Tag: فٹبال

  • عراق میں رونالڈو کا ہم شکل میدان میں آگیا، لوگ حیران رہ گئے

    عراق میں رونالڈو کا ہم شکل میدان میں آگیا، لوگ حیران رہ گئے

    بغداد: مقبول ترین فٹ بالر رونالڈو کا دو نمبر میدان میں آ گیا، عراق کا نوجوان رونالڈو کا ہم شکل نکل آیا، لوگ حیران کن مشابہت دیکھ کر دنگ رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر آفاق پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا ایک ہم شکل عراق میں نکل آیا ہے جسے دیکھ کر مداح حیران رہ گئے، اس کی شکل، اسٹائل، اور چلنا رونالڈو سے ملتے ہیں لیکن اس کا بینک بیلنس رونالڈو جیسا نہیں ہے۔

    عراقی شہری 25 سالہ عبد اللہ اور رونالڈو میں اتنی مشابہت ہے کہ اصل اور نقل کی پہچان کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

    یہ بھی دیکھیں:  پاکستانی ویٹر گیمز آف تھرونز اسٹار ٹیرون لینسٹر کا ہم شکل نکلا

    دل چسپ بات یہ ہے کہ سپر اسٹار سے مشابہت نے عراقی نوجوان کو اسٹار بنا دیا ہے، عبد اللہ نامی نوجوان جب بھی گھر سے نکلتا ہے تو سیلفیوں کے لیے مداحوں کا رش لگ جاتا ہے۔

    عبد اللہ نے بتایا کہ وہ پرتگالی اسٹار رونالڈو کا بہت بڑا فین ہے، تاہم وہ کسی فٹ بال کلب میں نہیں کھیلتا بلکہ شعبہ تعمیرات میں کام کرتا ہے۔

    یہ بھی دیکھیں:  ممتاز فٹ بالر محمد صلاح‌ کا ہم شکل سامنے آگیا، تصاویر وائرل

    نوجوان بیوار عبد اللہ شمالی عراق کے علاقے اربل سے 110 کلومیٹر دور واقع شہر سُرن کا رہائشی ہے، تاہم اس نے امید ظاہر کی ہے کہ ہزاروں کلو میٹر دور اطالوی کلب کے لیے کھیلنے والے رونالڈو کے ساتھ اس کی ملاقات ہوگی۔

  • اسپین کے لیجنڈری فٹبالر کارلوس پیول کراچی پہنچ گئے

    اسپین کے لیجنڈری فٹبالر کارلوس پیول کراچی پہنچ گئے

    کراچی: اسپین کی قومی فٹبال ٹیم اور مشہور کلب ایف سی بارسلونا کے لیجنڈری فٹبالر کارلوس پیول کراچی پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہسپانوی کھلاڑی اور بارسلونا کے سابق کپتان کارلس پیول کراچی پہنچ گئے، اسٹار فٹبالر کراچی میں ورلڈ ساکراسٹارز کے میچز کی پروموشن کریں گے۔

    اسپین کے لیجنڈری فٹبالر آج شام کراچی کے نجی شاپنگ مال میں فینز سے ملاقات اور ٹکٹ کی فروخت کریں گے۔

    کارلوس پیول نے دورہ پاکستان کے حوالے سے چار روز قبل اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’کراچی ! میں آپ سب کو دیکھنے کے لیے پُرعزم اور پاکستانی مداحوں سے ملاقات کے لیے پرجوش ہوں’۔

    اسٹار فٹبالر کا کہنا تھا کہ ’ورلڈ سوکرز اسٹار فٹبال کا انعقاد جشن منانے کا شاندار موقع فراہم کررہا ہے، پاکستان میں فٹبال دوسرا ابھرتا ہوا کھیل ہے‘۔

    یاد رہے کہ ورلڈ سوکرز اسٹارز ایونٹ کے تحت کراچی میں دو میچز 27 اور 28 اپریل کو کھیلے جائیں گے جس میں دنیائے فٹبال کے نامور کھلاڑی بھی اپنے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

