Tag: فٹ بال

  • پولیس سے بھاگتے ڈاکوؤں کو فٹ بال گراؤنڈ میں گھسنا مہنگا پڑ گیا

    پولیس سے بھاگتے ڈاکوؤں کو فٹ بال گراؤنڈ میں گھسنا مہنگا پڑ گیا

    تاندلیانوالہ: پولیس سے بھاگتے ڈاکوؤں کے لیے فٹ بال گراؤنڈ میں گھسنا اس وقت مہنگا پڑ گیا جب میدان میں کھیل جاری تھا، کھلاڑیوں نے ڈاکوؤں ہی کو فٹ بال بنا کر درگت بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی تحصیل پیرے دی جھوک میں ڈاکو واردات کے بعد پولیس کی پکڑ سے بچنے کے لیے فرار ہو رہے تھے کہ کھیل کے گراؤنڈ میں داخل ہو گئے جہاں فٹ بال کھلاڑیوں نے انھیں پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، اس واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق 2 ڈاکو گاؤں پیرے دی جھوک میں واردات کے بعد فرار ہوئے، تو سی آئی اے پولیس نے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کا پیچھا کیا، ڈاکو موٹر سائیکل ایک جگہ چھوڑ کر گراؤنڈ میں گھس گئے۔

    گراؤنڈ میں اس وقت فٹ بال کھیلی جا رہی تھی، فٹ بال ٹیم کے ارکان نے دونوں ڈاکوؤں کو پکڑ لیا اور تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔

  • پاکستان فٹبال لیگ – نوجوان پاکستانی فٹبال شائقین کے لیے امید کی ایک کرن

    پاکستان فٹبال لیگ – نوجوان پاکستانی فٹبال شائقین کے لیے امید کی ایک کرن

    پاکستان – جنت نظیر ، خوابوں ، اور صلاحیتوں سے بھرپور سرزمین ہے اور جب کھیل کی بات آتی ہے تو اس نے اپنے عروج و زوال  دونوں دیکھے ہیں ۔ چاہے  کرکٹ ہو، ہاکی ہو یا فٹبال، پاکستان ہمیشہ کسی نہ کسی وجہ سے توجہ کا مرکز رہا ہے۔ یہ بات آسانی سے کہی جاسکتی ہے کہ کھیل ایک ایسا موضوع ہے جو پاکستانیوں کو زندگی کے ہر شعبے سے جوڑتا ہے۔ تاہم ، قوم  کا صرف ایک کھیل  کی طرف رجحان بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    پاکستان میں ایک کھیل کو فروغ دینے کے لیے دیگر کھیلوں کو نظر انداز کرنے سے لاکھوں نوجوان فٹبالرز اور دیگر کھیلوں کے شائقین کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ اگر آپ پاکستان میں فٹبال کے دیوانے ہیں تو امکان ہے کہ آپ کو معاشرے کے ایک خاص طبقے سے تعلق رکھنے کا لیبل لگادیا جائے گا جبکہ کرکٹ ملک کے کھیلوں کے میدان پر چھایا رہتا ہے۔

    ایک ایسے وقت میں جب پاکستان میں فٹبال کے میدان میں موجود حمایت اپنے عروج پر ہے، یہ دیکھنا حیران کن ہے کہ ملک میں نوجوان فٹبالرز کے لیے مواقع کتنے محدود ہیں۔ تاہم، پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) کا ‘فٹبال فار ہوپ’ کا مقصد پاکستان کے فٹبال شائقین اور نوجوان فٹبالرز کے چہروں پر مسکراہٹیں اور خوشیاں بکھیرنا ہے۔

    یہ اقدام ان غریب اور بے سہارا بچوں کی معاشرتی بہتری کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جو منشیات اور جرائم جیسے سماجی مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں۔ پاکستان فٹبال لیگ کے چیئرمین جناب فرحان جونیجو کے مطابق، پی ایف ایل پاکستان میں کھیل پر مبنی معیشت بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔ یہ  قدم باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے فٹبالرز کی مدد کے لیےاٹھایا گیا ہے تاکہ وہ فٹبال میں پیشہ ورانہ کیریئر کو اپناسکیں ۔

    فرحان  جونیجو نے بتایا کہ وہ اس منصوبے کے ذریعے غیر قانونی نقل مکانی کو روکنا چاہتے ہیں، جس کی وجہ سے حالیہ دنوں میں یونان مائگرین بوٹ جیسے واقعات رونما ہوئے ۔ ان کا موقف ہے کہ وہ یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ نوجوان پاکستانی بچوں کو بھی دنیا بھر کی طرح یورپ جانے کے لیے پرائیویٹ جیٹ میں سفر کرنے کے وہی مواقع اور آسائشات فراہم کی جائیں۔

