Tag: فیصلہ

  • آوارہ سیاسی پرندوں میں دانہ کس کو پڑتا ہے یہ فیصلہ باقی ہے، شیخ رشید

    آوارہ سیاسی پرندوں میں دانہ کس کو پڑتا ہے یہ فیصلہ باقی ہے، شیخ رشید

    راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آوارہ سیاسی پرندے ادھر اُدھر بیٹھ رہے ہیں دانہ کس کو پڑتا ہے فیصلہ باقی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دنیا الیکشن کرانےکا بار بار مشورہ دے رہی ہے لیکن حکومت خوفزدہ ہے، سیاسی استحکام ہی معاشی اور اقتصادی استحکام کو جنم دے سکتا ہے۔

    سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ اپنے سیاسی جال میں خود پھنس گئی ہے، پاکستانی کرنسی افغانستان سری لنکااوربنگلا دیش سے بھی  پیچھے چلی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 13جماعتوں کی سیاست  نہیں بلکہ داؤ پر صرف غریب لگا ہے، اپنی ذات کے لیے قانون بنائے اور کیسز سے نجات پائی، آوارہ سیاسی پرندے ادھر اُدھر بیٹھ رہے ہیں  دانہ کس کو پڑتا ہے فیصلہ باقی ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ معاشی حالات اس جگہ پہنچ چکے کہ ہم نے 25 ارب ڈالر دنیا کے دینے ہیں، ہمارے پاس ریزرو میں صرف 4 ارب ڈالر ہیں، دیر سویر الیکشن کرانے پڑینگے، 13 اگست اسمبلیاں توڑنے کے لیے ریڈ لائن  ہے مگر الیکشن نہیں رک سکتے۔

  • وزیراعظم کا بجٹ میں ریلیف کیلئے اقدامات کی خود نگرانی کرنے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا بجٹ میں ریلیف کیلئے اقدامات کی خود نگرانی کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بجٹ میں ریلیف کیلئے تمام اقدامات کی خود نگرانی کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے  بجٹ پر تمام  وزارتوں، ڈویژنز سے تجاویز پر خود بریفنگ لیں گے، بریفنگ لینے سے قبل انہوں نے بجٹ میں ریلیف کیلئے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ریلیف کے قابل تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنانے کی ہدایت کرینگے، اور  تنخواہوں، پنشن، جاری اخراجات، سبسڈیز  تجاویز  پر بریفنگ لیں گے۔

     ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف  ترقیاتی بجٹ، زراعت، آئی ٹی شعبے اور برآمدات میں اضافے کیلئے بریفنگ لیں گے۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم  نے بجٹ میں ریلیف کیلئے وزیر دفاع کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے۔

  • ملزم 2 سال کی قید کاٹ کر جیل سے رہا، اپیل کا فیصلہ 18 سال بعد سنا دیا گیا

    ملزم 2 سال کی قید کاٹ کر جیل سے رہا، اپیل کا فیصلہ 18 سال بعد سنا دیا گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں منشیات رکھنے پر گرفتار ملزم 2 سال کی قید کاٹ کر جیل سے رہا ہوگیا، سزا کے خلاف دائر کی گئی اس کی اپیل پر آج 18 سال بعد فیصلہ سنا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے 2 سال کی سزا کے خلاف اپیل پر 18 سال بعد فیصلہ سنا دیا، عدالت نے ملزم شاہ محمد کی 2 سالہ سزا کے خلاف اپیل عدم پیروی پر مسترد کردی۔

    ملزم محمد شاہ کو چاکیواڑہ پولیس نے 12 گرام ہیروئن رکھنے پر 2003 میں گرفتار کیا تھا، ملزم کے وکیل کا کہنا ہے کہ ملزم شاہ محمد مسلسل غیر حاضر ہے اور رابطے میں نہیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے اپیل کو طویل عرصہ زیر التوا نہیں رکھا جاسکا، اس طرح کی درخواستوں سے عدالتوں کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے، ملزم شاہ محمد 22 اپریل 2006 کو سزا مکمل کر کے رہا ہوچکا ہے۔

