Tag: فوڈ اتھارٹی

  • شہری ہوشیار! مرغی کا ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں”

    شہری ہوشیار! مرغی کا ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں”

    لاہور : ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مرغی کا گوشت خریدنے والے شہریوں کو خبردار کردیا اور کہا پہلے سے ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر لاہور بھر میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے گوشت کی دکانوں اور سپلائرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں 42 میٹ شاپس اور گوشت سپلائرز کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 2 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 2 پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

    کارروائی کے دوران 65 ہزار کلو گوشت کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 1610 کلو ناقص گوشت اور مردہ مرغیاں تلف کر دی گئیں۔

    شیرشاہ کے علاقے میں ایک گاڑی سے مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں، جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

    مزید پڑھیں : فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کو سپلائی کیا جانیوالا مردہ مرغیوں کا گوشت پکڑا گیا

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ متعدد دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے اور ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ بیمار یا مردہ مرغیاں سپلائی کرنا ایک سنگین جرم ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق گوشت کی تیاری اور ترسیل کے نظام پر کام جاری ہے، اور جعلساز مافیا کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پہلے سے ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں اور مرغی ہمیشہ اپنی آنکھوں کے سامنے ذبح کروائیں تاکہ محفوظ اور حلال گوشت کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔

  • استعمال شدہ گھی آئل دوبارہ پیک کرنے والا مافیا رنگے ہاتھوں گرفتار

    استعمال شدہ گھی آئل دوبارہ پیک کرنے والا مافیا رنگے ہاتھوں گرفتار

    لاہور(28 جولائی 2025): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے استعمال شدہ گھی آئل دوبارہ پیک کرنے والے مافیا کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حسن ٹاؤن میں چھاپہ مار کارروائی کی اس دوران استعمال شدہ گھی آئل دوبارہ پیک کرنے والے مافیا کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 2 ہزار لیٹر استعمال شدہ آئل تلف کردیا گیا جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، کارروائی کے دوران یونٹ میں استعمال شدہ آئل کو دوبارہ پیک کیا جارہا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 50 گدھے اور 25 من گوشت برآمد

    ڈی جی فوڈ عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ بغیر اجازت اور فوڈ اتھارٹی لائسنس کے بغیر خوراک کا کاروبار کیا جارہا تھا، یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی بھرمار پائی گئی تھی۔

     ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کھلا آئل ڈرموں اور زنگ آلود برتنوں میں رکھا گیا تھا، شہری اشیا کی خرید سے قبل  شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔

  • استعمال شدہ پتی کو  دوبارہ رنگ لگا کر فروخت کرنے والا ملزم  گرفتار

    استعمال شدہ پتی کو دوبارہ رنگ لگا کر فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

    چنیوٹ : استعمال شدہ پتی کو دوبارہ رنگ لگا کر فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، پتی کو سستے بازاروں میں فروخت کیا جاتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے استعمال شدہ پتی کو دوبارہ رنگ لگا کر فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 2 من سے زائد استعمال شدہ رنگ کی گئی پتی برآمد کرلی گئی ہے، رنگ شدہ پتی کوسستےبازاروں میں فروخت کیا جاتا تھا۔

    فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ لالیاں میں سستےبازارمیں سپلائی کے وقت کارروائی کی گئی۔

    یاد رہے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سدھار کے قریب چراغ آباد میں مضر صحت’ ملاوٹی چائے پتی تیار کرنے والی فیکٹری پکڑلی تھی۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مالک کو گرفتار کر کے 9سو کلو ملاوٹی چائے اور دیگر سامان قبضہ میں لیکر تلف کردیا تھا۔

  • اچار کس گندگی اور غلاظت سے تیار کیا جاتا ہے؟ ویڈیو دیکھنے والے بھی حیران

    اچار کس گندگی اور غلاظت سے تیار کیا جاتا ہے؟ ویڈیو دیکھنے والے بھی حیران

    لاہور : پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ٹیم سرعام نے لاہور میں غیر معیاری اور مضر صحت اچار بنانے والے کارخانوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کرتے ہوئے انہیں سیل کردیا۔

    اے آّر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کے میزبان اقرار الحسن نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عاصم جاوید کے ہمراہ شہر میں اچار بنانے والے مختلف کارخانوں پر چھاپے مارے اور وہاں صفائی ستھرائی کے معیار کو چیک کیا۔

