Tag: فٹنس ٹیسٹ

  • پاکستان کے 4 کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

    پاکستان کے 4 کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

    انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میچ میں بدترین شکست کے بعد دوسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کے 4 کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جن کرکٹرز کو فٹنس ٹیسٹ کے لئے طلب کیا گیا ہے ان میں کامران غلام، زاہد محمود، امام الحق اور نعمان علی شامل ہیں۔ چاروں کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ آج ہوں گے۔

    یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ کے اسکواڈ سے نعمان علی اور زاہد محمود کو ریلیز کیا گیا تھا، دونوں کھلاڑی فٹنس کے مطلوبہ معیار پر بھی پورے نہیں اترے تھے۔

    ذرائع کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہونے والے ابرار احمد اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگ اور 47 رنز سے شکست دی تھی۔

    دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں تاریخ کی بدترین ناکامی کے بعد دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا، پاکستان کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 15 اکتوبر سے ملتان اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا تاہم پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی بدترین ناکامی کے بعد دوسرے میچ کے لیے قومی اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔

  • ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ دو دنوں میں 35 سے زائد کھلاڑیوں کے ویڈیوز کے ذریعے فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ویڈیوز کے ذریعے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    خواجہ جنید نے بتایا کہ 3 ہفتوں کی فٹنس ٹریننگ کے بعد 2 دنوں میں 35 سے زائد کھلاڑیوں کی فٹنس کا ویڈیوز کے ذریعے جائزہ لیا گیا۔

    قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ خوشی ہے مشکل اور محدود حالات میں کھلاڑیوں نے فٹنس پر کام کیا، ابتدائی رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں کا فٹنس لیول برقرار رکھنا خوش آئند ہے۔

    خواجہ جنید نے کہا کہ کھلاڑیوں کو روزوں کے دوران نیا فٹنس پلان دیا جائے گا، تفصیلی رپورٹ بنائی جا رہی ہے جس کے بعد کھلاڑیوں کو پلان دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو روزوں کے دوران سختی سے ڈائٹ پلان پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • پی سی بی کی جانب سے صوبائی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    پی سی بی کی جانب سے صوبائی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے قومی و صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فٹنس ٹیسٹ کیے جا رہے تھے، قومی کے بعد صوبائی کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ بھی مکمل ہو گئے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹرینرز فٹنس ٹیسٹ رپورٹس شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ اور چیف سلیکٹر کو بھجوائیں گے، ٹرینرز اور صوبائی کوچز نے محدود مواقع کے باوجود کھلاڑیوں کے فٹنس پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کی فٹنس برقرار ہے، شان مسعود، امام الحق، بابر اعظم، سرفراز احمد کا فٹنس لیول بہترین ہے، اظہر علی، اسد شفیق، محمد عباس کا فٹنس لیول بھی عمدہ قرار دیا گیا ہے جب کہ عماد وسیم، حسن علی اور محمد عامر کی فٹنس میں بہتری نظر آئی۔

    قومی کرکٹرز کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے

    اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک نے آن لائن ایپ کے ذریعے ٹیسٹ کی نگرانی کی، ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو پش اپس، سٹ اپس، چن اپس اور جمپنگ کرنا تھی۔

    یاسر شاہ، عابد علی اور شاہین آفریدی نے آیندہ ہفتے ٹیسٹ کی درخواست کی تھی، ٹیم انتظامیہ نے تینوں کھلاڑیوں کی درخواست قبول کر لی تھی، جس پر ان کھلاڑیوں کے ٹیسٹ آیندہ ہفتے ہوں گے۔

  • پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج ہوں گے

    پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج ہوں گے

    لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج ہوں گے، قومی ہاکی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے لیے جائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ہاکی ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کا پلان بھجوا دیا ہے، یہ ٹیسٹ آج ہوں گے، ٹیسٹ میں لینجز، موڈیفائیڈ پلنک اور پش اپس شامل ہوں گے۔

    برپیز، باڈی اسکواٹس اور جمپنگ اسکواٹس بھی اس فٹنس ٹیسٹ کا حصہ ہوں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پہلے روز 15 کھلاڑیوں کے ویڈیو ٹیسٹ لیے جائیں گے، مجموعی طور پر 48 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔

    قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایک ایک منٹ کی ویڈیو بنا کر بھجوانے کا کہا گیا ہے، فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے پر کھلاڑیوں کو رمضان کا ٹریننگ پلان دیں گے۔

    کرونا وائرس : سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کرونا وائرس وبا کی وجہ سے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا تھا، 11 اپریل سے 18 اپریل تک ملائیشیا کے شہر ایپو میں یہ ٹورنامنٹ کھیلا جانا تھا، جس میں پاکستان ہاکی ٹیم نے بھی شرکت کرنا تھی۔ منتظمین نے کھلاڑیوں کی حفاظت کے پیش نظر اس ایونٹ کو ملتوی کر دیا ہے اور اب یہ ایونٹ 24 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    رواں سال کا مینز ہاکی جونیئر ایشیا کپ بھی کرونا وبا کی وجہ سے منسوخ کیا جا چکا ہے، ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق یہ کپ بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکا میں 4 جون سے 12 جون تک 10 ٹیموں کے درمیان شیڈول تھا۔