  • دوران حج کرین حادثہ، بن لادن کمپنی پر 20 ملین ریال جرمانہ عائد

    دوران حج کرین حادثہ، بن لادن کمپنی پر 20 ملین ریال جرمانہ عائد

    ریاض: سنہ 2015 میں حج کے دوران کرین گرنے کے واقعے پر فوجداری اپیل کورٹ نے نیا فیصلہ جاری کرتے ہوئے بن لادن کمپنی پر 20 ملین ریال کا جرمانہ کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مکہ مکرمہ فوجداری اپیل کورٹ نے حرم کرین کیس کا نیا فیصلہ جاری کیا ہے۔

    عدالت نے بن لادن کمپنی کو لاپروائی اور سلامتی ضوابط کی خلاف ورزی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے 20 ملین ریال کا جرمانہ کیا ہے۔

    فوجداری اپیل کورٹ نے 3 ملزمان کو 6 ماہ قید اور 30 ہزار ریال جرمانے، جبکہ 4 ملزمان کو 4 ماہ قید اور 15 ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    فوجداری اپیل کورٹ نے فیصلے میں حرم کرین کیس میں ہلاک ہونے والوں کی دیت کی ذمہ داری کمپنی پر نہیں ڈالی۔

    باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجداری اپیل کورٹ کا فیصلہ اگر سپریم کورٹ میں چیلنج نہ کیا گیا تو مقررہ قانون کے مطابق یہ فیصلہ حتمی شکل اختیار کرلے گا۔

  • سپریم کورٹ نے ریکوڈک صدارتی ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا

    سپریم کورٹ نے ریکوڈک صدارتی ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نئے ریکوڈک معاہدے کو قانونی قرار دے دیا، عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریکوڈک معاہدہ سپریم کورٹ کے 2013 کے فیصلے کے خلاف نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ریکوڈک صدارتی ریفرنس میں 5 رکنی بنچ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، فیصلے میں نئے ریکوڈک معاہدے کو قانونی قرار دے دیا گیا۔

    اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ کیس میں بین الاقوامی ماہرین نے عدالت کی معاونت کی، معدنی وسائل کی ترقی کے لیے سندھ اور خیبر پختونخواہ کی حکومت قانون بنا چکی ہے۔ صوبے معدنیات سے متعلق قوانین میں تبدیلی کر سکتے ہیں، ریکوڈک معاہدہ سپریم کورٹ کے 2013 کے فیصلے کے خلاف نہیں۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ ماہرین کی رائے لے کر ہی وفاقی و صوبائی حکومت نے معاہدہ کیا، بلوچستان اسمبلی کو معاہدے پر اعتماد میں لیا گیا تھا، منتخب عوامی نمائندوں نے معاہدے پر کوئی اعتراض نہیں کیا، نئے ریکوڈک معاہدے میں کوئی غیر قانونی بات نہیں۔

    فیصلے کے مطابق ریکوڈک معاہدہ ماحولیاتی حوالے سے بھی درست ہے، کمپنی نے یقین دلایا کہ مزدوروں کے حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے گا، ریکوڈک منصوبے سے سماجی منصوبوں پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔ وکیل نے یقین دہانی کروائی کہ اسکل ڈویلپمنٹ کے لیے منصوبے شروع کیے جائیں گے، بیرک کمپنی نے یقین دلایا ہے کہ تنخواہوں کے قانون پر مکمل عمل ہوگا۔

    اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ معاہدے میں کوئی غیر قانونی شق نہیں، فارن انویسٹمنٹ بل صرف بیرک گولڈ کے لیے نہیں ہے، بل ہر اس کمپنی کے لیے ہے جو 500 ملین ڈالر سے زیادہ سرمایہ کاری کرے گی۔

  • منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کو 24 سال قید، 50 لاکھ روپے جرمانہ

    منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کو 24 سال قید، 50 لاکھ روپے جرمانہ

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کو 24 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، عدالت نے منی لانڈرنگ سے بنائی گئی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی شوکت کمال ڈار کی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ سنایا گیا۔

    جرم ثابت ہونے پر ملزم اسامہ علی کو امیگریشن آرڈیننس کے تحت 24 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

    ملزم پر درج ایک اور مقدمے میں 7 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی اور ساتھ ہی منی لانڈرنگ سے بنائی گئی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    اسامہ علی کے خلاف سال 2020 اور 2021 میں مقدمات درج کیے گئے تھے، ملزم نے کینیڈا امیگریشن کا جھانسہ دے کر 4 کروڑ 81 لاکھ 6 ہزار روپے ہتھیائے تھے۔

  • سندھ میں بلدیاتی انتخابات: سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا دیا

    سندھ میں بلدیاتی انتخابات: سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا دیا

    اسلام آباد: صوبہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں کا فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے 28 اگست کو ہی انتخابات کرنے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے سندھ بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دوسرے مرحلے کے سندھ بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہی ہوں گے۔

    سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ ایم کیو ایم پہلے مناسب فورم سے رجوع کرے، حقائق کا تعین ہونے پر ہی قانونی نکات عدالتوں میں اٹھائے جا سکتے ہیں، کوئی بھی آئینی عدالت حقائق کے درست تعین کے بغیر فیصلہ نہیں کر سکتی۔

    عدالت نے کہا کہ جو نکات ہائی کورٹ میں نہیں اٹھائے گئے انہیں اپیل میں براہ راست نہیں سنا جا سکتا، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے انتخابات شیڈول کے تحت ہونے کی استدعا کی۔

    جماعت اسلامی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات پہلے ہی ڈھائی سال تاخیر کا شکار ہیں، عدالت سے درخواست ہے کہ انتخابات ملتوی نہ کیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ مردم شماری اور ووٹر لسٹس پر اعتراضات ہیں، مردم شماری کے خلاف صوبائی حکومت بھی مجاز فورم پر اعتراض کر چکی ہے۔

    چیف جسٹس کی جانب سے کہا گیا کہ مناسب ہوگا کہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں۔

    سپریم کورٹ فیصلے پر عملدر آمد کی تحریک انصاف کی درخواست بھی نمٹا دی گئی، عدالت نے کہا کہ تحریک انصاف اختیارات منتقلی کے یکم فروری کے فیصلے پر عملدر آمد کے لیے درخواست دائر کر سکتی ہے۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا کہ الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں کریں گے۔

  • کاون ہاتھی کی رہائی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی گونج امریکی عدالت میں

    کاون ہاتھی کی رہائی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی گونج امریکی عدالت میں

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چڑیا گھر میں 35 برس سے قید تنہائی گزارنے والے کاون ہاتھی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی گونج امریکی عدالت میں سنائی دی۔

    تفصیلات کے مطابق جانوروں کے حقوق سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کی عالمی سطح پر پذیرائی کی جارہی ہے۔

    اسلام آباد کے چڑیا گھر میں 35 برس سے قید تنہائی گزارنے والے کاون ہاتھی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا امریکی عدالتی فیصلے میں تذکرہ کیا گیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے جانوروں کے حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی کا غیر معمولی فیصلہ دیا تھا۔

    اسٹیٹ آف نیو یارک کورٹ آف اپیلز کے 14 جون کے فیصلے میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کا تذکرہ کیا گیا، امریکی عدالتی فیصلے میں چیف جسٹس کے فیصلے کا ایک پیراگراف نئے سرے سے لکھ کر شامل کیا گیا۔

