Tag: فیری سروس

  • ’عراق پاکستان کے لیے فیری سروس شروع کرنے کا خواہاں‘ دونوں ملک بحری تعاون بڑھانے پر متفق

    ’عراق پاکستان کے لیے فیری سروس شروع کرنے کا خواہاں‘ دونوں ملک بحری تعاون بڑھانے پر متفق

    اسلام آباد (6 اگست 2025) پاکستان اور عراق کے درمیان بحری تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے عراق پاکستان کیلیے فیری سروس شروع کرنے کا خواہاں ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے عراقی سفارتی مشن کے سربراہ نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے بحری شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور نئی سمندری راہیں تلاش کرنے پر غور کیا گیا۔

    عراقی سفارتی مشن کے سربراہ عبدالقادر سلیمان الہمیری نے کہا کہ بحری شعبہ مستقبل کے تعاون کا اہم ذریعہ ہے جب کہ عراق پاکستان کے لیے فیری سروس شروع کرنے کا خواہاں ہے۔

    وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ پاک عراق فیری سروس تعلقات کا نیا باب ثابت ہوگی اور اس سے تجارت، لاجسٹکس اور مذہبی سفر کو بھی فروغ ملے گا۔

    جنید انوار نے کہا کہ یوم عاشور پر 88 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین نے عراق کا سفر کیا۔ فیری سروس سے مسافر اور کارگو روابط سے بلیو اکانوی کو بھی تقویت ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں عراقی تیل کی درآمد، پاکستانی گوشت اور چاول کی برآمد پر بھی بات چیت ہوئی۔

    وفاقی وزیر کے مطابق ایران اور جی سی سی ممالک سے فیری روٹس پر کام جاری ہے۔

  • خلیجی ممالک کے لئے فیری سروس  شروع کرنے  کے حوالے سے اہم پیشرفت

    خلیجی ممالک کے لئے فیری سروس شروع کرنے کے حوالے سے اہم پیشرفت

    اسلام آباد : خلیجی ممالک کے لئے فیری سروس شروع کی کوششیں تیز کردی گئیں، ایران، عراق جانے والے زائرین کے لیے نیا سفری متبادل دستیاب ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری کی ہدایت پر فیری سروس کے جلد آغاز کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    فری سروس کے لائسنسنگ کے عمل کو تیز اور ڈیجیٹل بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ زائرین اور کاروباری برادری کے لیے یہ سروس سستے، محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری متبادل کے طور پر پیش کی جائے گی۔

    ڈی جی پورٹس اینڈ شپنگ نے وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری کو فیری سروس کے لائسنس اجرا کے حوالے سے بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ اب لائسنس کے اجرا کا عمل چھ ماہ کے بجائے صرف ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

    وزیر بحری امور نے واضح کیا کہ لائسنسنگ عمل کو سنگل ونڈو اور ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جائے گا تاکہ غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ ہو اور فیصلے بروقت کیے جا سکیں۔

    Urdu News Saudi Arabia- سعودی عرب اردو نیوز

    انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ فیری آپریٹرز کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، جب کہ بینک یا انشورنس گارنٹی کے آپشنز پر بھی غور جاری ہے۔

    جنید انوار چوہدری نے زور دیا کہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے یہ سروس ایک محفوظ اور کم لاگت سفری ذریعہ بنے گی، جبکہ اس سے مذہبی سفر کے ساتھ ساتھ سیاحت اور کاروبار کو بھی فروغ ملے گا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کے آپریٹرز اور متعلقہ اتھارٹیز سے مشاورت جاری ہے، اور ابتدائی تجرباتی مرحلے کے لیے روٹس اور فریم ورک کی تیاری مکمل کی جا رہی ہے۔ چند ہفتوں میں فیری سروس کے روڈ میپ کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے خدشات دور کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ یہ منصوبہ قومی معیشت میں مثبت کردار ادا کرے۔

  • گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس: 5 نجی کمپنیوں نے تجاویز پیش ‌کردیں

    گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس: 5 نجی کمپنیوں نے تجاویز پیش ‌کردیں