    فرحان جونیجو نے کہا کہ ،”ہمارا وژن پاکستان کے بچوں کو یورپی معیارات تک آسان رسائی فراہم کرکے ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانا ہے ، تاکہ وہ نہ صرف مقامی طور پر بلکہ مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر بھی فٹبال کھیلنے کے اپنے خواب کو پورا کرسکیں  ۔پی ایف ایل پاکستان میں فٹبال کو اگلا پسندیدہ کھیل بنانے کے اپنے مقصد میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا، جہاں ہمارے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے تمام اعلیٰ سہولیات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔”

    ’فٹ بال فار ہوپ‘کے نام سے یہ اقدام پی ایف ایل کی طرف سے ایک فٹبال اکیڈمی اور ایک معیاری فٹبال گراؤنڈ کے قیام کے ساتھ ساتھ صحت سے متعلق مسائل پر تعلیم اور آگاہی فراہم کرے گا۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس ماہ کے شروع میں سابق فٹبال لیجنڈز مائیکل اوون، ایملی ہیسکی، پاسکل چمبونڈا اور راؤل روڈریگز پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) کی افتتاحی تقریب میں شرکت  کے لیے تین روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے ۔اس  دورے کے دوران انہوں نے کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور مداحوں کے ساتھ مختلف سیشنز میں حصہ لیا ۔ بین الاقوامی فٹبالرز نے لیاری کے ککری فٹبال اسٹیڈیم میں ایک نمائشی فٹبال میچ بھی دیکھا جس کا انعقاد فٹبال کارنیوال کے موقع پر پاکستان کے فٹبال کے  گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔

    اگر یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ جاتا ہے تو ‘فٹ بال فار ہوپ’ پروگرام لاکھوں پاکستانی فٹبال پرستاروں کے کیریئر کو سنوارنے اور ان کے مستقبل کو ہمیشہ کے لیے تبدیل کرنے  میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔

    یہ تحریر بلاگر/ مضمون نگار کے خیالات اور رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متّفق ہونا ضروری نہیں ہے

  • فٹبال ورلڈ کپ 2026 کن شہروں میں ہوگا؟ اعلان ہو گیا

    فٹبال ورلڈ کپ 2026 کن شہروں میں ہوگا؟ اعلان ہو گیا

    فیفا نے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے لیے میزبان شہروں کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی، فیفا نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ 2026 کے ورلڈ کپ کے میچز 11 امریکی شہروں کے ساتھ ساتھ میکسیکو کے 3 میزبان مقامات اور 2 کینیڈا کے شہروں میں منعقد ہوں گے۔

    فیفا کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے میچز مجموعی طور پر تین ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے 16 شہروں میں ہوگا۔

    ان 16 میزبان شہروں میں اٹلانٹا، بوسٹن، ڈلاس، گواڈالاجارا، ہیوسٹن، کنساس سٹی، لاس اینجلس، میکسیکو سٹی، میامی، مونٹیری، نیویارک/نیو جرسی، فلاڈیلفیا، سان فرانسسکو، سیاٹل، ٹورنٹو اور وینکوور شامل ہیں۔

    تاہم فیفا حکام اس کا فیصلہ بعد میں کریں گے کہ 16 میں سے کون سا شہر گروپ پلے کی میزبانی کرے گا، اور کون ایلیمینیشن راؤنڈ میچوں کی میزبانی کرے گا۔

    فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے اس سلسلے میں جاری بیان میں مذکورہ شہروں کو ورلڈ کپ کی میزبانی پر مبارک باد پیش کی، اور ان کے جذبے کو سراہا، انھوں نے کہا یہ ممالک اور شہر مل کر اس ورلڈ کپ کو زمین کا سب سے بڑا شو بنا دیں گے۔

    انھوں نے کہا ہم فٹبال کو حقیقی معنوں میں عالمی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سلسلے میں یہ ورلڈ کپ گیم چینجر ثابت ہوگا۔

    خیال رہے کہ 2026 کا مردوں کا ورلڈ کپ پہلا ایڈیشن ہوگا، جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ پہلا موقع ہے جب 3 ممالک میں میچ کھیلے جائیں گے۔

