Tag: فیس بک

  • فیس بک میں ایک دہائی بعد خاموشی سے بڑی تبدیلی

    فیس بک میں ایک دہائی بعد خاموشی سے بڑی تبدیلی

    نیویارک : فیس بُک انتظامیہ نے ہوم پیج کے سلوگن میں تبدیلی کرتے ہوئے ٹیگ لائن ”یہ مفت ہے اور ہمیشہ رہے گی‘کی جگہ ”تیز اورآسان “کردیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے ہوم پیج کے سلوگن میں خاموشی سے تبدیلی کردی ہے، اس سے پہلے فیس بک کی ٹیگ لائن تھی ”یہ مفت ہے اور ہمیشہ رہے گی“تاکہ صارفین کو بتایا جاسکے کہ اس سائٹ کا صارف بننے پر کوئی خرچہ نہیں ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد پہلی بار اس کو بدل دیا گیا ہے بلکہ اسے انتہائی خاموشی سے 6 اور 7 اگست کے درمیان بدل کر اسے ”تیز اورآسان “ کردیا گیا ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا تھا کہ اب اس کی وجہ کیا ہے وہ یہ کمپنی نے نہیں بتائی مگر فیس بک نے اپنی روایتی سوچ کو ضرور خیرباد کہہ دیا ہے جو عرصے سے کہتی آئی ہے کہ یہ ویب سائٹ استعمال کے لیے مفت ہے اور اشتہارات ہی اس کا ذریعہ آمدنی ہیں۔

  • جرمن حکومت کا فیس بک کی کرنسی پر تشویش، انسدادپر غور شروع کر دیا

    جرمن حکومت کا فیس بک کی کرنسی پر تشویش، انسدادپر غور شروع کر دیا

    برلن :جرمن حکومت اور مرکزی بینک نے فیس بک کی کرنسی لبرا کے متبادل کرنسی کے طور پر استعمال کے انسداد پر غور کرنا شروع کر دیا ہے،جرمن حکومت کے حوالے سے یہ رپورٹ جرمن اخبار نے جاری کی ۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن وزارت خزانہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک کی جانب سے لبرا ڈیجیٹل کرنسی کے متعارف کرانے پر تشویش کا اظہار کیا ۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کاکہنا تھاکہ جرمن وزارت خزانہ نے اخباری رپورٹ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

    یاد رہے کہ فیس بک کے سربراہ مارک زوکربرگ نے رواں برس جون میں دنیا کے بینک اکاؤنٹ نہ رکھنے والے پونے دو ارب افراد کو مالیاتی سہولت فراہم کرنے کےلیے کرپٹو کرنسی کا متعارف کرنے کا اعلان کردیا، اور یہ کرنسی سنہ 2020 تک عام عوام کےلیے دستیاب ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کرنسی کے گردش میں آنے کے بعد اسے ڈجیٹل والٹ میں رکھا جاسکے گا اور فیس بک میسنجر یا واٹس ایپ کے ذریعے اس کا لین دین ممکن ہوسکے گا۔

    فیس بُک کرپٹو کرنسی کےلیے ایک ذیلی ادارے پر بھی کام کررہا ہے، لبرا کو کسی پیغام کی طرح میسنجر اور واٹس ایپ پر ایک سے دوسری جگہ بھیجنا ممکن ہوگا۔

    فیس بُک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ لوگ نہ ہونے کے برابر معاوضے پر رقم بھیجنے اور وصول کرنے کی سہولت حاصل کریں گے جس پر انتہائی معمولی کمیشن لیا جائے گا۔

  • فیس بک پر ریکارڈ 5 ارب ڈالر جرمانے کی منظوری

    فیس بک پر ریکارڈ 5 ارب ڈالر جرمانے کی منظوری

    واشنگٹن : جرمانہ فیس بک کے خلاف صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ میں متعدد ناکامیوں کے حوالے سے تفتیش کے بعد طے کیا گیا، اگر اس کی حتمی منظوری ہوگئی تو یہ کسی بھی ادارے پر عائد کیا جانے والا سب سے بڑا جرمانہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر پانچ ارب ڈالر کا جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اس جرمانے کی حتمی منظوری امریکی محکمہ انصاف کے دیوانی شعبے نے نظرثانی کے بعد دینی ہے،فیس بک پر یہ جرمانہ صارفین کے ڈیٹا اور نجی معلومات کے تحفظ میں ناکامی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ناقدین نے اتنے بڑے جرمانے کو غیر مناسب قرار دیا ہے، یہ جرمانہ فیس بک کے خلاف ڈیٹا کے تحفظ میں متعدد ناکامیوں کے حوالے سے جاری تفتیشی عمل پر فریقین کے درمیان ڈیل کی روشنی میں طے کیا گیا ہے۔