    اسلام آباد : 5 نجی کمپنیوں نے گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس پر تجاویز پیش کیں، اس سروس سے خلیجی ممالک سے مسافروں اورسامان کی آمدورفت میں آسانی متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امورجنید انوارچوہدری کی زیرصدارت فیری سروس پر اہم اجلاس ہوا۔

    گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس کے دیگر روٹس زیر غور آئے ، 5 نجی کمپنیوں نے فیری سروس پر تجاویز پیش کیں۔

    جنید انوارچوہدری نے کہا کہ فیری سروس کے لیے نجی شعبے کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔

    دوران اجلاس وزیربحری امور نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ، جس میں صوبائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے فیری سروس منصوبے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

    اجلاس میں فیری آپریشنز کے تکنیکی اور مالی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، وفاقی وزیر نے کہا فیری سروس سے علاقائی رابطے اور تجارت کو فروغ ملے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک سےمسافروں اورسامان کی آمدورفت میں آسانی متوقع ہے ، سروس گوادر کو بین الاقوامی بحری نقشے پر اجاگر کرے گی۔

    خیال رہے یہ پیشرفت پاکستان کی جانب سے ٹرانزٹ ٹریڈ کو فروغ دینے کے لیے اپنے جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھانے کی کوششوں کے درمیان سامنے آئی ہے کیونکہ یہ 7 بلین ڈالر کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) پروگرام کے تحت آہستہ آہستہ میکرو اکنامک بحران سے نکل رہا ہے۔

  • پاکستان نے گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس شروع کرنے  کا اعلان

    پاکستان نے گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس شروع کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان نے گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا، سروس سے سمندری سفر آسان اور سستا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور جنید انوارچوہدری کی زیر صدارت گوادر پورٹ پر اجلاس ہوا، جس میں انھوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ مکمل طور پر فعال ہوچکی ہے، گوادر سے خلیجی ممالک کیلئے نئی فیری سروس کا آغاز ہوگا۔

    جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ فیری سروس سے سمندری سفر آسان اور سستا ہوگااور ساتھ ہی خلیجی ممالک کے ساتھ عوامی رابطے مضبوط ہوں گے۔

    وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ گوادر پورٹ سے نئی شپنگ لائنز جلد فعال ہوں گی، جس سے وسط ایشیا اور مشرق وسطیٰ کیساتھ تجارتی روابط مضبوط ہوں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ گوادر سے مال برداری میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، فیری سروس سے بلوچستان میں روزگار ،سرمایہ کاری بڑھے گی اور نئی شپنگ لائنز سے بندرگاہوں پر دباؤ کم ہوگا۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

    جنید انوار نے مزید کہا کہ میری ٹائم شعبے میں ترقی قومی معیشت کوتقویت دےگی، نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئےاقدامات جاری ہیں، گوادر کو تجارتی مرکز بنانے کیلئےہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

  • جاپانی کمپنی کی دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے کی تجویز

    جاپانی کمپنی کی دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے کی تجویز

    کراچی : جاپان کی کمپنی یاماہا کے سینئرجنرل منیجرسینٹرل ایشیا و مڈل ایسٹ نے دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے جاپانی کمپنی یاماہا کے سینئرجنرل منیجرسینٹرل ایشیا و مڈل ایسٹ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں واٹر اسپورٹس کے مختلف منصوبے شروع کرنےپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کینجھر، گڈو، سکھر اورکوٹری بیراج پر واٹر اسپورٹس کےمنصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں۔

    یاماہا کے جنرل منیجر نے دو دریا تا پورٹ قاسم فیری سروس شروع کرنے کی تجویز دی، جس پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یاماہا، سندھ انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ اور محکمہ سیاحت ایک اجلاس کریں، طے کیا جائے کن مقامات پر واٹر اسپورٹس،فیری سروس منصوبےشروع ہوسکتے ہیں۔

    جنرل منیجریاماہا نے کہا کہ اپنی تجاویز لکھ کر سندھ حکومت کو پیش کرینگے تاکہ پیشرفت ہوسکے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت سیاحت ،تفریحی مقامات کی ترقی کیلئےاقدامات کرنا چاہتی ہے، سندھ میں سیاحت کی ترقی کے بڑے مواقع ہیں جس پرکام کرنےکی ضرورت ہے۔

