Tag: فیصل آباد

  • بیٹے کی لاش ملکھانوالا روڈ سے اٹھا لینا، پولیس اہل کار کی خاتون کو فون پر دھمکی

    بیٹے کی لاش ملکھانوالا روڈ سے اٹھا لینا، پولیس اہل کار کی خاتون کو فون پر دھمکی

    فیصل آباد: ’بیٹے کی لاش ملکھانوالا روڈ سے اٹھا لینا‘ یہ دھمکی فیصل آباد کے ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل نے فون پر ایک خاتون کو دی، جس کی بیٹی نے پولیس اہل کار سے شادی سے انکار کر دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے تھانہ بٹالہ کالونی کے پولیس اہل کار اسد شعیب نے شادی سے انکار پر ایک لڑکی اور اس کی ماں کو سنگین دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔

    ہیڈ کانسٹیبل اسد شعیب تھانہ بٹالہ کالونی میں تعینات ہے، جب کہ چمن زار کالونی کی رہائشی متاثرہ لڑکی نے سنگین دھمکیوں اور مسلسل ہراساں کرنے پر سی پی او کو درخواست دے کر تحفظ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے ہیڈ کانسٹیبل کی دھمکی آمیز کال کی ریکارڈنگ حاصل کر لی ہے، جس میں اہل کار اسد شعیب لڑکی کی والدہ کو ان کا بیٹا قتل کرنے کی دھمکی دے رہا ہے۔

    خان پور: 7 ماہ قبل اغوا ہونے والی لڑکی نہ مل سکی

    ہیڈ کانسٹیبل نے انکار کرنے والی لڑکی کی والدہ سے فون پر کہا میں تمھارے بیٹے کو قتل کر دوں گا، ملکھانوالا روڈ سے اس کی لاش اٹھا لینا، اگر اپنے بیٹے کو بچا سکتی ہو تو بچا لینا۔

    دوسری طرف متاثرہ لڑکی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اہل کار ان کے بھائی کا ہم زلف ہے، اور وہ ان سے شادی کرنا چاہتا ہے، لیکن شادی سے انکار پر وہ شراب پی کر زبردستی گھر میں گھس آیا تھا۔

    لڑکی کا کہنا ہے کہ اہل کار اسد شادی نہ کرنے پر پورے خاندان کو قتل کی دھمکی دے رہا ہے، ہمیں پولیس ہی سے تحفظ حاصل نہیں، اعلیٰ حکام ہمیں انصاف دلائیں۔

  • فیصل آباد: 5 سالہ بچی میرب کا قاتل پکڑا گیا

    فیصل آباد: 5 سالہ بچی میرب کا قاتل پکڑا گیا

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں 5 سالہ معصوم بچی میرب کے ساتھ زیادتی اور اس کے قتل کا مجرم پکڑ میں آ گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل سوتیلا باپ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل کی گئی میرب کا پوسٹ مارٹم بھی آج مکمل ہو گیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچی کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 5 سال کی میرب کا قاتل سوتیلا باپ نکلا ہے، ملزم شہزاد مسیح دوران تفتیش بار بار بیان بدل رہا تھا، جس پر شک ہوا، ملزم نے دوران تفتیش بچی سے زیادتی اور قتل کا اعتراف بھی کر لیا۔

    پولیس نے آج بچی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کر لیا ہے، والدہ نے اپنے دل خراش بیان کہا کہ میرب اپنے دادا کے ساتھ دودھ لینےگئی تھی اور راستے میں پیچھے سے غائب ہو گئی۔

    بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ تلاش کرنے پر بچی کی لاش گھر کے قریب سے ملی، انھوں نے مطالبہ کیا کہ میری بیٹی قتل کرنے والے ملزم کو پھانسی یا میری آنکھوں کے سامنے گولی ماری جائے۔

    ایک اور ننھی کلی مبینہ زیادتی کے بعد قتل

    پولیس کا کہنا ہے کہ پانچ سالہ بچی گزشتہ روز گھر سے باہر کھیلتے ہوئے لا پتا ہوئی تھی اور پھر اس کی لاش کھیتوں سے ملی، مجرم نے زیادتی کے بعد شناخت ظاہر ہونے کے خوف سے بچی کو گلا دبا کر قتل کیا۔

