Tag: فیصل آباد

  • وزیراعظم  کل فیصل آباد میں لنگر خانے اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    وزیراعظم کل فیصل آباد میں لنگر خانے اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کل فیصل آباد میں لنگر خانے اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور بزنس کمیونٹی سمیت ارکان اسمبلی و پارٹی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل فیصل آباد کا دورہ کریں گے، جہاں وہ لنگر خانے اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم فیصل آباد میں بزنس کمیونٹی سمیت ٹیکسٹائل مینوفیکچررز ،ایکسپورٹرز سے ملاقاتیں کریں گے اور فیصل آباد کے ارکان اسمبلی و پارٹی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے تربت میں دارالاحساس اور وسیلہ تعلیم پروگرام کا افتتاح کیا تھا ، اس موقع پر کہا تھا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، شعور اور علم انسان کو اللہ دوسری مخلوق سے مختلف کرتا ہے، اللہ نے اتنی طاقت دی انسان جو خواب دیکھتا ہے وہ پورا کرسکتا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میراایمان ہے کمزور طبقے کو اوپر لانے تک کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرتی ، چین نے 30سال میں 70کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالااورسپر پاور بن گیا، چین چاہتا ہے کہ سی پیک سے مغربی علاقے کو ترقی دی جائے۔

    انھوں نے چین کی ترقی کے حوالے سے کہا تھا کہ چین کی 2ہزارارب ڈالر ٹریڈ ہے پاکستان کی مشکل سے 25ارب ڈالر ہے، بہترین پالیسیوں کی وجہ سے چین آج دنیا میں معاشی طاقت بن چکا ہے ، چین کےساتھ بہتر تعلقات ہمارے لئے ترقی کا زینہ بنے گا۔

  • پڑوسی بہنوں پر تیزاب پھینکنے والا ملزم بہن سمیت گرفتار

    پڑوسی بہنوں پر تیزاب پھینکنے والا ملزم بہن سمیت گرفتار

    فیصل آباد: دو پڑوسی بہنوں پر تیزاب پھینکنے کے ملزم علیم کو اس کی بہن صفیہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایک ملزم علیم نے پڑوسی لڑکی کا رشتہ نہ ملنے پر اس پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس سے وہ اور اس کی بہن شدید زخمی ہو گئی، پولیس نے فرار ملزم کو گزشتہ رات گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے علاقے کوٹ عمرفاروق میں تیزاب گردی سے 2 بہنوں کے جھلس کر زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، ملزم علیم ایک لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن انکار پر مشتعل ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق 15 سالہ لڑکی 13 سالہ بہن کے ساتھ پڑوسی کےگھرگئی تھی، ملزم نے اپنی بہن کے ذریعے قرآن خوانی کے بہانے لڑکی کو گھر بلوایا تھا، اور پھر اس پر تیزاب پھینک دیا، جس سے ایک لڑکی کا چہرہ اور دوسری کی کمر جھلس گئی، ملزم واردات کر کے فرار ہو گیا تھا۔

    سگے بھائیوں نے بہن کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا

    واقعے کے بعد متاثرہ لڑکیوں کے بہنوئی حبیب کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیاگیا تھا، تھانہ صدر میں درج مقدمے میں علیم اور اس کی بہن صفیہ کو ملزم نامزد کیا گیا، مقدمے میں 2 دفعات شامل کیے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد علی اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف اسلم نے زخمی بہنوں کی عیادت کے لیے سول اسپتال کا دورہ بھی کیا، ملاقات میں انھوں نے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

    بعد ازاں، ملزم علیم کو ڈی ایس پی صدر جمشید اقبال ناصر چشتی کی سربراہی میں ایک چھاپا مار پارٹی نے گرفتار کیا۔ ادھر دونوں بہنوں کا سول اسپتال میں علاج جاری ہے۔

  • طلال چوہدری تشدد واقعہ، پولیس کو کال پہلے کس نے کی؟

    طلال چوہدری تشدد واقعہ، پولیس کو کال پہلے کس نے کی؟

    لاہور/ فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری تشدد واقعے میں مزید تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ 23 ستمبر کی رات 15 پر طلال چوہدری نے 3 بج کر 10 منٹ پر کال کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق طلال چوہدری تشدد معاملے میں پولیس نے بیان دیا ہے کہ 15 پر کال پہلے طلال چوہدری نے کی، دوسری کال پانچ منٹ بعد آئی، یعنی عائشہ رجب کی جانب سے 3 بج کر 15 منٹ پر کال کی گئی تھی۔