    کمیشن کے ری پبلکن پارٹی کے اراکین اس مجوزہ ڈیل کی حمایت کر رہے ہیں جب کہ ڈیموکریٹک اراکین مخالفت میں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمانے کی حتمی منظوری ہو جاتی ہے تو یہ کسی ادارے پر عائد کیا جانے والا سب سے بڑا جرمانہ ہو گا۔

    خیال رہے کہ برطانوی اور امریکی میڈیا کے مطابق سال 2014 میں کیمبرج اینالیٹیکا نے مبینہ طور پر ایک سافٹ ویئر کے ذریعے فیس بک استعمال کرنے والے 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چوری کیا۔

  • فیس بک ، واٹس ایپ، انسٹاگرام کی سروس دنیا بھر میں متاثر

    فیس بک ، واٹس ایپ، انسٹاگرام کی سروس دنیا بھر میں متاثر

    سان فرانسسکو: دنیا بھر میں سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کی زیر ملکیت تمام سروسز اچانک معطل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں جس کے بعد انتظامیہ نے بھی تصدیق کردی۔

    اطلاعات کے مطابق صارفین کو تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ امریکا، ویت نام، کینیڈا، پاکستان، جنیوا، سوئٹزرلینڈ، ڈنمارک میں بھی سروس متاثر ہوئی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ کی سروس متاثر ہونے کے بعد بحال

    فیس بک ترجمان کے مطابق ’’تکنیکی خرابی کے کے باعث سروس متاثر ہوئی تاہم اب ماہرین قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا سے چلنے والی  دنیا بھر کی معروف ویب سائٹ فیس بک کے ڈیڑھ ارب سے زائد صارفین ہیں جن کی سب سے زیادہ تعداد ایشیا سے تعلق رکھتی ہے۔

    اسی طرح پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ اور فوٹر شیئرنگ ایپ انسٹاگرام استعمال کرنے والے صارفین بھی لاکھوں کی تعداد میں ہیں۔

  • امریکی اسپیکر کی درخواست مسترد، فیس بک کا جعلی ویڈیو ہٹانے سے انکار

    امریکی اسپیکر کی درخواست مسترد، فیس بک کا جعلی ویڈیو ہٹانے سے انکار

    واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے خود سے منسوب ویڈیو کو ہٹانے سے انکار پر فیس بک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نینسی پلوسی کی ایک ایڈٹ کی گئی ویڈیو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کی تھی جس میں ان کو پریس کانفرنس میں ایسے دکھایا گیا ہے جیسے وہ نشے میں ہوں۔طاقتور ڈیموکریٹ سیاست دان نینسی پلوسی کی اس ویڈیو کو صدر ٹرمپ کے حامیوں نے بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔

    نینسی پلوسی نے فیس بک سے رابطہ کرکے ویڈیو کو بلاک کرنے کی درخواست کی جو سوشل نیٹ ورک سائٹ نے مسترد کر دی۔

    نینسی پلوسی نے کہا کہ فیس بک کو معلوم ہے کہ ویڈیو جعلی ہے۔پلوسی کے مطابق فیس بک کی جانب سے جعلی اور گمراہ کن ویڈیو لگانے کی اجازت دینے کے بعد سوشل سائٹ انتظامیہ کا وہ دعویٰ مشکوک ہو جاتا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ وہ الیکشن مہم میں ٹرمپ کو جتوانے کے لیے روس کی مداخلت سے بے خبر تھی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق پلوسی نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ فیس بک کا جانتے بوجھتے ایک غلط ویڈیو نہ ہٹانا یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ روس کے ہمارے الیکشن میں مداخلت میں اس کے ساتھ تھے۔

    اے ایف پی کے مطابق فیس بک انتظامیہ فوری طور پر اس خبر پر تبصرے کے لیے دستیاب نہ ہوسکی۔ تاہم میڈیا رپورٹس میں فیس بک سے یہ بات منسوب کی گئی ہے کہ سائٹ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ویڈیو نیوز فیڈ میں ڈوب چکی تھی اور اس کو آزادانہ فیکٹ چیک کے بعد اس الرٹ کے ساتھ ٹیگ کرکے لگایا گیا کہ یہ غلط ہے۔

