Tag: فوڈ

  • مزیدار ملائی کوفتے بنانے کی ترکیب

    مزیدار ملائی کوفتے بنانے کی ترکیب

    کوفتے بنانا یوں تو عام سی بات ہے جنہیں شوق سے کھایا بھی جاتا ہے، لیکن آج ہم آپ کو کوفتوں کی کچھ منفرد ترکیب یعنی ملائی کوفتے بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    قیمہ: 1 کلو

    پیاز (باریک کٹی ہوئی): آدھا کلو

    نمک: حسب ضرورت

    ملائی: 3 کھانے کے چمچ

    چنے بھنے ہوئے: 1 کھانے کا چمچ

    ہرا دھنیہ: آدھی گڈی

    خشخاش: 1 چائے کا چمچ

    پسا گرم مصالحہ: 1 چائے کا چمچ

    گریوی کے لیے

    پیاز: 2 عدد

    دہی: آدھا کپ

    پسی ہوئی لال مرچ: 2 کھانے کے چمچ

    پسا ہوا دھنیہ: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    ادرک لہسن پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے گرائنڈر میں قیمہ، آدھی پیاز، ہری مرچیں، ہرا دھنیہ، گرم مصالحہ، خشخاش، بھنے ہوئے چنے اور نمک ڈال کر باریک پیس لیں۔

    کھلے منہ کے پیالے میں نکال کر ملائی ڈال کر ملائیں پھر اس کے کوفتے بنالیں۔

    ایک دیگچی میں تیل گرم کریں، اس میں بچی ہوئی پیاز ڈال کر سنہری تل لیں۔

    اب اسے پلیٹ میں نکال کر دہی کے ساتھ مشین میں پیس لیں۔

    تیل میں دہی اور پیاز کا آمیزہ ڈال کر 5 منٹ تک پکائیں۔

    اب اس میں لال مرچ، دھنیہ، ہلدی، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور نمک ڈال کر بھون لیں۔

    اب اس میں کوفتے شامل کر کے دم پر رکھ دیں، تیار ہونے کے بعد گرما گرم نان یا چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔

  • لنچ میں گرما گرم تندوری چکن کھانا چاہیں گے؟

    لنچ میں گرما گرم تندوری چکن کھانا چاہیں گے؟

    کون نہ ہوگا جس کی گرما گرم تندوری چکن دیکھ کر بھوک تیز نہ ہوجائے، روزانہ ویسے بھی ایک ہی طرح کی معمول کی ڈشز کھا کر طبیعت اکتا جاتی ہے، اسی لیے آج ہم آپ کو مزیدار چکن تندوری بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    مرغ سالم کھال اترا ہوا: 1 کلو

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    زعفران: آدھا چائے کا چمچ

    سرخ مرچ ثابت: 4 عدد

    ثابت دھنیہ: 2 کھانے کے چمچ

    لہسن: 6 جوئے

    ادرک: 15 گرام

    نمک: حسب ضرورت

    گھی: 4 کھانے کے چمچ

    پسا ہوا مصالحہ (پیسٹ)

    ہلدی: آدھا چمچ

    گرم مصالحہ: 2 چائے کے چمچ

    پیاز: 1 عدد

    سجاوٹ کے لیے

    لیموں گولائی میں کٹے ہوئے: 4 عدد

    پیاز درمیانی لچھے دار کٹی ہوئی: 1 عدد

    ترکیب

    سب سے پہلے مرچ، ہلدی، دھنیہ، گرم مصالحہ، لہسن، پیاز اور ادرک کو باریک اور گاڑھا گاڑھا پیس لیں۔

    مرغ کو ابلتے ہوئے پانی میں 10 منٹ تک پکائیں۔

    مرغ کو پانی سے نکال کر کسی کانٹے کی مدد سے مرغ کو گود دیں۔ اب نمک اور لیموں کا رس پسے ہوئے آمیزے میں ملا کر مرغ پر اس طرح لگائیں کہ مصالحہ اچھی طرح جذب ہو جائے۔

    مرغ کو اسی طرح دس منٹ تک رکھا رہنے دیں۔

    ایک کڑھائی میں گھی ہلکی آنچ پر گرم کریں، گھی میں اوپر زعفران چھڑک دیں۔

    اس کے بعد مرغ کو احتیاط سے کڑھائی میں ڈالیں۔ دس منٹ تک فرائی کریں۔ اس دوران مرغ کو پلٹتے رہیں۔