    ادھر فیصل آباد میں پارٹی ذرایع کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری پر تشدد والی رات عائشہ رجب گھر پر نہیں تھیں، حالت بہتر ہوتے ہی طلال چوہدری بیان ریکارڈ کرا دیں گے اور ویڈیو بیان بھی جاری کریں گے، طلال چوہدری پر تشدد کی ویڈیو بھی جلد سامنے لائی جائے گی۔

    پارٹی ذرایع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ طلال چوہدری آج شام تک بیان ریکارڈ کرا سکتے ہیں، وہ زخمی ہیں، پہلے علاج کرا رہے ہیں، ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے طلال چوہدری کے بازو میں درد ہے۔

    دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں طلال چوہدری کے خلاف سیاست پر تاحیات پابندی کے مطالبے کی قرارداد جمع کرائی گئی ہے، یہ قرارداد تحریک انصاف کی رکن مسرت جمشید چیمہ نے جمع کرائی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ طلال چوہدری کو سیاست سے بے دخل کیا جائے، ان کی سیاست پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔

    یاد رہے کہ 26 ستمبر کو طلال چوہدری کو مسلم لیگ ن کی ایم این اے عائشہ رجب بلوچ کے بھائیوں نے تشدد کا نشانہ بنا دیا تھا، جس کے باعث ان کا بازو 2 جگہ سے فریکچر ہوا، ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انھوں نے عائشہ رجب بلوچ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔

    گزشتہ روز پنجاب پولیس نے اس معاملے کی حقیقت سامنے لانے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی، 4 رکنی کمیٹی کے چیئرمین ڈی ایس پی عبدالخالق ہیں، کمیٹی میں ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹاؤن، ایس ایچ او وومن پولیس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی طلال چوہدری اور ایم این اے عائشہ رجب کے بیانات ریکارڈ کرے گی، کمیٹی تحقیقات کی روشنی میں قانونی کارروائی بھی تجویز کرے گی، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو 3 دن میں یعنی کل تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی جب کہ تاحال دونوں میں سے کسی کا بیان بھی ریکارڈ نہیں کرایا جا سکا ہے۔

    گزشتہ روز جب پولیس طلال چوہدری کا بیان ریکارڈ کرنے نیشنل اسپتال لاہور پہنچی تو انتظامیہ نے پولیس کو بتایا کہ انھیں ایک گھنٹہ قبل ڈسچارج کیا جا چکا ہے، تاہم ذرایع نے دعویٰ کیا تھا کہ طلال چوہدری پولیس کے آنے سے قبل اسپتال کا بل ادا کیے بغیر پچھلے دروازے سے جلدی میں نکل گئے تھے۔

    ذرایع نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ پارٹی کے اندر طلال چوہدری کے خلاف محاذ بن چکا ہے، عائشہ رجب سے تنازع کے بعد انھیں پارٹی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب کہ فیصل آباد ڈویژن میں پارٹی کا بڑا دھڑا طلال چوہدری کے خلاف کھڑا ہوگیا ہے۔

  • فیصل آباد : 5  ملزمان کی اغواء کے بعد لڑکی  سے اجتماعی زیادتی

    فیصل آباد : 5 ملزمان کی اغواء کے بعد لڑکی سے اجتماعی زیادتی

    فیصل آباد : جھنگ بازارسے پانچ ملزمان نے لڑکی کواغوا کرنے بعد اجتماعی زیادتی کانشانہ بناڈالا ، پولیس نے مقدمہ درج کرکےتفتیش شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں اجتماعی زیادتی کاایک اورواقعہ رپورٹ ہوا ،جہاں جھنگ بازارسے پانچ ملزمان نےلڑکی کواغوا کرنے بعداجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کا کہنا ہے لڑکی کو ملزم نعمان نے چار ساتھیوں کی مدد سے اسلحہ کےزورپراغواکیاتھا، ملزمان نےلڑکی کو گھرلےجا کراجتماعی زیادتی کانشانہ بنایا۔ لڑکی کےاہلخانہ کے پہنچنے پر ملزمان فرار ہو گئے۔

    پولیس نے تھانہ جھنگ باز میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

    یاد رہےگزشتہ روز بہاولپور میں زیادتی کا شکار لڑکی نے پولیس کی روایتی بے حسی سے دلبرداشتہ ہو کر مبینہ طور پر خود کشی کر لی تھی، غریب خاندان سے تعلق رکھنے والی محنت کش کی بیٹی طاہرہ کو بااثر افراد کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    مزید پڑھیں : بہاولپور میں زیادتی کا شکار لڑکی کی خودکشی

