Tag: فیصل آباد

  • فیصل آباد : زمین کا تنازعہ، فائرنگ سے چار بھائی اور بہن زخمی

    فیصل آباد : زمین کا تنازعہ، فائرنگ سے چار بھائی اور بہن زخمی

    فیصل آباد : سٹھیالہ گاؤں میں زمین کے تنازعہ پر فائرنگ سے چار بھائی اور ان کی بہن زخمی ہوگئی۔ فائرنگ کرنے والا گاؤں کا نمبردار فرار ہو گیا۔ پانچوں زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ نشاط آباد کے گاؤں سٹھیالہ میں زمین کے تنازعہ پر نمبردار شہباز احمد نے ہمسائے میں مقیم اپنے رشتے داروں پر فائرنگ کر دی ۔

    کارتوس کے چھرے لگنے سے چار بھائی ابوبکر صدیق ، عمر فاروق ، علی اسامہ ، یوسف اور ان کی بہن مریم زخمی ہو گئے ۔ ملزم شہباز فائرنگ کرتا ہوا جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔

    زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق سولہ سالہ علی اسامہ کی حالت تشویش ناک ہے ۔

    تھانہ نشاط آباد پولیس ملزم شہباز کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔

     

  • غیرت کے نام پر قتل گناہ کبیرہ قرار،چالیس علما کا اجتماعی فتویٰ جاری

    غیرت کے نام پر قتل گناہ کبیرہ قرار،چالیس علما کا اجتماعی فتویٰ جاری

    فیصل آباد : غیرت کے نام پر قتل کو غیر اسلامی فعل اور گناہ کبیرہ قرار دے دیا گیا، غیرت کے نام پر خواتین کے قتل پر سنی اتحاد کونسل نے شرعی اعلامیہ جاری کردیا۔

    اسلام بالغ عورتوں کو پسند کی شادی کا حق دیتا ہے۔ چالیس مفتیوں کا اجتماعی فتویٰ میں حکومت سے ایسے واقعات روکنے کے لئے سخت قوانین بنانے اور ملزمان کو پھانسی کے پھندے پر لٹکانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے چالیس مفتیان کرام نے اپنے اجتماعی فتویٰ میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کو غیر اسلامی فعل اور بدترین گناہ قرار دے دیا ہے۔

    فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کو جائز سمجھنا کفر ہے ۔ خواتین کو پسند کی شادی کرنے پر زندہ جلانا اسلامی احکامات کے منافی ہے۔

    عورتوں کو زندہ جلانا کفر ہے ۔ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ اسلام نے بالغ عورتوں کو پسند کی شادی کرنے کا حق دیا ہے ۔ معاشرے میں مروج عزت اور غیرت کے خود ساختہ معیارات جہالت ، گمراہی اور کفر پر مبنی ہیں ۔

    اسلام حکمرانوں پر عورتوں کے حقوق کا تحفظ فرض قرار دیتا ہے اس لئے حکومت عورتوں کے قتل کے واقعات کو روکنے کے لئے موثر قانون سازی کرے ۔

    خواتین کو قتل کرنے اور زندہ جلانے کے قبیح فعل کو ناقابل معافی، ناقابل مصالحت اور نا قابل ضمانت جرم قرار دیا جائے اور ملزمان کو پھانسی دی جائے ۔

    اجتماعی فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ ایبٹ آباد ، مری اور لاہور میں خواتین کو زندہ جلانے کے واقعات نے معاشرے کو لرزہ دیا ہے ۔

    سنی اتحاد کونسل کے جن مفتیوں نے شرعی اعلامیہ جاری کیا ہے ان میں مفتی حسیب قادری ، ڈاکٹر مفتی کریم خان ، علامہ نعیم جاوید نوری ، مفتی اکبر رضوی ، مفتی رمضان جامی ، علامہ حامد سرفراز ، مفتی محمد بخش رضوی ، مولانا اکبر نقشبندی ، مفتی محمد حسین صدیقی بھی شامل ہیں۔

     

  • دھوپ لگنے سے عمران خان کا دماغی توازن مزید خراب ہو چکا ہے، عابد شیرعلی

    دھوپ لگنے سے عمران خان کا دماغی توازن مزید خراب ہو چکا ہے، عابد شیرعلی

    فیصل آباد : وزیر مملکت عابد شیرعلی کا کہنا ہے ٹریکٹر ٹرالی بے حد مفید چیز ہے، کسان باربرداری کے ساتھ ساتھ سفر کے لئے بھی استعمال کرتے ہیں، دھوپ لگنے سے عمران خان کا دماغی توازن مزید خراب ہو چکا ہے۔