    خیال رہے کہ فیس بک کے شریک بانی مارک زکربرگ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ آزادی اظہار کی حدود کے لیے اصول حکومتوں اور معاشرے کو وضع کرنا چاہئیں نہ کہ فیس بک جیسی پرائیویٹ کمپنیاں مرتب کریں گی۔

    دوسری جانب یوٹیوب نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ انہوں نے نینسی پلوسی کی مذکورہ تیار کردہ ویڈیو کلپ بلاک کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویڈیو کلپ کا بظاہر مقصد نینسی پلوسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔پلوسی نے کہا کہ وہ شراب نوشی نہیں کرتیں، اس کو چاکلیٹ کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے، میں شراب نوشی نہیں کرتی اس لیے ہر ایک اس پر ہنس رہا تھا۔ انہوں نے اس معاملے میں غلط شخص کو چنا۔

  • رمضان کے دوران مشرق وسطیٰ میں سوشل میڈیا کے استعمال میں اضافہ

    رمضان کے دوران مشرق وسطیٰ میں سوشل میڈیا کے استعمال میں اضافہ

    رمضان المبارک کے دوران مشرق وسطیٰ میں سوشل میڈیا کے استعمال میں واضح اضافہ ہوا ہے.

    تفصیلات کے مطابق جب سے اسمارٹ فون ہماری زندگی کا حصہ بنا ہے، سوشل میڈیا نے تفریح کے دیگر ذرائع کی جگہ لے لی، لوگ معیاری تفریح کے لیے فیس بک، ٹویٹر اور واٹس ایپ پر انحصار کرتے ہیں.

    ایک حالیہ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مشرق وسطیٰ میں سوشل میڈیا کا استعمال بڑھا ہے، رمضان میں پانچ کروڑ  اسی لاکھ اضافی گھنٹے فیس بک پر گزارے گئے.

    اس ضمن میں منیجنگ ڈائریکٹر فیس بک برائے مشرق وسطیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رمضان کے دوران صارفین نے عام دنوں سے زیادہ وقت سوشل میڈیا پر گزارا.

    فیس بک کے علاوہ دیگر اپیلی کیشنز بھی صارفین کی توجہ کا محور رہیں. یوٹیوب پر بھی بیوٹی ٹپس، کھانے پکانے کی ترکیبوں، کھیل اور ٹی وی ڈراموں کی ویڈیوز دیکھنے میں بھی سال کے دیگر مہینوں کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے.

    مزید پڑھیں: پاکستان کی کوشش رنگ لے آئیں، سوشل میڈیا نے پولیو مخالف پوسٹیں ڈیلیٹ کردیں

    سوشل میڈیا ایکسپرٹس کہتے ہیں صارفین رمضان کے دنوں میں رات کے وقت زیادہ جاگتے ہیں، دفتروں کے اوقات کم ہو جاتے ہیں، سحری سے قبل بھی سوشل میڈیا کے استعمال میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سحری اور افطاری کے اوقات میں انتظار کے دوران سوشل میڈیا زیادہ استعمال ہوتا ہے.

  • فیس بک کا اسپیکر امریکی ایوان نمائندگان کی ترمیم شدہ ویڈیوز ہٹانے سے انکار

    فیس بک کا اسپیکر امریکی ایوان نمائندگان کی ترمیم شدہ ویڈیوز ہٹانے سے انکار

    واشنگٹن : فیس بک نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کی ویڈیو کو ترمیم شدہ قرار دینے کے باوجود سوشل میڈیا سے ہٹانے سے انکار کر دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نینسی پلوسی کی ویڈیو کو ترمیم شدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نینسی پلوسی کی متعدد ویڈیوز کو ایڈٹ کر کے سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں نینسی پلوسی کی ویڈیو کو آہستہ کر کے انہیں بیمار یا نشہ میں ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے انہیں عہدے کے لیے نااہل ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

    یوٹیوب نے نینسی پلوسی کی ویڈیوز ہٹانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ویڈیوز کے حوالے سے ان کی پالیسی واضح ہے اس لیے انہوں نے نینسی پلوسی کی ترمیم شدہ ویڈیوز کو ہٹا دیا ہے۔

    ٹوئٹر نے تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ نینسی پالیسی کی ویڈیوز کو شیئر کرنا کمپنی پالیسی سے متضاد نہیں ہے اور اس کی اجازت ہے کہ اگر منتخب نمائندہ کے بارے میں غلط بیانات انتخابی سازش یا ووٹرز کو دباؤ میں لانے کی کوشش نہ ہو۔

