Tag: فیروزآباد

  • کراچی میں 5 کروڑ کے موبائل فونز لوٹنے میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

    کراچی میں 5 کروڑ کے موبائل فونز لوٹنے میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

    کراچی : فیروزآباد کے علاقے میں 5 کروڑ کے موبائل فونز لوٹنے کے واقعے میں ملوث انتہائی مطلوب گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں فیروزآباد کے علاقے میں 5 کروڑ کے موبائل فونز لوٹنے کے معاملے پر سی ٹی ڈی انٹیلیجنس نے انتہائی مطلوب گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

    انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ 10 فروری کو کورئیرکمپنی اسٹار موبائل مارکیٹ سے نکلی تھی اور 2 ہزار موبائل فونز کی شپمنٹ کی جارہی تھی، شاہراہ فیصل پر 11 ملزمان موٹر سائیکل رکشہ اور سوزوکی پر سوار تھے، ملزمان نے اسلحے کے زور پر گاڑی کے ڈرائیور کو یرغمال بنایا اور پانچ کروڑ مالیت کے موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوئے۔

    راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں دانش شہزاد، اسد سجاد اور راشد احمد شامل ہیں، واردات میں استعمال سوزوکی اور رکشہ برآمد کر لیا گیا پے جبکہ واردات میں لوٹے گئے کچھ موبائل فونز اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    دوران تفتیش ملزمان کا تعلق بین الصوبائی جرائم پیشہ گروہ سے نکلا، گروہ کا سرغنہ بلال عرف ملا حیدرآباد پولیس کو انتہائی مطلوب ہے، ملزم بلال کے خلاف 20 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

    انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق گروہ اسی نوعیت کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے گروہ سرغنہ بلال سمیت خرم شہزاد، افضل، سنیل فرار ہیں سہیل، ساجد اور مچھڑ بھی فرار ملزمان میں شامل ہیں تاہم ملزمان کی گرفتاری کے لیے اندرون سندھ چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • بھارت: درجنوں کاریں ڈوبنے کی ویڈیوز وائرل

    بھارت: درجنوں کاریں ڈوبنے کی ویڈیوز وائرل

    فیروزآباد: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر فیروزآباد میں شدید بارشوں کے بعد ایک مقام پر سیلابی پانی میں درجنوں کاریں ڈوبنے کی ویڈیوز وائرل ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پورے اترپردیش میں موسلا دھار بارشوں کے بعد کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے، جب کہ فیروز آباد میں درجنوں کاریں ڈوب گئیں، اور کئی علاقوں میں دیواریں گرنے سے ہلاکتیں ہوئیں۔

    سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں اتر پردیش کے فیروز آباد میں بڑی تعداد میں کاریں سیلابی پانی میں ڈوبی ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔

    ڈوبنے والی کاروں کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ایک گیراج میں کھڑی تھیں۔

    واضح رہے کہ فیروز آباد میں بدھ سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ نے غیر محفوظ گھروں میں رہنے والے لوگوں سے کہیں اور پناہ لینے کی اپیل کی ہے۔

    اتر پردیش کے اس ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مسلسل بارش کے بعد دیواریں گرنے کے الگ الگ واقعات میں 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

  • 60 ہزار کی ڈکیتی کرکے فرار ہونے والا ایک ملزم پولیس فائرنگ سے ہلاک، دیگر فرار

    60 ہزار کی ڈکیتی کرکے فرار ہونے والا ایک ملزم پولیس فائرنگ سے ہلاک، دیگر فرار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا، جس کی شناخت صفدر کے نام سے کی ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والا شخص واردات کر کے فرار ہو رہا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں گلستان جوہر تھانے کے قریب فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ملی تھی، بعد ازاں معلوم ہوا کہ ہلاک ہونے والا ڈاکو ہے، جس کی شناخت صفدر کے نام سے ہوئی۔

    ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزم دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فیروزآباد سے لوٹ مار کر کے نکلا تھا، ملزمان فیروزآباد میں 60 ہزار کی ڈکیتی کر کے یونی ورسٹی روڈ کی جانب فرار ہو رہے تھے، تاہم یونی ورسٹی روڈ پر پولیس نے مشتبہ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی، جس پر انھوں نے فائرنگ کر دی۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کی فائرنگ کے جواب میں پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ملزم زخمی ہوا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا، جب کہ ایک ملزم موٹر سائیکل پر اور دیگر کار میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    ملزم کا کریمنل ریکارڈ

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان ڈکیتی کے لیے کار اور موٹر سائیکل استعمال کرتے تھے، ہلاک ملزم صفدر کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل ہو گیا ہے، ملزمان کا تعلق گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروپ سے ہے۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان نے فیروزآباد میں ایک گھر سے 60 ہزار روپے اور 8 تولے سونا لوٹا تھا، متاثرہ خاندان نے مرنے والے ڈاکو کو شناخت کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں ملزم کے خلاف دو مقدمات درج ہیں، کل بھی گلشن میں انھوں نے ڈکیتی کی تھی جس کے متاثرین نے بھی ملزم کو شناخت کر لیا ہے۔