Tag: فوڈ

  • مزیدار اسٹرا جو بچوں کو پانی پینے پر مجبور کردیں

    مزیدار اسٹرا جو بچوں کو پانی پینے پر مجبور کردیں

    موسم چاہے کوئی بھی ہو، جسم کو پانی درکار ہوتا ہے، خصوصاً موسم گرما میں تو اس کی ضرورت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ تاہم بچوں کو پانی پلانا ایک مشکل مرحلہ ہوسکتا ہے کیونکہ پانی ان کے لیے بہت بورنگ چیز ہوسکتی ہے۔

    تاہم اب ایسے اسٹرا تیار کرلیے گئے ہیں جو پانی کو ذائقہ دار بنا کر بچوں کو اسے مزے سے پینے پر مجبور کرسکتے ہیں۔

    میجک اسٹرا نامی کمپنی نے مختلف فلیورز سے تیار کردہ اسٹرا پیش کیے ہیں۔

    یہ اسٹرا جب پانی کے گلاس میں ڈال کر پیے جاتے ہیں تو یہ پانی کا ذائقہ تبدیل کردیتے ہیں۔ یہ اسٹرا پینا کولاڈا، چیری کولا اور رس بیری لیمونڈ کے فلیورز میں پیش کیے گئے ہیں۔

    ان میں 5 گرام چینی شامل کی جاتی ہے جبکہ ان میں مختلف میٹھی گولیاں بھی شامل کی جاتی ہیں جو پانی کو مٹھاس سے بھردیتی ہیں۔

    ان اسٹراز کو بنانے کا مقصد نہ صرف بچوں بلکہ ان بڑوں کو بھی پانی پینے کی طرف مائل کرنا ہے جو اس ضروری شے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

    یہ کمپنی دودھ پینے کے لیے بھی مزیدار فلیورڈ اسٹرا تیار کر رہی ہے جو بچوں کے لیے دودھ کو ان کی پسندیدہ شے میں تبدیل کردیں گے۔

  • وہ ڈش جسے سر ڈھانپ کر کھایا جاتا ہے

    وہ ڈش جسے سر ڈھانپ کر کھایا جاتا ہے

    دنیا بھر کے مختلف ثقافتی کھانے اپنی علیحدہ تاریخ رکھتے ہیں، ان کھانوں کو پیش کرنے اور کھانے کا انداز بھی مختلف ہوتا ہے جو اس ثقافت کا مظہر ہوتا ہے، فرانس میں بھی ایسی ہی ایک ڈش کو سر ڈھانپ کر کھانا ضروری ہے۔

    اس فرانسیسی ڈش کو کھاتے ہوئے سر ڈھانپنے کے لیے عموماً نیپکن کا استعمال کیا جاتا ہے۔

    جتنا اس ڈش کو کھانے کا انداز انوکھا ہے اتنا ہی اسے پکانے کا طریقہ بھی عجیب اور کسی حد تک ظالمانہ ہے۔

    یہ ڈش ایک چھوٹے سے پرندے اورٹولن بنٹنگ سے بنائی جاتی ہے۔

    پکانے سے قبل اس پرندے کو ایک ماہ تک انجیر کھلائی جاتی ہے، اس کے بعد اس پرندے کو شراب کی ایک قسم برانڈی میں ڈبو کر ہلاک کیا جاتا ہے۔

    بعد ازاں پرندے کو اسی طرح سالم حالت میں تیز آگ پر فرائی کیا جاتا ہے۔

    اسے کھاتے ہوئے سر ڈھانپنے کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے تاکہ آپ اس ڈش کی خوشبو سے بھی لطف اندوز ہوسکیں۔

    تاہم بعض افراد کا یہ بھی ماننا ہے کہ سر ڈھانپنے کی وجہ دراصل اسے کھاتے ہوئے خدا سے چھپنا ہے جو اتنے خوبصورت پرندے کے قتل پر غصے میں بھی آسکتا ہے۔

    کیا آپ اس ڈش کو کھانا چاہیں گے؟

  • مزیدار چٹ پٹا اچار گھر پر تیار کریں

    مزیدار چٹ پٹا اچار گھر پر تیار کریں

    سادے دال چاول ہوں یا سبزیوں کی ڈش، مزیدار چٹ پٹا اچار کھانے کا لطف دوبالا کردیتا ہے۔

