Tag: فیس بک

  • پاکستانی موبائل صارفین کیلئے تیزرفتارانٹرنیٹ کی فراہمی : فیس بک کا  بڑا اعلان

    پاکستانی موبائل صارفین کیلئے تیزرفتارانٹرنیٹ کی فراہمی : فیس بک کا بڑا اعلان

    اسلام آباد : فیس بک نے نیاٹیل کیساتھ پاکستان میں پہلی بڑی سرمایہ کاری کا فیصلہ کرلیا ، جس کے تحت ڈیڑھ کروڑموبائل صارفین تیز رفتار انٹرنیٹ حاصل کرسکیں گے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پاکستان میں انٹرنیٹ کےفروغ کیلئےسرگرم ہیں ، فیس بک اورنیاٹیل نے پاکستان کے 8بڑےشہروں میں نیا فائبر نیٹ ورک لگانے کا اعلان کردیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈیڑھ کروڑموبائل صارفین تیزرفتارانٹرنیٹ حاصل کرسکیں گے، نیٹ ورک حکومت کی ڈیجیٹل پاکستان کوششوں میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

    سی ای اونیاٹیل وہاج سراج نے کہا نئی سرمایہ کاری سےکاروبارکی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کوروزگاراورآن لائن کاروبار کیلئے نئے مواقع ملیں گے جبکہ سربراہ ایشین کوآرڈینیٹرفیس بک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کایہ پہلامنصوبہ ہے۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں پاکستانی حکام نے فیس بک انتظامیہ سے رابطہ کرکے  پاکستان میں مونیٹائزیشن کھولنے کی درخواست کی تھی  ، جس پر فیس بک نے پاکستان کیلئے 3 منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

    صوبائی وزیرآئی ٹی ضیااللہ بنگش نے کہا تھا کہ فیس بک پاکستان میں 3 منصوبے شروع کرنے جارہا ہے، بہت جلد کام کاآغاز ہوگا، دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے۔

  • میسنجر اور انسٹاگرام میں دلچسپ نئے فیچرز

    میسنجر اور انسٹاگرام میں دلچسپ نئے فیچرز

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنی ایپس میسنجر اور انسٹاگرام میں متعدد نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں، فیس بک کی جانب سے میسنجر اور انسٹاگرام میں 2 نئی چیٹ تھیمز کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنی میسجنگ ایپس میسنجر اور انسٹاگرام کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں۔ ان میں سے ایک فیچر انسٹاگرام میں کیا جانے والا نیا اضافہ ان باکس سین ہے۔

    اس میں ان باکس میں دیکھنے سے صارفین کو علم ہوجاتا ہے کہ حال ہی میں جن افراد کو انہوں نے ڈائریکٹ میسج کیا ہے، وہ پیغام کو دیکھ چکے ہیں۔

    ایک اور کارآمد فیچر میسنجر میں متعارف کروایا گیا ہے اور فیس بک نے پرانی چیٹس کو آسانی سے ہائیڈ کرنے کے لیے سوائپ لیفٹ کا آپشن دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان ہائیڈ کی جانے والی چیٹس تک رسائی کے لیے مینیو میں آپشن دیا گیا ہے۔

    فیس بک کی جانب سے اس وقت آڈیو فیچرز پر کافی کام کیا جارہا ہے اور اب میسنجر میں صارف وائس میمو دوستوں کو بھیج سکتے ہیں۔ اس کے لیے بٹن دبا کر رکھنے کی ضرورت نہیں بلکہ مائیک آئیکون کو کلک کرکے یہ کام کیا جاسکتا ہے۔

    فیس بک کے مطابق یہ فیچر جلد انسٹا گرام میں بھی صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    اسی طرح آئی او ایس میں صارفین فوٹوز اور ویڈیوز پر اپنی تصاویر اور کلپس کے ساتھ رپلائی بھی کرسکیں گے۔

    فیس بک کی جانب سے میسنجر اور انسٹا گرام میں 2 نئی چیٹ تھیمز کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے، جن میں سے ایک اسٹار وارز کے مداحوں کے لیے جبکہ دوسری نیٹ فلکس کے ایک شو سے متعلق ہے۔

    دونوں میں لائٹ اور ڈارک تھیمز کا آپشن بھی موجود ہے اور ان کو چیٹ سیٹنگز میں جاکر ان ایبل کیا جاسکتا ہے۔

  • فیس بک نے صارفین کو بڑی سہولت فراہم کر دی

    فیس بک نے صارفین کو بڑی سہولت فراہم کر دی

    سب سے بڑی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک نے صارفین کے لیے نیا زبردست فیچر متعارف کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، اس فیچر کے بعد اب صارفین دوسروں کے تبصروں (کمنٹس) کو کنٹرول کر سکیں گے۔

