فیصل آباد: اربوں کے آن لائن فراڈ میں ملوث فیسکو کے سابق چیئرمین تحسین اعوان کا نام پی این آئی لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سائبر کرائم ایجنسی نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے سابق چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈنٹفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) میں شامل کر دیا ہے۔
سائبر کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ تحسین اعوان کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے فیصل آباد میں سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کے ڈیرے پر چھاپا مار کر پونزی اسکیم اور سرمایہ کاری کے فراڈ میں ملوث بڑا کال سینٹر پکڑ لیا ہے، کارروائی کے دوران 70 غیر ملکیوں سمیت 149 افراد وہاں کام کرتے ہوئے پائے گئے، جنھیں موقع پر گرفتار کیا گیا۔
یہ اب تک پاکستان میں آن لائن فراڈ کرنے والے ملزمان کی بہ یک وقت پکڑی گئی سب سے بڑی تعداد ہے۔ چھاپے کے دوران ڈیرے سے کمپیوٹرز، ایل سی ڈیز اور مختلف ڈیوائسز برآمد ہوئی تھیں۔
سائبر کرائم ایجنسی نے سانگلہ ہل شاہکوٹ روڈ فیصل آباد میں واقع کال سینٹر پر چھاپا ایک حساس ادارے کے ہمراہ مارا تھا، یہ کال سینٹر فیسکو کے سابق چیئرمین ملک تحسین اعوان کی رہائش گاہ پر بنایا گیا تھا جہاں سے عوام کو دھوکا دے کر رقم بٹوری جا رہی تھی۔
پکڑے گئے افراد میں 131 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں، جن میں نائجیرین 3 مرد اور 5 خواتین، فلپائنی 1 مرد اور 3 خواتین، سری لنکن 1 مرد اور 1 خاتون، بنگلادیشی 6 مرد، زمبابوے کی 1 خاتون، میانمار کی 2 خواتین اور 44 دیگر غیرملکی جب کہ پاکستانی 76 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