  • آن لائن فٹنس ٹیسٹ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا: اظہر علی

    آن لائن فٹنس ٹیسٹ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا: اظہر علی

    لاہور: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ آن لائن فٹنس ٹیسٹ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا، لاک ڈاؤن میں بھی فٹنس کا خیال رکھنا لازمی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کپتان اظہر علی نے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کی بحالی کی خبریں سن رہے ہیں، اس سے بہت فائدہ ہوگا، پی سی بی نے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کا اعلان کیا ہے، یہ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا۔

    اظہر علی کا کہنا تھا طویل وقفے کے بعد کرکٹ میں واپسی مشکل ہوگی، ہم اپنے طور پر کوشش کر رہے ہیں کہ خود کو فٹ اور متحرک رکھ سکیں، کوشش کریں گے کچھ پریکٹس میچز ہو جائیں،ہمیں معلوم نہیں یہ وقفہ کتنا طویل ہوگا۔

    انھوں نے کہا لاک ڈاؤن میں جو لوگ بلا وجہ باہر نکل رہے ہیں ان پر افسوس ہے، صرف دوسروں نہیں اپنے آپ سے بھی بچنے کی ضرورت ہے، بلاوجہ باہر نکلنے کی بجائے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاریں۔

    کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ٹریننگ کرا رہے ہیں: مصباح الحق

    اظہر علی نے کہا قومی ٹیسٹ ٹیم کے حوالے سے مطمئن ہوں، آسٹریلیا کا دورہ بہتر آغاز نہیں تھا، بنگلادیش اور سری لنکا کے خلاف فتوحات خوش آیند ہیں، وہاب ریاض، محمد عامر نے بہت عرصہ پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، سینئر کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملا، نوجوان فاسٹ بولرز نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، امید ہے 6 سے 8 ماہ میں بہترین بولنگ اٹیک بن جائے گا۔

    کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم کا کہنا تھا پاکستان کو کافی عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ کم مل رہی ہے، پاکستان کو سال میں زیادہ سے زیادہ 10 ٹیسٹ میچز ملتے ہیں، امید ہے ان میں مزید کمی نہیں ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر اپنے مؤقف پر قائم ہوں، پی ایس ایل نہ کھیلنے کا دکھ ہے، لیکن فرنچائز پر منحصر ہے کہ وہ کس کھلاڑی کا انتخاب کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں پی سی بی نے کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان کیا ہے، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ 20 اور 21 اپریل کو وڈیو لنک کے ذریعے لیے جائیں گے، ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو ایک منٹ میں 60 پش اپ اور 50 سٹ اپ لگانے ہوں گے۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ، کھلاڑی بیمار پڑگئے

    قومی کرکٹ ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ، کھلاڑی بیمار پڑگئے

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری ہے۔ بیماری اور انفیکشن کے باعث عثمان شنواری، اظہر علی، اسد شفیق اور محمد رضوان کا ٹیسٹ نہیں ہوسکا۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ دو روز تک لیے جائیں گے جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس کا مختلف زاویوں سے جائزہ لیا جائے گا۔

    ٹائیفائیڈ کے باعث فاسٹ بولرعثمان شنواری کا ٹیسٹ دوسرے مرحلے میں ہوگا۔ جبکہ وائرل انفیکشن کے باعث اظہر علی، اسد شفیق اور محمد رضوان کے ٹیسٹ بھی بعد میں لیےجائیں گے۔

    پی سی بی کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے کرکٹرز پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

    قومی کرکٹ ٹیم کے 2 روزہ فٹنس ٹیسٹ کا آغاز ہوگیا ہے اور اب غیر معیاری فٹنس رکھنے کھلاڑیوں پر جرمانہ بھی ہوگا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پہلے روز 10 کرکٹرز نے رپورٹ کی۔ ٹرینر یاسر ملک نے بابراعظم، حارث سہیل، سرفراز احمد، امام الحق، محمد عباس، شاہین آفریدی، شان مسعود، عابد علی، عماد وسیم اور یاسر شاہ کی فٹنس کا جائزہ لیا۔

    جبکہ محمد عامر، وہاب ریاض اور شاداب خان بنگلادیش پریمیئر لیگ سے واپسی پر 20 جنوری کو ٹیسٹ دیں گے۔

    فخر زمان اور حسن علی کا فٹنس ٹیسٹ میڈیکل رپورٹس کلئیر آنے پر ہوگا جس کرکٹرکی فٹنس مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہوگی اس کی تنخواہ میں سے 15 فی صد کٹوتی ہوگی۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ مکمل ہوگئے

    قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ مکمل ہوگئے

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ مکمل ہوگئے، فٹنس ٹیسٹ دو گروپس میں لیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ مکمل ہوگئے ہیں، نان سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ جاری ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے گروپ میں وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹاپ کیا ہے، انہوں نے یویو ٹیسٹ میں 19.2 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

    ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق اور شان مسعود نے بھی یویو ٹیسٹ پاس کرلیا ہے، دونوں کھلاڑیوں نے 19.1 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

    ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کل تک جاری رہیں گے۔

    مزید پڑھیں: پری سیزن کیمپ، پی سی بی نے 20 کھلاڑیوں کو این سی اے طلب کرلیا

    واضح رہے کہ پری سیزن کیمپ اور فٹنس ٹیسٹ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 20 کھلاڑیوں کو این سی اے طلب کیا تھا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کیمپ کمانڈنٹ ہیں، اظہر علی انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ سے معاہدہ مکمل کرنے کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔

    پی سی بی کے مطابق بابراعظم، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عباس، محمد عامر کو کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے باعث کیمپ میں شرکت سے چھوٹ دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ فاسٹ بولر حسن علی کو پی سی بی نے شادی کی وجہ سے ایک ہفتے کی چھٹی دے دی ہے، حسن علی اور شاداب خان کا ٹیسٹ بعد میں لیا جائے گا۔

  • ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم نے تیاریاں تیز کردیں

    ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم نے تیاریاں تیز کردیں

    لاہور: آئی سی سی ورلڈکپ دو ہزارانیس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم نے تیاریاں تیز کردیں، قذافی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں نے جم کر مشقیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہو میں ٹریننگ کیمپ جاری ہے، ورلڈ کپ کے لیے حتمی اسکواڈ تشکیل دینے کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی ٹریننگ کا جائزہ لے رہی ہے۔

    اسکواڈ میں جگہ بنانے کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں گرین شرٹس کی بھرپور مشقیں جاری ہیں۔ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے سیشن میں فٹنس کو جانچا گیا۔

    پریکٹس سیشن میں کپتان سرفراز احمد سمیت اکیس کھلاڑی ٹریننگ کا حصہ ہیں، انگلینڈ کون کون جائے گا؟ حتمی اسکواڈ تشکیل دینے کے لیے سلیکشن کمیٹی ٹریننگ کا جائزہ لے رہی ہے۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن روانہ ہوگی جہاں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلی جانی ہے۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ 8 مئی کو اوول، گیارہ مئی کو ساؤتھمپٹن، 14 مئی کو برسٹل، 17 مئی کو ٹرینٹ برج اور 19 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

    ورلڈ کپ: قومی ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل، 18 اپریل کو ٹیم کا اعلان ہوگا

    ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

  • ورلڈ کپ سے قبل فٹنس ٹیسٹ، محمد رضوان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    ورلڈ کپ سے قبل فٹنس ٹیسٹ، محمد رضوان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ورلڈ کپ سے قبل فٹنس ٹیسٹ لیے گئے، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے فٹنس ٹیسٹ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے جس میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، رضوان فٹنس لیول میں 20 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔

    ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد عامر اور حفیظ نے اب تک ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرلیے ہیں۔

    آصف علی کا فٹنس لیول اٹھارہ اعشاریہ پانچ، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا فٹنس لیول اٹھارہ آیا ہے۔

    اوپنر شان مسعود اور فاسٹ بولر حسن علی بھی مکمل فٹ ہیں جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ، فاسٹ بولر محمد حسنین اور آل راؤنڈر عماد وسیم فٹنس لیول تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔

    مزید پڑھیں:  سرفراز احمد، محمد عامر، اور عثمان شنواری نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرلیا

    یویو ٹیسٹ کے بعد آخری مرحلہ کھلاڑیوں کے اسٹرنتھ ٹیسٹ اور دو کلو میٹر ڈور کا ہے، واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن روانہ ہوگی جہاں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلی جانی ہے۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ 8 مئی کو اوول، گیارہ مئی کو ساؤتھمپٹن، 14 مئی کو برسٹل، 17 مئی کو ٹرینٹ برج اور 19 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

    ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

  • عمر اکمل چیمپیئنز ٹرافی سے باہر

    عمر اکمل چیمپیئنز ٹرافی سے باہر

    لندن : قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے بعد چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق قومی ٹیم کےبیٹسمین عمر اکمل کے فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے بعد ان کی جگہ چیمپئنز ٹرافی کےلیے حارث سہیل کی قومی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل برمنگھم میں مڈل آرڈر بیٹسمین کے دو ٹیسٹ لیے گئے جس میں وہ ناکام ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد عمر اکمل کی ٹیم منیجمنٹ سے تلخ کلامی ہوئی ہے اور منیجمنٹ نے انہیں پریکٹس سے روک دیا ہے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے احتجاج بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ میرے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے۔


    پی سی بی : عمراکمل اور جنید خان پر جرمانہ عائد


    چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ ان فٹ کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں ہوگا۔ان کا کہناتھاکہ پچیس مئی کی ڈیڈ لائن سے پہلے متبادل کھلاڑی کےنام کا اعلان کردیا جائے گا۔

    یاد رہےکہ اس سے پہلے خراب فٹنس کے باعث عمر اکمل ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے بھی منتخب نہیں ہوئے تھے۔

    واضح رہےکہ چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز یکم جون سے ہوگا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے ساتھ 4 جون کو کھیلے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں