Tag: فیصل آباد

  • پولیس نے رانا ثناء اللہ کے داماد  کو گرفتار کرلیا

    پولیس نے رانا ثناء اللہ کے داماد کو گرفتار کرلیا

    فیصل آباد: پولیس نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کے داماد شہریار کو حراست میں لے لیا ہے، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا راناثنااللہ کے داماد کو آصف بٹ قتل کیس میں گرفتار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کی فیملی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ،
    رانا ثناء اللہ کی پیشی پر شہریار رانا اپنے سسر سے اظہار یکجہتی کےلئے عدالت میں موجود آئے تو ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے انہیں عدالتی احاطے سے حراست میں لے لیا اور گاڑی میں بٹھا کر لے گئے ۔

    اس موقع پر کچھ وکلاءاور لیگی کارکنوں نے مزاحمت کی کوشش بھی کی لیکن ایلیٹ فورس کے اہلکار وں نے انہیں زبردستی پیچھے ہٹا دیا ۔ .

    پولیس کے مطابق شہریار کے خلاف فیصل آبادمیں مقدمہ درج ہے۔ .

    مزید پڑھیں : رانا ثنااللہ سمیت دیگرملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع

    دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازگل کا کہنا ہے کہ راناثنااللہ کےدامادکوآصف بٹ قتل کیس میں گرفتارکیا ہے ، شہریار کیخلاف ایف آئی آر تھانہ سمن آباد میں درج ہوئی ہے۔

    اس سے قبل لاہور کی انسداد منشیات عدالت کے فاضل جج نے رانا ثناسمیت دیگرملزمان کےجوڈیشل ریمانڈمیں چوبیس اگست تک توسیع کردی اور آئندہ سماعت پر سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کرنے اور دیگر ملزمان کو وکیل کرنے کا حکم دےدیا۔

  • آئس نشے کی سر عام فروخت کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع

    آئس نشے کی سر عام فروخت کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں سر عام آئس نشہ فروخت ہونے کے خلاف تحریک التوا جمع کرائی گئی ہے، جس میں لاہور میں آئس نشہ کھلے عام فروخت ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں آئس نشہ سر عام فروخت ہونے کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ اور مخدوم عثمان محمود نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائی۔

    تحریک التوا کے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں آئس نشے کی فروخت عروج پر ہے، جس سے تعلیمی ادارے بھی محفوظ نہیں رہے۔

    متن میں کہا گیا ہے کہ شہر میں آئس کا نشہ تیار کرنے والی کئی لیبارٹریاں بھی قائم ہو چکی ہیں، جس پر حکومت اور انتظامیہ کی غفلت سے عوام میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

    دریں اثنا، فیصل آباد ایئر پورٹ پر مسافر سے ایک کلو 850 گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی گئی ہے، ملزم عمران کروڑوں روپے کی ہیروئن لے کر مدینہ جا رہا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    ملزم نے بریف کیس کے خفیہ خانے میں آئس چھپا رکھی تھی، ملزم کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آئے دن مختلف شہروں میں ایئر پورٹس پر آئس سمیت دیگر نشوں کی اسمگلنگ کے واقعات ناکام بنائے جاتے ہیں، لیکن حیرت کی بات ہے کہ اسمگلنگ میں تا حال کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

    جمعے کے دن بھی اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے 2 بڑی کارروائیوں میں بیرون ملک منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش نا کام بنا دی تھی، اور مسافر اللہ یار سے 3 کلو 600 گرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کی تھی۔

    مسافر اللہ یار نجی ایئر لائن سے ابوظبی جانا چاہتا تھا، پکڑی گئی ہیروئن کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت کروڑوں روپے بتائی گئی تھی۔

    دوسری کارروائی میں نجی ایئر لائن کی پرواز سے شارجہ جانے والے مسافر سے 1400 گرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی تھی، اے ایس ایف نے دونوں ملزمان کو اے این ایف کے حوالے کر دیا تھا۔

  • صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    فیصل آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے، غریبوں کو اسپتال لانے لے جانے کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آباد اور چنیوٹ کے لیے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا، انہوں نے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کیے۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ االلہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے معاشرے کی خدمت کا موقع دیا، صحت انصاف کارڈ پاکستان کی تاریخ کا ایسا منصوبہ ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غریب اور لاچار کے لیے کام کر رہی ہے، صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے، غریبوں کو اسپتال لانے لے جانے کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے ہر قسم کی سرجری اور کنسلٹینسی سمیت تمام سہولتیں مہیا ہوں گی، آج فیصل آباد اور چنیوٹ بھی اس پروگرام میں شامل ہو رہے ہیں۔ فیصل آباد کی 22 اور چنیوٹ کی 23 فیصد آبادی کو صحت انصاف کارڈ فراہم ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں تقریباً 500 منصوبے شروع کر رکھے ہیں، پنجاب کو ہم نے سب سے خوبصورت صوبہ بنانا ہے۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے اٹک میں مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کارڈ رکھنے والا معیاری اسپتال میں علاج کروا سکتا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے ذریعے 7 لاکھ 20 ہزار روپے کا علاج ممکن ہے، اسے بڑھایا بھی جاسکتا ہے۔ صحت انصاف کارڈ سے 3 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب کے 18 اضلاح میں صحت کارڈ اسکیم شروع کی جاچکی ہے، غریب لوگ اب علاج کی سہولت سے محروم نہیں رہیں گے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارآج فیصل آباد جائیں گے

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارآج فیصل آباد جائیں گے

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج فیصل آباد اور چنیوٹ کے لیے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج فیصل اور چنیوٹ کا دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب فیصل آباد اور چنیوٹ میں مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کریں گے۔

    فیصل آباد کی 22 فیصد آبادی کوصحت کارڈ سےعلاج معالجےکی مفت سہولت ملے گی اور چنیوٹ کی23 فیصد آبادی کو صحت کارڈ کے ذریعےعلاج کی مفت سہولت میسرآئے گی۔

    غریب لوگ اب علاج کی سہولت سے محروم نہیں رہیں گے، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ 5 مئی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اٹک میں مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کارڈ رکھنے والامعیاری اسپتال میں علاج کرا سکتا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے ذریعے 7 لاکھ 20 ہزارکا علاج ممکن ہے، اسے بڑھایا بھی جاسکتا ہے، صحت انصاف کارڈ سے 3 کروڑافراد مستفید ہوں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 18 اضلاح میں صحت کارڈ اسکیم شروع کی جاچکی ہے، غریب لوگ اب علاج کی سہولت سے محروم نہیں رہیں گے۔

  • فیصل آباد، جرمن خاتون سے اجتماعی زیادتی، ایک ملزم گرفتار، تین فرار

    فیصل آباد، جرمن خاتون سے اجتماعی زیادتی، ایک ملزم گرفتار، تین فرار

    لاہور: فیصل آباد میں جرمن خاتون سے اجتماعی زیادتی کا دوسرا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا، ایک ملزم الیاس کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ تین ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں والد کی تلاش میں آئی جرمن خاتون رامونا الزبتھ کو 4 ملزمان نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم الیاس کو گرفتار کرلیا، تین ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    جرمن خاتون رامونا الزبتھ سے زیادتی کے چاروں ملزمان کے خلاف پہلے فیصل آباد کے تھانہ مدینہ ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    گرفتار ملزم الیاس کی طرف سے ستیانہ روڈ پر واقع رفاقت پلازہ میں رامونا الزبتھ سے زیادتی کے اعتراف پر تھانہ مدینہ ٹاؤن میں مقدمہ درج کرکے تھانہ بٹالہ کالونی میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مزید پڑھیں: خاتون سے جنسی زیادتی کا الزام، عدالت نے مصری شہری پر فرد جرم عائد کردی

    زیادتی کا شکار ہونے والی رامونا کلر کہار کے رہائشی عاصم سے شادی کرکے اپنے باپ کو تلاش کرنے پاکستان آئی تھی جو تیس سال قبل جرمنی چھوڑ کر پاکستان آگئے تھے۔

    ملزمان الیاس، حیدر اور جاوید نے اسے باپ کا پتا دینے کے بہانے کلر کہار سے بلایا اور دفترمیں لے جاکر اپنی ہوس کا نشانہ بنایا تھا۔

    جرمن خاتون کو 4 افراد نے اغوا کیا جبکہ دو نے زیادتی کی، پولیس کی جانب سے متاثرہ خاتون کا میڈیکل کروایا گیا ہے۔

  • رانا ثنا اللہ کے 10 ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ اے این ایف کو ارسال

    رانا ثنا اللہ کے 10 ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ اے این ایف کو ارسال