    اچار کو باآسانی گھر میں بھی تیار کیا جاسکتا ہے، آئیں اس کی ترکیب جانیں۔

    اجزا

    گاجر: 1 کلو

    لیموں: 1 کلو

    ہری مرچیں درمیانی سائز کی: 1 کلو

    سرسوں کا تیل: ڈھائی سے 3 لیٹر

    نمک: 1 چوتھائی کپ

    سونف: 2 کپ

    ہلدی: 2 کھانے کے چمچ

    کلونجی: 2 کپ

    سرکہ: 1 چھوٹی بوتل

    لال مرچ پاؤڈر: آدھا کپ یا حسب ذائقہ

    ترکیب

    اچار بناتے ہوئے کسی بھی مرحلے پر اسٹیل کا چمچ ہرگز استعمال نہ کریں، لکڑی کا چمچ استعمال کریں۔

    سب سے پہلے تمام سبزیاں دھو کر خشک کر لیں۔

    لیموں کو دو حصوں میں کاٹ لیں، مرچوں کو چیرا لگائیں مگر وہ سرے سے جڑی رہیں۔

    گاجر کو چھیل کر 2 انچ لمبے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    نمک کو دو حصوں میں تقسیم کریں۔

    ایک بڑے پیالے میں لیموں اور ہری مرچیں ڈالیں، ایک حصہ نمک ڈالیں اور پوری رات میری نیٹ ہونے کے لیے چھوڑ دیں۔

    اگلے روز سبزیوں سے نکلنے والے پانی کو احتیاط سے نکال دیں، دھیان رہے کہ لیموؤں کا رس پانی کے ساتھ بہہ نہ جائے۔

    گاجریں ایک پیالے میں ڈالیں اور اس پر سرکہ ڈال کر ملائیں اور 2 تین گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔

    تین گھنٹے کے بعد گاجروں کا پانی نکال دیں۔

    ایک برتن میں پانی ابالیں اور اس میں دو منٹ کے لیے گاجریں ڈال کر نکال لیں اور چھلنی میں رکھ دیں تاکہ پانی نکل جائے اور یہ ٹھنڈی ہو جائیں۔ خیال رہے کہ گاجریں بالکل خشک ہوں، پانی کا ایک قطرہ بھی اچار میں گیا تو اچار خراب ہوجائے گا۔

    سرسوں کا تیل گرم کریں، اس میں سے تھوڑا سا تیل الگ کر کے اس میں بچا ہوا نمک اور تمام مسالے ڈال دیں۔ تیل اتنا ہو کہ مسالا جڑ جائے۔

    باقی کا تیل بعد میں اوپر سے ڈالنے کے کام آئے گا۔

    تیل والا مسالا مرچوں میں بھریں، باقی بچ جانے والا مسالا ساری سبزیوں کے اوپر لگا دیں۔

    اب مرتبان میں تمام سزیاں گاجر، لیموں اور ہری مرچیں ڈالیں، دستانے چڑھے ہاتھوں سے خوب اچھی طرح ملائیں اور اس کے اوپر باقی بچا ہوا تیل ڈال دیں۔

    تیل سبزیوں سے ڈیڑھ دو انچ اوپر ہونا چاہیئے یعنی سبزیوں کے اوپر تیل آجائے، بعض خواتین کم تیل ڈالتی ہیں کہ بعد میں اوپر آجائے گا۔ اس طرح اچار خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

    ململ کے کپڑے سے ڈھانپ کر ہوا دار جگہ پر رکھیں۔

    2 ہفتوں تک دن میں ایک مرتبہ مرتبان کو اچھی طرح ہلا لیں تاکہ سب سبزیوں پر تیل اچھی طرح لگ جائے اب استعمال کریں اچار تیار ہے۔

    گیلا چمچہ یا اسٹیل کا چمچہ بالکل استعمال نہ کریں۔ ڈوئی (لکڑی کے چمچے) یا پلاسٹک کے چمچے کا استعمال کریں۔

    نوٹ: آپ اسی ترکیب سے اچار میں کیریاں، (یا آم) شلجم، مٹر اور پھول گوبھی بھی شامل کر سکتی ہیں۔