    یہ ایک شان دار فیچر ہے جس کے ذریعے صارف اپنی پوسٹ پر اپنی مرضی کے لوگوں کو کمنٹ کرنے کی اجازت دیں گے، اور وہ دوسروں پر کمنٹ کرنے پر پابندی بھی لگا سکیں گے۔

    صارفین کو اب یہ سہولت بھی میسر ہوگی کہ وہ اپنے دوستوں کے علاوہ دیگر لوگوں کو پوسٹ پر کمنٹ کرنے کی اجازت نہ دیں۔

    واضح رہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ نے یہ فیچر نفرت انگیز مواد پر قابو پانے کے لیے متعارف کرایا ہے، جس کے تحت صارف کمنٹنگ آڈیئنس کو منتخب کر سکے گا۔

    فیس بک کا نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

    اس فیچر کی مدد سے فیس بک صارف کی تمام پوسٹس صرف انھی افراد کو نظر آئیں گی جنھیں صارف نے دیکھنے کی اجازت دی ہوگی۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ فیس بک انتظامیہ نے سیاسی و شہری گروپس کی صارفین تک رسائی کو محدود کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

  • فیس بک کا  پاکستان کیلئے بڑا اعلان

    فیس بک کا پاکستان کیلئے بڑا اعلان

    پشاور : فیس بک نے پاکستان کیلئے 3 منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا جبکہ پاکستانی حکام نے فیس بک سے پاکستان میں مونیٹائزیشن کھولنے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک سمیت بڑی سوشل میڈیاکمپنیوں کےدفاترپاکستان لانے کی کوششیں جاری ہے ، اس سلسلے میں پاکستانی حکام نے فیس بک انتظامیہ سے رابطہ کیا۔

    رابطے میں فیس بک سے پاکستان میں مونیٹائزیشن کھولنے کی درخواست کردی ، جس پر فیس بک نے پاکستان کیلئے 3 منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

    صوبائی وزیرآئی ٹی ضیااللہ بنگش نے رابطےکی تصدیق کرتے ہوئے کہا فیس بک سےبات چیت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور قانون سازی سےمتعلق معاملات حل کرنےپراتفاق ہوا۔

    ضیااللہ بنگش کا کہنا تھا کہ اسدقیصرسے ملاقات کرکے قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں فیس بک انتظامیہ ، پی ٹی اے اور آئی ٹی ماہرین کا اجلاس بھی بلالیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر نے مزید کہا یوٹیوب کی طرح فیس بک کی بھی پاکستان میں مونیٹائزیشن چاہتے ہیں، سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں دفاتر قائم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فیس بک پاکستان میں 3 منصوبے شروع کرنے جارہا ہے، بہت جلد کام کاآغاز ہوگا، دفاتربھی قائم کیے جائیں گے۔

  • ہمت ہے تو ڈھونڈ کر دکھاؤ: پولیس کی فیس بک پوسٹ پر ملزم کا کمنٹ

    ہمت ہے تو ڈھونڈ کر دکھاؤ: پولیس کی فیس بک پوسٹ پر ملزم کا کمنٹ

    برطانوی پولیس اس وقت عجیب و غریب صورتحال کا شکار ہوگئی جب ملزم کی تلاش کے لیے لکھی گئی فیس بک پوسٹ پر ملزم نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا، ہمت ہے تو ڈھونڈ کر دکھاؤ۔

    انگلینڈ کی بریڈ فورڈ شائر کاؤنٹی میں مقامی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ کی جس میں ایک ملزم کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے عوام سے اپیل کی گئی۔

    پولیس نے ملزم کا حلیہ بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ملزم گزشتہ برس جنوری میں ہونے والی ایک واردات میں ملوث ہے، اگر کوئی اس کے بارے میں کوئی بھی معلومات رکھتا ہے تو وہ اس حوالے سے پولیس سے رابطہ کرے۔

    تاہم صورتحال اس وقت مضحکہ خیز ہوگئی جب ملزم نے پوسٹ پر کمنٹ کردیا، اگر ہمت ہے تو پکڑ لو۔

    ملزم کے اس کمنٹ پر ہزاروں لوگوں نے مختلف تاثرات کا اظہار کیا، بعض کو یہ صورتحال مزاحیہ لگی تو بعض افراد اس پر سخت افسوس کرتے دکھائی دیے۔

    پولیس کے مطابق ملزم 20 سالہ جورڈن کار اسی کاؤنٹی سے تعلق رکھتا ہے، اس کا قد 6 فٹ ہے، بال چھوٹے اور گھنگھریالے ہیں جبکہ بازو پر ایک ٹیٹو بھی موجود ہے۔

