Tag: فٹبال

  • سابق مشہور برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر نامزد

    سابق مشہور برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر نامزد

    کراچی: سابق برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر نامزد کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکل اوون پاکستان فٹ بال لیگ کے لیے خدمات فراہم کریں گے، مائیکل اوون نے پی ایف ایل کے ساتھ 3 سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے۔

    41 سالہ مائیکل اوون انگلش پریمیئر لیگ، ریئل میڈرڈ، لیورپول ایف سی کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ انگلش پریمیئر لیگ کے کم عمر ترین 100 گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز رکھتے ہیں۔

    مائیکل اوون نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے بھی خدمات انجام دیں، اور انگلش پریمیئر لیگ کے 10 سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شمار ہوئے۔

    مائیکل اوون اب پی ایف ایل کے لیے کام کریں گے، انھوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال کے با صلاحیت کھلاڑیوں کی جنت ہے، میں پاکستان فٹ بال لیگ کے لیے کام کرنا اعزاز سمجھتا ہوں۔

    سابق انگلش فٹبال پلیئر نے کہا پاکستان میں فٹ بال کو جدید خطوط پر استوار کرنا میرا مشن ہوگا۔

    سی ای او گلوبل سوکر وینچرز زیب خان نے کہا کہ مائیکل اوون کا پاکستان آنا قوم کے لیے ایک اعزاز ہے، مائیکل فٹ بالرز کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں موڑنے کا ہنر جانتے ہیں۔

    انھوں نے کہا بہت جلد پاکستان فٹ بال لیگ کی فرنچائز کی تقریب رونمائی ہوگی، اور فرنچائز مالکان کا بھی بہت جلد اعلان ہوگا۔

  • میسی کی تین سال کی تنخواہ 21 ارب روپے

    میسی کی تین سال کی تنخواہ 21 ارب روپے

    پیرس: ارجنٹائن کے اسٹرائیکر لیونل میسی کا مہنگا ترین کنٹریکٹ سامنے آ گیا، میسی کی تین سال کی تنخواہ 21 ارب روپے سے زائد ہے۔

    اسپورٹس کی تاریخ میں فٹ بالر لیونل میسی سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں، تاہم برازیلی فٹ بالر نیمار کو بھی سالانہ اتنی ہی تنخوا مل رہی ہے جتنی لیونل میسی کو۔

    فٹ بال کھیل سے متعلق خبریں دینے والی ویب سائٹ گول ڈاٹ کام کے مطابق ارجنٹائن کے اسٹرائیکر کے معاہدے میں انھیں کرپٹو کرنسی میں ادائیگی بھی شامل ہے۔

    خبر میں کہا گیا ہے کہ لیونل میسی پیرس سیٹ جرمین میں شمولیت کے بعد فی سیزن ٹیکس کٹوتی کے بعد 30 ملین یورو (35 ملین ڈالر، 5 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد) وصول کریں گے۔

    میسی کو 1یک ملین یورو کرپٹو کرنسی میں بھی دی جائے گی، پی ایس جی کے ساتھ تین سالوں کے دوران میسی مجموعی طور پر 110 ملین یورو (129 ملین ڈالرز، 21 ارب 68 کروڑ 49 لاکھ روپے) کمائیں گے۔

    اسی دوران برازیلی فٹبالر نیمار بھی فرانس کے ساتھ کھیلتے ہوئے سالانہ 30 ملین یورو کمائیں گے، جب کہ فرانس کے ہیرو کیلیان مباپے ان سے پیچھے رہ گئے ہیں، ٹیکس کٹوتیوں کے بعد وہ سالانہ صرف 12 ملین یورو ہی کما سکیں گے۔

    واضح رہے کہ میسی نے گرمیوں میں بارسلونا چھوڑنے کے بعد پیرس سینٹ جرمین میں شمولیت اختیار کی تھی۔

  • فٹبال میچ کے دوران خاتون نے ٹانگ اڑا کر کسے روکا؟

    فٹبال میچ کے دوران خاتون نے ٹانگ اڑا کر کسے روکا؟

    امریکا میں ہونے والے سوکر میچ کے دوران دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ایک ننھا بچہ فیلڈ میں آگیا اور اس کی ماں کو بھاگ کر اسے روکنا پڑا۔

    مذکورہ امریکی خاتون اپنے 2 سالہ بیٹے کو لے کر میجر لیگ سوکر کا میچ دیکھنے پہنچی تھیں۔

    میچ کے 70 ویں منٹ میں بچہ اچانک اپنی جگہ سے اٹھا اور میدان میں بھاگنے لگا، ماں نے بھی اس کے پیچھے دوڑ لگائی اور دونوں سوکر پچ کے اندر آگئے۔