  • فیری سروس کا دائرہ کار دبئی اور سعودی عرب تک بڑھانے کا فیصلہ

    فیری سروس کا دائرہ کار دبئی اور سعودی عرب تک بڑھانے کا فیصلہ

    کراچی: منسٹری آف پورٹ اینڈ شپنگ نے کراچی سے چلنے والی فیری سروسز کا دائرہ کار دبئی اور سعودی عرب کی بندرگاہوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر حاصل بزنجو کا کہنا ہے کہفیری سروس کے 4 منصوبے مکمل ہونے والے ہیں، پہلی فیری سروس کراچی تا پورٹ قاسم آئندہ دو ماہ میں شروع کردیں گے، فیری سروسز کا دائرہ کار دبئی اور سعودی عرب تک بڑھایا جائے گا۔

    اس بات کا اعلان انہوں نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی )کو پیکرا(پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی) کی جانب سے ’’ڈبل اے ریٹنگ‘‘ ملنے کی خوشی میں ہونے والی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ساتھ چیئرمین پی این ایس سی عارف الٰہی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔

    وفاقی وزیر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ کوئی کامیابی ملے تو وہ ادارے کی نہیں پاکستان کی کامیابی ہوتی ہے،چیئرمین اور اس کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، ڈبل اے ریٹنگ ایسے وقت میں حاصل کرنا بہت بڑی کامیابی ہے جس وقت شپنگ کی عالمی انڈسٹری بحران کا شکار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی این ایس سی، گوادر پورٹ، پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ کا مزید درست استعمال کیا جائے تو ان کا ملکی معیشت میں بڑا کردار ہوگا، فیری سروسز جب شروع ہوں گی تو نجی سیکٹر بھی ان میں آجائے گا اور سرمایہ کار ی میں اضافہ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلی فیری سروس کراچی سے پورٹ قاسم چلے گی، اس کے لیے ہمیں بہت تقاضا کیا جارہا تھا کہ پورٹ قاسم جانے میں مشکلات درپیش ہیں اور ٹریفک جام ملتا ہے اس یے یہ فیری سروس کراچی کے لیے تحفہ ہوگا ساتھ ہی سمندر کنارے کروز بھی کھڑے کریں گے تاکہ فیملیز سمندر کنارے کے بجائے سمندر کے بیچوں بیچ بیٹھ کر کھانا کھائیں اور لطف اندوز ہوسکیں۔

    ایک سوال پر انہوں نے مزید بتایا کہ فیری سروسز کا دائرہ کار وسیع کرنے کا ارادہ ہے، ان چاروں فیری سروسز کے بعد اس کا دائرہ کار دبئی اور سعودی عرب تک لے جائیں گے، تاہم وفاقی وزیر نے اس ضمن میں مزید تفصیل پیش نہیں کی۔

    ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ساؤتھ ایشین کنٹینر ٹرمینل مارچ میں فعال ہوجائے گا، اس میں کچھ مشکلات تھیں تاہم وہ اب دور ہوچکی ہیں اور اب کوئی مشکل باقی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لینڈ شپنگ پر کام جاری ہے، تین سے چار جگہ یہ شروع ہوچکی ہے۔

    چیئرمین پی این ایس سی عارف الٰہی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پی این ایس سی کی تاریخ میں پہلی بار ادارے کی ریٹنگ ڈبل اے ہوئی ہے اور پہلی بار پی این ایس سی کے جہازوں کی مال لے جانے کی گنجائش 7  لاکھ میٹرک ٹن ہوگئی ہے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے عنقریب چلنے والی جو چار فیری سروسز ہیں ان میں پہلی کراچی تا پورٹ قاسم، دوسری کراچی تا ایرانی بندر گاہ چاہ بہار، تیسری کراچی تا اورماڑہ اور چوتھی کراچی تا گوادر شامل ہیں تاہم ان میں سب سے پہلے کراچی تا پورٹ قاسم فیری سروس مکمل ہوگی بعدازاں دوسرے نمبر پر ایرانی بندر گاہ چاہ بہار تک چلائی جائے گی جس کا مقصد زائری کو سہولت دینا ہے۔