    تھوڑی دیر بعد مرغ کو کڑھائی سے نکال لیں۔ کڑھائی میں بچا ہوا گھی ایک پتیلی میں ڈال کر مرغ کو بھی اس کی پتیلی میں ڈال کر ڈھکنا اچھی طرح سے بند کر دیں۔

    پہلے سے گرم کیے ہوئے اوون میں 400 فارن ہائٹ پر رکھ کر 30 منٹ تک پکائیں۔ جب گل جائے تو لیموں اور کٹی ہوئی لچھے دار پیاز کے ساتھ پیش کر یں۔

  • تھری ڈی پرنٹ شدہ نوڈلز

    تھری ڈی پرنٹ شدہ نوڈلز

    تھری ڈی پرنٹنگ نے بہت سے کاموں کو آسان کردیا ہے، اس نے نہ صرف انسانی محنت کو کم کیا ہے بلکہ ٹیکنالوجی کی ایک نئی جہت بھی متعارف کروائی ہے۔

    تاہم اٹلی میں اس پرنٹنگ سے ایک نہایت دلچسپ کام لیا گیا اور تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے مختلف اقسام کا پاستا تیار کیا گیا۔

    اٹلی کی فوڈ کمپنی بریلا نے ایک انوکھا مقابلہ منعقد کیا جس میں شرکا کو تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے مختلف ڈیزائنز کا پاستا تیار کرنے کو کہا گیا۔

    اس مقابلے کے فاتح وہ ٹہرے جنہوں نے پاستا کو پھول، چاند اور کرسمس ٹری کی شکل میں تیار کر کے پیش کیا۔

    اس تھری ڈی پرنٹر نے پرنٹنگ کے لیے میدے کا ڈو اور پانی استعمال کیا، پرنٹنگ کی بدولت پاستا کو ان ڈیزائنز میں پیش کیا گیا جو اس سے قبل ہاتھ یا عام مشین سے بنائے گئے پاستا میں پیش کرنا مشکل تھا۔

    مختلف ڈیزائنز کے ان پاستا کی وجہ نوڈلز میں بھی نئی جہت پیدا ہوگئی اور یہ بچوں اور بڑوں کے مزید پسندیدہ بن گئے۔

    کیا آپ یہ پاستا کھانا چاہیں گے؟

  • کھانے کے بعد مزیدار شاہی قلفہ گھر میں بنائیں

    کھانے کے بعد مزیدار شاہی قلفہ گھر میں بنائیں

    کھانے کے بعد میٹھا، کھانے کا لطف دوبالا کردیتا ہے، اور اگر موسم گرما ہو تو میٹھا ایسا ہونا چاہیئے جو جسم و جاں کو راحت بخشے اسی لیے ہم آپ کو مزیدار شاہی قلفہ بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    دودھ: 6 کپ

    چینی: تین چوتھائی کپ

    کارن فلور: 4 کھانے کے چمچ

    کھویا: 250 گرام

    زعفران: آدھا چائے کا چمچ

    کیوڑا: 1 کھانے کا چمچ

    ہری الائچی پسی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    کنڈینسڈ ملک: 4 کھانے کے چمچ

    کریم: 1 پیکٹ

    بادام اور پستے: آدھا کپ

    ربڑی بنانے کے لیے

    دودھ: ڈیڑھ کپ

    کارن فلور: 1 کھانے کا چمچ

    زعفران: چند قطرے

    کیوڑا: چند قطرے

    کنڈینسڈ ملک: 4 کھانے کے چمچ

    بادام اور پستے: گارنش کے لیے

    ترکیب

    سب سے پہلے ربڑی بنانے کے لیے ڈیرھ کپ دودھ کو پکائیں۔

    اس میں کارن فلور شامل کر کے مکسچر گاڑھا کر لیں۔

    اب اسے نکال کر ٹھنڈا کریں اور اس میں چند قطرے زعفران، کیوڑا اور کنڈینسڈ ملک ڈال کر مکس کریں اور بادام اور پستے کے ساتھ گارنش کرلیں۔

    قلفہ بنانے کے لیے: چھ کپ دودھ اور چینی کو پندرہ منٹ کے لیے پکائیں۔

    پھر کارن فلور کو ایک چوتھائی کپ دودھ میں مکس کرکے ابلے دودھ میں ڈال کر اتنا پکائیں کہ وہ گاڑھا ہو جائے۔

