Tag: فیس بک پر دوستی

  • فیس بک پر دوستی کی ریکوئسٹ بھیج کر پاکستانیوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار

    فیس بک پر دوستی کی ریکوئسٹ بھیج کر پاکستانیوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار

    لاہور: سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر دوستی کی ریکوئسٹ بھیج کر پاکستانیوں کو لوٹنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایف آئی اے نے ایک کارروائی میں سوشل میڈیا پر شہریوں کو لوٹنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا، گروہ میں 5 غیر ملکی جب کہ ایک پاکستانی شامل ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں 5 نائجیرین باشندے ہیں، یہ گروہ اب تک متعدد لوگوں کے ساتھ فراڈ کر چکا ہے۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم کے مطابق گروہ لوگوں سے کروڑوں روپے لوٹ چکا ہے، گروہ کے ارکان غیر ملکی لڑکیوں کی تصویریں دکھا کر لوگوں کو لاکھوں ڈالر کا لالچ دے کر لوٹتے تھے۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اور فیس بک انتظامیہ کے درمیان بڑا معاہدہ

    واضح رہے کہ ستمبر 2020 میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے فیس بک انتظامیہ سے ڈیٹا شیئرنگ کا معاہدہ کیا تھا۔ مارچ میں ایشیا پیسیفک کے فیس بک ہیڈکوارٹزر کی انتظامی ٹیم نے ایف آئی اے اسلام آباد کے دفتر کا دورہ کیا تھا۔

  • فیس بک پر دوستی کا انتہائی بھیانک انجام

    فیس بک پر دوستی کا انتہائی بھیانک انجام

    خان پور :فیس بک کی دوستی نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی ، پولیس نے ملزم اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے مقتول کی لاش برآمد کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک پر دوستی کا انتہائی بھیانک انجام سامنے آ یا، چشتیاں کے رہائشی نوجوان ریحان بھٹی کی فیس بک کے ذریعے خان پور کے چک 2 پی کے ماسٹر عابد نامی مقامی زمیندار سے دوستی ہوئی تو وہ دوست سے ملنے خان پور چلا آیا۔

    جہاں پر نامعلوم وجوہات کی بنا پر ماسٹر عابد نے گولی مار کر ریحان بھٹی کو قتل کر دیا اور ساتھیوں کے ہمراہ لاش اپنے ڈیرہ پر دفنا دی۔

    اس واقعہ کی اطلاع پر صدر پولیس کے ایس ایچ او سیف اللہ خان کورائی نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو استعمال کرتے ہوئے اطلاع ملنے کے محض چند گھنٹوں کے اندر ہی قاتل کو اس کے 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے ملزمان کی نشاندہی پر مقتول کی لاش برآمد کر لی۔

    بہترین اور فوری کاروائی پر مقتول کے ورثاء اور شہری حلقوں کی جانب سے پولیس کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا۔

    یاد رہے رواں ماہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں صبا نامی خاتون نے فیس بک کی مدد سے گھر میں داخل ہونے والے دو ڈاکوؤں کو پولیس کے ہاتھوں گرفتار کروایا تھا۔

    لاہور کے علاقے تھانہ فیصل ٹاؤن کی حدود میں واقع گھر میں دو ڈاکو لوٹ مار کی نیت سے داخل ہوئے، گھر میں موجود صبا نامی خاتون بالائی منزل پر موجود تھیں تو اسی دوران انہوں نے اہل خانہ کی ڈاکوؤں سے مزاحمت کی آوازیں سُنیں تو خاتون نے اپنے کمرے کا دروازہ بند کر کے فیس بک پر اسٹیٹس شیئر کیا کہ ’میرے گھر میں ڈاکو داخل ہوگئے ہیں‘۔

    صبا کے دوستوں اور دیگر عزیز و اقارب نے پوسٹ پڑھ کر پولیس کو بذریعہ ہیلپ لائن واقعے سے متعلق آگاہ کیا ، جس کے بعد تھانہ فیصل ٹاؤن کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور مکان کو گھیرے میں لے لیا اور آدھے گھنٹے مذاکرات کے بعد دونوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

  • پاکستانی لڑکے کی محبت میں تھائی لینڈ کی لڑکی نے اسلام قبول کرلیا

    پاکستانی لڑکے کی محبت میں تھائی لینڈ کی لڑکی نے اسلام قبول کرلیا

    اوکاڑہ :سوشل میڈیا پر ہونے والی دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی ، پاکستانی لڑکے کی محبت میں تھائی لینڈ کی رہائشی سونگ میونسن پاکستان آ گئی اور اسلام قبول کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں الرحمان ٹاؤن کے رہائشی محمد اعظم سے فیس بک پر دوستی کرنیوالی تھائی لینڈ کی لڑکی سونگ میونسن اوکاڑہ کے بہادر نگر فارم پہنچ گئی اور اسلام قبول کرکے محمد اعظم کیساتھ شادی کرلی۔

    سونگ میونسن نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام فاطمہ رکھا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اس کی بیوی فاطمہ کو شہریت دے کیونکہ اگر وہ تھائی لینڈ واپس گئی تو وہاں اس کی جان کو خطرہ ہے۔

    گذشتہ سال بھی پاکستانی لڑکے کی محبت میں چینی لڑکی لیوچنگ چنگ پاکپتن پہنچ گئی تھی ،لیوچنگ چنگ نے شفیق سے شادی کر کے اسلام قبول کیا اور اپنا نام عائشہ شفیق رکھ لیا تھا۔

    اس سے قبل بھی ایک جاپانی لڑکی ماریہ ایڈلان پاکستانی لڑکے احمد انور کی محبت میں پاکستان پہنچی تھی اور اسکی فرمائش پر اسلام قبول کیا اور اسلامی نام ماریہ احمد رکھ لیا تھا۔