Tag: فیصل آباد

  • فیصل آباد میں بھی 12 سے زائد بے نامی بینک اکاؤنٹس کا انکشاف

    فیصل آباد میں بھی 12 سے زائد بے نامی بینک اکاؤنٹس کا انکشاف

    فیصل آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فیصل آباد میں بھی 12 سے زائد بے نامی بینک اکاؤنٹس کا انکشاف کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بے نامی اکاؤنٹس کے انکشافات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اب فیصل آباد میں بھی ایک درجن سے زائد بے نامی اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے۔

    [bs-quote quote=”رقم منتقلی کے بعد اکاؤنٹ بند کر کے دوسرے بینک میں اکاؤنٹ کھولا گیا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ذرائع ایف بی آر کے مطابق ان بے نامی اکاؤنٹس سے 80 کروڑ روپے سے زائد کی رقم منتقل کی گئی ہے، یہ بے نامی اکاؤنٹس معمولی محنت کشوں کے ہیں۔

    ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم نامی کھاتے دار کے اکاؤنٹ سے 13 کروڑ روپے منتقلی کے شواہد ملے، ایک اور شہری کے اکاؤنٹ سے 5 کروڑ روپے کی رقم منتقل کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق رقم منتقلی کے بعد اکاؤنٹ بند کر دیا گیا اور پھر دوسرے بینک میں اکاؤنٹ کھولا گیا۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ بے نامی اکاؤنٹس کی وسیع پیمانے پر تحقیقات جاری ہیں، گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  پشاور: 30 بے نامی اکاؤنٹس سے 10 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف


    یاد رہے کہ چار روز قبل 5 نومبر کو پشاور میں 30 بے نامی اکاؤنٹس سے 10 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا تھا، ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ یہ اکاؤنٹس 8 گھریلو ملازمین کے نام پر ہیں۔

  • وزیر ریلوے نےلاہورسے فیصل آباد تک نان اسٹاپ ٹرین کا افتتاح کردیا

    وزیر ریلوے نےلاہورسے فیصل آباد تک نان اسٹاپ ٹرین کا افتتاح کردیا

    لاہور: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بھارت کوشکست دینی ہے تو پاکستان ریلوے کو مضبوط کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے لاہورسے فیصل آباد تک نان اسٹاپ ٹرین کا افتتاح کردیا۔

    ٹرین 5 اکانومی کلاس کوچز، پارلر، پاور جنریشن اور اے سی ڈبے پرمشتمل ہے، ٹرین لاہور سے صبح 8 بجے جبکہ فیصل آباد سے دن ڈھائی بجے چلا کرے گی۔

    وفاقی وزیرریلوے نے ٹرین کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے افسران اورعملے کومبارکباد دیتا ہوں، 100 دنوں کے ٹارگٹ میں 10 ٹرینیں چلائیں گے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ 5 کروڑمسافروں کو7کروڑتک لے جانے کا مشن ہے جبکہ فریٹ ویگنز کو 12 سے 15 تک لے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عنقریب وزیراعظم عمران خان کوریلوے پرتفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

    وزیرریلوے نے کہا کہ کسی افسراوروزیرکے آنے جانے سے ریلوے کوفرق نہیں پڑتا، قوم وقت دے، لوگوں کے معیارپرپورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت کوشکست دینی ہے تو پاکستان ریلوے کومضبوط کرنا ہوگا، ٹرینوں کے لیے دھند سے نمٹنے کے آلات بھی منگوائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک کی مضبوطی کے لیے ٹرینوں کو گوادراورکاشغرتک لے جانا ہے۔

    وعدہ کرتا ہوں بھیس بدل کربھی ریل گاڑیوں کوچیک کروں گا‘ شیخ رشید

    یاد رہے کہ 13 ستمبر کو وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے کوایک سال کے اندرخسارے سے نکالیں گے اور ایک مرتبہ پھر ریلوے کواپنے پاؤں پرکھڑا کر کے دکھائیں گے۔

  • چکوال سے ہاتھی کی معدوم نسل کی ایک کروڑ سالہ قدیم باقیات دریافت

    چکوال سے ہاتھی کی معدوم نسل کی ایک کروڑ سالہ قدیم باقیات دریافت

    فیصل آباد : ماہرین آثار قدیمہ کو چکوال کے علاقے میں کھدائی کے دوران ہاتھی کی ایک معدوم نسل کا دانت ملا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاتھی کی یہ نسل ایک کروڑ سال قبل افریقہ،ایشیا اور یورپ میں پائی جاتی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی جی سی یونیورسٹی نے چکوال سے ہاتھی کی معدوم نسل کی ایک کروڑ سال قدیم باقیات دریافت کرلی۔

