Tag: فیصل آباد

  • اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے حراست میں لے لیا ہے، اے این ایف کے ترجمان نے حراست میں لیے جانے کی تصدیق کر دی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو سکھیکی کے قریب سے حراست میں لیا، اینٹی نارکوٹکس فورس نے یہ کارروائی منشیات فروشوں کے خلاف حالیہ آپریشن کے بعد کی ہے۔

    رانا ثنا اللہ کے اہل خانہ نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے، اہلیہ، بیٹی، داماد اور بچے 3 گاڑیوں پر گھر سے روانہ ہوئے، داماد احمد شہریار کو رانا ثنا کا سیاسی جانشین سمجھا جاتا ہے، رانا ثنا کے خاندان کی گھر سے روانگی کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔

    ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ پنجاب نے موٹر وے سے حراست میں لیا، گرفتاری سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

    رانا ثنا اللہ کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ لاہور یا پنڈی منتقل کیے جانے کا امکان ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ لیگی رہنما کا منشیات کے اسمگلروں کے ساتھ تعلقات کا انکشاف ہوا ہے، اسمگلرز فیصل آباد میں رانا ثنا کے ڈیرے پر بھی پناہ لیتے تھے، رانا ثنا و دیگر افراد کی تفتیش بریگیڈیئر خالد محمود کریں گے۔

    ذرایع نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری منشیات اسمگلر کے تفتیش میں نام اگلنے کے بعد عمل میں آئی ہے، اے این ایف شام تک تفتیشی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوائے گی، منشیات اسمگلرز کو گرین سگنل دینے سے لاہور سے اہم گرفتاریاں متوقع ہیں، رانا ثنا کے قریبی ساتھیوں کو بھی اے این ایف گرفتار کرے گی۔

  • ن لیگی ایم پی اے طاہرجمیل پر ملازمہ سے زیادتی کا مقدمہ درج

    ن لیگی ایم پی اے طاہرجمیل پر ملازمہ سے زیادتی کا مقدمہ درج

    فیصل آباد: پولیس نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے طاہرجمیل کے خلاف ملازمہ سے زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں ان کے دو بیٹوں اور اہلیہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کے خلاف زیادتی کا مقدمہ 14 سالہ ملازمہ صائمہ کے والد ریاض مسیح کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، مقدمے میں طاہرجمیل کی بیوی اور2 بیٹے بھی نامزد ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں زیادتی، چلڈرن ایکٹ سمیت3 دفعات شامل ہیں، اسپیکرپنجاب اسمبلی کی اجازت کے بعد ایم پی اے کو گرفتارکیا جائے گا۔

    ریاض مسیح نے بتایا کہ ایم پی اے طاہرجمیل نے میری بیٹی کو2 بار زیادتی کا نشانہ بنایا، طاہرجمیل کی بیوی بانومیری بیٹی کوتشدد کا نشانہ بناتی تھی،ایم پی اے کے بیٹے آفاق اورسعد نازیبا حرکات کرتے تھے۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کا میڈیکو لیگل درخواست ملتے ہی کرا لیا گیا تھا، لڑکی کے جسم سے نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ میں ملازمہ کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے، فرانزک لیبارٹری سے نمونوں کی رپورٹ آنے پر حتمی رائے دی جائے گی۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ سے واضح ہوگا زیادتی کس نے کی، متاثرہ بچی کے جسم سے 3 نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوائے گئے۔

  • 11 کمپنیوں کا فیصل آباد میں 43 ارب کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان

    11 کمپنیوں کا فیصل آباد میں 43 ارب کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان

    لاہور: وزیراعظم عمران خان کی طرف سے پر کشش مراعات کے بعد ابتدائی طور پر مزید گیارہ بین الاقوامی اور مقامی کمپنیوں نے فیصل آباد میں43 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا، جنہیں ٹیکس ہالیڈے اور ایک بار ڈیوٹی فری مشینری درآمد کرنے کی اجازت بھی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کی اعلیٰ اختیاراتی خصوصی اقتصادی زون کمیٹی نے گیارہ بین الاقوامی اور مقامی کمپنیوں کو زون انٹرپرائز کی حیثیت دے دی۔ ایم تھری موٹر وے پر واقع یہ اہم ترین انڈسٹریل سٹی 4356 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں 10 سالہ ٹیکس چھوٹ اور ایک مرتبہ مشینری کی ڈیوٹی فری درآمد کی سہولت حاصل ہو گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سیکرٹری عمر رسول، فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیمی، پنجاب بورڈ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام اور دیگر بھی شریک تھے۔ ایکسپورٹ سے وابستہ اور امپورٹس کی متبادل انڈسٹری کو فیصلے میں ترجیح دی گئی تاکہ برآمدات کے فروغ اور امپورٹ بل میں کمی کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

