Tag: فیصل آباد

  • ’طالبعلم کا بہیمانہ قتل، مکینوں نے سوشل میڈیا پر’عبدالقدیر کو انصاف دو‘ ٹرینڈ بنادیا

    ’طالبعلم کا بہیمانہ قتل، مکینوں نے سوشل میڈیا پر’عبدالقدیر کو انصاف دو‘ ٹرینڈ بنادیا

    فیصل آباد میں ساتویں جماعت کے طالبعلم کے بہیمانہ قتل کیخلاف علاقہ مکینوں نے سوشل میڈیا پر ’عبدالقدیر کو انصاف دو ٹرینڈ بنادیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ماجھی وال کے رہائشی محنت کش محمد حفیظ کے 14 سالہ بیٹے عبدالقدیر کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، مقتول ابلے انڈے فروخت کر کے اپنے باپ کا ہاتھ بٹاتا اور تعلیمی اخراجات پورے کرتا تھا، وہ اتوار کی شام گھر سے گیا اور واپس نہ آیا بعدازاں لاش خالی پلاٹ سے برآمد ہوئی۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ پلاٹ کے قریب مشکوک گھر کے مکین دو بھائی صبح سے روپوش ہیں، گھر سے فرش اور دیوار دھو کر صاف کرنے کے شواہد ملے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ساتویں جماعت کا طالب علم اور 7 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا جبکہ اسے تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کا جوتا اور انڈوں کی بالٹی مشکوک گھر کے سامنے زیر تعمیر مکان سے ملی، فرانزک سائنسی ایجنسی اور کرائم سین یونٹ عملہ دوبارہ بلایا ہے، دونوں شعبوں کے اہلکار زمیر تعمیر مکان سے شواہد اکٹھے کررہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

    نوجوان طالب علم کے قتل کا مقدمہ درج تھانہ ڈجچکوٹ میں درج کرلیا گیا ہے جس میں قتل اور زیادتی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    مقدمے کے متن کے مطابق عبدالقدیر کا گلا کٹا ہوا تھا، چہرے پر زخموں کے نشان بھی موجود تھے۔

    علاوہ ازیں علاقہ مکینوں نے نوجوان کے بہیمانہ قتل پر سوشل میڈیا پر ’عبدالقدیر کو انصاف دو‘ ٹرینڈ بنالیا ہے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز اور آئی جی پنجاب سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • 14 سالہ انڈا فروش مبینہ زیادتی کے بعد قتل

    14 سالہ انڈا فروش مبینہ زیادتی کے بعد قتل

    فیصل آباد میں 14 سالہ انڈا فروش کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا اور لاش خالی پلاٹ سے پلاسٹک شیٹ میں لپیٹی ہوئی ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماجھی وال کے رہائشی محنت کش محمد حفیظ کا 14 سالہ بیٹا عبدالقدیر ابلے انڈے فروخت کر کے اپنے باپ کا ہاتھ بٹاتا تھا، وہ اتوار کی شام گھر سے انڈے بیچنے گیا اور لاپتا ہو گیا۔

    مقتول کے والد حفیظ نے تھانہ ڈجکوٹ پولیس کو بچے کی گمشدگی کی اطلاع کی لیکن پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو تلاش نہ کیا۔

    رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح گاؤں کے قریب خالی پلاٹ سے عبدالقدیر کی لاش مل گئی، نامعلوم ملزم نے کسی اور جگہ پر مبینہ طور پر زیادتی کے بعد تیزدھار آلے سے بچے کا گلا کاٹ کر لاش پلاسٹک میں ڈال کر پلاٹ میں پھینکی۔

    فرانزک سائنس ایجنسی کے عملے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے جبکہ مقتول عبدالقدیر کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے رورل ہیلتھ سنٹر ڈجکوٹ منتقل کر دی گئی۔

  • فیصل آباد : گھریلو ملازم نے مالک کی کمسن بیٹی اغوا کرلی

    فیصل آباد : گھریلو ملازم نے مالک کی کمسن بیٹی اغوا کرلی

    فیصل آباد میں گھریلو ملازم نے مالک کی آٹھ سالہ بیٹی اغواء کرلی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مغویہ اور ملزم کی تلاش شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے پہاڑنگ میں بچی کے اغواء کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک گھریلو ملازم اپنے مالک کی 8 سالہ بچی زریشہ کو بہلا پھسلا کر لے گیا۔