    ایک سوال پر چیئرمین نے کہا کہ ڈریجنگ ایک منافع بخش صنعت ہے، پی این ایس سی نے اسے اپنی ترجیحات میں دوسرے نمبر پر رکھا ہے، ارادہ ہے کہ پی این ایس سی اپنی ذیلی کمپنی قائم کرکے ڈریجنگ بھی شروع کرے کیوں یہ ایک منافع بخش انڈسٹری ہے اور پی این ایس سی اپنے منافع میں اضافے کے لیے ایسے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے۔

    عارف الہی  کا کہنا تھا کہ پاکرا کی جانب سے مستحکم آؤٹ لک کے ساتھ AA’ ریٹنگ نیشنل کیریئر کمپنی کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، اس ریٹنگ کے حصول میں ٹیم ورک، بہترین انتظامی پریکٹسز اور انتہائی چیلنجنگ ماحول میں عالمی تناظر کو مد نظر رکھتے ہوئے درست فیصلوں کا بڑا عمل دخل ہے،ہم چارٹرڈ جہازوں کے ذریعے کمپنی کے بزنس کو بڑھانے کی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں، پی این ایس سی کے فلیٹ میں اضافے کے تحت دو نئے جہاز شامل کیے جارہے ہیں جس میں ایفرا میکس  اور لانگ رینج ون  شامل ہیں جبکہ فلیٹ میں دو نئی فیری بھی شامل کی جائیں گی جس سے کارپوریشن کی آمدنی اور آپریشنز میں اضافہ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دو نئے جہازوں کی خریداری کے لیے زیادہ تر قرض پر انحصار کیا جائے گا جس سے یقینی طور پر کمپنی کی مالیاتی پرفائل پر بوجھ پڑے گا تاہم موجودہ بزنس سے ہمیں امید ہے کہ کیش فلوز میں اضافہ دیکھا جاسکے گا، پاکرا کی جانب سے تفویض کی گئی ریٹنگ کا انحصار کمپنی کے کیش فلوزاور کاروباری توسیع پر ہے ،ہمیں امید ہے کہ نئے جہازوں کی آمد سے کمپنی کے کیش فلوز میں اضافہ دیکھا جاسکے گا اور ہمیں اپنی بیلنس شیٹ کو مستحکم رکھنے میں کسی قسم کی دقت نہیں ہوگی۔

    چیئرمین نے کہا کہ پاکرا کی جانب سے پی این ایس سی کے لیے مستحکم ریٹنگ کا اجراء نیشنل فلیگ کیریئر کمپنی کی عمدہ اور شاندار کارکردگی پر اعتماد کا ثبوت ہے ،پی این ایس سی نے حالیہ برسوں میں اپنے بزنس پروفائل میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور پی این ایس سی انتظامیہ نے فلیٹ کے بہترین استعمال ،عمدہ پرائسنگ حکمت عملی اور کاسٹ مینجمنٹ اقدامات کے ذریعے کارپوریشن کو ترقی و دوام بخشا ہے۔

    واضح رہے کہ پی این ایس سی کو رواں برس قلیل مدتی ریٹنگ اے ون پلس تقویض کی گئی تھی جبکہ سال 2016 میں بھی پی این ایس سی کی قلیل مدتی ریٹنگ اے ون پلس ہی تھی۔

    پاکرا کی جانب سے پی این ایس سی کی آؤٹ لک کو بھی مستحکم قرار دیا گیا ہے، پی این ایس سی کو سال 2017 کے لیے اپ گریڈ کی ایڈوائز جاری کی گئی ہے جبکہ گزشتہ برس کمپنی کے لیے مینٹین کی ایڈوائس جاری کی گئی تھی۔