    اس موقع پر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ 42 بین الاقوامی اور مقامی کمپنیوں کو پہلے ہی یہ سٹیٹس حاصل ہے اور اب یہ تعداد 53 تک پہنچ گئی ہے جو صوبے میں صنعتکاری کے میدان میں فیڈمک کا ایک اور سنگ میل ہے۔ یہ 11 کمپنیاں پہلے مرحلے میں 43 ارب کی سرمایہ کاری کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک میں کام کرنے والی صنعتوں کو اعلیٰ معیار کا بنیادی ڈھانچہ، بلا رکاوٹ بجلی کی سپلائی، عوامی سہولیات اور خدمات تک رسائی حاصل ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو پیش کردہ بے مثال پرکشش مراعاتی پیکیج نئی ملازمتوں، سرمایہ کاری کے فروغ اور نئے صنعتی یونٹوں کے قیام کی بنیاد بنے گا۔ کسٹمرز کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی فراہمی اور ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ ترجیحی بنیادوں پر مسائل کا حل فیڈمک کا طرہ امتیاز ہے۔ ایم تھری موٹر وے کی تکمیل سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

    انہوں نے حکومت کی جانب سے کاروباری آسانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے دی گئی سہولیات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل معاشی استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ موجودہ حکومت اچھی حکمرانی، شفافیت اور بدعنوانی کے خاتمے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور اسے اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔

    سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ عمر رسول نے کہا کہ حکومت برآمدات کے فروغ، صنعتی ترقی، اور غیر ملکی سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور پاکستان ہر شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو برابر کے مواقع اور سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آٹوموبائلز، فوڈ پراسیسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے مسابقت پر مبنی مواقع میسر ہیں۔

    کاروباری لاگت کو کم کرنے اور کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں اور رواں سال کے آخر تک اس میں نمایاں بہتری سامنے آئے گی۔

  • فیصل آباد : گیس لیکج سے زوردار دھماکہ، مکان زمیں بوس، دو افراد زخمی

    فیصل آباد : گیس لیکج سے زوردار دھماکہ، مکان زمیں بوس، دو افراد زخمی

     فیصل آباد : گیس لیکج سے زوردار دھماکہ کے بعد مکان ملبے کا ڈھیربن گیا، حادثے میں جھلس کر خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں گیس لیکیج کے باعث دھماکہ سے پورامکان منہدم ہو گیا جس کےملبہ تلے دب کرخاتون سمیت دوافراد زخمی ہوگئے۔

    فیصل آباد کی گلستان کالونی میں گیس لیکج سےدھماکہ کے بعد مکان ملبے کا ڈھیربن گیا۔ اعوان چوک میں واقع گھر کے کچن میں لیکیج کے باعث گیس جمع ہوگئی تھی، اس دوران ملازم کے موبائل فون سننے پر اسپارکنگ کے بعد زوردار دھماکہ ہوگیا۔

    ملبے تلے دب کراور آگ سے جھلس کرخاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں نے زخمی رضیہ اور علی حسین کواسپتال منتقل کیا۔ دھماکے میں قریبی مکان، گاڑی اورموٹرسائیکل کوبھی نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق مکان مالک خاندان سمیت بیرون ملک مقیم ہے۔

  • فیصل آباد : ایک دن کی دلہن سے شوہر سمیت چار افراد کی مبینہ زیادتی، مقدمہ درج

    فیصل آباد : ایک دن کی دلہن سے شوہر سمیت چار افراد کی مبینہ زیادتی، مقدمہ درج

    فیصل آباد : ایک دن کی دلہن سے شوہر سمیت چار افراد کی مبینہ زیادتی کا مقدمہ تھانہ نشاط آباد میں درج کرلیا گیا، خاتون کی میڈیکل رپورٹ میں جسم پر تشدد کے واضح نشانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے نلکا کوہالہ میں آٹھ جون کی رات شادی کے دوسرے دن25سالہ دلہن نورین کو مبینہ طور پر اس کے شوہر شہباز اور جیٹھ عرفان سمیت چار افراد نے شراب پی کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