    بچی کی والدہ نے 3 ماہ قبل دوسری شادی کی تھی، پولیس نے سوتیلے باپ کو بھی شامل تفتیش کر لیا تھا۔

  • بھنگ کے بعد کیلے سے بھی کپڑا تیار کرلیا گیا

    بھنگ کے بعد کیلے سے بھی کپڑا تیار کرلیا گیا

    پاکستان میں کپڑے کی صنعت میں بڑی پیش رفت دیکھی جارہی ہے، بھنگ کے بعد اب کیلے کے درخت کے تنے سے بھی کپڑا بنا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے کیلے کے درخت کے تنے سے کپڑا تیار کرلیا۔ اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے پروجیکٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد محسن نے اس حوالے سے بتایا۔

    ڈاکٹر محسن کے مطابق پاکستان میں 34 ہزار 800 ہیکٹر پر کیلے کی کاشت ہوتی ہے جو سالانہ کیلے کی 1 لاکھ 54 ہزار 800 ٹن پیداوار ہے۔ کیلے کے درختوں کے 9 ہزار کلو سے زائد تنے ہر سال ضائع ہوجاتے ہیں جنہیں پھینک دیا جاتا ہے یا جلا دیا جاتا ہے۔

    ڈاکٹر محسن کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے اس تنے سے نہ صرف دھاگہ بنایا ہے بلکہ کپڑا بھی تیار کیا ہے اور اسے رنگنے میں بھی قدرتی طریقہ اجزا استعمال ہوئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ کپڑا کاٹن کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہے جبکہ اس کی قیمت بھی کاٹن کی قیمت کی نصف ہے۔

    ڈاکٹر محسن کا کہنا ہے کہ کسان پہلے اس تنے کو پھینک دیا کرتے تھے یا جلا دیتے تھے جس سے کچرے اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا تھا، تاہم اب یہ بیکار تنے بھی ان کی آمدن کا ذریعہ بن سکیں گے۔

    علاوہ ازیں یہ کپڑا ماحول دوست ہوگا جبکہ کپاس کی پیداوار میں کمی کو بھی پورا کرسکے گا۔

  • فیصل آباد: لیڈی کانسٹیبل کے شوہر کو چالاکی مہنگی پڑ گئی

    فیصل آباد: لیڈی کانسٹیبل کے شوہر کو چالاکی مہنگی پڑ گئی

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے مدینہ پارک میں ایک شخص کو اس کی چالاکی اس وقت مہنگی پڑ گئی جب اس کی کانسٹیبل بیوی نے اس کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کروا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مدینہ پارک فیصل آباد میں ایک لیڈی کانسٹیبل شاہدہ نے اپنے سابق شوہر کے خلاف ایف آئی آر کٹوائی ہے کہ وہ چوری چھپے طلاق مؤثر کروانے کے بعد بھی اس کے ساتھ رہتا رہا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مدینہ پارک کی رہائشی لیڈی کانسٹیبل شاہدہ نے الزام لگایا ہے کہ ملزم قمر نے 5 ماہ قبل چوری چھپے طلاق مؤثر کروائی، لیکن طلاق کے باوجود وہ حقوق زوجیت ادا کرتا رہا۔

    لیڈی کانسٹیبل شاہدہ کی مدعیت میں تھانہ بٹالہ کالونی میں ملزم قمر کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    فیصل آباد: تاجر کا اغوا

    فیصل آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سابق ایم پی اے کے بیٹے ارشد اور اے ایس آئی وقاص نے ایک تاجر عمیر کو اغوا کر لیا، ملزم ارشد اور وقاص نے عمیر پر تشدد کر کے اس سے 6 لاکھ روپے سے زائد رقم چھینی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان عمیر کوگاڑی میں لے کر گھومتے رہے، اور قتل کی دھمکیاں دیں، اے ایس آئی وقاص نے تھانہ سرگودھا روڈ میں جھوٹی رپورٹ بھی درج کی۔

