Tag: فٹبال

  • اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو چھاگئے

    اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو چھاگئے

    چگلیارا: اٹالین سیریا اے میں اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو چھاگئے۔ رونالڈو نے سیریا اے میں اپنی پہلی ہیٹ ٹرک اسکور کی اور شاندار پرفارمنس کی بدولت حریف ٹیم کو 4 صفر سے آؤٹ کلاس کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے ایلینز اسٹیڈیم میں کمال کردیا۔ کیگلیری کے خلاف رونالڈو نے اٹلین سیریا اے میں پہلی ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ رونالڈو کے کیریئر کی یہ چھپنویں ہیٹ ٹرک ہے۔

    یووینٹس کی ٹیم پورے میچ میں چھائی رہی۔ رہی سہی کسر ہیگوائن کے گول نے پوری کردی۔

    کرسٹیانو کی شاندار پرفارمنس کے باعث یووینٹس نے 4-0 سےکامیابی سمیٹی۔ ایک اور میچ میں انٹرمیلان اور نپولی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ لوکاکو کے 2 گول کی بدولت انٹرمیلان نے 3-1 سے فتح حاصل کرلی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں بھی لیتھوینیا کے خلاف کرسٹیانو رونالڈو نے ہیٹ ٹرک کی تھی۔

  • ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ برابر ہوگیا

    ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ برابر ہوگیا

    بیونس آئرس: انٹرنیشنل فرینڈلی میچ میں ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل دوستانہ میچ میں ارجنٹینا اور یوروگوئے کےدرمیان سخت مقابلہ ہوا، یوروگوئے کی جانب سے ایڈنسن کوانی نے کھاتا کھولا، دوسرے ہاف میں اگویرو نے ارجنٹینا کا اسکور برابر کردیا۔

    اسٹار کھلاڑی لوئس سواریز نے فری کک پر شاندار گول داغا، ارجنٹینا کے کپتان لائنل میسی نے انجری ٹائم میں ٹیم کو شکست سے بچا لیا، میسی نے پیلنٹی پر گول اسکور کیا۔ دوسری جانب یورپین چیمپئن شپ کوالیفائینگ میچ میں اٹلی نے ارمینیا پر گول کی برسات کردی، اٹلی نے حریف ٹیم پر 3 نہ 6 بلکہ 9 گول اسکور کیے۔

    خیال رہے کہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپین چیمپئن شپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے، جبکہ انگلینڈ بھی اپنے کپتان ہینری کین کی بدولت ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

    پرتگال اور انگلینڈ نے یورپین چیمپئن شپ 2020 کیلئے کوالیفائی کرلیا

    یاد رہے کہ 15 نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بھی لیتھوینیا کے خلاف پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے حریف کو تگنی کا ناچ نچایا تھا، شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ٹیم کو بھی فتح سے ہمکنار کیا، اسی جیت نے پرتگال کے لیے یورو2020 ٹورنامنٹ میں انٹری کی راہ ہموار کردی تھی۔

    اُسی دن انگلش فٹبال ٹیم نے اپنا ہزارواں میچ کھیلتے ہوئے مونٹی نیگرو کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

  • برازیل کے کاکا اور پرتگال کے لوئس فیگو کراچی پہنچ گئے

    برازیل کے کاکا اور پرتگال کے لوئس فیگو کراچی پہنچ گئے

    کراچی: عالمی شہرت یافتہ 4 سابق انٹرنیشنل فٹبالرز کراچی پہنچ گئے، جن میں دنیائے فٹ بال کے دو بڑے سابق پلئیرز برازیل کے کاکا اور پرتگال کے لوئس فیگو بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چار عالمی شہرت یافتہ سابق بڑے فٹ بالر اسپین کے کارلیس پیوئل، فرانس کے نکولس انیلکا، برازیل کے ریکارڈو کاکا اور پرتگال کے لوئس فیگو پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

    یہ فٹ بالرز آج دوپہر میں پریس کانفرنس کے بعد نمایشی میچ میں شرکت کریں گے، میچ ورلڈ ساکر اسٹارز اور ایف سی کراچی کے درمیان راحت اسٹیڈیم میں ہوگا، انٹرنیشنل فٹ بالرز اتوار کو لاہور میں بھی ایک نمایشی میچ کھیلیں گے۔

