Tag: فیس بک

  • گستاخانہ مواد : ملزمان کی نشاندہی کیلئے حساس اداروں سے مدد لینے کا فیصلہ

    گستاخانہ مواد : ملزمان کی نشاندہی کیلئے حساس اداروں سے مدد لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد ہٹانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، اس حوالے سے حساس اداروں سے بھی مدد لی جائے گی، امید ہے کہ فیس بک انتظامیہ بھی کروڑوں لوگوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے مکمل تعاون کرے گی۔

     ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ایف آئی اے حکام کی جانب سے شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔

    چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ فیس بک سے گستاخانہ مواد ہٹانے کیلئے ہر آپشن کے استعمال کیلئے پرعزم ہیں، گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث افراد کی نشاندہی کیلئےحساس اداروں سے مدد لی جائے۔

    وزیرِ داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے کی جانب سے انٹرپول کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے نفرت انگیز اور مذہبی منافرت پر مبنی فیس بک پیجز کی نشاندہی کرے جن کا شمار انٹرپول کے اپنے قوانین کے تحت سنگین جرائم میں ہوتا ہے۔

    اس موقع پر ایف آئی اےحکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گستاخانہ مواد سے متعلق فیس بک انتظامیہ سے باقاعدہ درخواست کرچکے ہیں، اب ان کی جانب سے جواب کا انتظارہے، کوشش کی جارہی ہے کہ قانونی طور پرفیس بک کو پابند کیا جائے، فیس بک آزادی اظہار کے نام پر دل آزاری کا آلہ کارنہ بنے۔

    اس حوالے سے واشنگٹن میں سفارتخانے کے سینئرافسر کو رابطے کی ذمہ داری دی گئی ہے تاکہ رائٹ ٹوانفارمیشن کے تحت مطلوبہ معلومات کیلئے کوششیں کی جائیں، انٹرپول سے بھی ملوث ملزمان کی نشاندہی میں مدد کا کہا گیا ہے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ عالمی عدالتوں میں کیس کی پیروی کیلئے فرخ کریم کی خدمات لی جارہی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گستاخانہ مواد کی تشہیر سے متعلق اب تک11افراد کی نشاندہی ہوچکی ہے، بعض افراد سے تفتیش کیلئےانٹرپول کی مدد بھی لی جارہی ہے۔

  • سوشل میڈیا کو بہتان اور کردار کشی کا وسیلہ نہیں بننے دیں گے، چوہدری نثار

    سوشل میڈیا کو بہتان اور کردار کشی کا وسیلہ نہیں بننے دیں گے، چوہدری نثار

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارنے فیس بک کی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کوجھوٹ اور کردار کشی کاوسیلہ بننے نہیں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی موجودگی اور اعلیٰ شخصیات کو متنازع بنانے کے معاملے پر فیس بک انتظامیہ نے ایف آئی اے کو کسی بھی قسم کے تعاون سے معذرت کر لی ہے۔


    جس پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی غیر ملکی کمپنی کی پالیسیوں کی آڑ میں اہم ملکی شخصیات کو متنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی نہ ہی سوشل میڈیا کو جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کا وسیلہ بننے دیا جا سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ فیس بک، ٹوئٹر اور واٹس ایپ کے لوکل ورژن متعارف کرانے پر بھی غور کیا جائےگا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کردار کشی پر مبنی متنازعہ مواد کی تشہیر روکی جاسکے۔

    وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کو بھی ملکی وقار سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی ملک میں انتہا پسندی پھیلانے کی اجازت دی جائے گی۔

  • سوشل میڈیا کی معروف شخصیت کا فروغِ مطالعہ مہم

    سوشل میڈیا کی معروف شخصیت کا فروغِ مطالعہ مہم

    دبئی : فیس بک سے شہرت پانے والے جنید اکرم نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کے اندھیروں کو شاہراہیں یا طویل قامت عمارتیں نہیں بلکہ کتابیں دور کریں گی اس لیے جو شخص مجھ سے کتاب منگوانا چاہتا ہے میں انہیں بلامعاوضہ پیش کروں گا۔