    میچوں کے دوران مشہور امریکی گلوکار ایکون کے میوزیکل پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جائے گا، انہوں نے بھی پاکستان آنے کا اعلان کررکھا ہے۔

  • اسٹار فٹبالر کا کراچی میں پی ایس ایل فائنل دیکھنے کا اعلان

    اسٹار فٹبالر کا کراچی میں پی ایس ایل فائنل دیکھنے کا اعلان

    کراچی: اسٹار فٹبالر اور بارسلونا کے سابق کپتان کارلوس پیول نے کراچی میں پاکستان سپرلیگ کا فائنل دیکھنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹبالر کارلوس پیول کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھیں گے، ملک میں انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی پر نیک تنماؤں کا اظہار بھی کیا۔

    کارلوس پیول کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آرہی ہے بہت جلد انٹرنیشنل فٹبال بھی پاکستان میں ہوگی۔

    اسٹار فٹبالر پی ایس ایل فائنل کے دوران ورلڈ ساکراسٹارز کی ٹکٹوں کی فروخت کا بھی آغاز کریں گے۔انہوں نے ملک میں انٹرنیشنل فٹبال کے لیے بھی روشن مستقبل کی نوید سنائی ہے۔

    دوسری جانب صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا فائنل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا، کہتے ہیں کہ اگلا پی ایس ایل پاکستان میں ضرور ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے گذشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی بھی موجود تھے۔

    پی ایس ایل فور کا فائنل دیکھنے ضرور آؤں گا، صدرعارف علوی

    خیال رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کے دوسرے ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 48 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، فائنل میں زلمی کا مقابلہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

  • لیژر لیگز کا شمالی علاقوں ہنزہ، گلگت اور گیزر میں آغاز ہو گیا

    لیژر لیگز کا شمالی علاقوں ہنزہ، گلگت اور گیزر میں آغاز ہو گیا

    گلگت: پاکستان کے شمالی علاقوں ہنزہ، گلگت اور گیزر میں لیژر لیگز نے بہ یک وقت ہفتہ وار لیگز کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خوب صورت شمالی علاقوں میں لیژر لیگز کا آغاز ہو گیا ہے، ہنزہ، گلگت اور گیزر میں برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    [bs-quote quote=”نیشنل چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم کو آئی ایس ایف اے ورلڈ کپ میں بھی کھیلنے کا سنہری موقع حاصل ہوگا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    مقامی کھلاڑی برف سے ڈھکی ہوئی وادیوں میں لیژر لیگز کے مقابلوں سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

    لیژر لیگز نے نادرن ایریاز کے کھلاڑیوں کو نہ صرف فٹ بال کی سرگرمیوں کی جانب راغب کیا ہے بلکہ کھلاڑیوں کے لیے لیژر لیگز نیشنل چیمپئن شپ کھیلنے کا موقع بھی فراہم کر دیا ہے۔

    نیشنل چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم کو آئی ایس ایف اے ورلڈ کپ میں بھی کھیلنے کا سنہری موقع حاصل ہوگا، جو اکتوبر 2019 میں یونان میں کھیلا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوابی: آٹھویں واٹر کراس جیپ ریس میں خواتین ڈرائیورز نے سب کو حیران کر دیا

    خیال رہے کہ شمالی علاقوں کے کھلاڑیوں کو ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے لیکن ٹرنک والا فیملی نے لیژر لیگز کے ذریعے برف پوش علاقوں سے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی دھارے میں شامل کرنے کے کام یاب اقدامات کر دیے ہیں۔

    ہنزہ، گلگت اور گیزر میں 8,8 ٹیموں کی لیگز کا انعقاد کیا جائے گا، لیگز میں ہر ٹیم اپنے گروپ میں 14,14 میچز کھیلے گی جو ہفتہ وار ہوں گے، مقابلے ساڑھے تین ماہ جاری رہیں گے۔