    پولیس نے لکھا کہ اگر کوئی شخص ملزم سے رابطے میں ہے اور کسی بھی طرح اس کی مدد کر رہا ہے تو اسے جان لینا چاہیئے کہ وہ ایک جرم میں شریک بن رہا ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق وہ مختلف خطوط پر معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں، اگر کوئی شخص ملزم کو کہیں دیکھے تو اس سے براہ راست رابطے سے گریز کرے اور فوری طور پر پولیس کو مطلع کرے۔

    پولیس نے اس کے لیے ایک نمبر بھی جاری کیا ہے۔

  • فیس بک نے میانمار کی فوج سے متعلق اکاؤنٹس پر پابندی عائد کردی

    فیس بک نے میانمار کی فوج سے متعلق اکاؤنٹس پر پابندی عائد کردی

    سوشل نیٹ ورکنگ سروس کمپنی فیس بک نے میانمار کی فوج سے متعلق صفحات اور اکاؤنٹس پر پابندی عائد کردی، میانمار نے یکم فروری کو حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سوشل نیٹ ورکنگ سروس کمپنی فیس بک نے کہا ہے کہ وہ اپنی سائٹس فیس بک اور انسٹا گرام سے، میانمار کی فوج، فوج کے زیر کنٹرول میڈیا اداروں کے صفحات اور اکاؤنٹس، اور فوج سے وابستہ تجارتی تنظیموں کے اشتہارات پر پابندی عائد کر رہے ہیں۔

    فیس بک کے مطابق ملک میں یکم فروری کو ہونے والے تشدد سمیت حکومت کا تختہ الٹنے کے واقعات کے تناظر میں یہ پابندی عائد کرنا ضروری ہوگیا ہے۔

    یاد رہے کہ میانمار میں یکم فروری کو فوج نے ملک کے اقتدار پر قبضہ کر کے ایک برس کے لیے ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا، فوج نے گزشتہ برس 8 نومبر کو عام انتخابات کے دوران ووٹنگ میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کو اپنے اقدام کے جواز کے طور پر پیش کیا تھا۔

    انتخابات میں نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) پارٹی نے فتح حاصل کی تھی، فوج نے کہا تھا کہ وہ جمہوری نظام کے تحفظ اور ایمرجنسی ختم ہونے کے بعد منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔

    فوجی بغاوت کے بعد میانمار کی اسٹیٹ کونسلر آنگ سان سوچی، صدر ون منٹ اور دیگر اعلیٰ عہدیداران کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور ان پر انتخابی دھوکہ دہی کا الزام لگایا گیا تھا۔

    فوج کے اقتدار پر قبضے کے خلاف تاحال میانمار میں مظاہرے جاری ہیں، مظاہروں کے دوران متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور چار افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

    امریکا اور برطانیہ نے میانمار کی فوج سے متعلق متعدد معاملات پر پابندی عائد کردی ہے۔

  • فیس بک کا آسٹریلیا کے حوالے سے اہم اعلان

    فیس بک کا آسٹریلیا کے حوالے سے اہم اعلان

    کینبرا: سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے آسٹریلیا میں نیوز پیجز بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک نے آسٹریلیا میں نیوز پیجز بحال کرنے کا اعلان کر دیا، آسٹریلیا میں فیس بک کے منیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی حکومت کے ساتھ مجوزہ قانون میں ترامیم کے بعد معاملات طے پا گئے ہیں۔

    منیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ آسٹریلین نیوز پیجز چند دنوں میں بحال کر دیے جائیں گے۔

    فیس بک نے آسٹریلیا کے ایک مجوزہ قانون پر اعتراض کرتے ہوئے نیوز پیجز بند کیے تھے، قانون میں کہا گیا تھا کہ نیوز پیجز سے حاصل ہونے والی آمدنی سے آسٹریلیا کو بھی فیس ادا کی جائے گی۔

    فیس بک نے صارفین کو اہم سہولت سے محروم کردیا

    اس قانون کو نہ صرف فیس بک بلکہ دیگر اداروں نے بھی اپنے مفادات کے لیے نقصان دہ قرار دے دیا تھا، جن کا کہنا تھا کہ یہ قانون پوری دنیا میں ایک مثال قائم کر دے گا جو کاروباری مفادات کو نقصان پہنچانے کا سبب بنے گا۔