    فیصل آباد: پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کے 10 ساتھیوں کا کرمنل ریکارڈ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے اے این ایف کو بھیجی گئی رپورٹ کی کاپی حاصل کر لی، یہ رپورٹ رانا ثنا کے دس ساتھیوں کے کرمنل ریکارڈ پر مشتمل ہے۔

    اے این ایف حکام نے پولیس افسر غلام محمود سے ریکارڈ طلب کیا تھا اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی تفصیل بھی مانگی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق ایم پی اے خلیل طاہر سندھو کو کلین چٹ دی گئی ہے، خلیل طاہر کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ملا۔

    یہ بھی پڑھیں:  منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا اللہ کے خلاف عدالت میں چالان جمع

    تاہم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 3 افراد رانا اظہر، شمو عرف صابی اور عمران دولت منشیات فروشی میں ملوث ہیں، رانا اظہر 3 تھانوں میں 5 منشیات فروشی، بجلی چوری کے مقدمےمیں چالان یافتہ ہے، جب کہ شمو صابی شراب فروشی اور عمران دولت منشیات فروشی میں ملوث ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 2 سابق یو سی چیئرمین ساجد الیاس اور رانا مظفر کے خلاف بھی کوئی مقدمہ نہیں ہے۔ پرویز جٹ، رانا ارشد، رانا شریف، شیخ عمران کا کرمنل ریکارڈ بھی موجود نہیں۔

    خیال رہے کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔

    منشیات کی روک تھام کے حوالے سے بنائی جانے والی فورس نے عدالت میں 200 صفحات پر مشتمل چالان جمع کرایا جس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو قصور وار قرار دیا گیا جب کہ مسلم لیگ ن کے دیگر 6 رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا۔

  • فیصل آباد مدرسے کے پانچ طلبہ وادیٔ نیلم حادثے میں لا پتا

    فیصل آباد مدرسے کے پانچ طلبہ وادیٔ نیلم حادثے میں لا پتا

    مظفر آباد: آزاد کشمیر کے علاقے وادیٔ نیلم میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کی وجہ سے پیش آنے والے حادثے میں فیصل آباد مدرسے کے پانچ طلبہ بھی لا پتا ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وادی نیلم حادثے میں فیصل آباد کے ایک مدرسے میں زیر تعلیم 5 طلبہ بھی لا پتا ہو گئے ہیں، پانچوں طالب عالم چھٹیوں کے دوران تبلیغی جماعت کے ساتھ گئے تھے۔

    متاثرہ علاقے میں فوجی دستے کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ لا پتا افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لا پتا طلبہ میں ہارون، سلیمان، عفان، عمران عزیز اور عمر ناصر شامل ہیں، پانچوں طلبہ کا سراغ نہیں مل سکا ہے، جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ نیلم وادی میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے میں 24 افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، دوسری طرف علاقے میں جاری ریسکیو آپریشن میں 52 افراد کو بہ ذریعہ ہیلی کاپٹر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ، فوجی دستے کا ریسکیو آپریشن: آئی ایس پی آر

    علاقے میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد شدید بارشوں، بجلی کڑکنے اور سیلابی ریلے نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ چوبیس افراد کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہو چکے ہیں، سیلابی ریلے کی زد میں آ کر ڈیڑھ سو گھر اور ایک مسجد بھی بہہ چکے ہیں۔

    سیلابی ریلے میں بہنے والوں میں سے گیارہ افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے بتایا جا رہا ہے، جب کہ باقی مقامی لوگ ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ریسیکو آپریشن جاری ہے تاہم انھوں نے اموات میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

  • ٹیکسٹائل پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا: چیئرمین ایف بی آر

    ٹیکسٹائل پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا: چیئرمین ایف بی آر

    فیصل آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، برآمدات کو پہلے بھی استثنیٰ تھا آج بھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زیرو ریٹنگ کی مراعات پہلی مرتبہ ختم نہیں ہوئیں۔ آج جو ٹیکسٹائل سیکٹر کی صورتحال ہے اس کے مدنظر فیصلہ کیا گیا، یہاں آنے کا مقصد ہے کہ زیرو ریٹنگ مراعات کے خاتمے پر بات کی جائے۔

    شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت ہوئی، جو بھی بہتر حل نکلے گا اس کی طرف جائیں گے۔ آگے بڑھنا ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں، نیا ایف بی آر ان ہی افراد سے بنے گا جو آج موجود ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایت ہے ایف بی آر کی جانب سے ہراساں کیا جاتا ہے، ایف بی آر والے کہتے ہیں ہم جائز ٹیکس کے لیے بات کرتے ہیں۔ جو بھی ہراساں کرنے میں ملوث ہوگا اسے ادارے میں نہیں رہنا چاہیئے، آہستہ آہستہ آٹو میشن پر جائیں گے، انسانی عمل دخل کم کریں گے۔ آتے ہی کہا تھا کسی کا بینک اکاؤنٹ بغیر وضاحت منجمد نہیں کیا جائے گا، سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے متعلق بہت شکایات تھیں اسے آٹو میٹ کر دیا۔

    شبر زیدی کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے ابھی بھی چند کیسز زیر التوا ہیں، پہلی والی ایمنسٹی اسکیم کراچی اسلام آباد کی بنیاد پر تھی۔ موجودہ ایمنسٹی اسکیم کی پذیرائی ملک بھر میں ہوئی ہے۔ کسی قسم کا نیا ٹیکس نہیں لگایا، لگایا ہے تو بتائیں۔ یہ تاثر غلط ہے کہ کوئی نیا ٹیکس لگایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا کام صرف وقتی طور پر چیزوں کو ٹھیک کرنا ہے، بڑا آسان طریقہ تھا کہ سیلز ٹیکس ریٹ بڑھا دیا جاتا مگر ہم نے ایسا نہیں کیا، روپے کی قدر میں کمی کے باعث مہنگائی ہوئی۔ روپے کی قدر میں کمی کی وجوہات گورنر اسٹیٹ بینک بتا سکتے ہیں۔ پاکستان کو تاریخی جاری اور تجارتی خساروں کا سامنا ہے۔

    چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور اسمگلنگ کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کر رہے ہیں، اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو نقصان ہوگا۔ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے صنعتی اور روزگار میں اضافہ ضروری ہے۔

  • لاہور، رانا ثنا اللہ کیس میں پولیس افسران کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں

    لاہور، رانا ثنا اللہ کیس میں پولیس افسران کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کیس میں پولیس افسران کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں، اے این ایف نے افسران کی حوالگی کے لیے پنجاب پولیس کو درخواست بھیج دی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر قانون اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کیس میں فیصل آباد میں تعینات رہنے والے افسران کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، ملک خالد ڈی ایس پی ایس پی یو کو گرفتار کرلیا گیا، ملک خالد کا کچھ عرصہ پہلے فیصل آباد سے ایس پی یو تبادلہ کیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق سابق ایس ایس پی فیصل آباد رائے ضمیر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز شاہد انوار کے مطابق رانا ثنا اللہ کے دوران تفتیش اہم انکشافات پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، رانا ثنا اللہ کی سفارش پر فیصل آباد میں تعینات افسران کی فہرست طلب کرلی گئی ہے۔

    فیصل آباد میں رانا ثنا اللہ کی جانب سے قبضوں کی تفصیلات طلب کرلی گئیں، منشیات کیس میں رانا ثنا کے اثاثوں، گاڑیوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: راناثنا اللہ نے تنہائی دور کرنے کیلئے جیل میں کتابیں پڑھنا شروع کردیں

    رانا ثنا اللہ کے گھروں، زمین اور مختلف کمپنیوں کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، انسداد منشیات فورس نے تمام اداروں کو اس سلسلے میں خطوط ارسال کردئیے۔

    اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ اثاثوں کی تفتیش کرنا چاہتے ہیں کہ اثاثے منشیات کی رقوم سے تو نہیں بنے۔

    یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کو 15 کلو ہیروئن اسمگلنگ کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں رانا ثنا کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے رانا ثنا کو منشیات کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

  • فیصل آباد: وین اور ٹرک میں تصادم، 8 افراد جاں بحق

    فیصل آباد: وین اور ٹرک میں تصادم، 8 افراد جاں بحق

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں وین اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ساہیانوالہ انٹرچینج موٹروے پروین اور ٹرک میں تصادم ہوا، حادثے میں 2 بچوں سمیت 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے اور 3 خواتین سمیت 8 افراد شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، وین میں سوار فیملی لاہورسے آ رہی تھی۔

    بھکرمیں ٹریلراورمسافروین کی ٹکر، 8 افراد جاں بحق

    اس سے قبل 30 جون کو صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں مسافر وین اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    بھکر میں ٹریفک حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 8 جون کو بھکر میں ایم ایم روڈ پر فاضل اڈا کے قریب بس اور ٹریک میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے تھے۔