  • مردوں کی فٹبال ٹیم کے لیے خاتون کوچ مقرر

    مردوں کی فٹبال ٹیم کے لیے خاتون کوچ مقرر

    دمشق: مشرق وسطیٰ کے جنگ زدہ ملک شام میں مردوں کی فٹبال ٹیم کے لیے خواتین کوچ کا تقرر کردیا گیا جسے ترقی پسند حلقوں میں پذیرائی کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔

    ماہا جینڈ خود بھی شامی خواتین فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی رہ چکی ہیں۔ ایک میچ میں انجری کے بعد بطور کھلاڑی ان کا کیریئر اختتام پذیر ہوگیا جس کے بعد انہوں نے بطور کوچ کام شروع کردیا۔

    اب حال ہی میں انہیں شام کے سب سے بڑے فٹبال کلب کی ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے، اس ٹیم کے لیے وہ بطور اسسٹنٹ کوچ بھی اپنے فرائض انجام دے چکی ہیں۔

    ماہا مشرق وسطیٰ کی وہ پہلی خاتون بن گئی ہیں جو مردوں کی کسی اسپورٹس ٹیم کی کوچنگ کر رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ شاید انہیں اس لیے بھی آسانی سے قبول کرلیا گیا کہ وہ خود بھی اسی کلب کا حصہ رہ چکی ہیں۔

    ٹیم کے ایک کھلاڑی کا کہنا ہے کہ شروع میں انہیں عجیب لگتا تھا کہ ایک خاتون ان کی کوچنگ کر رہی ہیں، لیکن پھر وہ اس کے عادی ہوگئے۔

    ماہا کے ٹیم کا کوچ مقرر ہونے کے بعد یہ ٹیم 10 میں سے 8 لیگ میچز میں فتح حاصل کرچکی ہے، جبکہ بقیہ 2 میچز بھی برابر ہوگئے۔

    ان کا تقرر کرنے والے کلب کے ٹیکنیکل مینیجر کہتے ہیں کہ ماہا کا تقرر شام میں فٹ بال اور خواتین دونوں کی ترقی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

  • برفانی بھالوؤں نے کیمرے کو فٹبال بنا لیا

    برفانی بھالوؤں نے کیمرے کو فٹبال بنا لیا

    برفانی علاقوں اور دور دراز جنگلات میں جنگلی حیات کی زندگیوں کو فلمبند کرنے والے اکثر فوٹو گرافرز کے ساتھ غیر متوقع صورتحال بھی پیش آجاتی ہے۔

    بعض اوقات انہیں جانوروں کے غصے کا شکار ہو کر اپنے ساز و سامان سے ہاتھ دھو پڑتا ہے تو کبھی ان کا ساز و سامان جانوروں کا کھلونا بن جاتا ہے۔

    ایسا ہی کچھ برطانوی فوٹو گرافر کے ساتھ بھی ہوا جس کا کیمرا برفانی بھالوؤں کی فٹبال بن گیا۔

    یہ اسنو بال کیمرا برفانی بھالوؤں کی زندگی کے لمحات ریکارڈ کرنے کے لیے لے جایا گیا تاہم یہ بھالوؤں کے ہتھے چڑھ گیا اور بھالو اس سے فٹبال کھیلنے لگے۔

    اس دوران ان کی لڑائیاں بھی ہوتی رہیں جو کیمرے میں ریکارڈ ہوگئیں۔

    یاد رہے کہ عالمی درجہ حرارت میں تیز رفتار اضافے اور تبدیلیوں یعنی گلوبل وارمنگ کی وجہ سے دنیا میں موجود برفانی علاقوں کی برف تیزی سے پگھل رہی ہے۔

