصاویر زندگی بھر کے لیے یادگار رہتیں، لیکن اب وہ ایسا کر بھی لیتی تو اس سب کو دیکھ نہیں سکتی تھی۔

    فوٹوگرافر جیمس بھی چاہتا تھا کہ اس کی بنائی ہوئی تصاویر خود دلہن ضرور دیکھے اور اس کے لیے وہ کچھ منفرد انداز اپنانا چاہتا تھا۔

    بالآخر ایک سال کی محنت کے بعد اس نے ایک منفرد فوٹو البم تشکیل دیا۔ اس نے تصاویر کو بریل (ابھرے ہوئے نقطوں) اور خوبصورت دھاگوں میں تبدیل کردیا۔

    اس کے ساتھ اس نے اس البم میں خوشبوؤں، موسیقی اور اس موقع کی آوازوں کا بھی اضافہ کیا جو دیکھنے والے کو واپس ان لمحات میں لے جاتا ہے۔

    اسٹیف کو یہ خوبصورت تحفہ بے حد پسند آیا، اس کا کہنا تھا کہ وہ ان تصاویر کو دیکھ نہیں سکتی لیکن انہیں چھوتے ہی وہ پھر سے ان لمحات میں واپس پہنچ جاتی ہے۔

  • تصاویر کے عالمی دن پر بہترین گروپ فوٹو کھینچنا سیکھیں

    تصاویر کے عالمی دن پر بہترین گروپ فوٹو کھینچنا سیکھیں

    تصاویر کھینچنا ایک پروفیشنل فوٹوگرافر کے لیے تو آسان مرحلہ ہے تاہم جو افراد اس کے عادی نہیں ان کے لیے اچھی تصاویر کھینچنا ایک درد سر ہوتا ہے۔

    ان لوگوں کی پریشانی ایسے مواقعوں پر اور بھی بڑھ جاتی ہے جب کسی تقریب میں ان کے ہاتھ میں کیمرا تھما کر انہیں تصاویر کھینچنے کے کام پر معمور کردیا جائے۔ بھانت بھانت کے لوگوں کی اچھی تصاویر کھینچنا ان کے لیے ایک مشکل عمل بن جاتا ہے۔

    پروفیشنل فوٹوگرافرز کا کہنا ہے کہ ایک گروپ فوٹو کھینچنا بھی ایک دقیق مرحلہ ہے۔ ایک ذرا سی بے احتیاطی پوری تصویر کو خراب کر سکتی ہے۔

    ڈیرن روز نامی ایک ماہر فوٹو گرافر نے بہترین گروپ فوٹو کھینچنے کی کچھ تکنیکیں بتائی ہیں جنہیں اپنا کر آپ بھی ایک بہترین فوٹوگرافر بن سکتے ہیں۔

    ڈیرن کا کہنا ہے کہ گروپ فوٹو میں عموماً مندرجہ ذیل غلطیاں ہوتی ہیں۔

    تصویر میں موجود افراد بعض اوقات مختلف سمتوں میں دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ ایسا اس وقت ہوتا ہے جب بہت سے فوٹو گرافر تصویر کھینچ رہے ہوں تو ہر شخص مختلف فوٹو گرافر کی طرف دیکھ رہا ہوتا ہے۔

    بعض افراد کی آنکھیں بند ہوجاتی ہیں۔

    بالکل کونے میں موجو شخص بعض اوقات تصویر میں کٹ جاتا ہے۔

    تصویر میں موجود افراد کا موڈ مختلف ہوتا ہے۔ کوئی ہنس رہا ہوتا ہے، کوئی سنجیدہ کھڑا ہوتا ہے جبکہ کوئی مضحکہ خیز پوز دیتا ہے۔

    اب ان تکنیکوں کی طرف آتے ہیں۔

    تصویر کی تیاری کریں

    سب سے پہلے تصویر کھینچنے کی تیاری کریں۔ جگہ، روشنی وغیرہ کو پہلے سے دیکھ لیں۔ لوگوں کو پہلے ہی ترتیب سے کھڑا کرلیں۔ کیمرے کو بھی تیار رکھیں۔

    پس منظر کا انتخاب

    گروپ فوٹو کھینچتے ہوئے مناسب پس منظر کا انتخاب کریں۔

    مثال کے طور پر کسی کھیل کی ٹیم کی تصویر میدان میں اچھی لگے گی بہ نسبت کسی دیوار کے آگے۔ اسی طرح کسی شیشے کے آگے تصویر لینے سے گریز کریں۔ شیشے سے روشنی منعکس ہوکر تصویر کو خراب کرسکتی ہے۔