    قبل ازیں، عالمی سطح پر مشہور فٹ بالرز کا شہر قائد کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر استقبال کیا گیا، سابق پلئیرز کو اجرک پہنائی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی فٹبالر ہاجرہ خان نے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    خیال رہے کہ انٹرنیشنل فٹ بالرز کی پاکستان آمد کا مقصد ملک میں فٹ بال کے کھیل کا فروغ ہے، اس سے قبل بھی عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز پاکستان کے دورے پر آ چکے ہیں۔

    پاکستانی فٹ بال پلیئرز کے حوالے سے آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ خاتون فٹ بالر ہاجرہ خان جو پاک ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان بھی ہیں، کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا جا چکا ہے، ہاجرہ نے دنیا کے طویل ترین فٹ بال میچ میں حصہ لیا تھا جو 69 گھنٹوں تک جاری رہا، ہاجرہ نے اس میچ میں پاکستان کی نمایندگی کی۔

    یہ میچ فرانس میں ایکول پلیئنگ فیلڈ کی جانب سے کھیلا گیا جس میں 51 ممالک کی 807 خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

  • چیمپئنز لیگ کے دلچسپ مقابلے جاری، ریال میڈرڈ نے چھکے چھڑا دیے

    چیمپئنز لیگ کے دلچسپ مقابلے جاری، ریال میڈرڈ نے چھکے چھڑا دیے

    میڈرڈ: چیمپئنز لیگ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں، ریال میڈرڈ نے حریف ٹیم کے چھکے چھڑا دیے، یووینٹس نے بھی اپنا میچ جیت لیا، جبکہ مانچسٹرسٹی کا میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیمپئنز لیگ میں ریال میڈرڈ نے دھوم مچادی، زبردست پرفارمنس دکھاتے ہوئے حریف کلب کو بہ آسانی چھ صفر سے ہرا دیا۔

    سینٹیاگو اسٹیڈیم میں ریال میڈرڈ نے گیلاتا سرے کے خلاف گولز کا چھکا لگایا، اٹھارہ سالہ روڈریگو نے میڈرڈ کی جانب سے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کر کے میلہ لوٹ لیا۔

    حریف ٹیم نے بڑی کوشش کی لیکن کوئی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی، ریال میڈرڈ لیگ کے آغاز سے ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

    ایک اور مقابلے میں رونالڈو کی یووینٹس نے ماسکو کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرایا، یووینٹس کے اسٹرائکر نے انجری ٹائم میں گول داغ کر ٹیم کیلیے فتح سمیٹی۔

    مانچسٹر سٹی اور اٹلانٹا کی ٹیمیں بھی مدمقابل آئیں، دونوں ٹیمیں مقررہ وقت تک ایک ایک گول اسکور کر سکیں، دوسرے مرحلے میں مانچسٹرسٹی نے گول داغنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہی۔

    چیمپئنز لیگ: لیورپول کی لگاتار تیسری کامیابی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیمپئنز لیگ میں محمد صلاح کی لیورپول نے لگاتار تیسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ بارسلونا اور چیلسی کے میچز برابر ہوگئے تھے۔

  • پابندی کے بعد سپراسٹار فٹبالر میسی کی ٹیم میں واپسی

    پابندی کے بعد سپراسٹار فٹبالر میسی کی ٹیم میں واپسی

    بیوس آئرس: ارجنٹینا کے سپراسٹار لائنل میسی تین ماہ کی پابندی کے بعد ٹیم میں واپسی کے لیے تیار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میسی کو اگلے ماہ کھیلے جانے والے دوستانہ میچز کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا، لاکھوں مداح انہیں دوبارہ میدان میں دیکھنے کے متمنی ہیں۔

    لائنل میسی نے رواں سال کوپا امریکا ٹورنامنٹ کو کرپٹ اور فکس کہا تھا جس کی وجہ سے ان پر تین ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    لائنل میسی نے کوپا امریکا فٹبال کپ کو کرپٹ قرار دیا تھا جو فیفا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے، معروف فٹبالر کو 50 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا۔

    فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر اسٹار فٹبالر تین ماہ تک کوئی بھی بین الاقوامی فٹبال میچ نہیں کھیل سکے، تاہم اب وہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بارسلونا کلب کے فارورڈر اور لیونل میسی کو ارجنٹینا اور چلی کے درمیان ہونے والے مقابلے میں باہر کردیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے الزام عائد کیا کہ کپ برازیل کے لیے فکس کیا گیا۔

