Tag: فیاض چوہان

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں: فیاض چوہان

    وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں: فیاض چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں، جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکمران سوال گندم جواب چنا پالیسی پر عمل پیرا رہے، حکمرانی کے دقیانوسی طریقوں نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا تھا۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے، رائز پنجاب پروگرام اور کرونا ورکنگ گروپ کا قیام مثالیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے رائز پنجاب فریم ورک تشکیل دیا، رائز پنجاب بنیادی سہولتوں سے متعلق ہے، معاشی استحکام، رسک کمیونیکیشن اور رسک فنانسنگ رائز پنجاب کا حصہ ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ رائز پنجاب نجی سیکٹر اور سرکاری ماہرین کی مشترکہ کاوش ہے، کرونا کے اثرات اور پالیسی کے لیے ورکنگ گروپ بھی پیشرفت ہے، ورکنگ گروپ کرونا اسمارٹ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا پر سفارشات دے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آنے والا دور ریسرچ، ٹیکنالوجی اور اسمارٹ گورننس کا ہے، عثمان بزدار مشکل حالات کا دانشمندی سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔

  • پنجاب میں کون سے کاروبار کے کیا اوقات ہیں؟

    پنجاب میں کون سے کاروبار کے کیا اوقات ہیں؟

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عوام کو کاروباری اوقات میں سماجی دوری کا خیال رکھنا چاہیئے۔ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے لاک ڈاؤن میں غریب عوام کی سہولت کو مد نظر رکھا، پھیری لگانے والے پھل و سبزی فروش اور ریڑھی بان اس سے مستثنیٰ ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ہر طبقے اور کاروبار کو عوامی ضرورت کے مطابق کھولنے کی اجازت دی گئی، بیکری، کریانہ، سپر اسٹور، بیج، کھاد کی دکانوں، آٹو ورکشاپ، چکن، مچھلی، گوشت اور دودھ کی دکانوں کو بھی استثنیٰ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مستثنیٰ کاروبار صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہے، اسپیئر پارٹس، ورکشاپ، پیٹرول پمپ، پھل و سبزی کی دکانیں، آٹا چکی، پوسٹل سروس، تندور اور ہوم ڈیلیوری رات 8 بجے کے بعد بھی کھلارکھنے کی اجازت ہے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ دودھ، کریانہ اسٹور اور تندور صبح 2 سے شام سوا 4 بجے تک کھلے رہیں گے، عوام کو کاروباری اوقات میں سماجی دوری کا خیال رکھنا چاہیئے۔ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔

  • اگلے 3 سے 4 ہفتے کرونا وائرس کے حوالے سے اہم ہیں: فیاض چوہان

    اگلے 3 سے 4 ہفتے کرونا وائرس کے حوالے سے اہم ہیں: فیاض چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اگلے 3 سے 4 ہفتے کرونا کے حوالے سے اہم ہیں، ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن سے کرونا کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مسیحی بھائیوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری سماجی دوری رکھتے ہوئے ایسٹر کی خوشیاں منائے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ کرونا سے اپنے پیاروں کو بچانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے، بزدار حکومت حالات کو دیکھتے ہوئے انتظامی فیصلے کر رہی ہے، وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق کلسٹر لاک ڈاؤن پالیسی پر عمل ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اب تک پنجاب میں 216 ہاٹ اسپاٹ ایریاز کو سیل کیا گیا، گوجرانوالہ اور گجرات میں پہلے سے سیل 4 ایریاز کو ڈی سیل کیا جا چکا ہے، ڈی سیل کیے گئے علاقوں کے تمام مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن سے کرونا کا مقابلہ کیا جا رہا ہے، عوام سے گزارش ہے اپنے گھروں تک محدود رہیں۔ آئندہ 3 سے 4 ہفتے کرونا کے حوالے سے اہم ہیں۔