    پولیس کے مطابق کوٹلی کا رہائشی ملزم ہدایت اللہ اپنے مالک مقصود کی موٹرسائیکل بھی لے کر فرار ہوا ہے، ملزم پہاڑنگ میں گلی میں کھیلتی بچی کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر لے گیا۔

    واردات کے بعد چک جھمرہ پولیس نے مغویہ بچی کے باپ مقصود احمد کی مدعیت میں اغواء کا مقدمہ درج کرلیا ہے، جس کے بعد مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

  • 2 طلبا کا قتل ، 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 ملزمان کو سزائے موت کا حکم

    2 طلبا کا قتل ، 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 ملزمان کو سزائے موت کا حکم

    فیصل آباد : دو طلبا کے قتل کیس میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد کو سزائے موت سنادی گئی ، مجرمان کو دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی عدالت میں دو طلبا کے قتل کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج فیصل آباد سنجیدہ اختر نے سماعت کی۔

    ایڈیشنل سیشن جج نے دوہرے قتل کیس میں ملوث تین پولیس اہلکاروں سمیت چار ملزمان کو سزائے موت کا حکم سنا دیا۔

    ملزمان ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی ، کانسٹیبلز فلک شیر ، فیصل اور رضاکار وقاص کو سزائے موت اور فی کس بیس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جبکہ نامزد ملزم اے ایس آئی جاوید اختر کو بری کرنے کا حکم دیا۔

    ملزمان ن چھ سال قبل ناکے پر فائرنگ کر کے میٹرک کے طالبعلم ارسلان اور عثمان کے قتل کے بعد پولیس مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی۔

    یاد رہے آٹھ اگست 2018 کو مسلم ٹاؤن کے رہائشی دو دوست میٹرک کے طالبعلم ارسلان اور عثمان موٹرسائیکل پر جا رہے تھےکہ باغ والی پلی ناکے پر تعینات تھانہ ملت ٹاؤن کے ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی ، کانسٹیبلز فلک شیر ، فیصل اور رضاکار وقاص نے ان پر فائرنگ کر دی، جس سے دونوں جاں بحق ہو گئے تھے۔

    بعد ازاں ملزمان کے خلاف تھانہ ملت ٹاؤن میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • پی ٹی آئی احتجاج کے دوران ویڈیو بناکر وائرل کرنیوالا پولیس اہلکار برطرف

    پی ٹی آئی احتجاج کے دوران ویڈیو بناکر وائرل کرنیوالا پولیس اہلکار برطرف

    فیصل آباد: پی ٹی آئی احتجاج کے دوران حکومت، پولیس افسران کےخلاف ویڈیو بناکر وائرل کرنے والے اہلکار کو برطرف کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹيبل عمران کو انکوائری کے بعد ملازمت سے برخاست کردیا گیا ہے، مذکورہ اہلکار کے برطرفی کے احکامات ایس ایس پی آپریشنز عبدالوہاب نے جاری کیے ہیں۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ اہلکار نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران ویڈیو بناکر وائرل کی تھی، ویڈیو میں حکومت اور افسران کےخلاف ناروا الفاظ استعمال کیے گئےتھے۔

    پاکستان تحریک انصاف کی اسلام آباد میں آج احتجاج کی کال کے پیش نظر نہ صرف اسلام آباد کو سیل کیا گیا تھا بلکہ موٹروے اور جی ٹی روڈ بھی بند کردیا گیا تھا تاکہ پنجاب کے شہروں سے لوگ نہ آسکیں جس کی بنا پر کارکنان نے اپنے شہروں میں بھی احتجاج کیا تھا۔

    پی ٹی آئی کے مظاہرین کو روکنے کے لیے دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ کے ساتھ اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے راستوں پر کنٹینررکھ دیے گئے تھے جبکہ موٹر وے کو بھی کئی پوائنٹس سے سیل کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین میں سے خیبر پختونخوا پولیس کے 11 اہلکار کے ساتھ 120 افغان شہری بھی گرفتار کیے گئے تھے۔

  • فیصل آباد: اسپتال کا ملازم مریضہ سے زیادتی کرنے کے بعد فرار

    فیصل آباد: اسپتال کا ملازم مریضہ سے زیادتی کرنے کے بعد فرار

    فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں ملازم نے چودہ سالہ مریضہ کو بیہوش کر کے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں ملازم نے چودہ سالہ مریضہ کو بیہوش کر کے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جس کے بعد ملزم احسان فرار ہو گیا تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔

    افغان آباد کی رہائشی نازیہ نے پولیس کو بتایا کہ اس کے خاوند کا واقف کار احسان الائیڈ اسپتال میں ملازم ہے، احسان نے اس کی چودہ سالہ بیمار بیٹی نور فاطمہ کے ٹیسٹ کروانے کے لئے اسپتال بلایا اور اسے لیبر روم میں لے گیا۔

    خاتون نے بتایا کہ ملزم نے بچی کو انجکشن لگا کر بیہوش کرنے کے بعد زیادتی کی، کافی دیر تک واپس نہ آنے پر وہ کمرے میں گئی تو ملزم بچی سے زیادتی کر رہا تھا جو انہیں دیکھ کر فرار ہو گیا۔

    تھانہ سول لائن پولیس نے متاثرہ بچی کی والدہ نازیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

  • سفاک باپ نے 2 کمسن بیٹیوں کو گلا دبا کر قتل کر ڈالا

    سفاک باپ نے 2 کمسن بیٹیوں کو گلا دبا کر قتل کر ڈالا

    فیصل آباد : سفاک باپ نے دو کمسن بیٹیوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا، ابتدائی تفتیش میں ملزم نے بتایا کہ میں نہیں چاہتا تھا کہ میری بیٹیاں بڑی ہو کر لوگوں کے گھروں میں کام کریں، اس لئے مار ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی علامہ اقبال کالونی میں سفاک باپ نے دو کمسن بیٹیوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا، تھانہ ڈی ٹائپ کالونی پولیس نے ملزم اکمل کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔

    پولیس نے بتایا کہ اٹھائیس سالہ اکمل اپنی دو بیٹیوں سات سالہ نور فاطمہ اور چھ سالہ ایمان فاطمہ کے ساتھ علامہ اقبال کالونی کے ایم بلاک میں مقیم تھا جبکہ اس کی بیوی زینب ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھروں میں کام کرتی ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ اکمل نے ہفتہ کے روز علی الصبح اپنی سوئی ہوئی دونوں بیٹیوں کو گلا دبا کر مار ڈالا، محلے دار کے اطلاع کرنے پر تھانہ ڈی ٹائپ کالونی پولیس نے مپ اکمل کو گرفتار کر کے مقتول بچیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے الائیڈ اسپتال منتقل کر دیں۔

    ملزم اکمل نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ اس کی بیوی زینب اس سے خلع لے کر بچیاں اپنے پاس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رکھنا چاہتی تھی اور میں نہیں چاہتا تھا کہ میری بیٹیاں بڑی ہو کر لوگوں کے گھروں میں کام کریں، اس لئے دونوں کو مار ڈالا۔

  • فیصل آباد : پاور لومز انڈسٹری تباہ، مزدوروں کے گھروں میں فاقہ کشی

    فیصل آباد : پاور لومز انڈسٹری تباہ، مزدوروں کے گھروں میں فاقہ کشی

    فیصل آباد میں پاور لومز انڈسٹری تباہ حالی کا شکار ہوگئی بجلی کے بے تحاشہ بلوں اور خام مال کی قیمتوں کے اضافے نے لومز مالکان کی کمر توڑ دی جس سے مزدور طبقہ بھی بے روزگاری کا شکار ہوگیا۔

    فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد جسے فیصل آباد کا مانچسٹر بھی کہا جاتا ہے میں پاور لومز کے بےشمار چھوٹے بڑے کارخانے موجود ہیں جو اس علاقے کی پہچان ہیں لیکن حالات کی ستم ظریفی نے اس شہر کی فیکٹریوں کو سنسان اور لومز کی آوازوں کو خاموش کردیا۔

    علاقے کی زیادہ تر فیکٹریاں بند پڑی ہیں ان پر دھول مٹی جمی ہوئی ہے دروازوں پر لگے تالے مزدوروں کی بےروزگاری اور بے بسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام میں میزبان اقرار الحسن سے گفتگو کرتے ہوئے غلام محمد آباد کے فیکٹری مالکان اور مزدوروں نے اپنے دکھ اور پریشانیاں بیان کیں۔