    روشنی کا دھیان رکھیں

    تصویر کھینچتے ہوئے روشنی کا خاص خیال رکھیں۔ خیال رہے کہ روشنی گروپ کے پیچھے سے نہ آرہی ہو، اس طرح تمام افراد اندھیرے میں ڈوب جائیں گے۔

    کوشش کریں کہ روشنی آپ (فوٹو گرافر) کے پیچھے سے سامنے پڑ رہی ہو، اس سے گروپ میں موجود افراد کے چہرے واضح اور روشن نظر آئیں گے۔

    متعدد تصاویر لیں

    لوگوں کے گروہ کو تصویر کے لیے اکٹھا کرنا ایک مشکل اور صبر طلب مرحلہ ہوتا ہے لہٰذا صرف ایک تصویر نہ کھینچیں بلکہ متعدد تصاویر کھینچیں۔

    قریب کھڑا کروائیں

    گروپ فوٹو کے لیے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ قریب کھڑا ہونے کا کہیں۔ تصویر میں سب کا صرف چہرہ آنا کافی ہے۔

    پوز بنوائیں

    گروپ فوٹو کے لیے لوگوں کے پوز بنوائیں۔ لوگوں سے ان کا چہرہ اونچا رکھنے کا کہیں۔ لمبے افراد کو پچھلی قطار میں اور پستہ قد افراد کو اگلی قطار میں رکھیں۔

    نصف افراد کو نیچے بٹھا کر بھی تصویر کھینچی جاسکتی ہے۔ اسی طرح مہمان خصوصی یا اہم شخصیت کو درمیان میں رکھا جائے۔

    اپنی جگہ منتخب کریں

    بہت بڑے گروپ کی تصویر کھینچنے کے لیے دور جائیں۔ سیڑھیوں یا کسی بلند جگہ سے بھی تصویر لی جا سکتی ہے لیکن خیال رہے کہ تمام افراد آپ کی طرف دیکھ رہے ہوں۔

    مضمون بشکریہ: ڈیجیٹل فوٹو گرافی اسکول

  • چند لمحوں میں فطرت کے حسین رنگوں کا سفر

    چند لمحوں میں فطرت کے حسین رنگوں کا سفر

    ہماری فطرت میں ہر چیز اپنی الگ شناخت رکھتی ہے۔ آپ نے کبھی دیکھا نہیں ہوگا لیکن آپ کے گھر میں موجود پھول پودے دن کے 24 گھنٹوں میں مختلف نظر آتے ہیں۔

    دن بھر سفر کرتی سورج کی روشنی جب مختلف چیزوں پر مختلف اوقات میں پڑتی ہے تو ہر بار اس کا نیا رنگ اور روپ نظر آتا ہے۔ اسی طرح رات کا ہر پہر، اور اس کا ایک ایک منٹ اپنے اندر الگ رنگ سموئے ہوئے ہوتا ہے۔

    انہی رنگوں کو دریافت کرنے کے لیے ایک ہسپانوی فوٹوگرافر نے ان تمام لمحوں کو فلم بند کیا۔ اس کے لیے اس نے ’ٹائم لیپس‘ کی تکنیک استعمال کی۔ اس تکنیک کے ذریعہ کئی گھنٹوں کا منظر تیزی سے گزرتا ہوا چند منٹوں یا سیکنڈز کا رہ جاتا ہے۔

    آسمانی بجلی کیسے گرتی ہے *

    ہسپانوی فوٹوگرافر نے مختلف مقامات پر اپنے کیمرے سے پوری رات یا دن میں کئی گھنٹوں کی ریکارڈنگ کی اور جب نتیجہ سامنے آیا تو فوٹوگرافرز کی ٹیم خود بھی دنگ رہ گئی۔

    ویڈیو میں پوری رات کے دوران چاند اور تاروں کا سفر، بادلوں کا گزر اور ان کی روشنی کے زمین پر پڑنے کے مناظر موجود ہیں جنہیں دیکھ کر آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہماری فطرت کے ایک ایک لمحہ میں کتنی خوبصورتی موجود ہے۔

    یہ ویڈیو ایک ہفتہ کے دوران ریکارڈ کی گئی اور اس کے لیے اسپین کے مختلف علاقوں کا سفر کیا گیا۔

    ویڈیو دیکھیں۔