    واقعے کی رپورٹ درج کروانے والد متعلقہ تھانے پہنچا اور اندراج مقدمہ کی تحریری درخواست دی مگر بااثر افراد ہونے کی وجہ سے پولیس نے ٹال مٹول سے کام لیا اور متاثرہ خاندان کو چوکی کے چکر کٹواتے رہے۔

    والد کا کہنا ہے کہ پولیس کی بے حسی اور ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر بیٹی نے اسپرے پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

    بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد ہ ڈی پی او بہاولپور نےفوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم لقمان کو گرفتار کر لیا تھا۔

    فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ ڈی پی او بہاولپور نےفوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم لقمان کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم کے ساتھ متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او،چوکی انچارج بھی پابند سلاسل ہیں۔

  • فیصل آباد: اسپتال سے نومولود بچی اغوا، 2 سیکورٹی گارڈ زیر حراست

    فیصل آباد: اسپتال سے نومولود بچی اغوا، 2 سیکورٹی گارڈ زیر حراست

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں اسپتال سے نومولود بچی کے اغوا کی تفتیش کے لیے دو سیکورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال سے 4 روز قبل اغوا کی جانے والی نومولو بچی کی پوچھ گچھ کے لیے پولیس نے دو سیکورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گیٹ پر تعینات سیکورٹی گارڈز کو اغوا کار خاتون سے بات کرتے دیکھا گیا۔

    دوسری جانب سیکورٹی گارڈز کی گرفتاری پر درجہ چہارم کے ملازمین نے احتجاج کیا اور اسپتال میں کام بند کر دیا۔

    فیصل آباد: اسپتال سے نومولود بچی پراسرار طور پر لاپتہ

    یاد رہے کہ 18 اگست کو فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال سے پیدائش کے چند گھنٹے بعد ہی نومولود بچی کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ مغوی بچی کی پھوپھی نےخفیہ کیمرے کی ریکارڈنگ میں ملزمہ کو پہچان لیا تھا۔

    اسپتال انتظامیہ کو ملنے والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ اغوا کار خاتون چادر پہنی ہوئی تھی جس نے لیبر روم سے بچی کو گود میں اٹھایا اور پھر وہ اسپتال سے فرار ہوگئی۔

  • گھر میں بھیڑیا رکھنا شہری کو مہنگا پڑگیا

    گھر میں بھیڑیا رکھنا شہری کو مہنگا پڑگیا

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں بھیڑیا گھر میں رکھنے والے شہری کو دس ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں گھر میں بھیڑیا رکھنے والے شہری کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ سول جج گلزار نے بھیڑیا محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

    وائلڈ لائف حکام کے مطابق واپڈا ٹاؤن میں شہری نے بھیڑیا پالا۔حکام کا کہنا ہے کہ تحویل میں لیا گیا بھیڑیا کمالیہ پارک میں چھوڑا جائے گا۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے 5 اگست کو گلگت بلتستان میں برفانی چیتے کے غیر قانونی شکار کرنے پر وائلڈ لائف کی عدالت نے دو ملزمان کو دو سال قید اور 50 لاکھ جرمانے جبکہ 2 کو ایک ایک سال اور ایک کو 1 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔

    یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں پولیس نے برفانی چیتے کا غیر قانونی شکار کرنے والے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

  • باپ نے دوسری بیوی کی خواہش پر 13سالہ بیٹے کو قتل کردیا

    باپ نے دوسری بیوی کی خواہش پر 13سالہ بیٹے کو قتل کردیا

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں باپ نے دوسری بیوی کی خواہش پر13 سالہ بیٹے کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں مامونکانجن میں باپ نےدوسری بیوی کی خواہش پر13سالہ بیٹے کو قتل کردیا، پولیس نے مقتول بچےکی لاش کھیت سےبرآمد کرکے ملزم شوکت کو گرفتار کرلیا اور مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 2 کنال زمین نام نہ کرانے پرشوکت کی بیوی میکےچلی گئی تھی اور بیوی نےواپسی کےلئے وارث کو مارنے، زمین منتقلی کی شرط رکھی، جس پر ملزم نےبیٹےکوگلادباکرمارڈالا اور گھرآکرلاپتہ ہونےکاڈرامہ رچایا۔

