Tag: فوڈ کی خبریں

  • سوشل میڈیا پر انڈے والا برگر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    سوشل میڈیا پر انڈے والا برگر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    کراچی: شہرِ قائد کے باسی کہتے ہیں کہ جس نے انڈے والا برگر نہیں کھایا اس نے کچھ نہ کھایا، لوگ اس وقت حیران رہ گئے جب سوشل میڈیا پر انڈے والا برگر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سنگر کامیڈین علی گل پیر نے انڈے والے برگر کی ویڈیو ٹویٹر پر اپ لوڈ کی جس کے بعد وہ تیزی سے وائرل ہو گئی، اور ٹویٹر پر انڈے والے برگر کا ٹرینڈ ہی چل پڑا۔

    ہوا یوں کہ علی گل پیر نے مختلف بڑے ریسٹورنٹس جا جا کر انڈے والا برگر مانگا جس پر ان سے کہا گیا کہ انڈے والا برگر تو نہیں ہے، یہ ویڈیو انھوں نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی، اور مداحوں نے اسے ٹاپ ٹرینڈ بنا دیا۔

    ٹویٹر پر ویڈیو کو اتنا فالو کیا گیا کہ انڈے والا برگر قومی برگر بنا دیا گیا، کسی نے کہا کہ گندی والی چٹنی کے ساتھ اگر انڈے والا برگر نہیں کھایا تو پھر کیا کھایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  برگر آپ کو نفسیاتی مریض بنا سکتا ہے

    علی گل پیر نے انڈے والے برگر کی تلاش میں سوال کیا کہ کون کھلائے گا مجھے انڈے والا برگر؟ مداحوں نے اس کا بھرپور جواب دیا یہاں تک کہ چٹوروں نے انڈے والے برگر کو قومی برگر بنانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔

    چٹوروں نے چیلنج کیا کہ جس نے انڈے والا برگر نہ کھایا، اس نے کچھ نہ کھایا، علی گل پیر کی ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر انڈے والے برگر کے چرچے ہونے لگے۔

  • لذیذ پشاوری چپلی کباب بنانے کی ترکیب

    لذیذ پشاوری چپلی کباب بنانے کی ترکیب

    پشاور کے چپلی کباب پاکستان بھر کے علاوہ دنیا بھر میں بھی اپنی لذت اور ذائقہ کے لیے مشہور ہیں۔ چپلی کبابوں کے بننے کی خوشبو نہ صرف مقامی افراد بلکہ باہر سے آنے والوں کو بھی اپنی طرف کھینچتی ہے۔

    چپلی کباب خاص طور پر گائے کے گوشت سے بنائے جاتے ہیں مگر یہ بکرے، بھیڑ اور مرغی کے گوشت سے بھی بن سکتے ہیں۔ چپلی کباب پشتو کے لفظ چپرخ سے نکلا ہے، جس کا معنی ہے گول، یا چپٹا۔

    اجزا

    گائے کا قیمہ – آدھا کلو

    مکئی کا آٹا

    اناردانہ – ایک چمچ

    زیرہ – ایک چمچ

    ثابت دھنیا – ایک چمچ

    گرم مصالحہ – پسا ہوا ایک چائے کا چمچ

    پسی ہوئی سرخ مرچ – ایک چائے کا چمچ

    نمک – حسب ذائقہ

    انڈا – ایک عدد

    پیاز باریک کٹا ہوا – ایک عدد

    ہرا پیاز،باریک کٹا ہوا – 4 عدد

    ادرک پیسٹ – ایک چمچ

    لہسن پیسٹ – ایک چمچ

    ہری مرچ باریک کٹی ہوئی – 2 عدد

    ٹماٹر سخت – باریک کٹے ہوئے

    سبز دھنیا کٹا ہوا – 4 کھانے کے چمچ

    کچا پپیتا – ایک چائے کا چمچ

    تیل – آدھا کپ

    ترکیب

    قیمے میں تمام مصالحے ، ٹماٹر، پیاز، ہری مرچ، ہرا دھنیہ، پودینہ اور انڈا شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں۔

    اس کے بعد آدھے گھنٹے کے لیے قیمہ رکھ دیں تاکہ مصالحہ جذب ہو جائے، اب حسب ضرورت بڑے اور باریک کباب بنا لیں۔

    پھر فرائی پین یا توے پر مکھن اور تیل تھوڑا تھوڑا کرکے ڈالیں اور کبابوں کو فرائی کریں۔

    براؤن ہونے پر سلاد اور ہری چٹنی کے ساتھ تندوری نان کے ساتھ گرما گرم چپلی کباب مہمانوں کو سرو کریں، اتنے منفرد کباب اس سے پہلے آپ نے نہیں کھائیں ہوں گے۔

  • دلی کی خاص نہاری گھر پر تیار کریں

    دلی کی خاص نہاری گھر پر تیار کریں

    دنیا بھر میں ہر جگہ کا کوئی خاص پکوان شہرت رکھتا ہے۔ کراچی اور لاہور کے بھی کچھ پکوان نہایت مشہور ہیں، ایسے ہی دلی کی نہاری بھی ایشیائی ممالک میں بے حد مقبول ہے۔

    آج ہم آپ کو اسے گھر پر تیار کرنے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    بیف: 750 گرام

    نمک: حسب ذوق

    لال مرچ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    کشمیری مرچ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