    تھانہ نشاط آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے نورین کا الائیڈ اسپتال سے میڈیکل کرایا۔ متاثرہ خاتون کے ہاتھ ، بازو ، پیشانی اور جسم پر تشدد کے نشانات اورخراشیں ہیں، نورین صدمے سے سخت ذہنی دباؤ اور سکتے کی کیفیت میں ہے۔

    مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار نوبیاہتا دلہن کی میڈیکل رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ پولیس کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں فی الحال اجتماعی زیادتی کی تصدیق نہیں کی گئی ہے تاہم نورین کے جسم سے تین نمونے لے کر فرانزک لیب لاہور بھجوائے گئے ہیں۔

    ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ فرانزک لیب کی رپورٹ ملنے پر ہی اجتماعی زیادتی کے بارے میں کچھ کہا جاسکے گا۔ تھانہ نشاط آباد پولیس نے نورین کے بھائی امین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے دولہا شہباز سمیت چار افراد کوحراست میں لے کر بیان ریکارڈ کرلیے ہیں۔

  • فیصل آباد میں کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد

    فیصل آباد میں کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں 7 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے والے میاں بیوی کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی نثار کالونی میں 7 سالہ گھریلو ملازمہ ماریہ پر میاں بیوی نے تشدد کیا، بچی کے بازوؤں، چہرے اور کانوں پر زخم کے نشانات موجود ہیں۔

    گھریلو ملازمہ ماریہ پولیس کو رات گئے سڑک پربھاگتی ہوئی ملی تھی، پولیس نے بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں دے دیا، بچی کے ہاتھوں کی انگلیاں بھی ٹوٹی ہوئی ہیں۔

    چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق ملزم اویس اور بیوی سونیا فرار ہوچکے ہیں۔ بچی سے زیادتی کیے جانے کا بھی شبہ ہے، فرانزک کے لیے نمونے لاہوربھجوا دیے گئے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق بچی کے میڈیکل کے بعد ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

    ماریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گھرکا مالک اورمالکن تشدد کا نشانہ بناتے تھے، ابو فوت ہوگئے ہیں، امی ایک سال پہلے کام پر چھوڑ کرگئیں اور دوبارہ ملنے نہیں آئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے مالکن کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے والی 10 سالہ گھریلو ملازمہ کو لاہورکے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایک گھر سے بازیاب کرایا تھا۔

  • فیصل آباد: ٹرک کی زد میں آکر3 نوجوان جاں بحق

    فیصل آباد: ٹرک کی زد میں آکر3 نوجوان جاں بحق

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ٹرک کی زد میں آکر موٹرسائیکل پر سوار 3 نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں جھنگ روڈ پر ٹرک کی زد میں آکر موٹرسائیکل پر سوار تین نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 3 نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک نوجوان کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    حادثے کے بعد ٹرک کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، پولیس نے ٹرک قبضے میں لے کر ڈرائیورکی تلاش شروع کردی۔

    فتح جنگ کے قریب ٹریفک حادثہ، 2 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز فتح جنگ کے قریب راولپنڈی کوہاٹ روڈ پرآئل ٹینکراور وین میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    کرک: مسافر کوچ کو حادثہ، خوفناک آتشزدگی سے 15 افراد جھلس کر جاں بحق

    واضح رہے کہ رواں سال 7 فروری کو خیبرپختونخواہ کے علاقے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر کار اور مسافر کوچ میں تصادم کے بعد بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 15 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے

  • فیصل آباد : ڈکیتی کا ڈراپ سین، شوہر نے بیوی اور اس کے دوست کو قتل کر دیا

    فیصل آباد : ڈکیتی کا ڈراپ سین، شوہر نے بیوی اور اس کے دوست کو قتل کر دیا

    فیصل آباد : پولیس نے ڈکیتی کی واردات کا اصل معمہ حل کر کے دہرے قتل کے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم ذوالفقار نے اپنی بیوی سمیت 2 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقہ جھمرہ میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کا معاملہ کچھ اور ہی نکلا، پولیس نے شک پڑنے پر گھر کے سربراہ کو حراست میں لیا تو حقیقت کھل کر سامنے آ گئی۔