    کوپا امریکا فٹبال کپ کو کرپٹ قرار دینا میسی کو بھاری پڑ گیا، تین ماہ کی پابندی

    واضح رہے کہ فیفا فٹبال قوانین کی خلاف ورزی پر سخت پابندیاں عائد کرتا آیا ہے، حال ہی میں ایران کو بھی دھمکی دی گئی تھی کہ اگر وہ خواتین کو فٹبال میچ دیکھنے کے لیے اسٹڈیم نہیں جانے دے گا تو اس کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔

  • لیورپول نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آرسنل کو شکست دے دی

    لیورپول نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آرسنل کو شکست دے دی

    اینفیلڈ: کارباؤ کپ میں لیورپول نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی ککس پر آرسنل کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر کواٹر فائنلز میں جگہ بنالی۔

    تفصیلات کے مطابق اینفیلڈ میں ہونے والے اعصاب شکن مقابلے میں لیورپول اور آرسنل کی ٹیموں نے ایک دوسرے پر بھرپور وار کیے، تاہم لیور پول نے میدان مار لیا۔

    ٹیم آرسنل کے کھلاڑی مصطفی کی غلطی نے لیورپول کو ابتدائی برتری دلوائی، بعد ازاں ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے مسلسل تین گول اسکور کیے، تاہم آرسنل کی ایک اور غلطی کا ملنر نے گول کرکے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

    پہلے ہاف کے اختتام پر آرسنل تین دو سے آگے تھی، دوسرے ہاف کے آغاز میں نائل نے آرسنل کے لیے چوتھا گول اسکور کیا۔

    لیورپول نے مسلسل دو گول کرکے اسکور چار چار سے برابر کیا، ولوک نے سترویں منٹ میں آرسنل کو پھر سے برتری دلوائی لیکن لیوپول کے اورگی نے انجری ٹائم میں گول کرکے مقابلہ پینلٹی ککس پر پہنچا دیا۔

    لیورپول نے پینلٹی ککس پر پانچوں بار گیند کو جال میں پہنچایا، گول کیپر کیلیئر نے آرسنل کی چوتھی کک روک کر آرسنل کو کارباؤ کپ کے کواٹر فائنل میں پہنچا دیا۔

  • چالیس سال بعد ایرانی خواتین میچ دیکھنے فٹبال اسٹیڈیم پہنچ گئیں

    چالیس سال بعد ایرانی خواتین میچ دیکھنے فٹبال اسٹیڈیم پہنچ گئیں

    تہران: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کا ایران پر دباؤ رنگ لے آیا، چالیس سال بعد ایرانی خواتین نے اسٹیڈیم میں فٹبال میچ دیکھا۔

    تفصیلات کے مطابق فیفا نے ایران کو متنبہ کیا تھا کہ اگر ایرانی خواتین کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت نہ دی گئی تو ان کے ملک کی رکنیت منسوخ کردی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو روز قبل ایرانی خواتین کو میدان میں میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی جس کے بعد تقریباً 4 ہزار کے قریب خواتین نے ٹکٹیں خریدیں اور تہران میں واقع آزادی اسٹیڈیم میں میچ دیکھا۔

    ایران اور کمبوڈیا کے درمیان عالمی کپ 2022 کے کوالیفائنگ میچ گذشتہ روز کھیلا گیا جبکہ خصوصی طور پر خواتین کی آمد کے باعث سکیورٹی پر 150 خواتین اہلکار تعینات تھیں۔

    ایران، کمبوڈیا سے یہ میچ صفر کے مقابلے میں 14 گول سے جیتنے میں کامیاب رہا۔ اسٹیڈیم میں ایرانی خواتین کے لیے علیحدہ انکلوژر مختص کیے گئے تھے اور خواتین اور مرد شائقین کے درمیان کم از کم 200 میٹر کا فاصلہ رکھا گیا تھا۔

    فیفا کی تنبیہ، 40 سال بعد ایرانی خواتین کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی

    تہران حکومت کے اس اقدام کے بعد ایران میں مذہبی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے، ان کے مطابق فٹبال میچ میں کھلاڑی مختصر لباس پہنتے ہیں جسے خواتین کا دیکھنا جائز نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ ایران میں جنسی امتیاز کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب 29 سالہ سحر خدا یاری نامی لڑکی کے خلاف مرد کا بھیس بدل کر فٹبال بال میچ دیکھنے کی کوشش کرنے کا مقدمہ درج ہوا، بعد ازاں سحر نے خود کشی کرلی تھی جس کے بعد سے ایران پر شدید دباؤ تھا۔

