Tag: فیروزوالا

  • 6 سالہ بچہ بارش میں نہاتے ہوئے پھسل کر نالے میں ڈوب گیا

    6 سالہ بچہ بارش میں نہاتے ہوئے پھسل کر نالے میں ڈوب گیا

    فیروزوالہ: صوبہ پنجاب میں تیز بارشوں کے دوران فیروزوالا میں ایک معصوم بچے کے ساتھ افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے، چھ سالہ بچہ بارش میں نہاتے ہوئے نالے میں ڈوب گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے فیروزوالا میں 6 سالہ بچہ بارش میں نہاتے ہوئے پھسل کر نالے میں ڈوب گیا، یہ واقعہ بدوپلی چھٹہ کالونی میں پیش آیا ہے، گزشتہ رات سے بچے کی تلاش جاری ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت 10 ہزار روپے گھنٹہ پر کرین منگوا کر بچے کو تلاش کیا، لیکن تاحال وہ نہیں مل سکا ہے۔

    ڈوبنے والے بچے کی شناخت 6 سالہ عبدالہادی کے نام سے ہوئی ہے، علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ انہار کی غفلت کے باعث کئی سال سے نالے کی صفائی نہیں ہوئی ہے۔

  • آئی جی پنجاب کا فیروزوالا میں 4 افراد کے قتل کا نوٹس

    آئی جی پنجاب کا فیروزوالا میں 4 افراد کے قتل کا نوٹس

    لاہور: آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز خان نے فیروزوالا میں 4 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں اراضی کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    فائرنگ کے واقعے میں قتل ہونے والوں کی شناخت یوسی چیئرمین محمد افضل، عدیل، اجمل اور محمد جمیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مقتول محمد افضل یونین کونسل نمبر 108 گجرپورہ کا چیئرمین تھا۔

    دوسری جانب آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز خان فیروزوالا میں 4 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ملزمان کے خلاف فوری سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

    لاہور: قصاب کی دکان پر فائرنگ، 3 افراد قتل

    یاد رہے کہ رواں سال 25 فروری کو لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں نامعلوم ملزمان نے قصاب کی دکان پر فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کردیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق قتل ہونے والوں میں دو بھائی بھی ہیں جن کی شناخت 35 سالہ غنی اور زین کے نام سے ہوئی جبکہ ان کے ملازم کی شناخت معراج دین کے نام سے کی گئی۔

  • پنجاب میں پتنگ بازی سے مزید 4 افراد شدید زخمی، وزیر اعلیٰ کا نوٹس

    پنجاب میں پتنگ بازی سے مزید 4 افراد شدید زخمی، وزیر اعلیٰ کا نوٹس

    فیروزوالا: صوبہ پنجاب میں پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود ضلع شیخوپورہ کے علاقے فیروزوالا میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پابندی عاید ہونے کے باوجود پنجاب میں پتنگ بازی جاری ہے، فیروزوالا کے کوٹ عبدالماک میں چار افراد گلے میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کوٹ عبدالمالک میں پتنگ بازی کے واقعات کا نوٹس لے لیا، پتنگ بازی کے سلسلے میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او تھانہ فیکٹری ایریا کو معطل کر دیا گیا۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پتنگ بازی پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جس تھانے کی حدود میں پتنگ بازی ہوگی، اس علاقے کے ایس ایچ او کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بسنت منانے کی اجازت اگلے سال دی جائے گی

    پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ پتنگ بازی کی پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔

    خیال رہے کہ 2 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے بسنت منانے کے اعلان کے خلاف درخواستوں پر تحریری حکم نامے میں کہا تھا کہ پنجاب حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رواں برس بسنت منانے کی اجازت نہیں دے گی، متوازن اور سنجیدہ فیصلوں کے بعد ہی بسنت کی اجازت دی جائے گی۔

  • پیٹرول کی قلت ،شہریوں نے تانگے کی سواری شروع کردی

    پیٹرول کی قلت ،شہریوں نے تانگے کی سواری شروع کردی

    فیروزوالا: پاکستان کو  ایشئین ٹائیگر بنانے کا دعویٰ کرنے والے حکمرانوں نے  عوام کو  ماضی میں دھکیل دیا ،پنجاب بھر میں پیٹرول کی مسلسل کمی کے باعث فیروزوالا کے شہریوں نے تانگے کو متبادل سواری کے طورپر استمعال کرناشروع کردیا ہے۔

    فیروزوالاکے رہائشیوں کا کہناہے کہ پیٹرول اور سی این جی کی بندش اور کمی نے مشکلات میں ڈال دیاہے۔ دفاتر، آفس اور ملازمت جانے والے افراد مشکلات سے نکلنے کےلئے تانگہ گاڑی کو متبادل کے طورپر استعمال کر رہے ہیں،

    لوگوں کا کہناہے کہ لاہور کے قرب وجوار کے علاقوں سے ملازمت جاتے ہوئے پیدل چلنامحال ہے۔ بروقت پہنچنے کےلئے سائیکل اور تانگے کا استعمال کر رہے ہیں۔

    تانگے کے کوچوان کا کہناہے کہ پیٹرول نہ ہونے سے ہمارا پہیہ بھی چل گیا ہے،شہریوں کا کہناہے کہ حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے ہونگے۔

  • پنجاب حکومت کی رکاوٹیں:ساٹھ سالہ مریض  راستے میں دم توڑگیا

    پنجاب حکومت کی رکاوٹیں:ساٹھ سالہ مریض راستے میں دم توڑگیا

    فیروزوالا: یوم شہداء کے موقع پر کنٹینرز لگنے سے ساٹھ سالہ مریض اسپتال نہ پہنچ سکا اور راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ امامیہ کالونی کے قریب کنٹینرز اور رکاوٹوں کے باعث گاڑیوں کو متبادل اور خراب راستوں سے جانا پڑا۔ ان میں سے ایک ایمبولینس میں کامونکی کے رہائشی کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہسپتال لے جایا جارہا تھا ۔

    راستے میں رکاوٹیں اور سڑکوں کی بندش اس کی زندگی کی سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی۔ ایمبولینس ڈرائیور نے اپنی سی کوشش کرکے مریض کو متبادل کچے پکے راستوں سے لے جانے کی کوشش کی لیکن تاخیر کےباعث ساٹھ سالہ مریض راستے میں دم توڑ گیا ۔

    جی ٹی روڈ پر تاحال مزید ایمبولیسز ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی ہیں جس میں کئی لوگ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں لیکن یوم شہداء میں شرکت کے لئے جانے والوں کو روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے لگائے گئے کنٹینرز ٹس سے مس ہونے کا نام نہیں لے رہے۔