    ماں نے بچے کو روکنے کے لیے سلائیڈ ماری جس کے بعد وہ بچے کے آگے جا گری اور اس کے بعد تیزی سے بچے کو اٹھا کر واپس اپنی نشست کی طرف چلی گئی۔

    یہ سارا منظر کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا جسے ٹی وی پر براہ راست دیکھا گیا۔

    بعد ازاں ماں کا کہنا تھا کہ جس وقت اس نے سلائیڈ ماری اسے وقت تو اسے کسی تکلیف کا احساس نہیں ہوا لیکن اگلے روز اسے تکلیف ضرور محسوس ہوئی۔

  • کیا ڈینش فٹبالر کرسچن ایرکسن کو دل کا دورہ پڑا تھا؟

    کیا ڈینش فٹبالر کرسچن ایرکسن کو دل کا دورہ پڑا تھا؟

    گزشتہ روز یورو 2020 میں ڈینش فٹبالر کرسچن ایرکسن کے فٹبال میچ کے دوران گر جانے کے بعد ان کا کیریئر بھی خطرے میں دکھائی دے رہا ہے، مداحوں نے کھلاڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ روز ڈنمارک کے فٹ بالر کرسچن ایرکسن فٹ بال کے یورو 2020 مقابلوں کے پہلے میچ میں فن لینڈ کے خلاف میچ کے دوران گر گئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔

    29 سالہ کرسچن ایرکسن ابھی تک اسپتال میں ہیں، لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، تاہم تاحال ان کی بیماری کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

    سنجے شرما لندن میں سینٹ جارج یونیورسٹی میں سپورٹس کارڈیالوجی کے پروفیسر ہیں اور وہ اس حوالے سے کہتے ہیں کہ واضح طور پر کچھ بہت غلط ہو گیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہوا اور ایسا کیوں ہوا؟ کرسچن ایرکسن کے 2019 میں معمول کے ٹیسٹ ہوئے تھے تو یہ دل کا دورہ کیسے ہوسکتا ہے؟

    سنجے شرما کا کہنا ہے کہ ایرکسن کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کے دوبارہ فٹ بال کھیلنے کا کوئی امکان نہیں ہے، برطانیہ کی فٹ بال باڈیز ایرکسن کو دوبارہ کھیلنے کی اجازت دینے کے بارے میں انتہائی سختی سے پیش آسکتی ہیں۔

    اس سے قبل بولٹن وانڈرس کے فٹ بالر فیبریس موامبا کو مارچ 2012 میں ٹوٹنہم ہاٹ پور کے خلاف میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے اپنا کیرئیر ختم کرنا پڑا تھا، انہوں نے اپنے کیریئر کے دوبارہ آغاز کی امید کی تھی، لیکن طبی مشورے پر پانچ ماہ بعد پروفیشنل فٹبال سے ریٹائر ہوگئے۔

    کرسچن ایرکسن کو دل کا دورہ پڑنے کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وائرل ہوئی تو مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کے ساتھ ساتھ جذباتی پیغامات دیکھنے کو ملے، ایک صارف نے لکھا کہ یہ واقعی بہت افسوسناک ہے، لیکن کل ان تصاویر کو دیکھنے کے بعد مجھے خوشی ہے کہ وہ اب بھی ہمارے ساتھ ہیں۔

    ایک اور ٹویٹر صارف کا کہنا تھا کہ ان کی صحت اس وقت زیادہ اہم ہے، ان کے کیریئر کے بارے میں فیصلے کا انتظار کیا جا سکتا ہے، مجھے یقین ہے کہ کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے ان کی صحت کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔

  • ملک میں فٹبال کو بچائیں: معروف اداکارہ کی اپیل

    ملک میں فٹبال کو بچائیں: معروف اداکارہ کی اپیل

    معروف پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے پاکستان کی فیفا رکنیت معطل کرنے کی وارننگ کے بعد حکام سے پاکستان میں فٹبال کو بچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اداکارہ یمنیٰ زیدی نے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل پر پابندی کو روکنے کے لیے کچھ کریں۔

    یمنیٰ زیدی نے لکھا کہ صحت مند معاشرے کے لیے کھیلوں کا ہونا ضروری ہے، یہ ہمیں ہیروز دیتے ہیں۔ اس وقت لگتا ہے کہ پاکستان خواتین کی فٹبال ٹیم کو بہت ساری مشکلات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپیل کرتی ہوں کہ برائے مہربانی ان کی مدد کریں۔