    اٹھائیس سالہ عاصمہ اور اس کے دوست کو خاتون کے شوہر نے قتل کیا، ذوالفقار نے دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

    پولیس کو واقعات کی کڑیاں کسی اور جگہ ملتی دکھائی دیں تو شوہر پر شک گزرا اور حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو حقیقت آشکار ہوگئی پولیس نے مقتولین لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں۔

  • فیصل آباد : فائرنگ کرنے والے وکلاء کیخلاف پنجاب بار کونسل کی سخت کارروائی

    فیصل آباد : فائرنگ کرنے والے وکلاء کیخلاف پنجاب بار کونسل کی سخت کارروائی

    فیصل آباد : پنجاب بارکونسل نے ضلع کچہری میں گزشتہ دنوں وکلاء  گروپوں کے مسلح تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ میں ملوث وکلاء کا لائسنس معطل کرتے ہوئے انہیں پریکٹس سے بھی روک دیا، بارکونسل نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تین اپریل کو ہونے والے وکلاء کے دوگروپوں میں تصادم کا پنجاب بارکونسل نے سختی سے نوٹس لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب بارکونسل نے گزشتہ روز فائرنگ کرنے والے وکلاء کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ذمہ دار وکیل لیاقت جاوید اور اس کے3وکیل بیٹوں کا لائسنس معطل کردیا ہے۔

    اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت چاروں وکیل باپ بیٹوں کو وکالت کی پریکٹس سے بھی روک دیا گیا، سیکریٹری پنجاب بار کونسل نے لائسنس معطلی کا مراسلہ جاری کردیا۔

    پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی13اپریل کو معاملے کی مزید سماعت کرے گی، یاد رہے کہ فیصل آباد کی ضلع کچہری میں3اپریل کو ہونے والے جھگڑے پر ملزمان نے وکیل محمد حسین پر تشدد اور فائرنگ کی تھی، تھانہ کوتوالی میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • فیصل آباد، اسکول پرنسپل اور بیٹے کا معذور طالب علم پر وحشیانہ تشدد

    فیصل آباد، اسکول پرنسپل اور بیٹے کا معذور طالب علم پر وحشیانہ تشدد

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں نجی اسکول کی پرنسپل اور اس کے بیٹے نے ساتویں جماعت میں زیر تعلیم بارہ سالہ معذور بچے کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے سمندری میں نجی اسکول کی پرنسپل اور اس کے بیٹے نے ساتویں جماعت میں زیر تعلیم بارہ سالہ معذور بچے کو ڈنڈوں سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس کو کارروائی کے لیے درخواست دے دی گئی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز قمر الزمان کے مطابق ساتویں جماعت کے طالب علم 12 سالہ ساحل شہزاد کو بات کرنے میں دشواری ہوتی ہے، دو روز قبل بچے کو لطیف نگر میں قائم پرائیویٹ اسکول میں داخل کرایا گیا تھا۔

    ٹیچر ارسلان اور اس کی والدہ اسکول کی پرنسپل نیئر محمود نے ڈنڈوں سے بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

    مزید پڑھیں: نجی اسکول کے طالب علم پر ٹیچر کا تشدد

    طالب علم ساحل شہزاد کا کہنا ہے کہ مجھے تھپڑ مارا اور کہا سبق سناؤ میں سبق سنانے میں اٹکنے لگا تو پورے اسکول کے سامنے مجھے مارا اور پھر میرے والد کو فون کردیا۔

    ساحل شہزاد کے دادا رمضان محمود نے کہا کہ پڑھانے والے جو ہیں ان کو یہ تمیز ہی نہیں ہے کہ کیسے پڑھایا جاتا ہے، انہیں قانون یا ضابطے کسی چیز کا علم نہیں ہے، حکومت کو چاہئے کہ جو اساتذہ پڑھانے کے قابل نہیں ان کی رجسٹریشن ختم کی جائے۔