    پولیس کے مطابق تھانہ غلام محمد آباد میں اے ایس آئی سمیت 16 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    متاثرہ تاجر عمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ مجسٹریٹ نے میرے خلاف جھوٹی رپورٹ خارج کر کے رہا کیا، پولیس نے مقدمے میں اغوا اور ڈکیتی کی دفعات شامل نہیں کیں۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع، فائرنگ اور تشدد سے متعدد افراد زخمی

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع، فائرنگ اور تشدد سے متعدد افراد زخمی

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع میں فائرنگ اور تشدد سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ٹک ٹاک بنانے کی شکایت پر ہونے والی فائرنگ اور تشدد سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملک پور کا رہائشی زین اپنے دوست سلیمان کے ساتھ ٹک ٹاک بناتا تھا، جس پر سلیمان کی والدہ فوزیہ شکایت لے کر زین کے گھر گئیں اور الزام لگایا کہ زین میرے بیٹے کو خراب کر رہا ہے۔

    زین کی والدہ نے بیٹے کی شکایت کرنے والی خاتون سے جھگڑا شروع کر دیا اور اس کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔

    پولیس کے مطابق تشدد کے بعد جب سلیمان کی والدہ فوزیہ اپنے گھر پہنچیں تو مزید خواتین نے ان کے گھر پر دھاوا بول دیا، خرم اور نعمان نامی افراد کی فائرنگ سے کم سن بچی سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سلیمان کے گھر پر حملہ زین، اس کی والدہ، خرم، نعمان، لطیف اور 5 خواتین نے کیا تھا، جب کہ خرم اور نعمان کی فائرنگ سے سونیا، شہناز، 10 سالہ طیبہ، اور غلام شبیر زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق واقعے پر تھانہ منصور آباد پولیس نے 3 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

    مدعی رفیق نے الزام لگایا ہے کہ ملزمان نے مقدمہ درج ہونے کے بعد ان کے گھر پر دوبارہ فائرنگ کی ہے، ملزمان مسلح ہو کر علاقے میں دندناتے پھر رہے ہیں، اور ان کی جان کو خطرہ ہے۔

  • کار سوار نوجوان کی ہلاکت ، پٹرولنگ پولیس کے 4 ملازمین کیخلاف قتل کا مقدمہ درج

    کار سوار نوجوان کی ہلاکت ، پٹرولنگ پولیس کے 4 ملازمین کیخلاف قتل کا مقدمہ درج

    فیصل آباد : پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان کے قتل کا مقدمہ پٹرولنگ پولیس کے 4 ملازمین کے خلاف درج کرلیاگیا ،مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمے میں 3 دفعات شامل کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان کی موت کے معاملے پر پٹرولنگ پولیس کے 4 ملازمین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمے میں 3 دفعات شامل کی گئی، بھائی اویس نے بیان میں کہاہے کہ اے ایس آئی شاہدپیرپرگاڑی چڑھ جانےپر مشتعل ہوا ، وقاص کوگالیاں اور دھمکیاں دیں، کار روکنے پر اہلکاروں نےبندوقیں تان لیں ، وقاص نے خوفزدہ ہو کرگاڑی بھگائی ،اہلکاروں نے تعاقب کیا۔

    بھائی نے بتایا کہ الہ گاؤں پہنچ کرقاص نے گاڑی روک کر ہاتھ کھڑےکیےتھے، اے ایس آئی شاہد کے کہنے پر کانسٹیبل عثمان نے فائرنگ کی، پیٹ میں گولی لگنے  سے وقاص شدید زخمی ہو کر زمین پر گر پڑا ، جس کے بعد پولیس اہلکار زخمی وقاص کوٹھڈے،بندوق کا دستہ مارتے رہے۔

    اویس کا کہنا تھا کہ علاقہ مکینوں کے جمع ہونے پر پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی اور پولیس اہلکار اسلحے کے زور پر لاش اورگاڑی ساتھ لے گئے۔

