Tag: فٹبال میچ

  • ویڈیو: فٹبال میچ اچانک میدان جنگ بن گیا، 100 افراد ہلاک، سڑکوں پر لاشیں

    ویڈیو: فٹبال میچ اچانک میدان جنگ بن گیا، 100 افراد ہلاک، سڑکوں پر لاشیں

    فٹبال میچ کے دوران اسٹیڈیم اچانک میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا اور ٹیموں کے حامیوں کے جھگڑے میں 100 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مغربی افریقی ملک گنی میں یپش آیا ہے جہاں فٹبال ٹورنامنٹ کے دوران ٹیموں کے حامیوں کے درمیان خونریز تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق گنی کے دوسرے بڑے شہر زریکورے میں فوجی سربراہ مامادی دومبویا کے اعزاز میں فٹبال ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا تھا اور ٹیموں کے درمیان میچ جاری تھا۔

    اسی دوران ریفری نے کوئی فیصلہ دیا جس پر تنازع کھڑا جو پہلے جھگڑے اور پھر خونریز تصادم میں تبدیل ہو گیا۔

    ریفری کے اس متنازع فیصلے پر ایک ٹیم کے مشتعل حامی میدان میں داخل ہوگئے جس کے بعد مخالف ٹیم کے حامی میدان میں آ گئے اور جھگڑا اسٹیڈیم کی حد سے نکل کر سڑکوں پر آ گیا۔

    اس واقعہ کے بعد ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ایک دوسرے پر حملے شروع کر دیے۔ کچھ مشتعل مظاہرین نے پولیس اسٹیشن کو آگ لگا دی۔

    واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر تصاویر بھی وائرل ہوئی ہیں جس میں سڑکوں پر جا بجا لاشیں بکھری دکھائی دے رہی ہیں جب کہ مقامی اسپتال کے ڈاکٹر کے مطابق اس واقعے میں اب تک کم از کم 100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ زخمی بھی کافی تعداد میں ہیں۔ ان میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

  • فٹبال میچ ہنگامے کے بعد ڈچ پولیس فلسطینی حامی ریلی پر ٹوٹ پڑی

    فٹبال میچ ہنگامے کے بعد ڈچ پولیس فلسطینی حامی ریلی پر ٹوٹ پڑی

    ایمسٹرڈم: نیدرلینڈز میں فٹبال میچ کے دوران اسرائیلی حامیوں پر حملے اور ہنگامے کے بعد ڈچ پولیس فلسطینی حامی ریلی پر ٹوٹ پڑی۔

    روئٹرز کے مطابق ایمسٹریڈم میں فٹبال میچ کے دوران اسرائیلی حامیوں پر حملے کے بعد ڈچ پولیس نے فلسطینی حامی ریلی میں 50 مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ اس سے ایک دن قبل 300 سے زائد فلسطینی حامی مظاہرین کو حراست میں لیا گیا تھا۔

    ڈچ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے مظاہروں پر پابندی کے احکامات کو نظر انداز کیا، گزشتہ روز جب مظاہرین کو گرفتار کیا جا رہا تھا تو وہ دارالحکومت کے ڈیم اسکوائر پر جمع تھے، سینکڑوں مظاہرین غزہ جنگ کے حوالے سے ’آزاد فلسطین‘ اور ’ایمسٹرڈیم کو نسل کشی قبول نہیں‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

    سٹی کونسل نے مظاہروں پر پابندی لگائی تھی، مقامی عدالت نے جس کی توثیق کی، جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی، اور مظاہرین کو حراست میں لیا جانے لگا۔

    واضح رہے کہ جمعہ کے روز میکابی تل ابیب اور ایجیکس ایمسٹرڈیم کے درمیان فٹ بال میچ کے دوران فٹ بال کے اسرائیلی حامیوں پر حملے کیے گئے تھے، جس میں کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد حکام نے مظاہروں پر پابندی عائد کر دی۔

    فٹ بال میچ کے دوران حملے کے بعد ڈچ حکام اور اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سمیت غیر ملکی رہنماؤں کے بیانات سامنے آئے جن میں انھوں نے اس کو یہود دشمنی قرار دیا۔

    اتوار کے روز اسرائیل نے اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ آنے والے ہفتے کے دوران بیرون ملک ثقافتی اور کھیلوں کی تقریبات میں شرکت سے گریز کریں۔ نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کے پاس خفیہ اطلاعات ہیں کہ بیرون ملک فلسطینی حامی گروپ ہالینڈ، برطانیہ، فرانس، بیلجیم اور دیگر شہروں میں اسرائیلیوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

  • نیدرلینڈز میں اسرائیلی شہری آپے سے باہر ہو گئے

    نیدرلینڈز میں اسرائیلی شہری آپے سے باہر ہو گئے

    نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی شہری آپے سے باہر ہو گئے جس کے بعد 62 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    نیدرلینڈز کے دارلحکومت ایمسٹڑڈیم میں اس تصادم کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، ایمسٹرڈیم میں فٹبال میچ کے بعد تل ابیب کے حامیوں اور اسٹیڈیم کے باہر مظاہرہ کرنے والے فلسطینی مظاہرین میں تصادم ہوا۔

