لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسن برائے مذہبی ہم آہنگی اسد عباس نے کہا ہے کہ مولانا کے آزادی مارچ میں متشدد گروہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے، وہ مذہب کے نام پر سیاست کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فوکل پرسن اسد عباس نقوی نے آج لاہور میں پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا مولانا فضل الرحمان مذہب کے نام پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، خدشہ ہے کہ متشدد گروہ پیدا ہو جائے گا، مولانا کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے۔
انھوں نے کہا احتجاج سب کا حق ہے لیکن مذہب کارڈ کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے، مولانا کشمیر کمیٹی کے چیئرمین تھے لیکن انھوں نے کشمیر کے لیے کچھ نہیں کیا۔
اسد عباس نقوی کا کہنا تھا مولانا احتجاجی مارچ کر کے دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، ملک میں اس وقت مذہبی ہم آہنگی فروغ پا رہی ہے، لیکن آزادی مارچ سے اس ہم آہنگی کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان کشمیرکاز سے توجہ ہٹانے کیلئے لانگ مارچ کررہے ہیں: میاں اسلم
فوکل پرسن برائے وزیر اعلیٰ پنجاب اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان جن جماعتوں پر انحصار کر کے اسلام آباد لاک ڈاؤن کرنا چاہتے ہیں وہ درحیققت مولانا کو دھکیل کر اسلام آباد لانا چاہتی ہیں۔
قبل ازیں، وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے بھی ساہیوال سے اے آر وائی نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا تھا کہ فضل الرحمان کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور آزادی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے لانگ مارچ کر رہے ہیں۔