    یاد رہے وقاص کی ہلاکت کے واقعہ کی ابتدائی انکوائری میں پٹرولنگ پولیس اہلکار قصوروارقرار پائے تھے، سی پی اونےآئی جی پنجاب کوابتدائی انکوائری رپورٹ بھیجی ،جس میں بتایا گیا کہ اےایس آئی شاہدمنظور،اہلکاروں نےروشن والاکےقریب کارروکنےکی کوشش کی، کارنہ رکنےپراہلکاروں نےتعاقب کرتے ہوئے فائرنگ کی۔

    رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں پٹرولنگ پولیس اہلکاروں کی غفلت پائی گئی،اہلکاروں نےاختیارات سےتجاوزکیا،قواعد نظراندازکئے اور غیر مسلح  اور معصوم افرادپرفائرنگ کاکوئی جوازنہ پایاگیا۔

  • ملازمہ پر تشدد، طاقت ور جیت گیا، کمزور ہار گیا

    ملازمہ پر تشدد، طاقت ور جیت گیا، کمزور ہار گیا

    فیصل آباد: کم سن گھریلو ملازمہ پر میاں بیوی کے سرعام تشدد کیس میں پولیس نے دباؤ میں آ کر با اثر شخصیات کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، ایک بار پھر طاقت ور جیت اور کم زور ہار گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل آباد میں ایڈن ویلی سوسائٹی میں کم سن ملازمہ پر تشدد کرنے والے میاں بیوی کے سلسلے میں پولیس نے مکمل جانب داری کا ثبوت دیتے ہوئے قواعد کی واضح خلاف ورزی کی۔

    آج عدالت سے کمسن ملازمہ صدف پر تشدد کرنے والا ملزم منیر آسانی سے ضمانت پر رہا ہو گیا، کیوں کہ پولیس نے تشدد کرنے والے بااثر ملزم میاں بیوی کو مکمل قانونی ریلیف دیا تھا، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو اطلاع کیے بغیر ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

    اس کیس کی تازہ ترین تفصیلات یہاں پڑھیں

    دوسری طرف اس کیس میں ایس ایچ او نے مقدمے میں نامزد با اثر ملزمہ ثمینہ کو گرفتار ہی نہیں کیا، ملزمہ ثمینہ اپنے شوہر منیر کی گرفتاری کے وقت بھی گھر میں موجود تھی۔

    متاثرہ ملازمہ صدف کو بھی عدالت میں پیش کرنے کی بجائے اسے والدین کے حوالے کر دیا گیا، پولیس نے بہیمانہ تشدد کا شکار صدف کا میڈیکولیگل بھی نہیں کرایا، پولیس نے بچی کا بیان بھی ریکارڈ نہیں کرایا۔

    واضح رہے کہ کم سن ملازمہ کو قواعد کے تحت مقدمے کے مدعی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں دیا جانا تھا۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کا میڈیکولیگل کروایا جاتا تو ملزم کی ضمانت نہ ہوتی۔

  • پولیس نے کم سن ملازمہ کو بازیاب کرا لیا، تشدد کرنے والا ملزم ضمانت پر رہا

    پولیس نے کم سن ملازمہ کو بازیاب کرا لیا، تشدد کرنے والا ملزم ضمانت پر رہا

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں بد ترین تشدد کا شکار بننے والی کم سن گھریلو ملازمہ کو بازیاب کرا لیا گیا، دوسری طرف ملازمہ پر سر عام تشدد کرنے والے ملزم کو ضمانت پر رہائی مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں کم سن گھریلو ملازمہ پر بدترین تشدد کرنے والے ملزم رانا منیر کی ضمانت منظور ہو گئی، عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    قبل ازیں، پولیس نے بچی صدف کو بازیاب کرا لیا جسے مالک مکان فرقان نے چھپا دیا تھا، بازیابی کے بعد بچی کو اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا اور وہ ساہیوال میں اپنے گھر منتقل ہو گئی، والدین کو حوالگی کا تھانہ مدینہ ٹاؤن میں اندراج بھی کیا گیا، 2 خواتین کانسٹیبلز کے ہمراہ بچی کو ساہیوال پہنچایا گیا۔