    فیس بک پر نینسی پلوسی کی ترمیم شدہ ویڈیو بہت زیادہ دیکھی جا رہی ہے، فیس بک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ ہماری پالیسی میں نہیں ہے کہ شیئر کی گئی ویڈیو درست ہو۔

    مزید پڑھیں : فیس بک کا رواں سال دو ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ حذف کرنے کا دعویٰ

    جعلی فیس بک اکاﺅنٹس کی آڑ میں فلسطینیوں کے سینکڑوں اکاﺅنٹس بند

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی نینسی پلوسی کی ایک ترمیم شدہ ویڈیو کو ٹوئٹ کیا، نینسی پلوسی کی ترمیم شدہ ویڈیو کی حقیقت نہ جاننے والے لوگوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جبکہ حقیقت سے آشنا لوگ محظوظ ہو رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان میں نینسی پلوسی دوسری بار اسپیکر منتخب ہوئی ہیں اور 78 سالہ نینسی پلوسی امریکی تاریخ کے 50 سالوں میں دوسری بار منتخب ہونے والی پہلی خاتون اسپیکر ہیں۔

  • فیس بک سے ہٹائے جانے والے مواد  کی فہرست میں پاکستان دوسرے نمبر پر آگیا

    فیس بک سے ہٹائے جانے والے مواد کی فہرست میں پاکستان دوسرے نمبر پر آگیا

    اسلام آباد : فیس بک سے ہٹائے جانے والے مواد سے متعلق فہرست میں  پاکستان دوسرے نمبر پر آگیا ، پاکستان میں مذہبی خلاف ورزی، عدلیہ مخالف  بیان، ہتک آمیز مواد اور ملک مخالف مواد سے متعلق مواد ہٹایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کی جانب سے جولائی اور دسمبر 2018 کے دوران ڈیلیٹ کیے جانے والے مواد میں دو گنا اضافہ ہوگیا ،فیس بک سے ہٹائے جانے والے مواد سے متعلق فہرست میں بھارت پہلے اور پاکستان دوسرے نمبر پر آگیا ۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق فیس بک کی جانب سے جاری کی گئی ٹرانسپیرنسی رپورٹ میں کہا گیا کہ 2018 کی دوسری سہ ماہی میں پاکستان میں 4 ہزار ایک سو 74 پوسٹس کو ڈیلیٹ کیا گیا جبکہ پہلی سہ ماہی کے دوران 2 ہزار 2 سو 3 کو ہٹایا گیا تھا۔

    بھارت فہرست میں پہلے نمبر پر ہے جہاں 17 ہزار 7 سو 13 پوسٹس کو ہٹایا گیا، پاکستان اس حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے اور برازیل 4 ہزار 26 پوسٹ ہٹائے جانے کی وجہ سے تیسرے نمبر پر ہے۔

    وزیراعظم کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ 6 ماہ میں نفرت انگیز مواد پر مبنی 35 ہزار پوسٹس ڈیلیٹ کی گئی تھیں، فیس بک نے پاکستان میں 3 ہزار 8 سو 11 پوسٹس، 3 سو 43 پیجز اور گروپس، 10 پروفائلز اور ایک البم کو ڈیلیٹ کیا جبکہ انسٹاگرام پر 7 پوسٹس اور 2 اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا گیا۔

    سماجی روابط کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں مذہبی خلاف ورزی، عدلیہ مخالف بیان، ہتک آمیز مواد اور ملک مخالف مواد سے متعلق مقامی قوانین کی خلاف ورزی پر مواد کو ہٹایا گیا۔اس عرصے کے دوران حکومت کی جانب سے فیس بک کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے دی گئی درخواستوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    فیس بک انتظامیہ کے مطابق حکومت نے ڈیٹا سے متعلق ایک ہزار 7 سو 52 درخواستیں دی اور 2 ہزار 3 سو 60 صارفین اور اکاؤنٹس کا ڈیٹا طلب کیا جبکہ پہلی سہ ماہی میں حکومت نے ایک ہزار 2 سو 33 درخواستیں دی تھیں، فیس بک اپنے قوانین اور شرائط کے مطابق حکومت کی جانب سے ڈیٹا کی درخواستوں کا جواب دیتی ہے اور اب تک حکومت کی 51 فیصد درخواستوں کو پورا کرچکی ہے۔

    سماجی روابط کی معروف ویب سائٹ کی جانب سے لیگل پراسیس کے نام پر اکاؤنٹ محفوظ کرنے کے لیے بھی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں، مقامی قوانین کی بنیاد پر عالمی طور پر ہٹائے جانے والے مواد کے حجم میں 135 فیصد اضافہ ہوا، فیس بک سے ہٹائے گئے مواد کی تعداد 15 ہزار 3 سو 37 سے بڑھ کر 35 ہزار 9 سو 72 ہوگئی۔

    رپورٹ میں فیس بک کی مصنوعات کی دستیابی پر اثر انداز ہونے والے عارضی انٹرنیٹ مسائل کو بھی بیان کیا گیا، اس میں کہا گیا کہ ‘2018 کی ششماہی میں ہم نے 9 ممالک میں فیس بک سروسز کی 53 خرابیوں کی شناخت کی جبکہ پہلی سہ ماہی میں 8 ممالک میں 48 مرتبہ انٹرنیٹ کی وجہ سے مسائل ہوئے تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں عالمی خرابی کے 85 فیصد واقعات بھارت میں پیش آئے تھے۔

    وزیراعظم کے ترجمان برائے ڈیجیٹل میڈیا ارشد خان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ہم نفرت انگیز بیان اور جعلی مواد سے متعلق کریک ڈاؤن میں فیس بک کے ساتھ کام کررہے ہیں، گزشتہ 6 ماہ میں صرف نفرت انگیز مواد پر مبنی 35 ہزار سے زائد پوسٹ ڈیلیٹ کی گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ 60 فیصد مواد میں مذہبی گروہوں کی مہم شامل تھی ، جن میں خاص طور پر آسیہ بی بی سے متعلق پوسٹ شامل تھیں۔

    ارشد خان نے بتایا کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے 100 پروفائلز کے جعلی ہونے سے متعلق فیس بک کو آگاہ کیا تھا اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو فیس بک نے حکومت کے دعووں کی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم 2 روز قبل جاری کی گئی کمیونٹی اسٹینڈرز انفورسمنٹ رپورٹ میں فیس بک نے بتایا کہ جون سے مارچ 2018 کے دوران عالمی طور پر نفرت انگیز مواد پر مبنی 40 لاکھ پوسٹس ڈیلیٹ کی تھیں۔

    اس سے ایک سال قبل صرف 38 فیصد (25 لاکھ پوسٹس) کی شناخت نفرت انگیز مواد کے طور پر کی گئی تھیں۔

  • جعلی فیس بک اکاﺅنٹس کی آڑ میں فلسطینیوں کے سینکڑوں اکاﺅنٹس بند

    جعلی فیس بک اکاﺅنٹس کی آڑ میں فلسطینیوں کے سینکڑوں اکاﺅنٹس بند

    غزہ/نیویارک : فیس بُک انتظامیہ کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کی آڑ میں فلسطینیوں کے اکاؤنٹ بند کردئیے گئے، اکاﺅنٹس بلاک کر کے صہیونی ریاست کے فلسطینیوں پر مظالم کی حمایت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کے بین الاقوامی ویب سائیٹ فیس بک جعلی اکاﺅنٹ بلاک کرنے کی آڑ میں اسرائیل کے خلاف مواد پر مشتمل فلسطینی کارکنوں کے سیکڑوں اکائنٹس بھی بلاک کر دیئے۔

    مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین میڈیا سوسائٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ فیس بک کی انتظامیہ نے جعلی اکاﺅنٹس کی بندش کی مہم کی آڑ میں فلسطینی شہریوں کے سیکڑوں اصلی صفحات اور اسرائیلی مظالم پر مشتمل مواد نشر کرنے والے اکاﺅنٹس بلاک کیے ہیں۔

    بیان میں فیس بک کی طرف سے فلسطینی سماجی کارکنوں کے سیکڑں صفحات کو بلاک کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بلا جواز قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ فیس بک نے فلسطینی کارکنوں کے صفحات بلاک کر کے صہیونی ریاست کی طرف داری اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی حمایت کا ثبوت پیش کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : فیس بک کا رواں سال دو ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ حذف کرنے کا دعویٰ

    یاد رہے کہ سماجی رابطے کی مقبول عام ویب سائٹ فیس بک نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2 ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ ڈیلیٹ کرنے کا دعوی کیا تھا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیس بک نے اپنی تازہ ترین نافذ العمل رپورٹ شائع کر دی ہے جس میں اکتوبر 2018 سے مارچ 2019 کے دوران مختلف اکاؤنٹس اور پوسٹس کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ان چھ ماہ کے دوران فیس بک نے پہلی مرتبہ تین ارب جعلی اکاؤنٹس کو بند کیا ہے۔