    اب اس میں کھویا شامل کرکے چولہے سے اتار لیں۔

    پھر اسے ٹھنڈا کر کے اس میں زعفران، کیوڑا، ہری الائچی، کنڈینسڈ ملک اور کریم ڈال کر مکس کریں۔

    اس مکسچر کو گریس کیے ہوئے لوف ٹن میں ڈال کر ڈھکیں اور فریزر میں سیٹ ہونے کے لیے رکھ دیں۔

    ٹھنڈا ہونے کے بعد نکال کر سلائسز میں کاٹیں اور تیار کی ہوئی ربڑی کے ساتھ سرو کریں۔

  • کوئلہ چائے کے بعد اب پیش ہے کوئلہ کافی

    کوئلہ چائے کے بعد اب پیش ہے کوئلہ کافی

    آپ نے اب تک کوئلہ چائے اور مٹکا چائے کے بارے میں تو سنا ہوگا؟ لیکن کیا آپ نے کبھی کوئلہ کافی چکھی ہے؟

    انڈونیشیا کے شہر یوگیا کارتا میں مقبول اس انوکھی کافی میں کوئلے کی آمیزش کی جاتی ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس کافی میں کوئلہ چائے کی طرح کوئلے کی دھونی نہیں دی جاتی، بلکہ کھولتا ہوا کوئلہ براہ راست کافی کے کپ میں ڈال دیا جاتا ہے۔

    انڈونیشیا میں اس کافی کو کوپی جوس کہا جاتا ہے۔ جوس کا لفظ دراصل اس آواز کی طرف اشارہ ہے جو گرما گرم کوئلے کو کھولتی ہوئی کافی میں ڈالنے سے پیدا ہوتی ہے۔

    اسے پینے کے شوقین افراد کا کہنا ہے کہ یہ کافی معدے کے درد، سینے میں جلن، متلی اور ڈائریا کے علاج میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

    اس کافی کو بنانے کے لیے اس میں کافی پاؤڈر اور 2 سے 3 چمچے چینی ملائی جاتی ہے، اس کے بعد اس میں گرم پانی ڈالا جاتا ہے۔ اس کے بعد آگ سے سلگتا ہوا کوئلہ نکال کر براہ راست کافی میں ڈال دیا جاتا ہے۔

    کچھ کو اس کا ذائقہ عام کافی جیسا لگتا ہے، جبکہ کچھ کے خیال میں جلتا کوئلہ کافی کے اندر موجود چینی کو جلا دیتا ہے جس سے کافی میں ہلکا سا کیریمل کا ذائقہ آجاتا ہے۔

    اس کافی کو سب سے پہلے سنہ 1960 میں تیار کیا گیا تھا جب اسے تیار کرنے والے شخص کو یہ کافی پینے کے بعد اپنے معدے کے امراض میں افاقہ معلوم ہوا۔ بعد ازاں اس شخص نے اس کافی کی فروخت شرع کردی۔

    یوگیا کارتا میں یہ کافی جابجا ٹھیلوں اور ڈھابوں پر بکتی نظر آتی ہے۔

    کیا آپ یہ کوئلہ کافی پینا چاہیں گے؟

  • مزیدار زعفرانی پائے بنانے کی ترکیب

    مزیدار زعفرانی پائے بنانے کی ترکیب

    روزانہ تقریباً ایک ہی جیسی گوشت سبزی کی ڈشز کھا کر بوریت کا احساس ہونے لگتا ہے اسی لیے آج ہم دستر خوان کو کچھ منفرد بنانے کے لیے زعفرانی پائے بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    پایا (ابلا ہوا): 1 عدد

    تیل: 1 کپ

    پیاز: 2 عدد

    دہی: 125 گرام

    نمک: حسب ذائقہ

    دھنیہ (پسا ہوا): ڈیڑھ چائے کا چمچ

    لال مرچ: 2 چائے کے چمچ

    جائفل: آدھا چائے کا چمچ

    جاوتری: آدھا چائے کا چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    زعفران: آدھا چائے کا چمچ

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    یخنی: 6 کپ

    گرم مصالحہ: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    چھوٹی الائچی: 4 عدد

    کالا زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    ہرا دھنیہ: گارنش کے لیے