    فیصل آباد کے تھانہ کوتوالی میں قائم فرنٹ ڈیسک کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیرعلی کا کہنا تھا میں صرف مفید چیزوں کی بات کرتا ہوں اور صرف کسان ہی جانتا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی کتنی مفید چیز ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان انتشار کی سیاست کرتے ہیں ۔

    انہوں نے پہلے بھی کنٹینر اپنا شوق پورا کیا تھا لیکن اب عوام نے دھرنے کی کال مسترد کردی ہے،خیبر پختونخوا میں چوہوں کے بعد خواجہ سراؤں کی بھی شامت آگئی ہے ۔

    عابد شیرعلی کا کہنا تھا کے پی کے میں چوہے مارنے کا بل لایا جا رہا ہے جو اللہ کا عذاب ہے، وزیر مملکت نے کہا کہ ٹی او آرز کے ذریعے الزامات کی سیاست ختم ہونی چاہئے ۔

  • فیصل آباد: پولیس اہلکاروں کےمبینہ تشددسےنوجوان جاں بحق

    فیصل آباد: پولیس اہلکاروں کےمبینہ تشددسےنوجوان جاں بحق

    فیصل آباد:گلبرگ میں پولیس اہلکاروں کےمبینہ تشدد سے چائےفروش جاں بحق ہوگیا،مقتول کے لواحقین کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے خلاف احتجاج کیاگیا.

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کےعلاقےاقبال پورہ کےرہائشی پچیس سالہ چائےفروش محمد فیاض کو ہفتےکی شام گلبرگ روڈپرتھانہ گلبرگ کےاہلکارانوراوراس کےساتھی نےروک کرمبینہ طورپر تشددکانشانہ بنایا.

    دوبچوں کےباپ فیاض کی حالت غیر ہونےپرپولیس اہلکاروں نے ریسکیوعملے کے ذریعے زخمی فیاض کو اسپتال بھجوادیا،
    جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ گیا.

    مقتول فیاض کےلواحقین نےقتل کےواقعےکےخلاف احتجاج کرتےہوئےوزیراعلی پنجاب سے پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کامطالبہ کیامقتول فیاض کی لاش پوسٹ مارٹم کےلئےالائیڈ اسپتال منتقل کردی گئی.

  • فیصل آباد : دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے نوافراد جھلس کر زخمی

    فیصل آباد : دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے نوافراد جھلس کر زخمی

    فیصل آباد : ستیانہ روڈ پر فریج مرمت کی دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سےنو افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، زخمیوں کو الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دو کی حالت تشویش ناک ہے.

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ستیانہ روڈ پر واقع کالونی میں فریج مکینک کی دکان میں گیس بھرنے کے دوران اچانک سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی.

    آتش زدگی کے باعث دکان دار سمیت نو افراد جھلس کر زخمی ہو گئے،ریسکیو عملے نے فوری کارروائی کر کے آگ پر قابو پا لیا جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دے کر الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا.

    اسپتال میں زیرعلاج زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے جن کے جسم کا ساٹھ فیصد حصہ متاثر ہوا ہے.

  • فیصل آباد:سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا

    فیصل آباد:سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا

    فیصل آباد: سی ٹی ڈی نے فیصل آباد میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا،کمال پور انٹر چینج کے قریب کارروائی کر کے مبینہ دہشت گرد کوگرفتار کر لیاگیا.

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں کمال پور انٹرچینج کے قریب سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد عبدالرزاق کو گرفتار کر لیا.

    ذرائع کے مطابق مبینہ دہشت گرد فیصل آباد میں حساس مقامات کو نشانہ بنانے کےلیے بارودی مواد سپلائی کرنے جا رہا تھا،سی ٹی ڈی نے دہشت گردکوگرفتار کر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا.

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں مظفرگڑھ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کےچھ دہشت گرد مارے گئےتھے.

    ہلاک ہونے والے دہشت گرد منیب رزاق عرف عبدالرحمان اور ذیشان عرف ابو دوجانہ سرگودھا میں بریگیڈئیر فضل قادری کو نشانہ بنانے میں ملوث تھے،جبکہ طیب عرف عبدالمتین پریڈ لائن راولپنڈی میں حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا.