    اس موقع پر پاور لوم ورکرز کی نمائندہ تنظیم لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین بابا لطیف نے بتایا کہ اس صنعت سے 5لاکھ کارکن وابستہ ہیں، مالکان پیدواری نقصان سے بچنے کے لیے فیکٹریاں بند کر رہے ہیں، یہاں 2100 چھوٹے یونٹ ہیں جس میں سے 1200 بالکل بند پڑے ہیں اور مزدوروں کے گھروں میں فاقہ کشی کا عالم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکمران مزدوروں کو روزگار فراہم کرنے کی پالیسی پر کام ہی نہیں کررہے، ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا بل ہے اور یہ صرف لومز مالکان کا ہی نہیں ہر گھر کا مسئلہ ہے، جس لوم کا بل 3 لاکھ روپے آتا تھا اب 12 لاکھ روپے آتا ہے مالک کہاں سے پورا کرے گا۔

    ایک مزدور نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 12 سال سے لوم پر کام کررہا تھا ایک دن کام پر آیا تو جواب دے دیا گیا کہ کام ہی نہیں ہے تو ملازم کیسے رکھیں۔ ایک شخص نے کہا کہ حالات ایسے ہوچکے ہیں کہ بندہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرلے کیوں کہ ہم سے بچوں کو بھوکا نہیں دیکھا جاتا۔

    ٹھیکے پر کام کرنے والے ایک کارکن نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں گزشتہ کئی سال سے یہ کام کر رہا ہوں لیکن میں نے آج تک اس طرح کا بحران نہیں دیکھا، میں نے اپنے بچے کی پڑھائی چھڑوا کر اسے مزدوری پر لگوا دیا تاکہ کم از کم بچوں کا پیٹ تو بھرے۔

    اس کا کہنا تھا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ کرایہ دار مکان کا کرایہ نہیں دے پارہا اور پر بجلی کے بل ڈبل سے بھی زیادہ ہوگئے جنہیں بھرنے کے لیے گھر کی چیزیں بیچنا پڑتی ہیں۔

  • جائیداد کا تنازع : بیٹوں نے گولیاں مار کر  باپ  کو قتل کرڈالا

    جائیداد کا تنازع : بیٹوں نے گولیاں مار کر باپ کو قتل کرڈالا

    فیصل آباد : گٹ والا پل پر جائیداد کے تنازع پر بیٹوں نے گولیاں مار کر باپ قتل کر دیا اور پیدل فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے گٹ والا کے رہائشی ستاون سالہ نوازش علی نے جائیداد کی تقسیم کے تنازع پر اپنے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کروا رکھا تھا۔

    نوازش علی گٹ والا پل پر موجود تھا کہ مقدمے کی پیروی کرنے اور جائیداد تقسیم نہ کرنے کی رنجش پر اس کے بیٹوں عتیق اور نبیل نے پستول سے فائرنگ کر دی۔

    ملزمان نے اپنے باپ کو چھ گولیاں ماریں، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد پیدل ہی فرار ہو گئے۔

    تھانہ مدینہ ٹاؤن پولیس نے مقتول کی لاش الائیڈ اسپتال منتقل کر کے اس کی بیٹی زاہدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق ملزمان عتیق اور نبیل نے اپنے تیسرے بھائی توصیف کی ایما پر باپ کو قتل کیا۔

  • فیصل آباد :  3 کروڑ  تاوان کیلئے اغوا کیا گیا  طالب علم بازیاب

    فیصل آباد : 3 کروڑ تاوان کیلئے اغوا کیا گیا طالب علم بازیاب

    فیصل آباد : تین کروڑ تاوان کیلئے اغوا کئے گئے طالب علم کو بازیاب کراکر 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے فیصل آباد میں نیو مدینہ ٹاؤن سے اغوا ہونے والے طالب علم کو بازیاب کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ایان کو رشتہ دار خاتون سلمیٰ نواز نے اغوا کروایا تھا۔

    پندرہ سالہ ایان موٹر سائیکل پر دو بہنوں کیساتھ اسکول جا رہا تھا کہ مزمل اور دو ساتھی اسلحے کے زور پر اغوا کرکے کار پر لے گئے، جس کے بعد ملزمان نے والدہ کو فون کرکے تین کروڑ روپے تاوان مانگا تھا۔

    اغواکاروں نے ایک کروڑ روپے وصول کرکے مغوی کو رہا نہ کیا۔

    آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا اور ملزمان سے تاوان کی رقم برآمد کرلی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تیسرے مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تھانہ مدینہ ٹاؤن میں مغوی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