    یہ پیشکش انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری کردہ اپنے پیغام میں دی جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ دبئی سے کراچی پہنچ رہے ہیں اور اپنےہمراہ غیر ضروری چیزوں کے بجائے کتابیں لائیں گے تا کہ پاکستان میں مطالعے کے کلچر کو فروغ ملے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ہمراہ بادام یا پیستے نہیں بلکہ کتاب لا رہے ہیں اس لیے ان کے پاس 20 کلو تک سامان لانے کی گنجائش موجود ہے جس کے لیے پاکستان سے کوئی بھی شخص کوئی نایاب کتاب منگوانا چاہے تو وہ دبئی کی مشہور کتب فروش دکان سے خرید لائیں گے اور پاکستان پہنچنے پر بلا معاوضہ پہنچا دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اندھیروں کو نہ تو سڑکیں دور کر سکتی ہیں اور نہ ہی طویل القامت عمارتیں اس کا کچھ سدباب کر پائیں گی بلکہ صرف کتاب وہ ہتھیار ہے جس سے پاکستان کے پچیدہ مسائل کا حل ڈھونڈا جا سکتا ہے۔

    جنید اکرم کا کہنا تھا کہ میرا یہ اقدام خالص جذبہ حب الوطنی کے تحت ہے میں متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہوں اور اچھی گذر بسر بھی ہو رہی ہے اور اللہ نے شہرت بھی دے رکھی ہے اس لیے کتابوں کی ترویج کی اس مہم کو مارکیٹنگ یاسستی شہرت کا حصول نہ سمجھا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ مطالعے کا شوق ایسا رواج پکڑے کہ لوگ کافی شاپ پر بھی کتابیں پڑھتے نظر آئیں نہ کہ بے مصرف سیلفیاں لیتے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر مطالعے کے اس کلچر سے نے ایک ذہن کو بھی تبدیل کیا تو یہ میری بڑی کامیابی ہو گی کیوں کہ فرد ہی معاشرہ بناتا ہے اس طرح ایک شخص کی تبدیلی پورے معاشرے کی تبدیلی کی وجہ بنے گی۔

    جنید اکرم فیس بک پر معاشرے کے پچیدہ سماجی و معاشرتی مسائل پر مزاحیہ انداز میں تنقید کرتے رہتے ہیں جس کی عوام میں کافی پذیرائی ملتی رہتی ہے اور وہ سوشل میڈیا پر ایک معروف شخصیت کے طور ابھر کر سامنے آئے ہیں۔

  • فیس بک اکاؤنٹ کی ہیکنگ سے بچنے کے لیے سیکیورٹی چابی

    فیس بک اکاؤنٹ کی ہیکنگ سے بچنے کے لیے سیکیورٹی چابی

    کیلی فورنیا: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے اکاؤنٹ کو ہیک ہونے سے بچانے کے لیے سیکیورٹی چابی متعارف کروا دی۔

    فیس بک نے صارفین کے اکاؤنٹ مزید محفوظ بنانے کے لیے یو ایس بی جیسی چابی متعارف کروائی ہے جس کی مدد سے اکاؤنٹ کی حفاظت یقینی ہوجائے گی اور ہیکر اکاؤنٹ پر نقب نہیں لگا سکیں گے۔

    key-2

    ایف آئی ڈی او ۔ یو ٹی ایف نامی یہ چابی آپ کو آپ کے اپنے فیس بک اکاؤنٹ تک رسائی فراہم کرے گی۔ یو ایس بی پورٹ میں لگنے والی یہ چابی لاگ ان معلومات کی تصدیق کر کے پاس ورڈ کے ساتھ فیس بک کھولتی ہے۔