  • فیفا ویمن ورلڈ کپ 2019: امریکی خواتین ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    فیفا ویمن ورلڈ کپ 2019: امریکی خواتین ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    امریکی خواتین فٹبال ٹیم نے فرانس میں ہونے والے فیفا ویمن ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، یہ امریکا کی لگاتار دوسری اور سنہ 1991 سے اس ورلڈ کپ کا آغاز کیے جانے کے بعد چوتھی فتح ہے۔

    فرانس میں فیفا ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میں امریکی خواتین نے اپنے اعزاز کا شاندار دفاع کیا اور فائنل میں نیدر لینڈز کو 0-2 سے شکست دے کر ناقدین کے منہ بند کردیے۔

    میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے مسلسل حملے کیے مگر کامیابی نہ مل سکی۔ دوسرے ہاف میں امریکی ٹیم چھا گئی، کپتان میگن راپینو نے پینلٹی پر شاندار گول کیا۔

    انہترویں منٹ میں روز لیول نے دوسرا گول کر کے جیت پر مہر لگادی۔

     

    View this post on Instagram

     

    World champs—again!! To the amazing women of the #USWNT: Thank you for playing like girls. 🇺🇸

    A post shared by Hillary Clinton (@hillaryclinton) on

    اس سے قبل امریکی ٹیم ایک میچ میں 13 گول کر کے سوکر میچز کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔

    ورلڈ کپ کے دوران خواتین سوکر ٹیم کی اس کارکردگی پر جہاں ان کی تعریف کی جاتی رہی وہیں مختلف تنازعات بھی ان کے ساتھ ساتھ چلتے رہے۔

    امریکی ٹیم کی پلیئر میگن راپینو نے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں قومی ترانہ نہ گا کر بہت سے لوگوں کو خفا کردیا تھا۔ یہ حرکت انہوں نے اقلیتوں کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف بطور احتجاج کی۔

    وہ اس سے قبل سنہ 2016 میں بھی یہی عمل دہرا چکی ہیں جب وہ ایک میچ میں قومی ترانے کے دوران سیدھا کھڑے ہونے کے بجائے جھک گئیں، اس کا مقصد ملک میں نسلی بنیادوں پر ناانصافی اور منصوبہ بندی کے تحت استحصال کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔

    امریکی خواتین سوکر ٹیم اس سے قبل اپنے جائز معاوضوں کے لیے عدالتوں کے چکر لگانے کی وجہ سے پہلے ہی خبروں میں ہے۔

    رواں برس مارچ میں امریکی خواتین سوکر ٹیم نے یو ایس سوکر فیڈریشن پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے اپنا معاوضہ مرد سوکر پلیئرز کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں 28 خواتین پلیئرز کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کی جانب سے انہیں کہا گیا کہ ’کاروباری حقائق یہ ہیں کہ خواتین مردوں کے برابر معاوضے کی حقدار نہیں ہیں‘۔

    پلیئرز نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے مردوں کی ٹیم کے مقابلے میں زیادہ مقابلے کھیلے اور جیتے ہیں جبکہ ان کی وجہ سے فیڈریشن کے منافع میں بھی اضافہ ہوا، اس کے باوجود ان کے معاوضے مرد پلیئرز سے کم ہیں۔

    امریکا کی خواتین سوکر ٹیم نے اس سے قبل بھی کئی بار فیڈریشن سے یکساں معاوضوں کا مطالبہ کیا تھا تاہم ہر بار ان کا مطالبہ مسترد کردیا گیا۔ اب ورلڈ کپ جیتنے کے بعد دیکھنا یہ ہے کہ یہ ٹیم اپنا یکساں معاوضے کا حق حاصل کر سکے گی یا نہیں۔

    سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ٹیم کی کپتان کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ یہ مت بھولیں کہ یہ ٹیم یکساں معاوضے کے حق کے لیے لڑ رہی ہے۔ ان کی فتح تمام خواتین ایتھلیٹس کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔ میں ان کے ساتھ کھڑی ہوں‘۔

  • پاکستانی فٹبالر ہاجرہ خان نے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    پاکستانی فٹبالر ہاجرہ خان نے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان نے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا، وہ اس سے قبل بھی گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا چکی ہیں۔

    ہاجرہ نے دنیا کے طویل ترین فٹبال میچ میں حصہ لیا جو 69 گھنٹوں تک جاری رہا، ہاجرہ نے اس میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ یہ میچ فرانس میں ایکول پلیئنگ فیلڈ کی جانب سے کھیلا گیا جس میں 51 ممالک کی 807 خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