  • منصوبوں میں ٹوٹ پھوٹ سے حکومت کا غلط تاثر قائم ہورہا ہے، رانا ثناء اللہ

    منصوبوں میں ٹوٹ پھوٹ سے حکومت کا غلط تاثر قائم ہورہا ہے، رانا ثناء اللہ

    فیصل آباد : وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کی طرف سے کسی بھی منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد اس میں ٹوٹ پھوٹ سامنے آنے سے حکومت پر برا تاثر پڑ رہا ہے۔

    فیصل آباد میں جھال خانوآنہ فلائی اوور کا غیر رسمی افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف عید کے بعد اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی منصوبے  ٹوٹ پھوٹ کے باعث برا تاثر پڑنے سے بچانے کے لیے غیر رسمی افتتاح کیا گیا ہے۔ الطاف حسین کے سیاسی کردار کے خاتمے کے سوال پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی لیڈر یا جماعت کا کردار زبردستی ختم نہیں کیا جا سکتا ۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کے رچائے ہوئے پاجامہ لیکس کے ڈرامے کا کوئی قانونی پہلو نہیں ہے، عمران خان کی آف شور کمپنی کے بعد اب اس کا اخلاقی اور سیاسی وجود بھی ختم ہو گیا ہے۔

    خواتین پر تشدد بل کے حوالے سے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ’’کیا مولانا شیرانی خود دیکھیں گے کہ کسی خاتون پر ہلکا یا بھاری تشدد ہوا ہے‘‘؟انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برسوں پرانے مسئلے کو حکومت نے حل کرلیا ہے، اس بار پورے ملک میں ایک ساتھ رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔

     

  • لاہور کے بعد ملتان،فیصل آباد اور پشاور میں بھی نرسیں سراپا احتجاج

    لاہور کے بعد ملتان،فیصل آباد اور پشاور میں بھی نرسیں سراپا احتجاج

    لاہور: لاہور کے ساتھ اب ملتان،فیصل آباد اور پشاور کی نرسیں بھی اپنے مطالبات کے حق شہر کی اہم شاہراہوں پراحتجاج کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک ملک گیر تحریک بنتی جا رہی ہے، لاہور کے بعد اب ملتان،فیصل آباد اور خیبر پختونخواہ میں پشاور کی نرسیں بھی اپنے مطالبات کے حق میں شہر کی اہم شہروں پر احتجاج کر رہی ہیں۔

    ملتان اور فیصل آباد کی نرسوں نے احتجاج کے دوران واضع کیا کہ اگر ان کے مطابات نہ مانے گئے تو وہ لاہور نرسنگ ایسوسی ایشن کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کریں گی،یاد رہے اس سے قبل نشتر ہسپتال کی نرسیں بھی ملتان میں احتجاج کرتی رہی ہیں۔

    nurse1

    دوسری جانب پشاور میں بھی آج نرسیں اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے دن بھر احتجاج کرتی رہیں،نرسوں نے شہر کی اہم شاہراہ پر جلوس نکالا،اور خیبر پختواہ اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا،شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

    لاہور کی طرح ملتان اور فیصل آباد کی نرسوں نےمطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کااعلان کیا ہے،انہوں کہا کہ اس سے قبل بھی کئی بار انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے وعدے کیے گئے تاہم انہیں پورا نہیں کیا گیا،اس بار اپنا حق لیے بغیر احتجاج ختم نہیں کریں گے۔

    nurses

    جب کہ پنجاب میں کل بارش اور آندھی چلنے کے باوجود لاہور کی نرسوں نے اپنا احتجاج چوتھے روز جاری رکھا، لاہور کی نرسیں ساری رات بارش کے دوران بھی مال روڈ پر لگائے گئے اپنے احتجاجی کیمپ میں موجود رہیں،انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گی۔

    nurse

    لاہور،فیصل آباد،ملتان اور پشاور کی نرسوں نے مشترکہ جدوجہد کا عندیہ دیتے ہوئے حکومت سے مطابہ کیا ہے کہ ان کے سروس اسٹریکچر پر نظرِ ثانی کر کے تنخواہوں میں ’’ہیلتھ الاؤنس‘‘ کا اضافہ کیا جائے۔

    nurses

    چاروں شہروں میں احتجاج کرنے والی نرسوں نے پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے،جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے،شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی جاری رکھتے ہوئے،مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

  • فیصل آباد میں دوگروپوں میں فائرنگ بچہ جاں بحق

    فیصل آباد میں دوگروپوں میں فائرنگ بچہ جاں بحق

    فیصل آباد: سمندری روڈ پر معمولی تنازعے پردوگروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں بچہ جاں بحق ہوگیا،پولیس نے فائرنگ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں سمندری روڈ کے علاقے ظلحیٰ ٹاؤن میں جھگڑے پر دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے دوران وہاں سے گزرنے والا دس سالہ حمزہ گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا.

    علاقہ مکینوں کے جمع ہونے پر ملزمان گھر میں چھپ گئے،تھانہ ڈی ٹائپ کالونی پولیس نے مکان کا محاصرہ کرکے تین ملزمان کو حراست میں لے لیا.