    شعبہ زولوجی کو ڈھوک بن امیرخاتون کے مقام پر کھدائی کے دوران گومفوتھیرم کے دانت ملے، ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق ہاتھی کی یہ نسل ایک کروڑ سال قبل افریقہ،ایشیا اور یورپ میں پائی جاتی تھی۔

    واضح رہے کہ ہاتھی جنگلی حیات میں جسیم اور طاقتور ترین ممالیہ جانور ہے، دنیا بھر میں ہاتھیوں کی عام طور پر تین اقسام پائی جاتی ہیں افریقی بش ہاتھی، افریقی جنگلی ہاتھی اور ایشیائی ہاتھی، جسے انڈین ہاتھی بھی کہا جاتا ہے جبکہ  ہاتھی کی بقیہ اقسام برفیلے زمانے میں تقریباً دس ہزار سال پہلے معدوم ہو چکی ہیں۔

    مزید پڑھیں: جہلم ، 33لاکھ سال پرانا ہاتھی کے دانت کا ٹکڑا دریافت

    ماہرین کے مطابق ایک ہاتھی کے عمومی حمل کی میعاد 22 مہینے ہوتی ہے جو کسی بھی زمینی جانور کے مقابلے میں طویل ترین میعادِ حمل ہے۔ پیدائش کے وقت ایک ہاتھی کے بچے کا عمومی وزن120کلوگرام تک ہوتا ہے۔ ایک ہاتھی کی طبعی زندگی عموماً70سال تک ہوتی ہے جبکہ کچھ ہاتھی اس سے زیادہ عرصے تک بھی زندہ رہتے ہیں۔

  • فیصل آباد: 13 سال کی لڑکی اغوا، مبینہ اجتماعی زیادتی

    فیصل آباد: 13 سال کی لڑکی اغوا، مبینہ اجتماعی زیادتی

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد کے نواحی علاقے سے 13 سالہ لڑکی اغوا کرکے اس کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے نواحی علاقے سے تیرہ سالہ لڑکی کو اغوا کیے جانے کے بعد اس کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی گئی، تھانہ ماموں کانجن میں متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ غلام عباس کی بیٹی اپنے معذور نانا نانی کے پاس مقیم تھی، لڑکی کو پڑوسن نے نشہ آور چیز کھلا کر بے ہوش کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق پڑوسن کا بھائی عامر بے ہوش لڑکی کو اغوا کر کے ساہیوال لے گیا، جہاں ملزمان عامر، عابد، راشد اور ممتاز نے لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔


    یہ بھی پڑھیں:  فیصل آباد: سات سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا ملزم لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار


    پولیس نے بتایا کہ تیرہ سالہ مغویہ کو پنچایت کے ذریعے ملزمان کے قبضے سے چھڑایا گیا، لڑکی کے والد کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل بھی فیصل آباد میں وحشی درندوں نے مبینہ زیادتی کے بعد سات سال کی بچی فضا کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، اس کے قاتل عبد الرزاق کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔

  • پاکستانی نوجوان محمد روحیل ورلڈ سمٹ ایوارڈز کے ہال آف فیم میں شامل

    پاکستانی نوجوان محمد روحیل ورلڈ سمٹ ایوارڈز کے ہال آف فیم میں شامل

    لاہور : پاکستانی نوجوان محمد روحیل سمٹ ایوارڈز کے ہال آف فیم میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی بن گئے، یہ اعزاز انھیں شمسی توانائی سے تعلیم کے پروجیکٹ اور نوجوانوں کو آگاہی کے لئے ڈیجیٹل مہم جوئی پر دیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تئیس سالہ پاکستانی نوجوان محمد روحیل نے بڑا کارنامہ کردکھایا اور دنیا کے بااثر اور نامور ایوارڈز یعنی ورلڈ سمٹ ایوارڈ کے ہال آف فیم میں اپنا نام شامل کروا کر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

    محمد روحیل ورنڈ فیصل آباد میں دن بھر مزدوری کرنے والے بچوں کو رات کے وقت شمسی توانائی سے تعلیم دیتے ہیں جبکہ انھوں نے لاہور میں بھی سولر اسکول بیگز مزدور بچوں میں تقسیم کئے، جسے پوری دنیا میں مانیٹر کیا جاتا ہے۔