    ایس ایچ او رائے آفتاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچی کو فرید ٹاؤن میں والد اللہ دتہ کے حوالے کیا گیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بھی بچی کی حوالگی کی خواہاں تھی تاہم پولیس نے بچی والدین کے حوالے کی۔

    آج تشدد کرنے والے ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیاگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی جج ذوالفقار احمد نے رانا منیر کی ضمانت منظور کر لی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں ہٹے کٹے مرد اور خواتین نے کم سن گھریلو ملازمہ پر سر عام تشدد کیا تھا، تشدد کرنے والوں نے بچی کے بال پکڑ کر اسے سڑک پر پٹخا، معلوم ہوا کہ ملزم رانا منیر کے بچے پڑوس میں مور دیکھنے آئے تھے، ملازمہ نے منع کیا تو بچی پر تشدد کیا گیا۔

    فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ پر اہلخانہ کا تشدد، ملزم گرفتار

    اس واقعے کی فوٹیج وائرل ہونے پر پولیس پہنچ گئی، لیکن با اثر ملزم کو انتہائی عزت کے ساتھ ذاتی گاڑی میں تھانے لےگئی، ملزم اور بیوی ثمینہ کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ واقعے کے بعد ملزمان نے بچی کو چھپا دیا تھا، اس لیے فوری طور پر پولیس کو بچی نہیں مل سکی تھی، تاہم آج بچی کو بازیاب کرایا گیا۔

    وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا تھا، فرودس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تشدد میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لا کر قانون پر عمل یقینی بنائیں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان کا   فیصل آباد میں 300 بیڈ کا اسپتال بنانے کا اعلان

    وزیراعظم عمران خان کا فیصل آباد میں 300 بیڈ کا اسپتال بنانے کا اعلان

    فیصل آباد : وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں صنعت کاروں سے ملاقات میں 300 بیڈ کا اسپتال بنانے اور یارن ڈیوٹی پر پانچ فیصد چھوٹ دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر فیصل آباد پہنچے ، جہاں گورنرپنجاب،وزیر اعلی پنجاب نےوزیراعظم کااستقبال کیا ، اس موقع پر پی ٹی آئی کےایم پی اے اورایم این ایزبھی ہمراہ تھے۔

    وزیراعظم عمران خان نے صنعت کاروں سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران عمران خان نے فیصل آباد میں300بیڈ کااسپتال بنانے کا اعلان کیا، اسپتال کیلئے50 فیصد فنڈ وفاقی حکومت اور 40 فیصد فنڈصنعتکار دیں گے جبکہ تعمیرات کے 10فیصد اخراجات پنجاب حکومت دے گی۔

    وزیراعظم نے صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ارن ڈیوٹی پر پانچ فیصد چھوٹ دی جائے گی اور الائیڈ اسپتال کی اپ گریڈیشن بھی کی جائے گی۔

    خیال رہے وزیراعظم فیصل آباد میں لنگرخانے اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے جبکہ ارکان اسمبلی اوررہنماؤں سےملاقات بھی وزیراعظم کے شیڈول کا حصہ ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان فیصل آباد کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان فیصل آباد کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج فیصل آباد کا دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج فیصل آباد کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم فیصل آباد میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم ٹیکسٹائل مینو فیکچررز اور ایکسپورٹرزسے ملاقات بھی کریں گے علاوہ ازیں وہ لنگر خانے اور ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔

    وزیر اعظم فیصل آباد کے ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے تربت میں دارالاحساس اور وسیلہ تعلیم پروگرام کا افتتاح کیا تھا، اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا ایمان ہے کمزور طبقے کو اوپر لانے تک کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرتی، چین نے 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا اور سپر پاور بن گیا، چین چاہتا ہے کہ سی پیک سے مغربی علاقے کو ترقی دی جائے۔

    انہوں نے چین کی ترقی کے حوالے سے کہا تھا کہ چین کی 2 ہزار ارب ڈالر ٹریڈ ہے، پاکستان کی مشکل سے 25 ارب ڈالر ہے، چین کے ساتھ بہتر تعلقات ہمارے لیے ترقی کا زینہ بنے گا۔