    امریکا 1994 میں پہلی بار ورلڈ کپ کی میزبانی کے بعد دوسری بار میزبانی کرنے جا رہا ہے، اور میکسیکو کے لیے یہ ریکارڈ تیسری بار ہوگا، اس نے 1970 اور 1986 میں بھی میزبانی کی تھی، جب کہ کینیڈا میں پہلی بار مردوں کے ورلڈ کپ کا کوئی میچ منعقد ہوگا، اگرچہ کینیڈا نے 2015 میں خواتین کے عالمی کپ کی میزبانی کی تھی۔

  • میسی کی تین سال کی تنخواہ 21 ارب روپے

    میسی کی تین سال کی تنخواہ 21 ارب روپے

    پیرس: ارجنٹائن کے اسٹرائیکر لیونل میسی کا مہنگا ترین کنٹریکٹ سامنے آ گیا، میسی کی تین سال کی تنخواہ 21 ارب روپے سے زائد ہے۔

    اسپورٹس کی تاریخ میں فٹ بالر لیونل میسی سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں، تاہم برازیلی فٹ بالر نیمار کو بھی سالانہ اتنی ہی تنخوا مل رہی ہے جتنی لیونل میسی کو۔

    فٹ بال کھیل سے متعلق خبریں دینے والی ویب سائٹ گول ڈاٹ کام کے مطابق ارجنٹائن کے اسٹرائیکر کے معاہدے میں انھیں کرپٹو کرنسی میں ادائیگی بھی شامل ہے۔

    خبر میں کہا گیا ہے کہ لیونل میسی پیرس سیٹ جرمین میں شمولیت کے بعد فی سیزن ٹیکس کٹوتی کے بعد 30 ملین یورو (35 ملین ڈالر، 5 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد) وصول کریں گے۔

    میسی کو 1یک ملین یورو کرپٹو کرنسی میں بھی دی جائے گی، پی ایس جی کے ساتھ تین سالوں کے دوران میسی مجموعی طور پر 110 ملین یورو (129 ملین ڈالرز، 21 ارب 68 کروڑ 49 لاکھ روپے) کمائیں گے۔

    اسی دوران برازیلی فٹبالر نیمار بھی فرانس کے ساتھ کھیلتے ہوئے سالانہ 30 ملین یورو کمائیں گے، جب کہ فرانس کے ہیرو کیلیان مباپے ان سے پیچھے رہ گئے ہیں، ٹیکس کٹوتیوں کے بعد وہ سالانہ صرف 12 ملین یورو ہی کما سکیں گے۔

    واضح رہے کہ میسی نے گرمیوں میں بارسلونا چھوڑنے کے بعد پیرس سینٹ جرمین میں شمولیت اختیار کی تھی۔

  • لیجنڈ فٹ بالر پیلے آئی سی یو منتقل

    لیجنڈ فٹ بالر پیلے آئی سی یو منتقل

    ساؤ پالو: برازیل کے فٹ بال لیجنڈ پیلے ایک بار پھر آئی سی یو میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈری فٹ بالر پیلے کی طبیعت ناساز ہو گئی ہے، انھیں ساؤ پالو کے اسپتال البرٹ آئن اسٹائن کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ماہ ایک سرجری کے ذریعے 80 سالہ پیلے کی بڑی آنت کا ٹیومر نکالا گیا تھا، چند دن قبل انھیں طبیعت بہتر ہونے پر آئی سی یو سے باہر منتقل کیا گیا، لیکن طبیعت خراب ہونے پر انھیں دوبارہ آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے۔

    پیلے کو جمعے کے روز نظام تنفس میں خرابی کی وجہ سے دوبارہ آئی سی یو منتقل کیا گیا، ان کی بیٹی کیلی ناشیمنٹو نے انسٹاگرام پوسٹ میں والد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی طبیعت اب بہتر ہو رہی ہے۔

    واضح رہے کہ سابق فٹ بال پلیئر پیلے کافی عرےہ سے بیمار ہیں اور بغیر مدد کہ چل پھر نہیں سکتے، دنیا میں فٹ بال کے بہترین کھلاڑی تصور کیے جانے والے پیلے کچھ سالوں سے صحت کے مسائل میں گھرے ہیں اور کئی بار اسپتال داخل ہو چکے ہیں۔

    تین ورلڈ کپ (1958، 1962 اور 1970) جیتنے والے تاریخ کے واحد کھلاڑی 1968 میں 17 سال کی عمر میں دنیا کی توجہ کا مرکز بنے تھے جب فائنل میں انھوں نے میزبان سیوڈن کے خلاف دو گول کیے۔ 1977 میں ریٹائر ہونے سے قبل وہ ایک ہزار سے زائد گول اسکور کر چکے تھے۔

  • پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

    پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

    کراچی: پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے لیکن پاکستان میں یہ کھیل گروپ بندی، سیاست اور افراتفری کی ککیں کھا رہا ہے، گروہ بندی کی وجہ سے پاکستان فٹ بال ایک بار پھر معطل ہونے کو ہے۔

    فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (FIFA) نے دھمکی دی ہے کہ کل تک لاہور میں واقع فٹ بال ہاؤس کا قبضہ واپس کیا جائے ورنہ پابندی لگا سکتے ہیں۔

    لاکھوں ڈالرز خرچ ہونے کے باوجود بھی “فیفا گول پروجیکٹ” زبوں حالی کا شکار

    فیفا نے فٹ بال ہاؤس خالی کرنے کے لیے پاکستان کو کل رات 8 بجے تک کی وارننگ دی ہے۔ واضح رہے کہ فٹ بال ہاؤس لاہور پر سید اشفاق حسین  گروپ نے غیر قانونی قبضہ جما لیا ہے، جو فیفا کی دھمکی کی وجہ بنا ہے۔

    ایک زمانے میں پاکستان فٹبال گیم کا ایشین سپر پاور تھا، لیکن پھر گروپ بندی اور سیاست کے باعث یہ کھیل زوال آشنا ہو گیا، اور فیفا کے لاکھوں ڈالرکے حصول کی جنگ ہی اس کا مقصد بن گیا۔

    فیفا کی پابندی کوئی نئی بات نہیں، 1994 میں 6 ماہ کی پابندی لگی تھی، گروپ بندی کی وجہ سے 2 سال سے پاکستان کی ٹیم کوئی بین الاقوامی میچ بھی نہیں کھیل سکی ہے۔

    پچھلے سال فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی کو پاکستان فٹ بال کی باگ ڈور دے دی تھی لیکن آج پھر معاملات پابندی کی گول لائن تک آ گئے ہیں۔

  • فرانس کے لیے مزید نہیں کھیلوں گا، ورلڈ کپ جتوانے والے اسٹار فٹبالر کا رد عمل

    فرانس کے لیے مزید نہیں کھیلوں گا، ورلڈ کپ جتوانے والے اسٹار فٹبالر کا رد عمل

    پیرس: فرانس کو ورلڈ کپ جتوانے والے اسٹار فٹ بالر پال پوگبا نے مزید فرانس کی نمائندگی سے انکار کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسٹار فٹ بالر پال پوگبا نے مبینہ طور پر فرانس کی نمائندگی کرنے سے انکار کر دیا ہے، یہ فیصلہ پال پوگبا نے فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام سے متعلق بیان کے بعد کیا ہے۔

    مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلنے والے پال پوگبا سے متعلق یہ دعویٰ مشرق وسطیٰ کے متعدد میڈیا ذرایع سے سامنے آیا ہے، ان خبروں میں بتایا گیا کہ لڑکپن ہی میں اسلام قبول کرنے والے 27 سالہ پال پوگبا نے ایمانویل میکرون کے اسلام مخالف بیان کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب فرانس کی جانب سے نہیں کھیلیں گے۔

    2019 میں مکہ کی زیارت کے موقع پر پال پوگبا، یہ تصویر انھوں نے انسٹاگرام پر شیئر کی تھی

    مِڈ فیلڈر پال پوگبا نے اسکول میں بچوں کو پیغبر اسلام ﷺ کی توہین آمیز کارٹونز دکھانے والے اسکول ٹیچر کو اس کے قتل کے بعد فرانسیسی حکومت کی جانب سے بڑا سرکاری اعزاز دینے پر بھی ناگواری کا اظہار کیا ہے۔

    پوگبا کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ان کی اور فرانسیسی مسلمانوں کی توہین ہے، بالخصوص ایسی صورت میں جب کہ اسلام فرانس کا عیسائیت کے بعد دوسرا بڑا مذہب ہے۔

    دنیا بھر میں لوگ فرانسیسی صدر کی تصاویر نذر آتش کرنے لگے

    واضح رہے کہ فرانسیسی صدر کے اسلام کو دہشت گردی کا منبع کہنے کے بیان کے بعد ان کے خلاف متعدد ممالک میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں جن میں میکرون کی تصاویر کو بھی جلایا جا رہا ہے، کئی ممالک میں فرانسیسی اشیا کا بائیکاٹ بھی شروع ہو گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پال پوگبا نے 2013 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا، اور روس میں 2018 کے ورلڈ کپ میں اپنے عروج پر پہنچا، پوگبا نے فرانس کو ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