    اسرائیلی شہریوں نے فلسطین کے حق میں نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء پر حملہ کر دیا جس کے بتیجے میں دس سے زائد افراد زخمی ہوئے اور پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

    رپورٹ کے مطابق فٹبال میچ سے قبل اسرائیلی تماشائیوں نے فلسطینی پرچم کی بے حرمتی کی اور عرب مخالف اور غزہ کے بچوں کے خلاف نفرت انگیز نعرے لگائے جس کے نتیجے میں تصادم شروع ہوا۔

    میچ سے قبل اسپین میں سیلاب میں مرنے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی پربھی اسرائیلی تماشائی شورمچاتے رہے اور عرب مخالف نعرے لگاتے رہے۔

  • سعودی عرب کی پاکستان کو ویمن فٹبال میچ کھیلنے کی دعوت

    سعودی عرب کی پاکستان کو ویمن فٹبال میچ کھیلنے کی دعوت

    سعودی عرب فٹبال فیڈریشن نے پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کو دوستانہ میچ کھیلنے کے لئے دعوت دی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے اس ماہ فیفا ونڈو میں خواتین فرینڈلی میچ کے لیے پی ایف ایف سے رابطہ کیا ہے۔

    سعودی عرب کی جانب سے قطر میں پاکستان سے ویمن فٹبال میچ کھیلنے کی پیشکش کی گئی ہے، خواتین کی فیفا فرینڈلی ونڈو 25 نومبر سے 7 دسمبر کے درمیان ہے۔

    پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے اس حوالے سے سعودی عرب سے میچ کھیلنے پر دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

    سعودی فٹبال فیڈریشن میچ کے لیے پاکستان ٹیم کے تمام اخراجات بھی برداشت کرے گی، میچ کے لیے دونوں ٹیموں کا تربیتی کیمپ بھی قطر میں ہی لگایا جائے گا۔

    دوسری جانب عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈ ریکارڈ پر ریکارڈ بنائے جا رہے ہیں اب وہ دنیا میں 900 گول کرنے والے پہلے فٹبالر بھی بن گئے ہیں۔

    پرتگالی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ روز نیشنز لیگ میں کروشیا کے خلاف میچ میں اپنے کیریئر کا 900 واں گول کیا۔ اس میں میں ان کی ٹیم کو دو، صفر سے کامیابی ملی۔

    یہ کارنامہ انجام دینے کے بعد39 سالہ کھلاڑی رونالڈو جذباتی ہوگئے۔ ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو جاری ہوئے اور وہ زمین پر بیٹھ گئے۔

    یہ سنگ میل عبور کرنے کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”میں نے یہی خواب دیکھا تھا اور میرے مزید خواب ہیں۔ آپ سب کا شکریہ۔“

    واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے اب تک اپنے کیریئر میں قومی ٹیم پرتگال کے لیے 131، ریال میڈرڈ کے لیے 450، مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے 145، جووینٹس کے لیے 101، اپنے موجودہ کلب النصر کے لیے 68 اور ساتھ ہی اپنے پہلے کلب اسپورٹنگ لزبن کے لیے 5 گول کیے ہیں۔

  • فٹبال میچ کے دوران شدید لڑائی، 10 کھلاڑی زخمی

    فٹبال میچ کے دوران شدید لڑائی، 10 کھلاڑی زخمی

    سرگودھا: فٹبال میچ کے دوران ہونے والی شدید لڑائی کے باعث کھیل کا میدان جنگ کے میدان میں تبدیل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا میں فٹبال میچ کے دوران کھلاڑیوں میں شدید لڑائی ہوئی، جس کے نتیجے میں 10 کھلاڑی زخمی ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق معمولی تلخ کلامی کے بعد فٹبال کھلاڑیوں نے فائنل میچ میں ایک دوسرے کو ڈنڈوں، لاتوں اور گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اس دوران سرگودھا اور مردان ٹیم کے 10 کھلاڑی زخمی ہوگئے، پولیس نے اس موقع پر پہنچ کر حالات قابو میں کیے۔

    پولیس کے مطابق میچ کے دوران ہونے والی لڑائی میں زخمی ہونے والے کھلاڑیوں کو طبی امداد فراہم کردی گئی ہے، ملوث کھلاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

    اس سے قبل بارسلونا کے شائقین نے غلطی سے اپنی ہی ٹیم کی بس پردھاوا بول دیا، مداح پیرس سینٹ جرمن کے ہاتھوں میچ ہارنے کے بعد آپے سے باہر ہوئے۔

    فٹ بال شائقین اکثر اپنی پسندیدہ ٹیم کے ہارنے کے بعد جذباتی ہوجاتے ہیں، ایسا ہی کچھ بارسلونا کے مداحوں نے بھی کیا، گزشتہ روز انھوں نے کاتالان کے دارالحکومت میں اپنی ہی ٹیم کی بس پر غلطی سے پتھر اور پٹاخے پھینکے جبکہ کھلاڑیوں سے بدتمیزی بھی کی۔

    ٹی 20 سیریز: پاکستان ویمنز ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں مسلسل دوسری شکست