    پاکستانی نوجوان محمد روحیل ورنڈ کو عالمی سطح پر یہ اعزاز شمسی توانائی سے تعلیم کے پروجیکٹ اور نوجوانوں کو آگاہی کے لئے ڈیجیٹل مہم جوئی پر دیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے ورلڈ سمٹ ایوارڈز کا شمار با اثر اور نامور ایوارڈز میں کیا جاتا ہے، یہ ایوارڈز 15 سال سے منعقد کیا جارہا ہے۔

    https://youtu.be/bPwCgxw16Wk

  • فیصل آباد : شہری نے گولی لگنے کے باوجود ڈاکو کو بھاگنے پر مجبور کردیا

    فیصل آباد : شہری نے گولی لگنے کے باوجود ڈاکو کو بھاگنے پر مجبور کردیا

    فیصل آباد : شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش پر مزاحمت کرکے ڈاکو کو گرالیا، گولی لگنے کے باوجود ہار نہ مانی ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ریلوےاسٹیشن کے قریب ڈاکو نے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو گولی مار کر زخمی کردیا، زخمی ہونے کے باوجود نوجوان نے ہمت نہ ہاری۔

    شہری نے مسلح ڈاکو کو ناکوں چنے چبوادیے اور ڈاکو کو بھاگنے پر مجبور کردیا، پولیس چوکی کے سامنے واردات کے باوجود کوئی اہلکار بچانے نہ آیا۔ واقعہ چار ستمبر کو پیش آیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد شیراز نے مزاحمت کی جس پر ڈاکو نے گولی چلادی جو شیراز کے بازو کو چھوتی ہوئی پاؤں میں جا لگی۔ شیراز نے ہمت نہ ہاری اس دوران موٹرسائیکل گرگئی، ڈاکو نے موٹرسائیکل اٹھانے کی کوشش کی تاہم شیراز نے ڈاکو کو زمین پر گرالیا۔

    آس پاس کھڑے لوگ اسے تماش بینوں کی طرح دیکھتے رہے لیکن بیچ میں کوئی نہ آیا، شیراز کی بہادری نے ڈاکو کو خالی ہاتھ بھاگنے پر مجبورکردیا، واردات پولیس چوکی کے عین سامنے پیش آئی لیکن کوئی اہلکار جائے واردات پر نہ پہنچا ۔

    اس کے علاوہ قریب ہی سی آئی اے اور پولیس کا آفس بھی ہے، ایف آئی آر میں بھی ڈکیتی کے بجائے صرف فائرنگ کا ذکر کیا گیا ہے۔

  • فیصل آباد : چوتھی شادی کرنے کیلئے بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

    فیصل آباد : چوتھی شادی کرنے کیلئے بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

    فیصل آباد :  شوہر نے چوتھی شادی کیلئے تیسری بیوی اورسوتیلی بیٹی کو قتل کردیا، فیصل آباد پولیس نے ملزم کو گرفتار  کرکے سات سالہ بچی کی لاش برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کےعلاقہ بلو آنہ میں چوتھی شادی کیلئے تیسری بیوی اورسوتیلی بیٹی کا قاتل گھر کاسربراہ نکلا۔

    فیصل آباد کے تھانہ چک جھمرہ کے علاقے بلو آنہ کے رہائشی زمیندار منظور نے پہلی دو بیویوں کو طلاق دینے کے بعد تیسری شادی کر لی تھی، کچھ عرصے بعد منظور نے تیسری بیوی اوراس کی سات سال کی بیٹی کو قتل کردیا۔

    پولیس نے ملزم منظور کو شک کی بنا پرحراست میں لے لیا۔ دوران تفتیش ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بچی کی لاش کی نشاندہی کی جس پر پولیس نے گھرمیں دبائی گئی سات سالہ بچی کی لاش برآمد کرلی، ملزم نے چوتھی شادی کے لئے بیوی کو قتل کرکےخودکشی کا ڈرامہ رچایا تھا ۔

  • فیصل آباد مبینہ پولیس مقابلہ : دونوں دوستوں کی موت ایک ہی گولی سے ہوئی

    فیصل آباد مبینہ پولیس مقابلہ : دونوں دوستوں کی موت ایک ہی گولی سے ہوئی

    فیصل آباد : مبینہ پولیس مقابلے میں دو دوستوں کی موت ایک ہی گولی سے ہوئی، گولی ارسلان کے جسم کو چیرتی ہوئی عثمان کو جا لگی، پولیس کے مطابق مقابلے کو ابھی جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

    والدہ کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا فوجی بن کرشہید ہونا چاہتا تھا، ظالموں نے مار دیا، پولیس پانچوں نامزد پیٹی بھائی تاحال گرفتارنہ کرسکی۔
    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل فیصل آباد پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دو دوستوں ارسلان اور عثمان کو ایک ہی گولی نے موت کے منہ میں دھکیل دیا۔

    ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ارسلان اور عثمان کو بہت قریب سے گولی ماری گئی، ایک ہی گولی دونوں کی موت کی وجہ بنی۔ گولی موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے ارسلان کاجسم چیرتی عثمان کو لگی ارسلان موقع پر دم توڑ گیا، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان کی موت زیادہ خون بہنے سے ہوئی،بروقت طبی امداد مل جاتی تو جان بچ سکتی تھی۔

    فیصل آباد میں جعلی مقابلے میں جاں بحق ارسلان کے والدین غم سے نڈھال ہیں، والد لیاقت کا کہنا ہے کہ ہم انصاف چاہتے ہیں۔ مبینہ مقابلے میں پولیس کی گولی کا شکار بننے والے ارسلان کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرا فوجی بننا چاہتا تھا، بیٹے کو بے گناہ مارا گیا قاتلوں کو سخت سزا دی جائے۔

    پولیس مقابلے کو ابھی جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا،  آر پی او

    دوسری جانب آر پی او غلام محمودڈوگر نے کہا ہے کہ پولیس مقابلے کو ابھی جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا، اطلاعات ہیں کہ دونوں نوجوانوں نے تین فائرکیے، آرپی او کے مطابق انکوائری رپورٹ آنے پر ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقدمے میں نامزد پولیس اہلکار معطل ہیں، ملوث پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا، انکوائری رپورٹ کے مطابق متاثرین کو انصاف فراہم کریں گے۔

    مزید پڑھیں : فیصل آباد ، پولیس کی فائرنگ سے 2 طالب علم جاں بحق، ورثاء کا احتجاج

    یاد رہے کہ فیصل آباد میں گزشتہ روز پولیس کی فائرنگ سے دو طالب علم جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس ٹیم نے میٹرک کے طالب علموں کو ڈاکو قرار دیا جس کے خلاف ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے اکبر آباد چوک بلاک کردیا تھا۔ احتجاجی مظاہرین کی جانب سے تھانے پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔

    دوسری جانب پولیس کی مدعیت میں مقتولین کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار مشکوک ملزمان نے روکنے پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔

  • بہت جلد اڈیالہ جیل کا نام جاتی امرا ٹورکھ دیا جائےگا ‘ فرخ حبیب

    بہت جلد اڈیالہ جیل کا نام جاتی امرا ٹورکھ دیا جائےگا ‘ فرخ حبیب

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن میں لاہور ہائی کورٹ کا حکم نامہ جمع کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل علی بابا چالیس چوروں کا احتجاج ہوا۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں چلا کہ کون کس کے خلاف احتجاج کررہا تھا، پرویزاشرف اوران سے ہارنے والے ساتھ احتجاج کررہے تھے۔

    پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ بہت جلد اڈیالہ جیل کا نام جاتی امرا ٹو رکھ دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کوعمران خان کی کارکردگی کے خوف نے جمع کیا ہے، مشورہ ہے احتجاج کرنے والے پارلیمنٹ میں آکربات کریں۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں لاہور ہائی کورٹ کا حکم نامہ جمع کرادیا ہے، امید ہے الیکشن کمیشن آج کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے ن لیگی رہنما عابد شیرعلی کی جانب سے این اے 108 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے لیے درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی اجازت دی تھی۔

    عابد شیرعلی ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر ناکام، فرخ حبیب کی جیت برقرار

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیرعلی این اے 108 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر بھی ناکام ہوگئے تھے، پی ٹی آئی کے فرخ حبیب کی جیت برقرار رہی تھی۔

  • فیصل آباد :قومی اورصوبائی اسمبلی نشست پرآزادامیدوار نے خودکشی کرلی

    فیصل آباد :قومی اورصوبائی اسمبلی نشست پرآزادامیدوار نے خودکشی کرلی

    فیصل آباد : قومی اورصوبائی اسمبلی کی نشست پر آزاد امیدوار مرزا محمد احمد نے مبینہ طورپر خودکشی کرلی، جس کے بعد ین اے 103 اور پی پی 103 پر انتخابات ملتوی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں قومی اورصوبائی اسمبلی نشست پرآزاد امیدوار محمد احمد مغل نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی، مرزا احمد بیٹوں کے بیٹوں نے باپ کی حمایت سے انکار کیا تھا، جس پر وہ دلبرداشتہ تھے۔

    تاندلیانوالہ کے رہائشی مرزا احمد این اے 103 اور پی پی103 پر آزاد الیکشن لڑ رہے تھے۔

    امیدوار کی مبینہ خود کشی کے بعد این اے ایک سو تین اور پی پی ایک سو تین پرانتخابات ملتوی ہوگئے، عام انتخابات کے بعد حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے ، جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور اس روز عام تعطیل کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