    یاد رہے چند روز قبل گوجرانوالہ کے تھانہ احمد نگر کے علاقے جامکے چٹھہ میں والدہ اور بھائی نے غیرت کے نام پر 24 سالہ اقصیٰ کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس کے مطابق 24 سالہ اقصیٰ پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی لیکن اس کی ماں اور بھائی پسند کی شادی سے انکاری تھے جس پر مقتولہ کی والدہ اور بھائی نے اقصیٰ کو قتل کرنے کے بعد ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تھا۔

  • فیصل آباد، بھتیجے کی فائرنگ سے چچا سمیت 2 افراد قتل

    فیصل آباد، بھتیجے کی فائرنگ سے چچا سمیت 2 افراد قتل

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں دکان کے تنازع پر بھتیجے نے فائرنگ کرکے چچا سمیت 2 افراد کو قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے چک نمبر 275 میں دکان کے تنازع پر بھتیجے کی فائرنگ سے چچا سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھتیجا بھی شدید زخمی ہوگیا۔

    فیصل آباد کے گاؤں 275 کے رہائشی 40 سالہ ارشد اور اس کے بھتیجے 30 سالہ اسلم کے درمیان آبائی دکان کی تقسیم کا تنازع تھا، منگل کی شام بھی دکان کے تنازع پر اسلم نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اس کے چچا ارشد اور دکان ملازم 30 سالہ وسیم جاں بحق ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق چچا ارشد کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور اسلم بھی شدید زخمی ہوگیا، ملزم کو سول اسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

    تھانہ ڈجکوٹ پولیس نے مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کردیں جبکہ ملزم اسلم کا تھانہ ڈجکوٹ پولیس کی حراست میں علاج جاری ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں فیصل آباد کے علاقے دھنولہ میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔

  • خواتین کا کٹی پتنگ کے لیے ناقابل یقین جیمز بانڈ ایکشن، ویڈیو وائرل

    خواتین کا کٹی پتنگ کے لیے ناقابل یقین جیمز بانڈ ایکشن، ویڈیو وائرل

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں خواتین نے کٹی پتنگ کے لیے ناقابل یقین حد تک جیمز بانڈ ایکشن کا مظاہرہ کر کے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے مدن پورہ میں پتنگ باز خواتین نے کٹی پتنگ کے لیے اپنے ایکشن سے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا، رسی کی مدد سے چھت سے لڑکی کے اترنے اور چڑھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

    فوٹیج کے مطابق مدن پورہ کے ایک گھر کی چھت پر کچھ خواتین پتنگ بازی میں مصروف تھیں کہ ایک پتنگ کٹ کر نیچے گلی میں گری، خواتین نے پتنگ اٹھانے کے لیے ایک لڑکی کو رسی کے ذریعے نیچے گلی میں اتارا۔

    فوٹیج میں لڑکی کو چھت سے کٹی پتنگ اٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ چھت پر موجود 4 خواتین رسی لٹکاتے ہوئے بھی دیکھی جا سکتی ہیں، چھت پر موجود خواتین نے لڑکی کو رسی کے سہارے پہلے نیچے اتارا اور اوپر کھینچا۔ ویڈیو میں منڈیر کے قریب خواتین کو خطرناک انداز میں لڑکی کو تھامتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایکشن مکمل ہونے پر قریبی چھتوں پر موجود منچلوں نے تالیاں بجا کر پاکستانی جیمز بانڈ خواتین کو داد دی۔

    دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آباد میں پتنگ بازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور آر پی او کو کارروائی کا حکم دے دیا ہے، عثمان بزدار نے کہا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، جہاں بھی غفلت ہوئی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    دریں اثنا، فیصل آباد میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 275 پتنگ بازوں اور دکان داروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان سے 7820 پتنگیں، 1500 چرخی کیمیکل ڈور برآمد ہوئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں 243 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی پاک بنگلا دیش ٹیسٹ میچ کے دوران ایک کٹی پتنگ اڑتی ہوئی آ گری تھی۔

  • سی ٹی ڈی کی فیصل آباد میں کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی فیصل آباد میں کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: پنجاب میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے فیصل میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے سیفٹی فیوزز، 3ڈیٹو نیٹرز ، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مبینہ دہشت گردوں عبداالسلام،مائودود چشتی، علی خان کا تعلق کلعدم تنظیم سے ہے، دہشت گردوں نے حساس اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

    سی ٹی ڈی کی کارروائی، بہاولنگر ہارون آباد سے 3 دہشت گرد گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب کے شہر بہاولنگر ہارون آباد بائی پاس سے سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مبینہ دہشت گردوں نے بہاولنگر میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا، ملزمان سے 2 تھیلوں میں 869 اور 613 گرام دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