    گویا اب آپ چاہیں تو اپنے فیس اکاؤنٹ کو ایسے ہی کھول سکتے ہیں جیسے گھر میں موجود کسی محفوظ تجوری، یا لاکر کو کھولتے ہیں۔

    فیس بک کا دعویٰ ہے کہ اس کا استعمال ہیکرز کی اکاؤنٹ تک رسائی ناممکن بنا دیتا ہے۔

    یو ٹو ایف سیکیورٹی چابی کو ایک مرتبہ اکاؤنٹ پر رجسٹر کروانے کے بعد بار بار اس کی ضرورت نہیں رہتی لیکن اگر آپ ہسٹری صاف کر دیتے ہیں تو اس کے بعد دوبارہ اس چابی کی ضرورت پڑے گی۔

    key-3

    اس چابی کو آن لائن خریدا جا سکتا ہے جس کی قیمت 21 ڈالر یعنی 2100 روپے کے برابر ہے۔

    فیس بک کے مطابق چابی میں موجود خفیہ معلومات جو صرف آپ کو ہی معلوم ہوں گی، اس بات کو بھی نا ممکن بنادے گی کہ کوئی اس چابی کا استعمال کرتے ہوئے آپ کا اکاؤنٹ استعمال کرے۔

  • ایشیائی لوگ فیس بک کے زیادہ شیدائی نکلے

    ایشیائی لوگ فیس بک کے زیادہ شیدائی نکلے

    کیلی فورنیا: فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ دنیا بھر میں اس کے سب سے زیادہ یوزر یورپ یا امریکا میں نہیں بلکہ براعظم ایشیا میں ہیں جہاں روزانہ تقریباً 40 کروڑ افراد روزانہ اپنا فیس بک اکاؤنٹ استعمال کرتے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ چند روز قبل جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق فیس بک کے سب سے زیادہ صارف ایشیاء میں پائے جاتے ہیں جہاں روزانہ 39 کروڑ 60 لاکھ افراد اس سوشل ویب سائٹ کو استعمال کرتے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 2 برس کے دوران براعظم ایشیا میں فیس بک کے صارفین میں 57 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ کسی بھی خطے میں موجود فیس بک کے صارفین کی تعداد میں تیز ترین اضافہ ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے اپنی آمدنی کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ سال فیس بک نے ریکارڈ منافع حاصل کیا جس کے باعث فیس بک کے حصص کی قیمت میں 2.2 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جب کہ ایشیاء میں فیس بک کی آمدنی میں بھی 15 ماہ کے دوران دُگنا اضافہ ہوا۔

    فیس بک اعلامیے کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ایک ارب 23 کروڑ افراد اپنی آئی ڈیز پر آتے ہیں، صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے اس امید کا اظہارکیا ہے کہ کسی بھی وقت فیس بک 2 ارب کا ہندسہ عبور کرسکتی ہے۔

  • فیس بک بانی 1 گھنٹے میں 3 ارب ڈالر کمانے میں کامیاب

    فیس بک بانی 1 گھنٹے میں 3 ارب ڈالر کمانے میں کامیاب

    کیلی فورنیا: فیس بک کے بانی مارک زکربرگ ایک گھنٹے کے دوران 3 ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب ہوگئے، انہوں نے یہ رقم ویب سائٹ سے حاصل ہونے والے منافع سے حاصل کی جس کے بعد اُن کی دولت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا۔

    فیس بک کی جانب سے جاری سہ ماہی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ اور بانی فیس بک نے گزشتہ سال ریکارڈ منافع حاصل کیا جس کے باعث فیس بک کے حصص کی قیمت میں 2.2 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    فیس بک اعلامیے کے مطابق یہ منافع ریکارڈ شمار کیا جارہا ہے کیونکہ اس سے قبل مارک زکر برگ کی دولت میں کبھی اتنا اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا، فیس بک کو سہ ماہی میں جو بھی فائدہ حاصل ہوا اس سے مارک زکر برگ کی دولت میں اضافہ ہوا۔