  • کراچی:‌ ڈیفنس سے پورٹ قاسم تک فیری چلانے کا اعلان

    کراچی:‌ ڈیفنس سے پورٹ قاسم تک فیری چلانے کا اعلان

    کراچی: پی این ایس سی نے کراچی میں‌ مرینہ کلب ڈیفنس سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا، چیئرمین پی این ایس سی عارف الٰہی نے کہا ہے کہ کراچی سے پسنی، گوادر اور چاہ بہار تک چلنے والی فیری سروسز آخری مراحل میں ہیں، حکومت نے 2030ء تک فیری سروسز پر پورٹ چارجز معاف کر رکھے ہیں، رواں سال کے آخر تک دو نئے جہاز خریدیں گے.

    pnsc-post-1

    یہ بات انہوں نے نیول فلیٹ کلب میں منعقدہ پی این ایس سی کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایڈمن بریگیڈئیر (ر) راشد صدیقی، ڈائریکٹر فنانس جرار کاظمی، ڈائریکٹر کمرشل کیپٹن محمد شکیل، ڈائریکٹر شپ مینجمنٹ طارق مجید سمیت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خواجہ عبید اور کیپٹن انور شاہ سیکریٹری بورڈ زینب سلیمان اور دیگر موجود تھے۔

    انہوں نے کہا کہ جہاز رانی کی عالمی صنعت نقصان سے دو چار ہے اس کے باوجود پی این ایس سی منافع میں جارہی ہے ،پی این ایس سی کے جہاز حکومت اور نجی اداروں کا مال لاتے اور لے جاتے ہیں، آئل ٹینکرز سارا سال چلتے ہیں اور خام تیل کی ترسیل جاری رہتی ہے، آرڈز زیادہ ملنے اور جہاز دستیاب نہ ہونے پر جہاز چارٹر پر حاصل کرتے ہیں، کوشش کرتے ہیں کہ جہاز کم سے کم چارٹرڈ پر لیے جائیں اسی طرح بلک کیرئیر جہازوں کے ذریعے بھی خام مال کی ترسیل جاری ہے تاہم اس میں ہمیں فائدے کے بجائے نقصان ہوا اور مسلسل ہورہا ہے، سوچا گیا کہ ان پانچ جہازوں کو پارک کردیں لیکن اس میں ہمیں زیادہ نقصان ہے، امید ہے کہ بلک کیرئیر بھی ہمیں جلد منافع دیں گے۔

    چیئرمین پی این ایس سی نے کہا کہ ہم نے نئے جہازوں کی خریداری کی طرف توجہ دی تو اس پر اتنا ٹیکس عائد تھا کہ قیمت کا نصف ڈیوٹی اور محصول کی مد میں ادا کرنا پڑرہا تھااس ضمن میں وزیر خزانہ ، فیڈرل بورڈ آف ریونیواور متعلقہ وزارت میں مسلسل بریفنگ کے بعد انہیں ڈیوٹی اور ٹیکس ختم کرنے پر قائل کیا، اب جو بجٹ آیا میں اس میں جہا ز کی خریداری پر عائد تمام ٹیکسز صفر کردیے گئے ہیں۔

    pnsc-post-2

    انہوں نے بتایا کہ نئے کے بجائے دس سال پرانے جہاز خریدنا ہماری ترجیح ہے کیوں کہ یہ کم لاگت میں مل جاتے ہیں، رواں سال کے آخر تک مزید دو نئے جہازخریدیں گے۔

    فیری سروس کے متعلق انہوں نے بتایا کہ فیری سروس کی کوئی پالیسی نہیں تھی، اسے وضع کرنے کے لیے حکومت سے بات کی، ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کا چیئرمین مجھے بنایا گیا ، کمیٹی نے پالیسی تشکیل دی اور حکومت نے ریلیف دیا کہ آئندہ 14سال یعنی2030ءتک فیری سروس پر عائد پورٹ چارجز معاف کردیے گئے ہیں ،کراچی سے گوادر، کراچی سے پسنی اور کراچی سے ایران کی بندرگاہ چاہ بہار تک فیری سروس چلانے کا جو منصوبہ تھا وہ اب پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے، انہیں چلانے کے لیے ٹینڈر بھی جاری کردی گئے ہیں ۔

