Tag: فیصلہ کن ون ڈے

  • فیصلہ کن ون ڈے: پاکستان کا زمبابوے کو جیت کیلیے 304 رنز کا ہدف، کامران غلام کی شاندار سنچری

    فیصلہ کن ون ڈے: پاکستان کا زمبابوے کو جیت کیلیے 304 رنز کا ہدف، کامران غلام کی شاندار سنچری

     ون ڈے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے کامران غلام کی شاندار سنچری کی بدولت مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 304 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ بلاوائیو میں کھیلا جا رہا ہے۔ قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے ہیں اور زمبابوے کو جیت کے لیے 304 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    پاکستانی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بلے بازوں نے ٹرپل سنچری پلس اسکور بورڈ پر سجا کر اپنے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کیا۔ میچ میں کامران غلام نے سنچری اسکور کی جو ان کی پہلی ون ڈے انٹرنیشنل تھری فیگرز اننگ ہے۔

    گرین شرٹس کی جانب سے صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے اننگ کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 58 رنز جوڑے۔ صائم ایوب 31 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دوسری وکٹ کے لیے عبداللہ شفیق اور کامران غلام نے 54 رنز بنائے۔

    112 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپنر عبداللہ شفیق اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہی سکندر رضا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر کپتان محمد رضوان کریز پر آئے اور کامران غلام کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 89 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔

    اس دوران کامران غلام نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ 201 پر محمد رضوان 37 کے انفرادی اسکور پر سکندر رضا کی دوسری وکٹ بنے۔ کچھ دیر بعد کامران غلام بھی 103 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ نائب کپتان سلمان آغا نے 30 رنز بنائے جب کہ طیب طاہر 29 رنز پر نا قابل شکست رہے۔

    زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا اور رچرڈ ناگریا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ سین ولیمز اور فراز اکرم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    واضح رہے کہ پہلے میچ میں زمبابوے نے سرپرائز دیتے ہوئے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 80 رنز سے شکست دی تھی تاہم دوسرے میچ میں شاہینوں نے پلٹ کر وار کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو با آسانی 10 وکٹوں سے ہرا کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی تھی۔

    آج کا میچ جو بھی جیتے گا، وہی سیریز کی ٹرافی بھی اٹھائے گا۔

    ون ڈے سیریز کے بعد تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کے لیے سلیکشن کمیٹی نے کپتان محمد رضوان کو آرام دیا ہے۔ ان کی جگہ نائب کپتان سلمان علی آغا مختصر دورانیے کی کرکٹ سیریز میں ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔

  • زمبابوے کیخلاف فیصلہ کن ون ڈے سے قبل پاکستان کو دھچکا، 2 اہم کھلاڑی زخمی

    زمبابوے کیخلاف فیصلہ کن ون ڈے سے قبل پاکستان کو دھچکا، 2 اہم کھلاڑی زخمی

    پاکستان اور زمبابوے کے خلاف سیریز کا فیصلہ کن ون ڈے کل کھیلا جائے گا لیکن فائنل میچ سے قبل قومی ٹیم کے دو اہم کھلاڑی زخمی ہوگئے ہیں۔

    پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ تیسرا اور فیصلہ کن میچ کل بلاوائیو میں کھیلا جائے گا۔

    تاہم اس فیصلہ کن میچ سے قبل پاکستان ٹیم کے لیے بری خبر ہے کہ اس کے دو اہم کھلاڑی زخمی ہوگئے ہیں۔ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی اور احمد دانیال زخمی ہونے کے بعد تیسرے ون ڈے میچ کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔

    سلیکٹرز نے دونوں زخمی کھلاڑیوں کی جگہ عباس آفریدی اور جہاں داد خان کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے تاہم آخری میچ میں ٹیم میں کسی بھی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔

    عباس آفریدی اور جہانداد خان ٹی 20 اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں جب کہ ٹی 20 سیریز میں احمد دانیال کی جگہ عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    زخمی دونوں کھلاڑیوں کو دورہ زمبابوے میں اب تک کھیلنے کا موقع نہیں ملا اور وہ بینچ پر بیٹھے رہے۔

    واضح رہے کہ ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان زمبابوے نے سرپرائز دیتے ہوئے پاکستان کو ڈرک ورتھ لوئس قانون کے تحت 80 رنز سے ہرایا تھا لیکن دوسرے ون ڈے میں شاہینوں نے پلٹ کر وار کیا اور میچ 10 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔

    سیریز کا فیصلہ کن ون ڈے کل (جمعرات) پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے 12 بجے کھیلا جائے گا۔

  • کل کے میچ میں پہلے تین بلے بازوں کا کردار اہم ہوگا، شعیب ملک

    کل کے میچ میں پہلے تین بلے بازوں کا کردار اہم ہوگا، شعیب ملک

    جوہانسبرگ: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ کل میچ میں جو زیادہ اسکور کرے گا وہ ٹیم فائدے میں رہے گی، پہلے تین بلے بازوں کا کردار اہم ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شعیب ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آخری میچ جیت کر سیریز جیتنا چاہتے ہیں، ون ڈے میچ میں وکٹیں لینا سب سے اہم ہے، کرکٹ ورلڈ کپ میرا آخری ٹورنامنٹ ہوگا، ہر لمحہ بھرپور انجوائے کررہا ہوں۔

    شعیب ملک نے کہا کہ ورلڈ کپ اہم ایونٹ ہے، تمام ممکنہ کھلاڑیوں کو ورلڈکپ سے قبل آزما رہے ہیں، دورہ جنوبی افریقا ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے اہم ہے، گزشتہ دو سال سے ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آخری میچ جیتنے کی کوشش کریں گے جنوبی افریقا کو جلدی آؤٹ کریں اور امام الحق اور بابر اعظم کی بیٹنگ فارم سے فائدہ آُٹھائیں۔

    مزید پڑھیں: چوتھا ون ڈے، پاکستان نے جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

    واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہے، چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان نے پروٹیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    اس سے قبل سرفراز احمد کی کپتانی میں پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے اور تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے کامیابی حاصل کی تھی۔

    یاد رہے کہ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان آخری سیریز نومبر 2013 میں ہوئی تھی، مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان نے سیریز دو ایک سے جیتی تھی۔