  • مزیدار اسٹرابری فلڈ پیسٹری کھانا چاہیں گے؟

    مزیدار اسٹرابری فلڈ پیسٹری کھانا چاہیں گے؟

    کھانے کے بعد میٹھا کھانا سنت رسول ﷺ ہے، ماہرین کا کہنا ہے کھانے کے بعد میٹھا کھانا ذہنی تناؤ میں کمی کرتا ہے جبکہ مزاج میں بھی خوشگواریت لاتا ہے۔

    اسی لیے آج ہم آپ کو مزیدار اسٹرابری فلڈ پیسٹری بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    اسٹرابری جام: 1 کپ

    میدہ: 2 کپ

    آئسنگ شوگر: آدھا کپ

    تیل: 1 کھانے کا چمچ اور فرائی کرنے کے لیے

    پانی: 2 کھانے کے چمچ

    انڈے کی زردی: 2 کپ

    ترکیب

    سب سے پہلے میدہ کو انڈے کی زردی، تیل اور پانی میں مکس کر کے گوندھ لیں۔

    اس کے بعد 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

    اب اس کے دو پیڑے بنا کر بیل لیں۔ اس میں اسٹرابری جام کی لیئر لگائیں اور دوسرے سے کور کرکے چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    چاروں کونوں کو انگلی سے دبا کر اوپر میدہ چھڑکیں اور بٹر پیپر سے کور کر کے 15 سے 20 منٹ کے لیے فریج میں رکھیں۔

    ٹھنڈا ہونے پر نکالیں اور فرائی کرلیں۔ آئسنگ شوگر سے گارنش کر کے سرو کریں۔

  • مچھلی کے مزیدار کٹلٹس تیار کریں

    مچھلی کے مزیدار کٹلٹس تیار کریں

    مچھلی موسم سرما کی خاص سوغات ہے جو مختلف طریقوں سے کھائی جاتی ہے۔ یہ نہ صرف سردیوں کے موسم میں جسم کو درکار تمام ضروریات غذائی فراہم کرتی ہے بلکہ مختلف بیماریوں سے بھی بچاتی ہے۔

    اسی لیے آج ہم آپ کو مچھلی کے مزیدار کٹلٹس بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    فش فلے: آدھا کلو

    نمک: حسب ذائقہ

    کالی مرچ: 3 عدد

    ابلا اور کچلا آلو: 1 عدد

    انڈے: 2 عدد

    باریک کٹا لہسن: 3 جوئے

    باریک کٹی ادرک: آدھا انچ کا ٹکڑا

    باریک کٹی ہری مرچ: 1 عدد

    لیموں کا رس: 1 کھانے کا چمچ

    باریک کٹی پیاز: 1 عدد

    کٹا ہرا دھنیہ: 1 کھانے کا چمچ

    بریڈ کرمبز: حسب ضرورت

    تیل: فرائی کے لیے

    ترکیب

    برتن میں فش فلے، نمک، کالی مرچ اور تھوڑا سا پانی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

    پانی خشک ہوجائے تو چولہے سے ہٹا لیں، اس میں سے کالی مرچ کے دانے نکال لیں۔

    اب کانٹے کی مدد سے مچھلی کو اچھی طرح کچل لیں۔

    اب اس میں آلو، انڈا، لہسن، ادرک، ہری مرچ، لیموں کا رس، پیاز، نمک اور ہرا دھنیہ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

    اب اس آمیزے سے گول اور چپٹے کٹلس بنالیں، ایک ایک کر کے ہر کٹلٹس کو پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبو کر حسب ضرورت بریڈ کرمبز سے کوٹ کریں۔

    گرم تیل میں شیلو فرائی کرلیں یہاں تک کے گولڈن براؤن اور کرسپی ہوجائیں۔

    کیچپ اور چٹنی کے ساتھ گرما گرم فش کٹلٹس پیش کریں۔

  • دبئی کے مینا بازار کا مشہور بریانی والا

    دبئی کے مینا بازار کا مشہور بریانی والا

    متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ہزاروں پاکستانی موجود ہیں جو وہاں پر مختلف کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں، انہی میں سے ایک لیاری کا علی محمد بھی ہے جس کی بریانی علاقے میں نہایت مشہور ہے۔

