معروف اداکار اور ٹیلی ویژن میزبان فہد مصطفیٰ نے بھارتی جارحیت پر بھارت کو دوٹوک وارننگ دیدی ہے۔
فہد مصطفیٰ پاکستان کے اداکار اور پاکستان کے سب سے بڑے گیم شو جیتو پاکستان کے میزبان ہیں، انہوں نے ہمیشہ اپنی پاکستانی شناخت کو فخر سے ظاہر کیا ہے اور جب بھی کوئی تنازعہ کھڑا ہوتا ہے تو وہ پاکستان کے لیے واضح بیانات دیتے آئے ہیں۔
تاہم اب پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد انہوں نے پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کے بھرپور جواب کو سراہا اور بھارت کو دوٹوک وارننگ بھی دی ہے۔
فہد مصطفیٰ نے اے آروائی ڈیجیٹل پر اپنے شو جیتو پاکستان کے آغاز میں مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج ہمیں تو مزہ ہی آگیا ہم سب کا دل خوش ہوگیا۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جہاں ہندو مسلمان سکھ عیسائی سب برابری ہیں، اور سب کے برابر کا تحفظ اور عزت حاصل ہے، یہ وہ ملک نہیں جہاں صرف ہندوؤں کا راج ہو، یہ وہ ملک ہے جہاں ہر بچہ سکون سے سانس لے سکتا ہے۔
پاکستان کے اداکار و ہوسٹ نے کہا کہ ہم پاکستانی بڑے دل کے مالک ہیں، ہمارے ذہن کھلے ہوئے ہیں، پاکستانی قوم بھارتیوں سے زیادہ برداشت اور وسعتِ نظر رکھتی ہے۔
اداکار نے کہا کہ سب سے بڑا کریڈٹ پاکستانی میڈیا کو جاتا ہے جنہوں نے انتہائی مثبت رپورٹنگ کی اور وہی سب دکھایا جو اصل میں ہوا دوسروں کی طرح جھوٹ کا سہارا نہیں لیا، یہاں جو کچھ بھی ہوا بھارت نے اسے محسوس کیا۔
انہوں نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم جنگ کے خواہاں نہیں، مگر امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ یہ کوئی فلمی سین نہیں، حقیقی دنیا ہے اور یہاں ہر قدم کا مؤثر جواب دیا جاتا ہے۔