    سہ ماہی رپورٹ کے مطابق 3 ارب ڈالر کے اضافے کے نتیجے میں مارک زکر برگ کے مجموعی اثاثے 59 ارب ڈالرز تک جا پہنچے جس کے بعد وہ اس وقت دنیا کے 5 ویں امیر ترین انسان میں شامل ہوگئے۔

    پڑھیں: ’’ آپ کی فیس بک پروفائل آپ کی شخصیت کی عکاس ‘‘

    رپورٹ کے مطابق فیس بک کو حاصل ہونے والے منافع کی اصل وجہ صارفین کی تعداد میں اضافہ ہے، فیس بک کے ماہانہ متحرک صارفین کی تعداد 1 ارب 84 کروڑ تک پہنچ چکی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے۔

    فیس بک اعلامیے کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 1.23 ارب لوگ اپنی آئی ڈیز پر آتے ہیں، صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے اس امید کا اظہارکیا ہے کہ کسی بھی وقت فیس بک 2 ارب کا ہندسہ عبور کرسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: ’’ فیس بک نے اپنے ہی بانی کو مردہ قرار دیدیا ‘‘

    نئے اعداد و شمار کے مطابق فیس بک کے سب سے زیادہ صارف ایشیاء میں پائے جاتے ہیں جہاں روزانہ 39 کروڑ 60 لاکھ افراد فیس بک استعمال کرتے ہیں۔

    گزشتہ 2 سال میں ایشیا میں فیس بک کے صارفین میں 57 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ کسی بھی خطے میں موجود فیس بک کے صارفین کی تعداد میں تیز ترین اضافہ ہے جب کہ ایشیاء میں فیس بک کی آمدن میں بھی 15 مہینوں میں دُگنا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

  • امریکا مہاجرین کی سرزمین ہے، ٹرمپ فیصلوں‌ پر نظر ثانی کریں، مارک زکربرگ

    امریکا مہاجرین کی سرزمین ہے، ٹرمپ فیصلوں‌ پر نظر ثانی کریں، مارک زکربرگ

    نیویارک: فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے ٹرمپ کے مسلم ممالک کے امریکا میں شہریوں پر عائد پابندی پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا مہاجرین کی سرزمین ہے اور ہمیں اس پر فخر ہونا چاہیے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر مارک زکر برگ نے مسلم ممالک کے شہریوں پر پابندی کے حوالے سے ٹرمپ کی پالیسوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرے آباؤ اجداد جرمنی آسٹریلیا اور پولینڈ سے ہجرت کر کے امریکا پہنچے جبکہ میری اہلیہ کے والدین چین اور ویت نام سے تعلق رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر امریکا کو محفوظ اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے مگر یہ مضبوطی ان پالیسیوں سے نہیں آئے گی بلکہ اس طرح کے فیصلے ملکی سالمیت کے لیے خطرے کے طور پر ثابت آئیں گے، مسلمان ممالک کے شہریوں پر پابندی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا دھیان ہٹ جائے گا جس کے بعد خطرناک لوگ کھل کر سامنے آئیں گے اور امریکیوں کی زندگی سے با آسانی کھلیں گے۔

    فیس بک کے بانی نے کہا کہ امریکا مہاجرین کی سزمین ہے اور ہم سب کو اس پر فخر بھی ہے، مجھ سمیت بہت سے امریکی ایسے ہیں جنہیں ٹرمپ کے حال ہی میں دستخط کردہ آرڈز پر شدید تحفظات ہیں، ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے بعد امریکا میں مقیم لاکھوں مہاجرین کو بھی تحفظات ہیں، جو امریکا کے لیے کسی خطرے کا باعث نہیں۔