    یاد رہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے وارننگ دی تھی کہ اگر پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کنٹرول فیفا کی بنائی گئی نارملائزیشن کمیٹی کو نہ دیا گیا تو پاکستان کی فیفا رکنیت معطل کی جاسکتی ہے۔

  • پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

    پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

    کراچی: پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے لیکن پاکستان میں یہ کھیل گروپ بندی، سیاست اور افراتفری کی ککیں کھا رہا ہے، گروہ بندی کی وجہ سے پاکستان فٹ بال ایک بار پھر معطل ہونے کو ہے۔

    فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (FIFA) نے دھمکی دی ہے کہ کل تک لاہور میں واقع فٹ بال ہاؤس کا قبضہ واپس کیا جائے ورنہ پابندی لگا سکتے ہیں۔

    لاکھوں ڈالرز خرچ ہونے کے باوجود بھی “فیفا گول پروجیکٹ” زبوں حالی کا شکار

    فیفا نے فٹ بال ہاؤس خالی کرنے کے لیے پاکستان کو کل رات 8 بجے تک کی وارننگ دی ہے۔ واضح رہے کہ فٹ بال ہاؤس لاہور پر سید اشفاق حسین  گروپ نے غیر قانونی قبضہ جما لیا ہے، جو فیفا کی دھمکی کی وجہ بنا ہے۔

    ایک زمانے میں پاکستان فٹبال گیم کا ایشین سپر پاور تھا، لیکن پھر گروپ بندی اور سیاست کے باعث یہ کھیل زوال آشنا ہو گیا، اور فیفا کے لاکھوں ڈالرکے حصول کی جنگ ہی اس کا مقصد بن گیا۔

    فیفا کی پابندی کوئی نئی بات نہیں، 1994 میں 6 ماہ کی پابندی لگی تھی، گروپ بندی کی وجہ سے 2 سال سے پاکستان کی ٹیم کوئی بین الاقوامی میچ بھی نہیں کھیل سکی ہے۔

    پچھلے سال فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی کو پاکستان فٹ بال کی باگ ڈور دے دی تھی لیکن آج پھر معاملات پابندی کی گول لائن تک آ گئے ہیں۔

  • 7 سالہ بچے کی فٹبال میں مہارت نے لوگوں کو حیران کردیا

    7 سالہ بچے کی فٹبال میں مہارت نے لوگوں کو حیران کردیا

    لندن: 7 سالہ بچے نے فٹبال میں اپنی مہارت دکھا کر بڑے بڑوں کو حیران کردیا، ارات نے 4 سال کی عمر سے فٹبال کھیلنا شروع کیا تھا۔

    ایران سے تعلق رکھنے والے اس بچے کی ویڈیو، جو اب برطانیہ میں مقیم ہے بے حد وائرل ہورہی ہے۔ ارات حسینی فٹبال کھیلنے میں میرا ڈونا، رونالڈو اور میسی جیسی ہی مہارت رکھتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ننھا ارات کس قدر تیزی اور ذہانت کے ساتھ کسی ماہر فٹبالر کی طرح فٹبال کو لے کر پنالٹی باکس کی طرف دوڑتا ہے۔

    ارات حسینی آج کل لیور پول اکیڈمی میں ٹریننگ حاصل کر رہا ہے، وہ بارسلونا کی جانب سے کھیلتے ہوئے لیونل میسی کی طرح کا فٹبالر بننے کا خواہشمند ہے۔

    ارات حسینی کے کوچ کا کہنا ہے کہ ارات کی ٹانگوں کی موومنٹ اور اس عمر میں اس کی فٹبال پر گرفت بہت شاندار ہے، وہ آگے جا کر دنیا کا بہترین فٹبالر بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

  • پی ایف ایف کا ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    پی ایف ایف کا ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    لاہور: پاکستان نے بھارت، آسٹریلیا، ملائشیا، اور جاپان سے فٹبال میچز کھیلنے میں دل چسپی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ایشیا کی تمام فیڈریشنز کو خطوط لکھ کر میچز کھیلنے میں دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔

    پی ایف ایف نے بھارت، آسٹریلیا، ملائشیا، جاپان، بحرین، عراق، کویت، قطر اور سعودی عرب کو خطوط ارسال کر کے کہا ہے کہ گرمیوں میں فیفا ونڈو میں جگہ ہے، اس سلسلے میں ہماری مدد کی جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ فٹبال چلے گی تو پی ایف ایف رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا پاکستان کی عالمی درجہ بندی پاکستان فٹبال کے ٹیلنٹ کی عکاس نہیں ہے، اور کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان فٹبال ٹیم دیگر ایشین ٹیموں کی طرح بہتر رینکنگ حاصل نہ کر سکے۔