    برفانی بھالو چونکہ برف کے علاوہ کہیں اور زندہ نہیں رہ سکتا لہٰذا ماہرین کو ڈر ہے کہ برف پگھلنے کے ساتھ ساتھ اس جانور کی نسل میں بھی تیزی سے کمی واقع ہونی شروع ہوجائے گی اور ایک وقت آئے گا کہ برفانی ریچھوں کی نسل معدوم ہوجائے گی۔

    مزید پڑھیں: کیا ہم برفانی بھالوؤں کو کھو دیں گے؟

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر برف پگھلنے کی رفتار یہی رہی تو اگلے 15 سے 20 سالوں میں قطب شمالی سے برف کا مکمل طور پر خاتمہ ہوجائے گا جس سے برفانی بھالوؤں سمیت دیگر برفانی جانوروں کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔

    ماہرین کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث بھالوؤں کی رہائش کے علاقوں اور خوراک میں بھی کمی آرہی ہے۔ سمندری آلودگی کے باعث دنیا بھر کے سمندروں میں مچھلیوں کی تعداد کم سے کم ہوتی جارہی ہے جو ان بھالوؤں کی اہم خوراک ہے۔

  • کم عمری میں شادی، فٹبال سیکھنے والی لڑکیوں نے علمِ بغاوت بلند کردیا

    کم عمری میں شادی، فٹبال سیکھنے والی لڑکیوں نے علمِ بغاوت بلند کردیا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست راجستھان کی کم عمر لڑکیوں کے لیے فٹبال کا کھیل مسیحا ثابت ہوا کیونکہ انہوں نے اب فرسودہ رسم کے خلاف اپنی آواز بلند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے اجمیر کی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کی پیدائش کے ساتھ ہی کسی کے ساتھ بھی شادی طے کردی جاتی تھی۔

    ظالمانہ رواج کے خلاف کوئی بھی آواز بلند نہیں کرسکتا تھا اور نہ ہی کسی نے اس فرسودہ رسم سے کم عمر بچیوں کو نجات دلائی تھی مگر اب اجمیر کی لڑکیوں کے لیے فٹبال کا کھیل مسیحا ثابت ہورہا ہے۔

    مزید پڑھیں: نیپال میں ہندو پجاری کم عمری کی شادیوں کے خلاف ڈٹ گئے

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق راجستھان کی سیکڑوں لڑکیوں نے فٹبال کی تربیت حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کروائی جس کے دوران اُن کے اندر اعتماد پیدا ہوا اور انہوں نے اپنا حق مانگنا شروع کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق فٹبال کی تربیت حاصل کرنے والی لڑکیاں اب پراعتماد ہوگئی ہیں اور وہ اپنی برادری میں موجود پنجائیت کے فیصلے کو مسترد بھی کردیتی ہیں۔

    فٹبال کی تربیت حاصل کرنے والی لڑکی نیشا گجر اور کرن کی عمریں بالترتیب 10 اور 12 برس ہیں، دونوں لڑکیوں کی شادی پیدائش کے ساتھ ہی طے کردی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت: 6 سالہ بچی کی ادھیڑ عمر شخص سے زبردستی شادی

    اسے بھی پڑھیں: بنگلہ دیشی طالبات کم عمری کی شادیاں روکنے کے لیے متحرک

    راجستھان کی یہ برادری پیدائش کے ساتھ ہی کمسن لڑکیوں کو دلہن بنادیتی ہے مگر اب یہ فرسودہ رسم ختم ہونے جارہی ہے کیونکہ سب سے پہلے پنجائیت کے سامنے دو فٹبالرز نے اپنے حق میں آواز بلند کی جس کو دیکھتے ہوئے مزید لڑکیوں کو حوصلہ ملا۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 برسوں کے دوران سیکڑوں بچیوں نے فٹبال کی تربیت حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کروائی جس کے بعد انہیں نیا حوصلہ اور عزم ملا اور انہوں نے اپنے والدین کے سامنے مطالبہ رکھا کہ تعلیم مکمل ہونے کے بعد ہی وہ شادی کریں گی۔