    پاک لیاری نام کے اس ریستوران کی خاص شے بریانی ہے۔ اس ریستوران کا باورچی علی محمد ہے جو کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھتا ہے۔

    52 سالہ علی محمد سنہ 1986 سے کھانے پکانے کا کام سرانجام دے رہا ہے، لیاری میں اس کی کچن سروس مختلف تقریبات اور شادیوں میں کھانا فراہم کرتی تھی۔

    بعد ازاں علی محمد دبئی آگیا، یہاں بھی وہ اسی شعبے سے منسلک ہے اور اس کے ہاتھ کی ذائقہ دار بریانی ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتی ہے۔

    علی اپنے گھر کا واحد کفیل ہے، اپنے والد اور بڑے بھائی کی وفات کے بعد وہی اپنے اور اپنے بھائی کی بیوی بچوں کی ذمہ داری اٹھا رہا ہے۔

    وہ بتاتا ہے کہ اس کے والدین اسے اعلیٰ تعلیم دلوانا چاہتے تھے لیکن اسے پڑھائی کا کوئی شوق نہیں تھا۔ وہ اسکول سے بھاگ کر دوستوں سے ساتھ کھیلنے چلا جاتا تھا، تاہم اب اسے نہایت قلق ہوتا ہے کہ اس نے تعلیم کیوں نہ حاصل کی۔

    اس کا مداوا وہ اس طرح کر رہا ہے کہ اپنی دونوں بیٹیوں اور بیٹے کو اعلیٰ تعلیم دلوا رہا ہے۔

    دبئی میں علی کی بریانی نہایت مقبول ہے اور اسے بہترین بریانی کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ وہ کہتا ہے، ’دنیا میں ہزاروں لوگ بریانی بناتے ہیں، میں بھی وہی اجزا اور اشیا استعمال کرتا ہوں۔ یہ خدا کی مہربانی ہے کہ اس نے اسے اس قدر ذائقہ دار بنا دیا کہ اس کی وجہ سے میں بے حد خوش اور خوشحال ہوں‘۔

  • گرما گرم چکن چیز رول سے گھر والوں کی تواضع کریں

    گرما گرم چکن چیز رول سے گھر والوں کی تواضع کریں

    گرما گرم چکن چیز رول بچوں اور بڑوں سب ہی کو پسند ہوتے ہیں، آج ہم آپ کو اس کی آسان ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    چکن: 250 گرام

    نمک: نصف چائے کا چمچ

    ادرک لہسن کا پیسٹ: نصف چائے کا چمچ

    پسی لال مرچ: ایک چائے کا چمچ

    سویا سوس: 2 چائے کے چمچ

    تیل: 2 کھانے کے چمچ

    چیڈر چیز: آدھا کپ

    ہرا دھنیہ: 4 کھانے کے چمچ

    ہری مرچ: 3 عدد

    درمیانی پیاز: 1 عدد

    سموسہ پٹی: 250 گرام

    تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے تیل گرم کر کے اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر فرائی کریں۔

    اب اس میں چکن ڈال کر اتنا بھونیں کہ اس کا رنگ تبدیل ہو جائے۔

    اب اس میں نمک، پسی لال مرچ اور سویا سوس ڈال کر فرائی کریں۔

    اس کے بعد کدو کش چیڈر چیز اور باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کر اتنا پکائیں کہ چیز میلٹ ہو جائے۔

    اب اس میں ہرا دھنیہ اور ہری مرچ ڈال دیں اور اسے ٹھنڈا ہونے دیں۔

    سموسہ پٹی میں فلنگ کو بھر کر لئی کے پیسٹ سے بند کریں اور فرائی کر لیں۔

    گرما گرم رول کیچپ کے ساتھ سرو کریں۔

  • بچوں کا پسندیدہ مایونیز گھر میں بنانا نہایت آسان

    بچوں کا پسندیدہ مایونیز گھر میں بنانا نہایت آسان

    سلاد میں استعمال کیا جانے والا مایونیز بچوں کو بے حد پسند ہوتا ہے جو اسے اپنے تمام پسندیدہ کھانوں کے ساتھ کھانا چاہتے ہیں۔