    چیئرمین پی این ایس سی نے بتایا کہ یہاں سے پورٹ قاسم آمدورفت کے لیے شہریوں کو ٹریفک جام کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مرینہ کلب ڈیفنس سے پورٹ قاسم تک ایک اور فیری سروس چلائی جائے گی جس سے شہریوں کو سڑک پر ٹریفک جام میں پھنسنے کے بجائے فیری کے ذریعے کم وقت اور کم لاگت میں پورٹ قاسم تک پہنچنے کی سہولت میسر ہوگی جس پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا، گوادر، پسنی اور چاہ بہار فیری سروس سے قبل یہ فیری سروس شروع کردیں گے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ حال ہی میں پی این ایس سی نے قرضہ جات کی ادائیگی کے معاملے میں 325ملین روپے کی بچت کی ہے، این آئی بی اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک سے زیادہ مارک اپ پر قرضہ حاصل کیا گیا تھا ، فیصل بینک سے کم مارک اپ پر قرضہ حاصل کرکے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کو ادائیگی کردی گئی اور این آئی بی بینک نے اپنی شرائط میں نرمی کی ساتھ ہی 70کروڑ روپے کی ایڈوانس ادائیگی بھی کی جس کے بعد 325ملین روپے کی بچت ممکن ہوئی۔

    عارف الٰہی نے بتایا کہ سال2015-16ءمیں پی این ایس سی نے ریکارڈ منافع کمایا ، اس سال خالص منافع 2313 ملین روپے تھا جو کہ گزشتہ سات سے آٹھ سال بعد حاصل ہوا ،انہوں نے بتایا کہ ہمیں اس سال فی حصص تقریباً 18روپے کا منافع ہوا جس کے بعد اس سال حصص یافتگان کو فی شیئر 20فیصد ڈیویڈنڈ ادا کیا گیا۔

  • فیری سروس کے لیے ایران سے معاملات طے پاگئے

    فیری سروس کے لیے ایران سے معاملات طے پاگئے

    کراچی: وفاقی وزیر برائے جہاز رانی و بندر گاہ کامران مائیکل کا کہنا ہے کہ پاک ایران مسافر بردار و مال بردار فیری سروس کا کرایہ طے کرلیا ہے۔

    وفاقی وزیر برائے جہاز رانی و بندر گاہ کامران مائیکل کا کہنا ہے کہ کراچی سے چاہ بہار کے سفر کا کرایہ بیس ہزار روپے ہوگا، اس سروس کے لیے 2 فیری لیز پر حاصل کی جارہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ فیری سروس پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر شروع کی جائیگی فیری سروس کے لیے ایران سے معاملات طے پاگئے ہیں،کراچی سے چاہ بہار کا فاصلہ 347 ناٹیکل مائل ہے،ایرانی بندرگاہ چاہ بہار کا سفر 14 گھنٹے میں پورا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ فیری کیلیے کراچی پورٹ ٹرسٹ کی برتھ نمبر 18 استعمال ہوگیایک مسافر 100 کلو گرام سامان لے جاسکے گا،پاکستان تا یو اے ای تیز رفتار مال بردار اور کراچی تا گوادر مسافر و مال بردار سروس چلائی جائیگی معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے بین الوزارتی اجلاس جلد ہوگا۔

  • پاک ایران فیری سروس چلانے کا اعلان

    پاک ایران فیری سروس چلانے کا اعلان

    کراچی: وزارت پورٹ اینڈ شپنگ نےکراچی کی بندرگاہ سےایران کی بندرگاہ چاہ بہار تک مسافرفیری سروس چلانےکا اعلان کردیا۔وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کی زیر صدارت کراچی میں منعقدہ اجلاس میں بتایاگیاکہ کراچی پورٹ سے ایرانی بندرگاہ چا ہ بہار تک مسافر فیری سروس کا آغازکیاجا رہا ہے۔

    اس سلسلےمیں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کےمطابق کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر سمندری راستےسےفیری سروس چلانےکا فیصلہ کیاگیا ہے۔

    ایران تک زائرین کوسہولت فراہم کرنےکےلیےفیری سروس وزارت خارجہ سے این او سی ملتے ہی شروع کردی جائےگی۔