    رپورٹ کے مطابق فٹبال سیکھنے والی کچھ لڑکیاں ایسی بھی ہیں جن کی عمر 18 برس ہوگئی مگر انہوں نے رخصت ہونے سے صاف انکار کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اجمیر اور اسے کے قرب و جوار میں واقع علاقوں میں ہی سب سے زیادہ کم عمر بچیوں کی شادیاں کروائی جاتی تھیں۔

  • پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا ڈیم فنڈ میں 12 لاکھ روپے کا عطیہ

    پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا ڈیم فنڈ میں 12 لاکھ روپے کا عطیہ

    اسلام آباد: پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے بھی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے قائم کردہ ڈیم فنڈ میں 12 لاکھ رپے کا عطیہ دے دیا، چیف جسٹس نے یہ فنڈ پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کے قائم کردہ ڈیم فنڈ میں ملک بھر کے عوام اور اداروں کی جانب سے عطیات جمع کرنے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ فٹ بال فیڈریشن نے بھی اپنا حصہ شامل کر دیا۔

    پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے وائس پریذیڈنٹ سردار نوید حیدر کی سربراہی میں ایک وفد نے میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی، ملاقات میں فیڈریشن کی جانب سے چیف جسٹس کو چیک دیا گیا۔ اس موقع پر فٹ بال ٹیم بھی موجود تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  ڈیم فنڈز : پاک فوج عطیات دینے والوں میں سرِ فہرست


    وفد نے چیف جسٹس کو بتایا کہ فٹ بال ٹیم نے بنگلا دیش میں منعقدہ ساؤتھ ایشیا فٹ بال فیڈریشن کپ 2018 میں انعامی رقم جیتی، فیڈریشن اور کھلاڑیوں نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ یہ انعامی رقم سپریم کورٹ کے ڈیم فنڈ میں عطیہ کی جائے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے ڈیم فنڈ کے لیے چیک وصول کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ اب تک سپریم کورٹ کی جانب سے قائم ڈیم فنڈ میں پاک فوج عطیات دینے والوں میں سرِ فہرست ہے، پاک فوج کی جانب سے 58 کروڑ سے زائد رقم جمع کرائی جا چکی ہے۔

  • فٹبال کے ذریعے خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم ۔ افغانستان کی خالدہ پوپل

    فٹبال کے ذریعے خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم ۔ افغانستان کی خالدہ پوپل

    کابل: ایک ایسا ملک جہاں خواتین کے گھر سے باہر قدم رکھنے کو ’گناہ‘ سمجھا جاتا ہو، وہاں ایک لڑکی کے گھر سے باہر نکلنے، اس کے میدان تک جانے، وہاں فٹبال کھلینے، اور پھر اسے معیوب خیال نہ کرنے کے جرم کو آپ کیا نام دیں گے؟

    آپ چاہے اسے جو بھی کہیں، لیکن افغانستان میں ایسی ہی ایک لڑکی کے لیے ’طوائف‘ کا لفظ استعمال کیا گیا، اور خالدہ پوپل اس لفظ کو سننے کی اس قدر عادی ہوچکی ہیں کہ اب انہیں اس لفظ سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

    خالدہ کو یہ لقب ان کے فٹبال کھیلنے کے جرم کی پاداش میں ملا ہے۔ وہ افغانستان میں 2007 میں تشکیل دی جانے والی پہلی خواتین فٹبال ٹیم کی کپتان ہیں اور فی الحال اپنے ملک سے دور جلا وطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔

    اپنے بچپن کے بارے میں بتاتے ہوئے خالدہ کہتی ہیں، ’مجھے فٹبال کھیلنے کی تحریک میری والدہ نے دی۔ وہ ایک روشن خیال خاتون تھیں اور انہوں نے ہمیشہ میری غیر نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی‘۔

    kahlida-2

    خالدہ کو کھیلنے کے لیے فٹبال اور جوتوں کی پہلی جوڑی ان کی والدہ نے ہی اپنی جمع پونجی سے خرید کر دی۔