    ہری مرچ: گارنش کے لیے

    لیموں: گارنش کے لیے

    ادرک: گارنش کے لیے

    پودینہ: گارنش کے لیے

    ترکیب

    سب سے پہلے تیل گرم کر کے اس میں پیاز براؤن کریں۔

    اب دہی میں نمک، دھنیہ، لال مرچ، جائفل، جاوتری، ہلدی، زعفران اور ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر مکس کریں اور تلی پیاز میں ملاکر بھون لیں۔

    اب اس میں پائے شامل کر کے خوب اچھی طرح بھونیں۔

    اب یخنی ڈال کر آدھے گھنٹہ ہلکی آنچ پر پکائیں۔

    پھر چولہا بند کر کے اس میں گرم مصالحہ، چھوٹی الائچی اور کالا زیرہ کوٹ کر شامل کر دیں۔

    آخر میں اسے ڈش میں نکال کر ہرا دھنیہ، ہری مرچ، لیموں، ادرک اور پودینے سے گارنش کر کے سرو کردیں۔

  • چنے کی دال اور قیمہ بنانے کی آسان ترکیب

    چنے کی دال اور قیمہ بنانے کی آسان ترکیب

    شہر قائد میں سخت گرمی پڑ رہی ہے، ایسے میں کچھ کھانے کا دل بھی نہیں چاہتا۔ لیکن جسم و جاں کا رشتہ برقرار رکھنے کے لیے کھانا ضروری ہے۔

    اسی لیے آج ہم ہلکی پھلکی سی چنے کی دال اور قیمہ بنانے کی آسان ترکیب بتارہے ہیں جو معدے پر گراں بھی نہیں گزرے گی اور لذیذ بھی ہے۔

    اجزا

    قیمہ: آدھا کلو

    چنے کی دال ابلی ہوئی: 200 گرام

    تیل: آدھا کپ

    پیاز: 2 عدد

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 2 چائے کے چمچ

    نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    لال مرچ پسی ہوئی: ڈیڑھ چائے کا چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    دھنیہ: 1 چائے کا چمچ

    زیرہ بھنا اور پسا ہوا: 1 چائے کا چمچ

    گرم مصالحہ: 1 چائے کا چمچ

    ٹماٹر: 3 سے 4 عدد

    ہرا دھنیہ: 2 کھانے کے چمچ

    ہری مرچ: 4 عدد

    ترکیب

    سب سے پہلے تیل گرم کر کے اس میں پیاز فرائی کریں، یہاں تک کہ وہ نرم ہو جائے۔

    اب اس میں ادرک لہسن کے پیسٹ کو قیمے کے ساتھ شامل کر کے دس منٹ کے لیے فرائی کر لیں۔

    پھر اس میں نمک، پسی لال مرچ، ہلدی، پسا زیرہ، دھنیا اور ٹماٹر ڈال کر اچھی طرح فرائی کریں۔

    اس کے بعد ایک کپ پانی شامل کریں اور ڈھک کر پکائیں، یہاں تک کہ قیمہ تقریباً تیار ہو جائے۔

    پھر اس میں گرم مصالحہ اور بلی چنے کی دال شامل کر کے ڈھک دیں اور دم پر چھوڑ دیں۔

    آخر میں کٹا ہرا دھنیا اور کٹی ہری مرچ ڈال کر گرم گرم چپاتی کے ساتھ سرو کریں۔

  • آم اور کیلے کا مشترکہ ذائقہ رکھنے والا پھل

    آم اور کیلے کا مشترکہ ذائقہ رکھنے والا پھل

    آم جسے پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے ہر شخص کو پسند ہوتا ہے، یہ پھل اپنے اندر بے شمار فوائد بھی رکھتا ہے، ایسے ہی کچھ فائدوں کا حامل پھل کیلا بھی ہے۔

    لیکن کیا آپ نے کیلے اور آم کا مشترکہ ذائقہ رکھنے والا کھایا ہے؟

    ایسا پھل شمالی امریکا کے جنگلات میں اگتا ہے جسے پاپا کہا جاتا ہے۔ کیلے اور آم کا ذائقہ رکھنے والے اس پھل کو کسٹرڈ ایپل بھی کہا جاتا ہے۔

    یہ پھل پرانے وقتوں میں جب امریکا اس قر ترقی یافتہ نہیں ہوا تھا، بے حد آسانی سے مل جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ امریکا کے پہلے صدر جارج واشنگٹن اس پھل کو میٹھے میں تناول کیا کرتے تھے۔