    باسلونا کی ٹیم کو چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کے ہاتھوں 1-4 کی عبرتناک شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا۔

  • لگاتار فٹبال میچ دیکھنے سے چینی نوجوان کا چہرہ مفلوج ہوگیا

    لگاتار فٹبال میچ دیکھنے سے چینی نوجوان کا چہرہ مفلوج ہوگیا

    کئی راتوں تک فٹبال ورلڈکپ میچز دیکھنا چینی شہری کو مہنگا پڑ گیا، مسلسل جاگنے کی وجہ سے چینی نوجوان کا چہرہ مفلوج ہوگیا۔

    یہ واقعہ چین میں ایک 26 سالہ نوجوان کاؤ کے ساتھ پیش آیا، چینی نوجوان نے ایک ہفتے تک سوئے بغیر فٹبال ورلڈکپ کے تمام میچز دیکھے جس کے نتیجے میں اس کے چہرے پر فالج ہوگیا۔

    کاؤ شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک لگاتار ایک ہفتے تک ورلڈکپ میچ دیکھتا اور دو گھنٹے بعد کام پر چلا جاتا تھا۔

    کاؤ  کا کہنا تھا کہ 30 نومبر کو میں میچ دیکھنے کے بعد دو گھنٹے سو کر اٹھا تو شدید تھکاوٹ محسوس ہو رہی تھی۔

    اس نے کہا کہ میں نے اس بات پر زیادہ دھیان نہیں دیا اور دفتر میں ہی کچھ دیر آرام کرنے کا سوچا لیکن کچھ دیر بعد بھی میری کیفیت تبدیل نہ ہوئی اور میرا کام متاثر ہونے لگا۔

    کاؤ کا کہنا تھا کہ میرے ہونٹ اچانک ایک طرف کو مڑنے لگے اور میں اپنی پلکوں کو حرکت دینے سے قاصر رہا۔

    انہوں نے بتایا کہ جب اسپتال پہنچا تو مجھے بتایا گیا کہ مجھے چہرے پر فالج ہوا ہے۔

     ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کاؤ جلد صحتیاب ہوجائے گا، اسے یہ فالج مستقل کم سونے اور شدید ٹھنڈے موسم کی وجہ سے ہوا ہے۔

  • برطانوی ریفری نےاذان کےاحترام میں فٹبال میچ روک دیا

    برطانوی ریفری نےاذان کےاحترام میں فٹبال میچ روک دیا

    ریاض: عالمی شہرت یافتہ برطانوی ریفری مارک کلیٹن برگ نے اذان کے احترام میں میچ روک کرمسلمانوں کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں جاری سعودی کنگ فٹبال کپ کے میچ کے دوران غیرمسلم ریفری مارک کلیٹن برگ نے اذان کے احترام میں وسل بجا کر میچ روک دیا۔

    کنگ سلمان بن عبدالعزیزاسٹیڈیم میں الفتح اور الفیح کی ٹیموں کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر تھا کہ دونوں ٹیموں کو پانچ منٹ کا اضافی وقت دیا گیا اس دوران جیسے ہی اذان کی صدا بلند ہوئی تو ریفری نے اذان کا احترام کرتے ہوئے میچ روک دیا۔

    اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے مذہبی احترام کے اس اقدام پرریفری کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ سعودی حکام نے بھی ریفری کے اس غیرمعمولی اقدام کی تعریف کی۔

    واضح رہے کہ کنگ سلمان بن عبدالعزیزاسٹیڈیم میں کھیلے گئے فٹبال میچ میں الفتح اور الفیح کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • دوستانہ فٹبال میچ: فلسطین نے پاکستان کودو گول سے ہرا دیا

    دوستانہ فٹبال میچ: فلسطین نے پاکستان کودو گول سے ہرا دیا

    لاہور:فیفا ڈے انٹرنیشنل دوستانہ فٹبال میچ میں فلسطین نے پاکستان کو شکست دے دی۔ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے جہاں پاکستان اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے، وہاں گو نواز گو کے نعروں نے بھی پیچھا نہ چھوڑا۔

    فیفا ڈے میچ میں فلسطین نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ فلسطین کی جانب سے مراد سید نے آخری منٹ میں جبکہ عبداللہ جابر نے انجری ٹائم میں گول سکور کیا۔

    فلسطینی کوچ صائب جیندیا نے کہا کہ لمبے سفر کی تھکاوٹ کی وجہ سے بہتر نہ کھیل سکے۔پاکستان فٹبال ٹیم کے کوچ محمد شملان نے کہا کہ پاکستان ٹیم بہت اچھا کھیلی۔ لیکن چھوٹی چھوٹی غلطیوں کے باعث گول ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری  ٹیم کی پرفارمنس دن بدن بہتر ہو رہی ہے۔ امید ہے کہ مستقبل  میں کھلاڑی مذید بہتر کھیل پیش کریں گے۔

    میچ کے دوران فلسطینی اور مقامی شائقین نے پاکستان اور فلسطین کے حق میں خوب نعرے بازی کی۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ وقتاً فوقتاً اسٹیڈیم گو نواز گو کے نعروں سے بھی گونجتا رہا۔