    اپنے بچپن میں وہ اپنے خاندان کی دیگر لڑکیوں کے ساتھ گھر کے صحن میں ہی فٹبال کھیلا کرتیں۔ لیکن ابھی وہ گھر سے باہر جا کر بلندیوں کی طرف اڑان بھرنے کا سوچ ہی رہی تھیں کہ افغانستان میں طالبان داخل ہوگئے اور ظلم و جہالت کا ایک نیا دور شروع ہوگیا۔

    کھلی فضاؤں میں سانس لینے کی غرض سے خالدہ کچھ عرصہ کے لیے اپنے والدین کے ساتھ سرحد پار کرکے پشاور میں مقیم ہوگئی۔ وہ اس انتظار میں تھے کہ کب طالبان ان کا ملک چھوڑیں اور وہ واپس جا کر نئے سرے سے اپنی زندگی کا آغاز کریں۔

    وطن واپسی کے بعد، جب دارالحکومت کابل میں طالبان کا زور کچھ کم تھا، خالدہ اور ان کی والدہ نے لڑکیوں کے اسکولوں میں فٹبال اور دیگر کھیلوں کے کلب قائم کرنے کی تحریک شروع کی۔ اسکولوں میں ان کلبز کے قیام کے بعد افغانستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سے ملاقات کی گئی اور ان سے خواتین کی فٹبال ٹیم تشکیل دینے کی درخواست کی گئی۔

    مزید پڑھیں: ریو اولمپکس میں شریک پہلی بلوچ خاتون ایتھلیٹ

    خوش قسمتی سے اس وقت کے افغانستان فٹبال فیڈریشن کے صدر کریم الدین کریم نے اس تجویز کو قابل عمل سمجھا اور افغانستان کی پہلی خواتین فٹبال ٹیم تشکیل پائی۔

    اس ٹیم نے جس میں صرف 4 لڑکیاں موجود تھیں، ابتدا میں مالی مشکلات کے باوجود اپنا سفر جاری رکھا۔ ٹیم میں شامل کھلاڑی روشن خیال اور مہذب خاندانوں سے تعلق رکھتی تھیں اور انہیں اپنے والدین اور خاندان کی پوری حمایت حاصل تھی۔ کچھ ایسی بھی تھیں جنہیں فٹبال کا شوق تھا لیکن خاندان سے اجازت نہ ملنے کے باعث وہ اپنے گھروں کو چھوڑ آئی تھیں۔

    افغانیوں کے لیے اس بات کو تسلیم کرنا ذرا مشکل تھا۔

    افغانستان سے طالبان کا کنٹرول ختم ہونے کے باوجود ان کی سوچ لوگوں میں سرائیت کر چکی تھی اور لڑکیوں کا کھیلوں کے شعبہ میں جانا انتہائی برا خیال کیا جاتا تھا۔

    مزید پڑھیں: صنفی تفریق کو للکارتی مصر کی خواتین بائیکرز

    خالدہ پوپل بتاتی ہیں، ’فٹبال کیریئر شروع کرنے کے بعد مجھے اپنے اسکول میں شدید تفریق کا سامنا کرنا پڑا۔ میرے استاد مجھے کلاس سے باہر نکال دیتے تھے صرف اس لیے کیونکہ میں فٹبال کھیلتی تھی۔ مجھے اعتراض تھا کہ اگر مرد فٹبال کھیل سکتے ہیں تو ہم خواتین کیوں نہیں‘۔

    وہ بتاتی ہیں، ’لوگ ہم پر کچرا اور پتھر پھینکا کرتے تھے کیونکہ ہم فٹبال کھیلتی تھیں‘۔