    آسٹریلوی حکومت اور فیس بک کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع پر آسٹریلوی قانون دان جوش فرائیڈنبرگ نے فیس بک کے اقدام کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ فیس بک غلط اور اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ فیس بک کی جانب سے آسٹریلین ذرائع ابلاغ کے صفحات کو شیئر کرنے پر پابندی کی وجہ سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا تھا۔

  • کرونا وائرس کے حوالے سے گمراہ کن معلومات پر فیس بک کی گرفت مزید سخت

    کرونا وائرس کے حوالے سے گمراہ کن معلومات پر فیس بک کی گرفت مزید سخت

    سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک نے کووڈ 19 اور ویکسینز کے حوالے سے گمراہ کن تفصیلات کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    فیس بک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کووڈ 19 اور ویکسین کے حوالے سے گمراہ کن تفصیلات کی فہرست کو مزید بڑھایا جارہا ہے۔

    کمپنی کے مطابق وہ طبی اداروں جیسے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ مل کر اس فہرست کو ترتیب دے رہی ہے، اس پالیسی میں فیس بک کے ساتھ انسٹاگرام کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کو ویکسین کی افادیت کے حوالے سے جھوٹے بیانات، ویکسینز کو خطرناک یا زہریلا قرار دینے جیسی پوسٹس کرنے کی اجات نہیں دی جائے گی، فیس بک کا کہنا تھا کہ ایسے اشتہارات کو بھی ہٹایا جائے گا جن میں اس قسم کے دعوے کیے جائیں گے۔

    فیس بک کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اس پالیسی کا نفاذ فوری طور پر ہوگا اور اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس پر توجہ دی جائے گی۔

    کمپنی نے بتایا کہ اس پالیسی کے نفاذ میں آنے والے ہفتوں میں توسیع کی جائے گی، یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسی گمراہ کن پوسٹس کو چاہے وہ کسی بھی پیج، گروپ یا اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا جائے اسے ڈیلیٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔

  • فیس بک پر دوستی کی ریکوئسٹ بھیج کر پاکستانیوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار

    فیس بک پر دوستی کی ریکوئسٹ بھیج کر پاکستانیوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار

    لاہور: سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر دوستی کی ریکوئسٹ بھیج کر پاکستانیوں کو لوٹنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایف آئی اے نے ایک کارروائی میں سوشل میڈیا پر شہریوں کو لوٹنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا، گروہ میں 5 غیر ملکی جب کہ ایک پاکستانی شامل ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں 5 نائجیرین باشندے ہیں، یہ گروہ اب تک متعدد لوگوں کے ساتھ فراڈ کر چکا ہے۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم کے مطابق گروہ لوگوں سے کروڑوں روپے لوٹ چکا ہے، گروہ کے ارکان غیر ملکی لڑکیوں کی تصویریں دکھا کر لوگوں کو لاکھوں ڈالر کا لالچ دے کر لوٹتے تھے۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اور فیس بک انتظامیہ کے درمیان بڑا معاہدہ

    واضح رہے کہ ستمبر 2020 میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے فیس بک انتظامیہ سے ڈیٹا شیئرنگ کا معاہدہ کیا تھا۔ مارچ میں ایشیا پیسیفک کے فیس بک ہیڈکوارٹزر کی انتظامی ٹیم نے ایف آئی اے اسلام آباد کے دفتر کا دورہ کیا تھا۔

  • فیس بک نے معروف شیف کا پیج کیوں بند کیا؟

    فیس بک نے معروف شیف کا پیج کیوں بند کیا؟

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے معروف آسٹریلوی شیف پیٹ ایونز کا پیج بلاک کردیا، معروف شیف کا پیج کرونا وائرس کے بارے میں گمراہ کن معلومات پھیلانے پر بند کیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے معروف آسٹریلوی شیف پیٹ ایونز کا فیس بک صفحہ بلاک کر دیا۔

    پیٹ ایونز کا پیج عالمی وبا کووڈ 19 کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے پر بند کیا گیا ہے، معروف شیف کے فیس بک پیج پر 10 لاکھ فالوورز تھے۔

    فیس بک کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ انسانی صحت کا معاملہ ہے لہٰذا اس بارے میں کسی کو بھی کرونا وائرس اور ویکسین کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    فیس بک کا مؤقف ہے کہ اس طرح کے مواد کے خلاف ہماری پالیسی واضح ہے اور ہم نے شیف پیٹ ایونز کے صفحے کو مسلسل خلاف ورزیوں کی بنیاد پر ہٹا دیا ہے۔

    فیس بک کے علاوہ شیف پیٹ ایونز کا انسٹاگرام پیج تاحال فعال ہے جہاں ان کو 2 لاکھ 78 ہزار افراد فالو کرتے ہیں۔