    مارک زکر برگ نے کہا کہ امریکا کو مہاجرین اور ضرورت مندوں کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہیں کیونکہ ہم ایسی سرزمین ہیں جس پر مہاجرین کو فخر ہے، اگرامریکا ماضی میں مہاجرین کو بے دخل کرنے کی پالیس اختیار کرتا تو میرے والدین یہاں نہیں ہوتے اور نہ ہی میرا تعلق امریکا سے رہتا، جب میں اسکول میں مڈل کلاس میں تھا تو میرے ساتھ پڑھنے والے تقریباً تمام ہی بچے غیر ملکی تارکین تھے۔

    انہوں نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ان پابندیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ماضی کو یاد رکھیں گے اور تمام فیصلوں سے قبل امریکا کے تشخص کا خیال رکھیں گے اور لوگوں کو قریب لانے کا حوصلہ پیدا کریں گے۔

  • واٹس ایپ پر اسکرین شاٹ لینے والے ہوشیار

    واٹس ایپ پر اسکرین شاٹ لینے والے ہوشیار

    اگر آپ واٹس ایپ پر اپنے دوستوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس کے اسکرین شاٹ لینے کے عادی ہیں، تاکہ وقت ضرورت دوستوں کو ان کی پرانی گفتگو دکھا کر یاد دلائی جاسکے، تو اب محتاط ہوجائیں کیونکہ اب اس کی خبر اس شخص کو بھی ہوجائے گی جس کی گفتگو کا آپ نے اسکرین شاٹ لیا ہے۔

    واٹس ایپ کے سربراہ جین کوم نے اعلان کیا ہے کہ واٹس ایپ کے اگلے ورژن میں اس فیچر کو شامل کردیا جائے گا جس کے بعد اس شخص کو ایک نوٹی فیکیشن موصول ہوجائے گا جس کی گفتگو کا اسکرین شاٹ لیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ صارفین کی جانب سے اس فیچر کا ایک عرصے سے مطالبہ کیا جارہا تھا اور 5 فروری سے یہ فیچر تمام واٹس ایپ صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ کے بہترین فیچرز

    واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر بلیو ٹک جیسا ہوگا اور اسکرین شاٹ لینے والے شخص کو بھی علم ہوجائے گا کہ اس کے اسکرین شاٹ کا نوٹی فیکیشن بھیج دیا گیا ہے۔

    اپنے آغاز کے ساتھ ہی بہت جلد مقبول ہونے والی میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو سنہ 2009 میں بنایا گیا تھا اور سنہ 2014 میں فیس بک نے اسے خرید لیا تھا۔

  • فیس بک پر اس شخص کو بلاک کرنا نا ممکن

    فیس بک پر اس شخص کو بلاک کرنا نا ممکن

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک آج کل تقریباً ہر شخص کی زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہے۔ یہ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت و منفی تبدیلیاں اور کئی فوائد و نقصانات اپنے ساتھ لائی ہے۔

    فیس بک پر ناپسندیدہ شخصیات سے بچنے کا ایک طریقہ بلاک کرنا ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کسی شخص کو آپ کی کوئی خبر نہ ملے، وہ آپ سے فیس بک پر رابطہ کرنا تو دور آپ کو دیکھ بھی نہ سکے تو اس کے لیے آپ بآسانی اس شخص کو بلاک کرسکتے ہیں۔

    لیکن فیس بک پر ایک شخص ایسا ہے جسے آپ کسی صورت بلاک نہیں کرسکتے۔ وہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ ہیں۔

    mark-new

    آپ فیس بک کے تمام عہدے داران بشمول چیف آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈ برگ کو بلاک کر سکتے ہیں۔ حتیٰ کہ آپ زکر برگ کی اہلیہ پریسیلا چین کو بھی بلاک کر سکتے ہیں لیکن آپ فیس بک کے تخلیق کنندہ زکر برگ کو کسی صورت بلاک نہیں کرسکتے۔

    آپ کو یقین نہ آئے تو آپ خود ہی آزما کر دیکھ لیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سوشل میڈیا رشتوں کے لیے زہر قاتل؟