    ٹیم سرعام اور فوڈ اتھارٹی افسران نے ایک بیابان علاقے میں قائم اچار بنانے والی ایک فیکٹری پر بھی چھاپہ مارا اور حفظان صحت کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر مالکان کیخلاف قانونی کارروائی کی۔

    اچار کے کارخانے پر چھاپہ کے دوران دیکھا گیا کہ حفظان صحت کے اصولوں کی دھجیاں اڑائی جارہی تھیں اور انتہائی غلیظ اور بدبو دار ماحول میں رکھی گئی کیریوں گاجروں اور اچار میں استعمال ہونے والی اشیاء میں پھپھوندی لگی ہوئی تھی۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران نے ٹیم سرعام کے سامنے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ اچار کے کارخانے کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے اور ساتھ ہی کارخانے کو سیل کرنے کی ہدایت بھی دی۔

  • کھانے سے چھپکلی کی دُم نکلنے کا واقعہ، فوڈ اتھارٹی نے ہوٹل بند کروادیا

    کھانے سے چھپکلی کی دُم نکلنے کا واقعہ، فوڈ اتھارٹی نے ہوٹل بند کروادیا

    سیالکوٹ: اڈا پسروریاں میں ہوٹل پر کھانے کی پلیٹ سے چھپکلی کی دُم نکلنےکا واقعہ سامنے آنے کے بعد فوڈ اتھارٹی نے ایکشن لےلیا۔

    ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہوٹل کو بند کروادیا ہے، ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہا ہوٹل کیخلاف ناقص انتظامات پر سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، پروڈکشن ایریا میں کھلےگٹر اور جالے موجود پائے گئے۔

    سیالکوٹ میں واقع ہوتل میں چنے کی پلیٹ میں سے چھپکلی کی دم نکلنے پر ہوٹل میدانِ جنگ بن گیا تھا، گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے وکلا ناشتے کیلیے ہوٹل آئے تھے جہاں کھانے میں چھپکلی کی دم نکلنے پر انہوں نے احتجاج کیا اور ملازمین سے ہاتھا پائی ہوئی۔

    وکلا اور ہوٹل ملازمین کے درمیان جھگڑا دیکھ کر شہریوں کی بڑی تعداد ہوٹل کے باہر جمع ہوئی اور ان میں بیچ بچاؤ کروایا۔

    معاملے کا علم ہونے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ہوٹل میں ناشتے کی فروخت پر پابند ی عائد کر دی، جھگڑے کے دوران ثبوت ختم کرنے کیلیے ملازمین نے ہاتھ مار کر چنے کی پلیٹ زمین پر گرا دی تھی۔

  • گائے کا گوشت کھانے والے ہوشیار ہوجائیں!

    گائے کا گوشت کھانے والے ہوشیار ہوجائیں!

    فیصل آباد: گائے کا گوشت کھانے والے ہوشیار ہوجائیں ، شہری ایک بار پھرمردہ جانوروں کا گوشت کھانے سے بچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے پینسرہ میں فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران گاڑی سے مردہ گائے کا 15من گوشت برآمد کرلیا۔

    اتھارٹی نے 2 ملزمان نویداور وحید گرفتار کرکے گوشت اور مردہ جانور تلف کردیا۔

    حکام نے تھانہ ٹھیکری والا میں مقدمہ درج کرکے گاڑی پولیس کے حوالےکردی اور بتایا کہ مردہ جانور کا گوشت فوڈ پوائنٹ پر سپلائی کیا جانا تھا۔

    خیال رہے گوشت ہر ایک کی من پسندیدہ خوراک ہے، اسے حاصل کرنے کے اہم ماخذ گائے، بکرا، مرغی اور مچھلی ہے تاہم گائے کا گوشت اکثریت کی مرغوب غذا ہے۔

  • فوڈ اتھارٹی نے جعلی پانی کی بوتلوں کی تیاری کا منصوبہ ناکام بنادیا

    فوڈ اتھارٹی نے جعلی پانی کی بوتلوں کی تیاری کا منصوبہ ناکام بنادیا

    پاکپتن: معروف برانڈز کے نام سے پانی کی جعلی بوتلیں سپلائی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی پانی کی بوتلوں کی تیاری کا منصوبہ ناکام بنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر پاکپتن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عارف والا میں 2 واٹر پلانٹس کی انسپکشن کی، سیفٹی ٹیم نے جعلی پانی کی بوتلوں کی تیاری کا منصوبہ ناکام بنادیا۔

     پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطانق 1 ہزار 215 لیٹر جعلی پانی کی بوتلیں ضبط  کرلی گئیں، جعلسازی پر واٹرپلانٹس کو بند کرکے مالکان کیخلاف مقدمات درج کرلیا گیا۔

    دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک اور کارروائی کے دوران دودھ کے نام پر مضر صحت سفید محلول کی ترسیل ناکام بنادی، فوڈ سیفٹی ٹیم نے پنڈی بھٹیاں انٹر چینج پر 1800 لیٹر مضر صحت دودھ تلف کردیا۔

  • مضر صحت خوراک، فوڈ اتھارٹی نے کراچی میں مشہور کڑاہی ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا

    مضر صحت خوراک، فوڈ اتھارٹی نے کراچی میں مشہور کڑاہی ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں مشہور باربی کیو اور کڑاہی ریسٹورنٹ پر شہریوں کو مضر صحت خوراک کھلایا جانے لگا، فوڈ اتھارٹی نے ریسٹورنٹ کو بھاری جرمانہ کر کے سیل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت اور زائد المعیاد اشیائے خورد و نوش کے خلاف ڈنڈا اٹھا لیا، اتھارٹی کی ضلع وسطی کی ٹیم نے نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں گل شنواری ریسٹورنٹ میں کارروائی کرتے ہوئے اسے سیل کر دیا۔

    اتھارٹی کے چھاپے کے دوران ریسٹورنٹ میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورت حال پائی گئی، گندا پانی کھڑا تھا، اور نکاسی آب کا کوئی انتطام موجود نہیں تھا۔

    بار بی کیو اور کڑاہی کے گوشت کی تیاری میں بھی ناقص اور مضر صحت خام مال استعمال کیا جا رہا تھا، لائن کے پانی والی جگہ اور کیمکل ڈرم میں کیڑے مکوڑے بھی موجود تھے۔ حکام نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے کارروائی سے پہلے 3 وارننگ نوٹس بھی جاری کیے تھے۔

    سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق گل شنواری والے ریسٹورنٹ کا لائسنس بھی ختم ہو چکا تھا، حکام کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ کو سیل کر کے ایک لاکھ سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا ہے۔

  • لاہور: بسکٹ پاؤڈر کی فیکٹری پر چھاپہ، 11 لاکھ گندے انڈے برآمد

    لاہور: بسکٹ پاؤڈر کی فیکٹری پر چھاپہ، 11 لاکھ گندے انڈے برآمد

    لاہور: فوڈ اتھارٹی نے ایک فیکٹری پر چھاپہ مار کر ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے 11 لاکھ گندے انڈے برآمد کرلیے جن سے پاؤڈر بنا کر معروف بسکٹ کمپنیوں کو سپلائی کیا جانا تھا۔

    فیکٹری میں موجود گندے انڈے

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گندے انڈوں کی بھرمار ہوگئی، فوڈ اتھارٹی نے مانگا منڈی لاہور کے قریب انڈوں سے پاؤڈر بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے 11 لاکھ گندے انڈے برآمد ہوئے۔

    بالٹی میں انڈے توڑنے کے بعد گندے انڈے بالکل واضح نظر آرہے ہیں
    انڈوں کو پانی میں ڈالا گیا تو خراب انڈے پانی کے اوپر تیرنے لگے

    فیکٹری میں تیار کیا جانے والے پاؤڈر بسکٹ بنانے والے معروف کمپنیوں کے لیے تیار کیا جارہا تھا۔ ٹیم نے موقع پر ہی عملی تجربہ کرکے دکھایا اور انڈوں کو پانی میں ڈالا تو خراب انڈے پانی میں تیرنے لگے، حد تو یہ ہے کہ کئی انڈوں سے چوزے تک نکل چکے تھے۔

    فیکٹری میں ایک انڈے سے نکلا ہوا چوزہ زمین پر گرا ہوا ہے

    فیکٹری کے پراسیسنگ یونٹ میں جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر تھے، فوڈ اتھارٹی کے حکام نے شہریوں کو ناقص غذا کھلانے کے جرم میں فیکٹری سیل کردی۔