    دس سالہ مقتول بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کےلیےاسپتال منتقل کردی.

  • کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ عمران خان کا خطاب

    کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ عمران خان کا خطاب

    فیصل آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چھوٹے چوروں کو پکڑا جاتا ہے اوراعلی افسران کو کچھ نہیں کہا جاتا۔ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ پاکستان میں اقلیتوں اوراکثریت کے لیے ایک ہی قانون ہونا چاہیے تاکہ سب کو یکساں انصاف فراہم کیا جائے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے فیصل آباد میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبال کے عظیم خواب کی تعبیر ہے، یہ دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 47 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ہونے کے باوجود عوام کی اتنی بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے والی ہے۔

    اس موقع پر انہوں نے فیصل آباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ نے مجھے اتنی عزت دی اس کا تہہ دل سے مشکور ہوں‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین کی بڑی تعداد نے جلسے میں شرکت کی ہے، خواتین سے گزشتہ جلسوں میں ہونے والی بے ہودہ حرکات پر معذرت کرتے ہوئے عمران خان نے وعدہ کیا کہ آئندہ آپ سے کوئی بدتمیزی نہیں کرے گا، ہم نے اس کام کے لیے خاص طور پر ٹائیگر فورس بنائی ہے، جو خواتین کو جلسوں میں تحفظ فراہم کرے گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں اور اکثریت کے لیے ایک ہی قانون ہونا چاہیے تاکہ سب کو یکساں انصاف فراہم کیا جائے۔

    ایک وقت تھا کہ فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر تھا، یہاں سے اشیا دنیا بھر میں ایکسپورٹ کی جاتی تھیں، مگر اب سردیوں میں گیس اور گرمیوں میں بجلی نہیں ہوتی۔ جس کی وجہ سے انڈسٹریاں بند ہورہی ہیں اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، جس کی وجہ سے فیصل آباد میں جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ جب تک صاحبِ اقتدار کی کرپشن ختم نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان میں لوگ اقتدار میں پیسہ بنانے آتے ہیں۔

    کرپشن کی روک تھام ہوگی تو ملک کا مستقبل تابناک ہوگا، عوام کے پیسے بیرون ملک اکاؤنٹس میں منتقل کروائے گئے ہیں، تحریک انصاف پاکستانی عوام کا لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس ضرور لائے گی۔

    پاکستانی عوام جلد ایسا پاکستان دیکھیں گے جہاں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا، امیر غریب کے لیے ایک ہی قانون ہوگا اور کرپشن کرنے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔

    پانامہ پیپرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’وزیر اعظم کے خاندان نے آف شور کمپنیز بنائی ہوئی ہیں، مگر وزیر اعظم اسمبلی میں آکر جھوٹ بولا ہے‘‘۔  کسی بھی ملک کا وزیراعظم جب جھوٹ بولنا شروع کرتا ہے تو عوام اُس پر اعتبار کرنا چھوڑ دیتی ہے۔

    پاکستانی قوم وزیر اعظم نواز شریف سے پوچھنا چاہتی ہے کہ ان کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا، اگر یہ پیسہ قانونی طریقے سے بنایا گیا ہے تو اس کا جواب دیا جائے، مگر اس حوالے سے وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کے بیانات میں تضاد نظر آتا ہے،شریف خاندان کا ہر شخص دوسرے فرد کی بات کی نفی کرتا نظر آرہا ہے۔

    اس موقع پر اسٹیج پر آویزاں اسکرین پر ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی، انہوں نے وزیر اعظم پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اگر نواز شریف کو برطانیہ کا وزیر اعظم بنا دیا جائے تو اُس ملک کی حالت بھی چند سالوں میں بدترین ہوجائے گی‘‘۔

    عمران خان نے وزیر اعظم پاکستان کو مخاطب کرکے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے مگر اس عمل کی ابتدا وزیر اعظم سے شروع ہونی چاہیے، تحریک انصاف سب کا احتساب چاہتی ہے اگر اپوزیشن نے ساتھ نہ دیا تو ہم  احتساب کے لیے جلد سڑکوں پر آنے کا اعلان کریں گے۔

    ملک میں ٹیکسس بڑھائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، اگر اس طرح کی کمپنیوں کے انکشافات ہوتے رہے تو عوام ٹیکس کی ادائیگی بند کردیں گے۔

    جلسے کے آخر میں چیئرمین تحریک انصاف نے 23 مئی کو لاہور میں ہونے والے کسانوں کے مظاہرے میں شرکت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف آپ کے حقوق کی جدوجہد میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی


    Make Nawaz UK premier and the Great Britain… by arynews