Tag: فیصلہ معطل

  • سفری پابندی کےصدارتی حکم نامے کی معطلی‘فیصلہ برقرار

    سفری پابندی کےصدارتی حکم نامے کی معطلی‘فیصلہ برقرار

    سان فرانسسکو: امریکہ میں اپیل کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلم ممالک ممالک کےشہریوں پرپابندی کے صدارتی حکم کی معطلی کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق سان فرانسسکو کی نائنتھ یو ایس سرکٹ کورٹ آف اپیلز کا کہنا ہے کہ وہ لوئرکورٹ کی جانب سے کیےگئے صدارتی حکم نامے کی معطلی کے فیصلے کو تبدیل نہیں کر سکتی۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ان ممالک سے دہشت گردی کے خطرے کے بارے میں ثبوت ناکافی ہیں۔

    عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس کے بجائے کہ انتظامی حکم کی ضرورت سے متعلق ثبوت فراہم کیے جاتے حکومت نے یہ موقف اختیار کیا کہ ہمیں اس فیصلے پر نظرثانی نہیں کرنی چاہیے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عدالتی فیصلے کے خلاف ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ آپ کو عدالت میں ملیں گے،قوم کی سلامتی داؤ پر ہے۔

    یاد رہےکہ گزشتہ دنوں امریکی ریاست واشنگٹن کے ایک جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکہ آمد پر لگائی جانے والی پابندی کو ملک بھر میں عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔

    واضح رہےکہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں ایک صدارتی حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت عراق، ایران، شام، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن سے امریکہ آنے والوں کے ویزے 90 روز تک معطل کر دیے گئے تھے۔

  • فرانس میں برقینی پر عائد پابندی ختم

    فرانس میں برقینی پر عائد پابندی ختم

    پیرس :فرانس کی عدالت نے30قصبوں کے میئروں کی جانب سے ساحل سمندر پر اسلامی برقینی سوئمنگ سوٹ پہننے پر عائد پابندی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے.

    تفصیلات کےمطابق فرانسیسی عدالت کا کہنا ہےکہ یہ ’پابندی واضح طور پر بنیادی حقوق کی آزادی کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ عقائد اور افراد کی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔‘

    خیال رہےکہ اس سے قبل تقریباً 30 شہروں کے میئروں نے ساحل پر برقینی پہننے پر پابندی عائد کردی تھی جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے احتجاج کرتے ہوئے اسے اعلیٰ عدالت میں چیلنج کیا تھا.

    اسلامی برقینی سوئمنگ سوٹ پہننے پرمسلمانوں کا کہنا تھا کہ انہیں غیر منصفانہ انداز میں ہدف بنایا جا رہا ہے.

    فرانس کے 26 قصبوں کے میئروں نے امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے اور سیکولرزم کے بنیادی اصول کے تحت ساحل پر برقینی پہننے پر پابندی لگائی تھی.

    *فرانسیسی پولیس نے ساحل سمندر پر خاتون کے کپڑے اتروا لیے

    یاد رہے کہ برقینی پر پابندی کے خاتمے کے لیے انسانی حقوق کی تنظیموں نے نیس کی عدالت سے رجوع کیا لیکن انھیں کامیابی نہیں ہوئی جس کے بعد انہوں نے یہ درخواست فرانس کی سب سے بڑی عدالت کونسل آف اسٹیٹ میں جمع کروائی تھی.

    برقینی پر پابندی کے اس فیصلے سے فرانس کی حکومت میں شامل سینیئر ارکان کی رائے بھی تقسیم ہو گئی تھی.

    واضح رہے کہ فرانس میں یہ تنازع اُس وقت سامنے آیا جب نیس کے ساحل پر پولیس برقینی پر عائد پابندی کو یقینی بناتے ہوئے ایک خاتون سے برقینی اتروا رہی تھی.سوشل میڈیا پر اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد کئی افراد نے بہت غصے کا اظہار کیاتھا.