    انھوں نے کہا ہماری کوشش ہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کو زیادہ سے زیادہ میچز دیے جائیں اور اس سلسلے میں پی ایف ایف نے ایشین ملکوں سے رابطہ کیا ہے۔

    ہارون ملک کا کہنا تھا کہ فیڈریشن نے بھارت کو بھی لکھا ہے کیوں کہ بھارت ایک بہتر رینک والی ٹیم ہے، پاکستان کو بھارت سے کھیل کر فائدہ ہوگا۔

  • ڈیاگو میرا ڈونا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم ریلیز

    ڈیاگو میرا ڈونا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم ریلیز

    ارجنٹائن کے عظیم آنجہانی فٹبالر ڈیاگو میرا ڈونا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم جاری کردی گئی، فلم میں ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق لاطینی امریکہ کے ملک ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹ بال کے لیجنڈ ڈیگو میراڈونا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم ریلیز کردی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ کس طرح مشکل حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک کھیل کا پانسہ پلٹنے والے کھلاڑی بنے۔

    فلم کے مطابق میرا ڈونا کا بچپن بیونس آئرس کے مضافات میں ایک چھوٹے سے قصبے ولا فیوریتو میں گزرا۔ ان کے انکل نے انہیں بچپن میں ایک فٹ بال کا تحفہ دیا جس کے بعد ان کے اندر فٹ بال کھیلنے کا شوق پیدا ہوا جو ان کی زندگی کا حصہ بن گیا۔

    میرا ڈونا کو کس چیز نے مارا کے عنوان سے بنائی گئی یہ ڈاکومنٹری ڈسکوری پلس پر چلائی جا رہی ہے، جس میں عظیم کھلاڑی کی زندگی کا 45 منٹوں میں احاطہ کیا گیا ہے، اس ڈاکومنٹری میں ان تمام لوگوں کو شامل کیا گیا ہے جو ان کے قریب رہے۔

    ڈاکومنٹری میں میراڈونا کے فٹ بال کیریئر پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے لیکن اس کا مرکزی خیال زیادہ تر ان کی ذاتی زندگی کے گرد گھومتا ہے۔

    اس میں میراڈونا کا بچپن دکھایا گیا ہے جب وہ گلیوں میں اپنے دوستوں کے ساتھ فٹ بال کھیلتے تھے، اس میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ ان کا بچپن غربت میں گزرا جس کی وجہ سے ان کی صحت مندانہ پرورش نہ ہو سکی اور ان کو جسمانی طور پر مضبوط بننے میں کئی برس لگے۔

    میرا ڈونا کے قریب رہنے والے لوگوں کے انٹرویوز سے پتا چلتا ہے کہ وہ ایسی مضر صحت اشیا کا استعمال کرتے تھے جس کی وجہ سے ان کی صحت خراب ہوئی۔ اس فلم میں 30 منٹ ان کی اس عادت پر صرف کیے گئے ہیں۔

    دستاویزی فلم میں دکھایا گیا ہے کہ اس دوران کس طرح ان کے مخالف میدان میں ان کو زخمی کرتے رہے، انہیں بہت گہری چوٹیں بھی آئیں اور وہ درد ختم کرنے والی ادویات استعمال کرتے رہے۔

    یاد رہے کہ میرا ڈونا کا گزشتہ برس 25 نومبر کو دل کا دورہ پڑنے سے 60 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔

  • فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    زیورخ: فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے انڈر 20 اور انڈر 17 ورلڈ کپس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے 2 بین الاقوامی ٹورنامنٹس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے ہیں۔

    انڈونیشیا میں انڈر 20 ورلڈ کپ اور پیرو میں انڈر 17 ورلڈ کپ اگلے سال منعقد ہونے تھے۔

    فیفا کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے میں کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔ وبا نے بین الاقوامی سفر پر بھی اثرات ڈالے ہیں۔

    عالمی صورتحال اس مقام تک پہنچنے میں ناکام رہی جہاں دونوں ٹورنامنٹس کی میزبانی سے متعلق درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا۔

    فیفا کا مزید کہنا ہے کہ وہ دونوں میزبان ملکوں کے ساتھ 2023 میں کامیاب ٹورنامنٹس منعقد کرنے کی منتظر ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔ یورو 2020 کو اگلے سال جون تک ملتوی کیا گیا ہے۔ کوپا امریکہ بھی ملتوی ہو چکا ہے جبکہ افریقہ کپ آف نیشن جنوری 2022 تک ملتوی کیا جا چکا ہے۔