    اس پروگرام کا مقصد صنفی مساوات کے ذریعے خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام اور مختلف کھیلوں کے ذریعے دنیا بھر سے خواتین کو مواقع فراہم کرنا ہے۔

    پانچ روزہ فٹبال فیسٹیول میں ہاجرہ کے ہمراہ دیگر 3 پاکستانی خاتون فٹبالرز ابیہا حیدر، خدیجہ کاظمی اور صبا داؤد لاکھو نے بھی حصہ لیا۔ یہ میچ فیفا ویمن ورلڈ کپ 2019 کے دوران منعقد کیا گیا۔

    ہاجرہ خان نے اس میچ میں مسلسل ساڑھے 3 گھنٹوں تک کھیل کر 4 گولز اسکور کیے اور وہ یہ اسکور کرنے والی واحد پاکستانی فٹبالر بنیں۔

    ہاجرہ اس سے قبل اسی تنظیم کے تحت اردن کے بحر مردار کے ساحل پر سطح سمندر سے 420 میٹر نیچے کھیل کر، دنیا کی سب سے کم اونچائی والا فٹ بال میچ کھیلنے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر چکی ہیں۔

  • تنازعات کے باوجود امریکی خواتین سوکر ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں

    تنازعات کے باوجود امریکی خواتین سوکر ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں

    امریکا کی خواتین سوکر ٹیم ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھا کر فائنل میں پہنچ گئی، بہترین کارکردگی کے ساتھ ساتھ پلیئرز کی انجری کے مسائل اور مختلف تنازعات نے انہیں دنیا بھر کی نظروں کا مرکز بنا دیا ہے۔

    فرانس میں ہونے والے خواتین فٹبال ورلڈ کپ 2019 میں امریکی ٹیم نے حیران کن کارکردگی دکھا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ فائنل امریکا اور نیدر لینڈز کے درمیان 7 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

     

    View this post on Instagram

     

    Congrats to the #USWNT for earning that tea. On to the final! 🇺🇸

    A post shared by Hillary Clinton (@hillaryclinton) on

    امریکی خواتین کی ٹیم اس سے قبل ایک میچ میں 13 گول کر کے سوکر میچز کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔

    خواتین سوکر ٹیم کی اس کارکردگی پر جہاں ان کی تعریف کی جارہی ہے وہیں مختلف تنازعات بھی ان کے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔

    امریکی ٹیم کی پلیئر میگن راپینو نے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں قومی ترانہ نہ گا کر بہت سے لوگوں کو خفا کردیا تھا۔ یہ حرکت انہوں نے اقلیتوں کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف بطور احتجاج کی۔

    وہ اس سے قبل سنہ 2016 میں بھی یہی عمل دہرا چکی ہیں جب وہ ایک میچ میں قومی ترانے کے دوران سیدھا کھڑے ہونے کے بجائے جھک گئیں، اس کا مقصد ملک میں نسلی بنیادوں پر ناانصافی اور منصوبہ بندی کے تحت استحصال کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔

    امریکی خواتین سوکر ٹیم اس سے قبل اپنے جائز معاوضوں کے لیے عدالتوں کے چکر لگانے کی وجہ سے پہلے ہی خبروں میں ہے۔

    رواں برس مارچ میں امریکی خواتین سوکر ٹیم نے یو ایس سوکر فیڈریشن پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے اپنا معاوضہ مرد سوکر پلیئرز کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں 28 خواتین پلیئرز کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کی جانب سے انہیں کہا گیا کہ ’کاروباری حقائق یہ ہیں کہ خواتین مردوں کے برابر معاوضے کی حقدار نہیں ہیں‘۔

    پلیئرز نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے مردوں کی ٹیم کے مقابلے میں زیادہ مقابلے کھیلے اور جیتے ہیں جبکہ ان کی وجہ سے فیڈریشن کے منافع میں بھی اضافہ ہوا، اس کے باوجود ان کے معاوضے مرد پلیئرز سے کم ہیں۔

    امریکا کی خواتین سوکر ٹیم نے اس سے قبل بھی کئی بار فیڈریشن سے یکساں معاوضوں کا مطالبہ کیا تھا تاہم ہر بار ان کا مطالبہ مسترد کردیا گیا۔

    اب جبکہ یہ ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے اور اس کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اس کی فتح کا اندازہ لگانا مشکل نہیں، تو انہیں امید ہے کہ اس بار وہ یہ مقدمہ ضرور جیتیں گی اور اپنا یکساں معاوضے کا حق حاصل کر کے رہیں گی۔