  • یوئیفا چیمپئنر لیگ کا آخری کوارٹر فائنل کل ہوگا

    یوئیفا چیمپئنر لیگ کا آخری کوارٹر فائنل کل ہوگا

    لندن: چیمپئنز لیگ کا آخری کوارٹرر فائنل مانچسٹر سٹی اور لیون کے درمیان کل کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یوئیفا چیمپئنز لیگ کا آخری کوارٹر فائنل کل کھیلا جائے گا، اس میچ کی فاتح ٹیم کا مقابلہ سیمی فائنل میں بائرن میونخ سے ہوگا، چیمپئنز لیگ کا پہلا سیمی فائنل پی ایس جی اور لیپ زگ کے درمیان بدھ کو ہوگا۔

    دریں اثنا، آج یوئیفا چیمپئنز لیگ کا تیسرا کوارٹر فائنل کھیلا گیا جو جرمن کلب بائرن میونخ کے نام رہا، بائرن میونخ نے یک طرفہ مقابلے میں بارسلونا کو 8-2 سے شکست دے دی۔

    بائرن میونخ کے سامنے بارسلونا کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی، بائرن میونخ کی جانب سے تھامس مولر، فلپ کوٹینہو نے 2،2 گول اسکور کیے، جب کہ ایوان پیرسچ، سرج گنابری، جوشوا کیمچ اور رابرٹ لیونڈوسکی نے 1،1 گول اسکور کیا۔

    یوئیفا نے انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی پر 2 سال کی پابندی لگادی

    بارسلونا کا پہلا گول بائرن میونخ کے کھلاڑی ڈیوڈ الابا کا اوون گول تھا، بارسلونا فٹ بال کلب کے لیے دوسرا گول لوئیس سواریز نے اسکور کیا، بارسلونا کی یہ چیمپئنز لیگ میں بدترین شکست ہے۔

    دوسری طرف بائرن میونخ چیمپئنز لیگ کے ناک آؤٹ مرحلے میں 8 گول کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

  • دورہ ملائیشیا کے لیے قومی فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ

    دورہ ملائیشیا کے لیے قومی فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ

    راولپنڈی: قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا دورہ ملائیشیا کے لیے تربیتی کیمپ 2 جنوری سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا دورہ ملائیشیا کے لیے تربیتی کیمپ 2 جنوری سے کے آر ایل فٹ بال اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

    پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حارث جمیل عالم خان کے مطابق تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 43 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا اور منتخب ٹیم 17 سے 24 جنوری تک ملائیشیا کا دورہ کرے گی۔

    تربیتی کیمپ کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

    پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے محمد ایاز بٹ کو کیمپ کمانڈنٹ و ٹیم منیجر مقرر کیا ہے جبکہ ٹیم کے ہمراہ ہیڈ کوچ کے فرائض طارق لطفی، اسسٹنٹ کوچ کے گوہر زمان، گول کیپرز کوچ کے جعفر خان اور فزیو کے محمد شاہد انجام دیں گے۔ تربیتی کیمپ 2 سے 16 جنوری تک جاری رہے گا۔

  • انگلش پریمئر لیگ: لیورپول اور مانچسٹریونائٹیڈ کی شاندار فتح، حریف بے بس

    انگلش پریمئر لیگ: لیورپول اور مانچسٹریونائٹیڈ کی شاندار فتح، حریف بے بس

    لیسٹر: انگلش پریمئر لیگ میں لیورپول نے لیسٹر سٹی کو 4-0 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی، جبکہ مانچسٹریونائٹیڈ نے نیو کاسل کو باآسانی زیر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلش پریمئرلیگ میں لیورپول کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، لیورپول نے لیسٹرسٹی کو یکطرفہ مقابلے میں 4-0 سے زیر کردیا۔ فرمینو نے 2، ملنر اور آرنلڈ نے 1-1 گول اسکور کیے۔

    لیورپول 52 پوائنٹس کے ساتھ انگلش پریمئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آگیا۔

    دوسری جانب مانچسٹریونائٹیڈ نے پہلے ہاف میں ہی نیوکاسل کو دبوچ لیا، اینتھنی مارشل، گرین ووڈ اور ریش فورڈ نے 1-1 گول کیا، دوسرے ہاف میں مارشل نے ایک اور گول کرکے ٹیم کو 4-1 سے فتح دلوائی۔

    خیال رہے کہ انگلش پریمئر لیگ کے 16 دسمبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بھی لیور پول نے ویٹ فورڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0– 2گول سے ہرایا، جبکہ چیلسی کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، فاتح ٹیم کی جانب سے دونوں گول محمد صلاح نے کیے تھے۔