    مذکورہ پیراگراف میں لکھا گیا تھا کہ بلاشبہ جانور بھی حساس وجود رکھتے ہیں، ان کے بھی جذبات ہوتے ہیں، جانور بھی خوشی غمی کے لمحات محسوس کر سکتے ہیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ہر قسم کے جانوروں کی قدرتی طور اپنی اپنی رہنے کی جگہیں ہیں، جانور کی اپنی ضرورت کے مطابق ان کو ماحول درکار ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ قدرتی ماحول کے برعکس ایک ہاتھی کو دوسرے ہاتھیوں سے الگ کر کے اکیلے کیسے رکھا جا سکتا ہے، قدرتی طور پر جانوروں کے بھی حقوق ہیں اور وہ ان کو ملنے چاہئیں، جانوروں کا حق ہے کہ وہ اپنی قدرتی ضروریات پوری کرنے والے ماحول میں رہیں۔

  • 14 سالہ بچی سے زیادتی کیس کا فیصلہ

    14 سالہ بچی سے زیادتی کیس کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 14 سالہ بچی سے زیادتی کے ملزم کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی، ملزم پر 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن غربی کی عدالت نے 14 سالہ بچی سے زیادتی کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

    عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم خلیل کو 10 سال قید کی سزا سنا دی، عدالت نے ملزم خلیل پر 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت نے ضمانت پر رہا ملزم کو فوری گرفتار کر کے جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے 6 سالہ بچی سے زیادتی کے کیس میں قرار دیا تھا کہ جنسی زیادتی کے کیسز میں میڈیکل رپورٹس اور ڈی این اے پازیٹو نہ بھی ہوں تو ملزم کو متاثر فرد کے بیان پر سزا ہوسکتی ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ اکثر کیسز میں ڈی این اے کے لیے مواد ناکافی ہوتا ہے جس کو بنیاد بنا کر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ جرم نہیں ہوا۔

    فیصلے کے مطابق میڈیکل رپورٹس اور ڈی این اے پازیٹو نہ بھی ہو تو ملزم کو ریپ کا شکار فریق کے بیان پر سزا ہو سکتی ہے۔

  • ریپ کیسز میں متاثرہ کے صرف بیان پر بھی ملزم کو سزا ہوسکے گی: عدالت کا فیصلہ

    ریپ کیسز میں متاثرہ کے صرف بیان پر بھی ملزم کو سزا ہوسکے گی: عدالت کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ جنسی زیادتی کے کیسز میں میڈیکل رپورٹس اور ڈی این اے پازیٹو نہ بھی ہوں تو ملزم کو متاثر فرد کے بیان پر سزا ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے جسٹس امجد رفیق نے 6 سالہ بچی سے زیادتی کیس کا 15 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اکثر کیسز میں ڈی این اے کے لیے مواد ناکافی ہوتا ہے جس کو بنیاد بنا کر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ جرم نہیں ہوا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ میڈیکل رپورٹس اور ڈی این اے پازیٹو نہ بھی ہو تو ملزم کو متاثرہ خاتون کے بیان پر سزا ہو سکتی ہے۔

    مذکورہ کیس میں کامران اور برکت علی نامی دو ملزمان ملوث تھے، دونوں ملزمان اسکول گارڈز تھے جن پر 6 سالہ اسکول کی بچی کے ساتھ واش روم میں زیادتی کا مقدمہ درج تھا، ملزمان کے خلاف گوجرانولہ پولیس نے 2017 میں زیادتی کا مقدمہ درج کیا تھا۔

    ٹرائل کورٹ نے مجرم کامران کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ برکت علی کو بری کیا تھا، ہاٸی کورٹ نے کامران کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی اپیل مسترد کردی جبکہ شریک ملزم برکت علی کو سزا دینے کے لیے دائر اپیل بھی مسترد کردی۔

    لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق ٹرائل کورٹ نے قانون کی روشنی میں فیصلہ سنایا ہے، عدالت نے بین الاقوامی میڈیکل ماہر کے اقوال کو بھی فیصلے کا حصہ بنایا جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلہ جات کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