    اس پھل میں سیب، نارنگی اور کیلے سے زیادہ پروٹین موجود ہوتی ہے جبکہ اس میں وٹامن اے، وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس بھی وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔

    یہ پھل بہت جلدی خراب ہوجاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسے تجارتی بنیادوں پر فروخت نہیں کیا جاسکتا، شہروں میں عام گروسری اسٹورز میں بھی اس کا ملنا مشکل ہے۔

    اگر آپ اسے کھانا چاہتے ہیں تو آپ کو شمالی امریکا کے کھیتوں اور جنگلات کا رخ کرنا پڑے گا جہاں یہ پھل تازہ حالت میں دستیاب ہوسکتا ہے۔

  • مزیدار چیز بسکٹ گھر پر بنائیں

    مزیدار چیز بسکٹ گھر پر بنائیں

    بسکٹ ایسی شے ہے جو کسی بھی وقت کھائی جاسکتی ہے، بسکٹ کو مختلف ذائقوں میں گھر میں بھی باآسانی تیار کیا جاسکتا ہے۔ آج ہم آپ کو مزیدار چیز بسکٹ بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    میدہ: 1 کپ

    نمک: آدھا چائے کا چمچ

    کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچ

    مسٹرڈ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

    مکھن: 4 اونس

    چیڈر چیز کدو کش کیا ہوا: 4 اونس

    دلیہ: 2 کھانے کے چمچ

    پیپریکا: 1 چائے کا چمچ

    انڈے کی سفیدی: 1 عدد

    ترکیب

    سب سے پہلے پیالے میں میدہ، نمک، کالی مرچ اور مسٹرڈ پاؤڈر ڈال کر مکس کریں۔

    پھر اس میں مکھن شامل کر دیں اور اتنی دیر تک مکس کرتے رہیں کہ یہ کرمبل ہو جائے۔

    اس کے بعد چیڈر چیز شامل کریں اور اچھی طرح گوندھ لیں۔

    اب کسی سطح پر تھوڑا سا خشک میدہ چھڑک کر ڈو کو پتلا بیل لیں، پھر کسی بھی شکل کے کوکیز کاٹ لیں اور بیکنگ شیٹ پر رکھ دیں۔

    اس کے بعد انڈے کی سفیدی کو پھینٹ کر برش کی مدد سے کوکیز پر لگا دیں۔

    پھر دلیہ اور پیپریکا مکس کرکے کوکیز پر چھڑکیں۔

    220 ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم اوون میں پانچ سے چھ منٹ بیک کر لیں۔

    مزیدار چیز بسکٹ تیار ہیں۔

  • مایونیز سے بنی آئسکریم کھانا چاہیں گے؟

    مایونیز سے بنی آئسکریم کھانا چاہیں گے؟

    مایونیز کو ویسے تو ترش اور تیکھی اشیا کے ساتھ کھایا جاتا ہے اور میٹھی اشیا کے ساتھ کھانے سے اسے گریز کیا جاتا ہے، تاہم حال ہی میں مایونیز سے بنی ہوئی آئسکریم پیش کی گئی ہے۔

    اسکاٹ لینڈ کے ایک اسٹور میں پیش کی جانے والی اس آئسکریم کو مایونیز سے بنایا گیا ہے اور یہ آئسکریم کھانے میں نہایت کریمی محسوس ہوتی ہے۔

    ابتدا میں اس آئسکریم کو زیادہ پسند نہیں کیا گیا، تاہم پھر ٹویٹر پر کئی افراد نے بتایا کہ وہ مایونیز کو کن کن اشیا میں استعمال کرچکے ہیں۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ انہوں نے مایونیز کو چاکلیٹ کیک بنانے میں استعمال کیا۔

    مایونیز سے بنی آئسکریم پیش کرنے والا یہ اسٹور اس سے پہلے بھی کئی مختلف ذائقوں کی اشیا متعارف کروا چکا ہے۔

    اسٹور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ذائقوں کے تضاد کے باعث عجیب سا محسوس کرنے کے باوجود لوگ اس آئسکریم کو ضرور چکھنا چاہتے ہیں اور چکھنے کے بعد یہ انہیں ضرور پسند آتی ہے۔

    کیا آپ یہ آئسکریم کھانا چاہیں گے؟