    مایونیز کو آپ گھر میں بھی بے حد آسانی سے بنا سکتے ہیں۔ بس اس کے لیے چند اشیا کی ضرورت ہے۔

    اجزا

    تیل: 1 کپ

    انڈہ: 1 عدد

    مسٹرڈ پیسٹ: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    نمک: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    سفید مرچ پاؤڈر: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    لیمن جوس یا سفید سرکہ: 1 چائے کا چمچ

    ترکیب

    تیل میں انڈہ، مسٹرڈ پیسٹ، نمک، پسی مرچ اور لیموں کا رس یا سرکہ شامل کر کے اچھی مکس کرلیں۔

    آمیزے کو گاڑھا ہونے تک مکس کرنا جاری رکھیں۔

    صاف ستھرے جار میں ڈال کر فریج میں محفوظ کر دیں۔

  • اچار کے ذائقے والی کاٹن کینڈی

    اچار کے ذائقے والی کاٹن کینڈی

    کاٹن کینڈی بچوں کی پسندیدہ شے ہوتی ہے اور اس کے لذیذ ذائقے کی وجہ سے بڑے بھی شوق سے اسے کھاتے ہیں۔

    لیکن امریکا کے ایک اسٹور گرینڈ پا جوز میں نہایت انوکھی کاٹن کینڈی پیش کی گئی ہے جسے تعریف اور تنقید دونوں ہی موصول ہورہی ہیں۔

    سبز رنگ کی یہ کاٹن کینڈی اچار جیسے ذائقے کی ہے، حیران ہوگئے نا؟ صرف آپ کو ہی نہیں بلکہ اسے کھانے والی بھی حیرت میں مبتلا ہیں۔

    اس کینڈی کی تیاری میں ادرک، پیاز، اچار کے مصالحے، فوڈ کلرز اور چینی استعمال کی گئی ہے، اسے کھانے والے کچھ افراد نے اسے نہایت پسند کیا جبکہ کچھ نے اسے عجیب و غریب قرار دیا۔

    کچھ افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سے بدترین شے انہوں نے اپنی زندگی میں نہیں کھائی۔

    اس کینڈی کے بنانے والوں کا کہنا ہے کہ کاٹن کینڈی کو دیکھ کر آپ کے دماغ میں میٹھی شے کا تصور آتا ہے لیکن جب آپ اسے کھاتے ہیں تو اس کا ذائقہ ترش اور تیز ہوتا ہے، اسے دماغ قبول نہیں کرپاتا۔

    یہ اسٹور اس سے قبل بھی اچار کے ذائقے والی مختلف کینڈیز پیش کرچکا ہے جنہیں ملا جلا ردعمل موصول ہوا۔

    کیا آپ یہ عجیب و غریب کینڈی کھانا چاہیں گے؟

  • کنویئر بیلٹ پر سجے لاتعداد میٹھے

    کنویئر بیلٹ پر سجے لاتعداد میٹھے

    آپ کو کیسا لگے گا جب کھانے کے بعد ہر قسم کے مزیدار میٹھے آپ کے سامنے پیش کردیے جائیں گے؟ یقیناً آپ کا دل انہیں دیکھ کر ضرور للچائے گا۔

    جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک ریستوران بھی بے شمار اقسام کے میٹھے اپنے گاہکوں کے سامنے پیش کررہا ہے۔

    یہاں آپ صرف 16 ڈالر میں لاتعداد میٹھی ڈشز چکھ سکتے ہیں۔

    ایک کنویئر بیلٹ پر بے شمار میٹھے آپ کے سامنے سے گزرتے ہیں جن میں سے آپ اپنی پسند کے میٹھے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

    لگ بھگ 35 کے قریب ان میٹھی ڈشز میں کپ کیک، کسٹرڈ، کیک، پڈنگ اور میکرونز شامل ہیں جبکہ کچھ کیک مختلف جانوروں کی تھیم پر بھی بنائے جاتے ہیں۔

    اس بوفے کو چکھنے کے لیے آپ کے پاس 40 منٹ کا وقت ہے جس میں آپ انہیں کھا سکتے ہیں اور اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کرنے کے لیے ان کی تصاویر بھی کھینچ سکتے ہیں۔