  • اگلے 20 سے 25 دن مزید محتاط رہنا ہوگا: فیاض چوہان

    اگلے 20 سے 25 دن مزید محتاط رہنا ہوگا: فیاض چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عوام کو اگلے 20 سے 25 دن محتاط رہنا چاہیئے، آنے والے دنوں میں مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ حکومت نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں، تمام اضلاع میں اخبار فروش یونینز کو حفاظتی کٹس فراہم کریں گے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ اخبار فروش آرگنائزیشنز ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر سے رابطہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی حکومت کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ پر کام کر رہی ہے، عوام کو اگلے 20 سے 25 دن کو ہلکا نہیں لینا چاہیئے۔ آنے والے دنوں میں مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔

    فیاض چوہان کا مزید کہنا تھا کہ قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی، اب کرونا کے خلاف جنگ بھی جیتیں گے۔

    اس سے قبل فیاض الحسن چوہان نے صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے صحافی کے لواحقین کو 10 لاکھ جبکہ صحافی کی بیوہ کو تاحیات 10 ہزار ماہانہ پنشن دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ کرونا وائرس سے متاثر صحافی کو 1 لاکھ روپے ریلیف فنڈ سے دیے جائیں گے۔

  • آٹا بحران سندھ میں ہے اور وجہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے: فیاض الحسن چوہان

    آٹا بحران سندھ میں ہے اور وجہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے نکمے پن کی وجہ سے سندھ کو آٹا بحران کا سامنا کرنا پڑا، بحران سندھ میں ہے اور وجہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے، بنیادی طور پر بحران سندھ میں ہے، وجہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ 4 لاکھ ٹن گندم پاسکو نے دی تھی انہوں نے ایک لاکھ ٹن ریلیز کروائی، سندھ میں پری پلان ذخیرہ اندوزی سے مصنوعی بحران کی کوشش کی گئی۔ دادو میں سرکاری گودام میں 1 لاکھ 94 ہزار بوریاں موجود تھیں۔ اب وہاں صرف 12 ہزار بوریاں رہ گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے نکمے پن کی وجہ سے سندھ کو بحران کا سامنا کرنا پڑا، 2013 میں 460 روپے کی 20 کلو آٹے کی بوری ملتی تھی۔ انہوں نے آٹا 3 گنا مہنگا کر دیا۔

    وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کا کہنا تھا کہ جھوٹے پروپیگنڈوں سے عمران خان ہار ماننے والے نہیں، گندم کا جو اسٹاک یہ چھوڑ گئے تھے وہ لوکل مارکیٹ میں بیچی۔ 19-2018 تک ساڑھے 400 ملین گندم پر سبسڈی دی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ 5 ہزار ٹن گندم پختونخواہ سپلائی کی جارہی ہے، سندھ اور بلوچستان بھی گندم مانگیں گے تو فراہم کی جائے گی۔ اس وقت 2.3 ملین میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔ پنجاب میں 482 سیلز پوائنٹ قائم کیے ہیں۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 790 روپے میں مل رہا ہے۔

  • پنجاب میں 45 فیصد بجٹ ترقیاتی کاموں پر لگ چکا ہے: فیاض الحسن چوہان

    پنجاب میں 45 فیصد بجٹ ترقیاتی کاموں پر لگ چکا ہے: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 45 فیصد بجٹ ترقیاتی کاموں پر لگ چکا ہے، پنجاب میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اخراجات کو 60 فیصد تک کم کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آٹے کے بحران پر ایکشن لیا ہے، آٹا بحران پر 376 فلور ملز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ 170 فلور ملز کا کوٹہ منسوخ اور تقریباً سوا 9 کروڑ جرمانہ کیا گیا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار نے قائدانہ صلاحیتوں کا استعمال کر کے بحران سے بچایا، پچھلے ڈیڑھ سال سے وزیر اعلیٰ کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ پنجاب میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اخراجات کو 60 فیصد تک کم کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی بار 35 فیصد بجٹ جنوبی پنجاب کے لیے مختص کیا گیا، اب جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی سے متعلق کوئی شکوہ نہیں سنائی دیتا۔ قانون سازی کے عمل میں 40 سے زائد بلز منظور ہوئے ہیں۔ کسی بھی اسمبلی میں ایک سال میں اتنی قانون سازی نہیں ہوئی۔ پنجاب حکومت نے پہلے ہی سال 60 فیصد اضلاع میں صحت کارڈ جاری کیے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 45 فیصد بجٹ ترقیاتی کاموں پر لگ چکا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی سے کابینہ اور ارکان صوبائی اسمبلی سو فیصد مطمئن ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہٹلر مودی کے اقدامات کی وجہ سے کشمیر میں کرفیو ہے، شہریت متنازعہ قانون پر پورا بھارت اس وقت سراپا احتجاج ہے۔ چین نے بھی کشمیر ایشو پر بھارت سے مؤقف کلیئر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ عمران خان کی بدولت دنیا میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اجاگر ہوا۔

  • حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے 5 جگہوں پر چھاپے مارے گئے: فیاض چوہان

    حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے 5 جگہوں پر چھاپے مارے گئے: فیاض چوہان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے 5 جگہوں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت میں قانون سب کے لیے یکساں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے مریم نواز کو 100 ارب کے سرکاری خزانے پر بٹھا دیا تھا۔ مریم نواز کو پی ایچ ڈی ظاہر کیا پھر ایم اے ان پنجابی کا پتہ چلا۔ نواز شریف کی رپورٹ دینے کے 2، 3 دن قبل تک صورتحال کچھ اور ہوتی ہے، رپورٹ دینے کے ایک ہفتے بعد مہنگے برگر کھائے جا رہے ہوتے ہیں۔

    فیاض چوہان نے کہا کہ ہنر مند نوجوان پروگرام میں وزیر اعلیٰ کا بھائی یا رشتہ دار انچارج نہیں۔ تحریک انصاف کا وژن اقربا پروری سے پاک ہے۔

    پی آئی سی حملے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیس میں 54 کے قریب ملزمان گرفتار ہیں، اسپتال کے تمام انفرا اسٹرکچر کی تزئین و آرائش کردی گئی ہے۔ اسپتالوں اور عملے کے تحفظ کے لیے بل لے کر آرہے ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ حسان نیازی وزیر اعظم کا بھانجا بعد میں پہلےحفیظ اللہ نیازی کا بیٹا ہے، حفیظ اللہ نیازی سارا دن ٹی وی پر بیٹھ کر عمران خان پر تنقید کرتے ہیں، حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے 5 جگہوں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ حسان نیازی ہر حال میں گرفتار ہوں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت میں قانون سب کے لیے یکساں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نےمعاشرے میں حکومت کی رٹ قائم کرنی ہے، وکلا کمیونٹی ہمارے لیے انتہائی قابل احترام ہے۔ میں نے اپنی جان مشکل میں ڈال کر 10 سے 12 وکلا کو بچایا۔ ہماری کسی سے دشمنی نہیں۔ سیاستدان بھی ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہیں پر ایک حد میں رہ کر، ڈاکٹر کمیونٹی سے گزارش ہے الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کریں۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وکلا کمیونٹی کے 90 فیصد سے زائد رہنما سمجھتے ہیں جو ہوا وہ معاشرے کے لیے اچھا نہیں۔ وکلا، ڈاکٹرز اور عدلیہ آن بورڈ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ پنجاب میں نہ وفاق میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔ جنوبی پنجاب کے حوالے سے ہم نے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ پہلی بار بجٹ میں 35 فیصد جنوبی پنجاب کے لیے رکھا گیا ہے۔ شہباز شریف دور میں ہر سال جنوبی پنجاب کا فنڈ کہیں اور لگ جاتا تھا۔ جنوبی پنجاب کے لوگ بھی کہہ رہے ہیں 72 سال میں پہلی بار کام ہو رہا ہے۔

  • شریف برادران لندن کے بازاروں اور ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں: فیاض الحسن چوہان

    شریف برادران لندن کے بازاروں اور ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ آل شریف جھوٹ اور کرپشن میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، شریف برادران لندن کے بازاروں اور ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 25 کیش بوائز گڈ نیچر کمپنی سے پیسے نکلواتے تھے۔ آل شریف جھوٹ اور کرپشن میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف خود نواز شریف کی پلیٹ لیٹس ٹھیک کروانے لندن چلے گئے۔ شریف برادران لندن کے بازاروں اور ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ڈیلی میل کے رپورٹر کی اسٹوری کا جواب نہیں دے سکے۔ ڈیلی میل کے رپورٹر ڈیوڈ روز نے شہباز شریف کی کرپشن کو بے نقاب کیا۔ شریف برادران نے زلزلہ متاثرین کے فنڈز کو بھی نہ بخشا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کا ڈیوڈ روس روز آپ سے پوچھ رہا ہے آپ کب لندن کی عدالتوں میں ہتک عزت کا مقدمہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ میں پراپرٹی بیچ کر شہباز شریف کو مہنگا وکیل کروا کر دینے کو تیار ہوں، شہباز شریف ملک سے باہر بیٹھ کر بھی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔

    وزیر اطلاعات نے مزید کہا تھا کہ شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، شہباز شریف کی کرپشن کا کچا چٹھہ شہزاد اکبر نے 18 سوالات میں کھول دیا۔

  • وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے، جسے چاہیں تبدیل کر سکتے ہیں: فیاض چوہان

    وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے، جسے چاہیں تبدیل کر سکتے ہیں: فیاض چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے کہ وہ جسے بھی چاہیں تبدیل کر سکتے ہیں، کام کو سست روی سے کرنے والے بیورو کریسی کے لوگوں کو سیدھا کرنے کے لیے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی سطح پر تقرری اور تبادلے معمول کی بات ہے، گزشتہ دور میں شہباز شریف یہی کرتے رہے ہیں۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ یہ وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے کہ وہ جسے بھی چاہیں تبدیل کر سکتے ہیں، یہ تقرریاں اور تبادلے بزدار حکومت کو مزید مضبوط بنائیں گے اس لیے آئی جی اور چیف سیکریٹری کو تبدیل کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی میں 5 فیصد ایسے افسران موجود ہیں جو ہماری حکومت کو ناکام بنانا چاہتے ہیں اور حکومت کے لیے مسائل کھڑے کرتے ہیں۔ پہلے ایسے افسران کی تعداد 95 فیصد تھی جن کی سیاسی وابستگیاں مسلم لیگ ن کے ساتھ تھیں اور انہیں شاید یہ غلط فہمی تھی کہ شہباز شریف کی حکومت واپس آئے گی۔

    فیاض چوہان نے کہا کہ بیورو کریسی کے ایسے تمام لوگوں کو سیدھا کرنے کے لیے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے، ہمیں پہلی مرتبہ حکومت ملی ہے اس لیے ہمیں اتنے مسائل درپیش ہیں۔ ہم امید کر رہے ہیں کہ ان تبدیلیوں کے بعد بہتری آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی کے مخصوص افسران نے ’گو سلو‘ یعنی فائلز کو آگے بروقت نا بھیجنا یا حکومتی پالیسوں پر عمل درآمد نہ کرنے کی پالیسی کے تحت کام کیا جس نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا۔

  • حکومت کا رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں: شہباز گل

    حکومت کا رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں: شہباز گل

    لاہور: ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے اپوزیشن رہنماؤں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت رانا ثنا اللہ کی گرفتاری میں ملوث نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے سابق وزیر قانون پنجاب کی اے این ایف کے ہاتھوں گرفتاری پر کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی ہمارے پاس کوئی اطلاع نہیں تھی، پی ٹی آئی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔

    سابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی ایسا جرم نہیں جو رانا ثنا نے نہ کیا ہو، رانا ثنا کے کالعدم تنظیموں سے بھی تعلقات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے ایم این اے رانا ثنا کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے قانون کو اپنی باندی بنایا ہوا تھا، لیکن ہم احتساب کے عمل سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں گروپ بندی ہے، یہ ایک دوسرے کو خود گرفتار کرا رہے ہیں، محمد زبیر رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر بہت خوش ہیں کیوں کہ وہ مریم نواز گروپ کے ہیں۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  اپوزیشن رہنماؤں نے رانا ثنا کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دے دیا

    خیال رہے کہ اپوزیشن رہنماؤں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے اے این ایف کے ہاتھوں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دے دیا ہے۔

    واضح ہو کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے سابق وزیر قانون پنجاب اور ایم این اے رانا ثنا کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں منشیات کے اسمگلروں سے روابط کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