    سوشل میڈیا رشتوں کے لیے زہر قاتل؟

    سوشل میڈیا کا استعمال ہماری زندگی کا لازمی جز بن چکا ہے۔ زندگی کا کوئی بھی مرحلہ ہو، اسے سوشل میڈیا پر رسمی و غیر رسمی دوستوں اور بعض اوقات اجنبی افراد کے ساتھ بھی شیئر کرنا ایک معمول کی بات بن چکی ہے۔

    لیکن ماہرین کا متفقہ طور پر ماننا ہے کہ سوشل میڈیا کا استعمال ہماری نفسیاتی صحت پر منفی اثرات مرتب کررہا ہے۔ کم استعمال کرنے والے اس کے مضر اثرات کا شکار کم، اور زیادہ استعمال کرنے والے اس کے نقصانات کا زیادہ شکار ہیں، تاہم اس کے منفی اثرات سے کوئی بھی شخص محفوظ نہیں۔

    حال ہی میں ماہرین سماجیات کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق نے ان پر انکشاف کیا کہ وہ ازدواجی جوڑے جو اپنی زندگی کے معاملات سوشل میڈیا پر شیئر کرتے تھے، ایک ناخوشگوار زندگی گزار رہے تھے۔

    مزید پڑھیں: سوشل میڈیا لوگوں کو سست بنا رہا ہے

    انہوں نے دیکھا کہ جن جوڑوں نے اپنی ذاتی زندگی کو صحیح معنوں میں ذاتی اور خفیہ رکھا اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اس کی تشہیر نہیں کی، وہ نسبتاً ایک خوشگوار زندگی گزار رہے تھے۔

    ماہرین نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے چند وجوہات پیش کیں جنہیں پڑھ کر آپ کو اندازہ ہوسکے گا کہ سوشل میڈیا کس طرح آپ کے ازدواجی رشتے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

    social-media-2

    گزشتہ 2 سال سے جس طرح عام تصاویر کی جگہ سیلفیاں مقبول ہوگئی ہیں، اس نے نفسیاتی و طبی ماہرین کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ اپنی سیلفیز پوسٹ کرنے والے افراد نفسیاتی مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں۔

    اسی طرح اپنی تصاویر اور اسٹیٹس میں دوسروں کو ٹیگ کرنا، کمنٹس یا لائیکس حاصل کرنے کی جستجو بھی خود پسندی کو فروغ دے رہی ہے جو آگے چل کر نفسیاتی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔

    تحقیق کے مطابق فیس بک کا استعمال لوگوں کو خوشی کو ختم کر رہا ہے۔ ماہرین نے دیکھا کہ وہ تنہا افراد جو فیس بک کا استعمال کم کرتے تھے اور شادی کے بعد بھی انہوں نے اس عادت کو برقرار رکھا، وہ اپنے ہی جیسے حالات کا شکار افراد سے نسبتاً خوش پائے گئے۔

    مزید پڑھیں: آئی فون استعمال کرنے والے ناقابل بھروسہ اور خود غرض

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے ازدواجی یا دیگر رشتوں کے بارے میں مستقل سوشل میڈیا پر پوسٹنگ کرتے رہنا عدم تحفظ کے احساس کو فروغ دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق انہوں نے تحقیق میں دیکھا کہ وہ افراد جو اپنے رشتوں سے ناخوش یا غیر مطمئن تھے وہ اپنے رشتوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر زیادہ پوسٹنگ کرتے تھے۔

    سماجی و طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آج کل کے جدید دور میں سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی سے دور رہنا تو ناممکن ہے، لیکن سوشل میڈیا کا استعمال کم کرنا خصوصاً اپنی ذاتی زندگی کو اس سے دور رکھنا آپ کو بے شمار سماجی، طبی اور نفسیاتی مسائل سے بچا سکتا ہے۔