    تیل: ڈیڑھ کپ

    لال آٹا: حسب ضرورت

    ادرک (پانی میں بھگو لیں): 1 چائے کا چمچ

    لہسن: 1 پوتھی

    گارنش کے لیے

    ادرک: ڈیڑھ انچ کا ٹکڑا، سلائس میں کاٹ لیں

    دھنیہ کٹا ہوا: 2 کھانے کے چمچ

    ہری مرچ کٹی ہوئی: 3 سے 4 عدد

    لیموں: 2 عدد

    نہاری مصالحہ کے لیے

    سونٹھ: 3 ٹکڑے

    ململ کا کپڑا: حسب ضرورت

    سونف: ڈیڑھ کھانے کا چمچ

    شاہ زیرہ: 2 کھانے کے چمچ

    کالی الائچی: 4 عدد

    لونگ: 10 عدد

    پیاز: 5 عدد

    ادرک لہسن پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی: 1 چائے کا چمچ

    گھی: پکانے کے لیے

    کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچ

    ترکیب

    سب سے پہلے بیف لے لیں اور اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ اور ہلدی ڈال کر اسے ابالیں تاکہ گوشت کی بساند ختم ہو جائے اور گوشت گل جائے، ساتھ ہی اس کا پانی بھی تیار ہو جائے۔

    اب پین میں گھی گرم کریں اور پیاز کو ادرک اور لہسن کے پانی سے فرائی کریں۔

    پھر اس میں لال مرچ پاؤڈر، کشمیری مرچ پاؤڈر، نمک اور بیف گوشت کا پانی شامل کریں اور بھونتی جائیں۔

    تھوڑی دیر بعد گوشت بھی شامل کردیں۔

    پھر ململ کے کپڑے میں سونف، شاہ زیرہ، کالی مرچ، کالی الائچی، سونٹھ، لونگ اور ہری الائچی ڈال کر اسے باندھ کر شامل کر دیں۔

    اب لال آٹا 4 کھانے کے چمچ کے برابر لے کر پانی میں گھول لیں اور نہاری میں شامل کردیں۔

    اب آنچ ہلکی کر دیں اور اسے مزید پکائیں۔

    پھر ململ کے کپڑے کی تھیلی نکال لیں اور نہاری کو دم پر رکھ دیں۔

    آخر میں دھنیہ چھڑک کر گارنشنگ کر لیں اور ساتھ ہی پلیٹ میں ادرک، ہری مرچیں اور لیموں سجا کر پیش کریں۔

    دلی کی خاص نہاری تیار ہے۔

  • 70 افراد کے لیے صرف ایک پیزا

    70 افراد کے لیے صرف ایک پیزا

    اگر آپ کے گھر میں ڈیلیوری بوائے ایک بہت بڑا سا پیزا ڈیلیور کر جائے تو آپ کیا کریں گے؟

    امریکا کا بگ ماماز پیزا نامی ریستوران اتنا بڑا پیزا تیار کر کے آپ کے گھر پہنچا سکتا ہے کہ اسے 60 سے 70 افراد کھا سکتے ہیں۔

    یہ ریستوران دنیا کا سب سے بڑا ڈیلیوری کیا جانے والا پیزا بناتا ہے جسے امریکی ریاست کیلی فورنیا میں بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔

    اس پیزا کی تیاری میں 20 پاؤنڈز ڈو، 5 پاؤنڈز پنیر اور 3 پاؤنڈز پیپرونی کی ضرورت ہوتی ہے۔

    تیاری کے بعد اسے ایک بڑے سے ڈبے میں رکھ کر گاڑی کی چھت پر رکھا جاتا ہے جو اسے اس کے مطلوبہ مقام تک پہنچاتی ہے۔

    کھانے کے لیے اسے 200 ٹکڑوں میں کاٹا جاتا ہے۔

    اس پیزا کی قیمت 300 ڈالرز ہے، اور کیلی فورنیا کے دفاتر میں اس کی مانگ بہت زیادہ ہے۔

  • مزیدار کڑاہی پسندے بنانے کی ترکیب

    مزیدار کڑاہی پسندے بنانے کی ترکیب

    عید قرباں اپنے اختتام کو پہنچی اور آج کل گھروں میں گوشت کی فراوانی ہے جسے استعمال میں لانے کے لیے خاتون خانہ مزے مزے کے کھانوں کی تراکیب تلاش کرتی نظر آرہی ہیں۔

    ایسی ہی ایک مزیدار سی ڈش کی ترکیب ہم بھی آپ کو بتانے جارہے ہیں، یہ ڈش کڑاہی پسندے ہے۔


    اجزا

    پسندے: 1 کلو

    پپیتا: 1 کھانے کا چمچ

    لونگ پسی ہوئی: 8 عدد

    ادرک کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    بھنا ہوا دھنیہ: 1 کھانے کا چمچ

    کالی مرچپسی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    دہی: 1 پاؤ

    پیاز: 3 عدد

    مرچ: حسب ضرورت

    نمک: حسب ذائقہ


    ترکیب

    گوشت کے پسندے پر ادرک، پپیتا اور نمک لگا کر دو تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

    اس کے بعد تمام مصالحے پیس کر اس میں شامل کریں اور گوشت پر لگا دیں۔

    پیاز بھی کتر کر گوشت پر لگا دیں۔

    کڑاہی میں تھوڑا سا گھی ڈال کر پسندوں کو ایک ایک کر کے تلتی جائیں۔

    جب دونوں طرف سے سنہری ہوجائیں تو اتار کر گرم گرم تناول فرمائیں۔