    کچھ عرصہ بعد خالدہ نے فٹبال کو خواتین کی خود مختاری پر آواز بلند کرنے کے لیے علامتی طور پر استعمال کرنا شروع کردیا۔ وہ کہتی ہیں، ’فٹبال میرے لیے خواتین کے ایک بنیادی حق کی حیثیت اختیار کرگیا۔ اگر مرد اس قسم کے چھوٹے چھوٹے فیصلوں میں خود مختار ہیں، کہ انہیں کہاں جانا ہے، کیا بننا ہے، کیا کھیلنا ہے تو خواتین کیوں نہیں‘۔

    k3

    وہ بتاتی ہیں، ’طالبان کے دور میں افغان خواتین بھول گئیں کہ وہ انسان بھی ہیں۔ کیونکہ معاشرے نے انہیں انسان سمجھنا چھوڑ دیا۔ خواتین پر طالبان کے قوانین کی خلاف ورزی پر سرعام تشدد کیا جاتا تو بھلا کون انسان ایسے سلوک کا حقدار ہے‘۔

    سنہ 2011 میں خالدہ نے بے تحاشہ دھمکیوں کے بعد بالآخر افغانستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے خاندان اور زندگی کے درمیان ایک چیز کا انتخاب کیا اور ملک اور خاندان کو مجبوراً چھوڑ دیا۔

    اب وہ دنیا بھر میں خواتین کی فٹبال کے لیے کام کر رہی ہیں۔ وہ خواتین کی خود مختاری کے لیے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این وومین سمیت کئی اداروں کی رکن بن چکی ہیں اور اپنی جدوجہد کی داستان سنا کر دنیا کو مہمیز کرتی ہیں۔

    وہ کہتی ہیں، ’میری آواز دنیا کی ان تمام خواتین کے لیے بلند ہوگی جو ظلم و جبر کی چکی میں پس کر اپنے انسان ہونے کی شناخت بھی بھول چکی ہیں۔ میں پہلے انہیں ان کی یہ شناخت واپس دلاؤں گی اس کے بعد ان کی شخصیت کی تعمیر کرنے میں ان کی مدد کروں گی‘۔

  • فیفا کا جنون، کینگرو بھی میدان میں آگیا، ویڈیو دیکھیں

    فیفا کا جنون، کینگرو بھی میدان میں آگیا، ویڈیو دیکھیں

    کینبیرا: آسٹریلیا کے کینگرو نے اسٹیڈیم میں فٹبال میچ میں حصہ لے کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھ کر سب دنگ رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ  2018 کا جنون ہر طرف سوار ہے اور دنیا بھر میں فٹبال کے شوقین افراد اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کو سپورٹ بھی کررہے ہیں مگر آسٹریلیا کا کینگرو بھی اس کھیل کا دلدادہ نکلا۔

    آسٹریلیا کے شہر کینبیرا میں مقامی ٹیموں کے مابین فٹبال میچ جاری تھا کہ اسی دوران کینگرو اچھلتا کودتا میدان میں آگیا اور اُس نے گول پر اپنی پوزیشن سنبھال لی۔

    کینگرو کی میدان میں آمد کے ساتھ میچ کو روکنا پڑا مگر اُس نے گول کے پاس جاکر اپنی پوزیشن سنبھالی اور کھلاڑیوں کو دیکھنے لگا، اسی دوران منتظمین اُسے بھگانے کے لیے فٹبال پھینکی مگر وہ اپنی جگہ پر رہا اور پھر گراؤنڈ میں لیٹ گیا۔

    یہ بھی دیکھیں: میچ کے دوران کینگرو میدان میں داخل، ویڈیو وائرل

    کچھ دیر وقفے کے بعد منتظمین نے کینگرو کو پکڑنے اور اُسے گراؤنڈ سے باہر نکالنے کی کوشش کی مگر اُس نے اسٹیڈیم میں دوڑ لگا دی، کئی منٹوں کی تگ و دو کے بعد جب کینگرو کا دل بھر گیا تو وہ خود اسٹیڈیم سے باہر کی طرف روانہ ہو گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