Tag: فیصل آباد

  • سزائے موت کے 7مجرموں کو پھانسی دے دی گئی

    سزائے موت کے 7مجرموں کو پھانسی دے دی گئی

    سکھر: کراچی ، سکھر، راولپنڈی اور فیصل آباد میں سزائے موت کے سات مجرموں کو پھانسی دے دی گئی ہے، سات مجرموں میں سے سکھر میں تین، فیصل آباد میں دو جبکہ راولپنڈی اور کراچی میں ایک ایک مجرم کو پھانسی دی گئی۔

    سکھر سینٹرل جیل میں صبح ساڑھے چھ بجے وزارتِ دفاع کے ڈائریکٹر اور ڈرائیور کے قتل میں ملوث تین مجرموں محمد طلحہ،خلیل احمد اور شاہد حنیف کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

    کراچی میں سزائے موت کے قیدی بہرام خان کو بھی صبح ساڑے چھ بجے پھانسی دی گئی، بہرام خان نے دو ہزار تین میں ذاتی دشمنی پر سندھ ہائی کورٹ میں گھس کر ایڈوکیٹ اشرف کو قتل کیا تھا، سینٹرل جیل کراچی میں سنہ دو ہزار آٹھ کے بعد دی جانے والی یہ پہلی پھانسی ہے۔

    بہرام نے اپنی سزا کے خلاف پہلے سندھ ہائی کورٹ اور بعد میں سپریم کورٹ میں اپیل کی، جسے دونوں  عدالتوں نے مسترد کر دیا تھا، بلاآخر صدر پاکستان نے بھی بہرام کی رحم کی اپیل مسترد کر دی۔

    راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بھی صبح ساڑھے چھ بجے کراچی میں امریکی قونصلیٹ پر حملے میں سزائے موت کے مجرم ذوالفقار احمد کو تختہ دار پر لٹکایا گیا، امریکی قونصلیٹ پر حملے میں دو رینجرز اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔

    ذوالفقار کو فروری 2003 میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے کے بعد مقدمہ چلا کر سزائے موت سنائی گئی تھی۔

    فیصل آباد ڈسٹرکٹ جیل میں صبح سات بجے کے قریب سابق صدر پرویز مشرف پر حملے میں ملوث مجرموں نائیک نوازش علی اور مشتاق احمد کو تختہ دار پر لٹکادیا گیا، پھانسی کے موقع پر موجود مجرموں کے اہلخانہ کی جانب سے چیخ و پکار کے مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ جیل انتظامیہ نے طبی معائنے کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کردیں ہیں۔

    پھانسیوں پر علمدرآمد کے موقع پر سخت ترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔

    اس سے پہلے نو جنوری کو مشرف حملہ کیس میں ملوث خالد محمود کو پھانسی دی گئی تھی۔

  • فیصل آباد:مشرف کیس کے 2مجرموں کی آج پھانسی کا امکان

    فیصل آباد:مشرف کیس کے 2مجرموں کی آج پھانسی کا امکان

    فیصل آباد:  پرویزمشرف حملہ کیس کے دو مجرم نوازش اور مشتاق کو آج پھانسی دیئے جانے امکان ہے، دونوں مجرموں کو سینٹرل جیل سے ڈسٹرکٹ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل مشرف حملہ کیس کے ایک اور مجرم خالد محمود کو راولپنڈی اڈیالہ جیل میں پھانسی دے دی گئی ، پھانسی سے قبل مجرم خالد محمود کی لواحقین سے آخری ملاقات کرائی گئی تھی ، پھانسی کے بعد مجرم کی لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔

    اڈیالہ جیل کے اطراف رینجرز اور ایلیٹ کمانڈر تعینات کر دیئے گئے تھے، جبکہ فضائی نگرانی کا عمل بھی جاری رہا۔

    ذرائع کے مطابق خالد محمود پاکستان ائیر فورس کا چیف ٹیکنیشن تھا، جسے سابق فوجی صدر پرویز مشرف پر حملہ کیس میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

  • دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں،ایک سوسات سے زائد گرفتار

    دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں،ایک سوسات سے زائد گرفتار

    بنوں + کوئٹہ + ڈیرہ اسماعیل خان + فیصل آباد +) ملک بھر میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔بنوں میں فورسز سے جھڑپ میں طالبان کے صدر حیات گروپ کا کارندہ مارا گیا۔

    کوئٹہ سے بر آمد ہونے والی خود کش جیکٹ نا کارہ بنا کر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملک بھر میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

    بنوں جانی خیل میں فورسز اوردہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی۔فورسز کی جوابی کارروائی میں طالبان کے صدر حیات گروپ کا کارندہ مارا گیا۔ایبٹ آباد میں کارروائی کے دوران پشاور بڈھ بیر تھانے پر حملے کا مرکزی ملزم پکڑا گیا۔

    ڈی پی او کے مطابق ملزم عیسیٰ خان دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔کوئٹہ کے بروری روڈ پر ملنے والی خود کش جیکٹ کو نا کارہ بنا دیا گیا جبکہ سریاب روڈٖ پر ایف سی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم تنظیم کے چار افراد گرفتار کرلئے گئے ۔

    ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے آٹھ مشتبہ افراد حراست لےلیا۔فیصل آباد میں پولیس نےسینٹرل جیل کے اطراف افغان بستیوں میں سرچ آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم بتیس افراد حراست میں لے لئے۔

    ٹبہ سلطان پور میں پولیس کی کارروائی کے دوران اٹھارہ مشکوک افرادپکڑے گئے۔میانوالی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران ستر سے زائدمشکوک افراد حراست میں لے لئے گئے۔

  • پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ، سانحہ پشاورکےخلاف قرارداد منظور

    پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ، سانحہ پشاورکےخلاف قرارداد منظور

    اسلام آباد : عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

    عمران خان کی زیر صدرارت پاکستان تحریک انصاف کور کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں سانحہ پشاور کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی اور سانحہ کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کی گئی۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی طالبان سمیت تمام دہشتگردوں کی شدید مذمت کرتی ہے،شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن جلدقائم ہونےکی توقع ہے، شیریں مزاری نے کہا کہ کورکمیٹی کے اجلاس میں آئی ڈی پیز اور دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • سعد رفیق دھاندلی سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، شیریں مزاری

    سعد رفیق دھاندلی سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، شیریں مزاری

    اسلام آباد: تحریک انصاف کی رہنماشیریں مزاری کا کہنا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کی رپورٹ نے حلقہ این اے ایک سو پچیس میں ہونے والی دھاندلی کاپردہ چاک کردیا ہے۔

    شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹریبونل رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ سعد رفیق دھاندلی سے قومی اسمبلی پہنچے اور عوام کے چوری کیے ہوئے مینڈیٹ سے وزارت پر فائز ہوئے ،ان کا کہنا تھا کہ سعد رفیق الیکشن ٹریبونل کی رپورٹ سے حواس باختہ ہوگئے ہیں لہذا ان کو زیب نہیں دیتا کہ سچائی منظر عام پر آنے کے بعد اپنے سیاسی مخالفین کیلئے ناشائستہ زبان استعمال کریں۔

  • رانا ثناءاللہ کوگرفتارکیا جائے، شیریں مزاری

    رانا ثناءاللہ کوگرفتارکیا جائے، شیریں مزاری

     اسلا آباد : پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے پر امن مظاہرے کے موقع پر فیصل آباد میں ن لیگ نے طے شدہ منصوبے کے تحت فائرنگ کی۔

    فائرنگ کرنے والوں کی تصاویر واضح ہیں پھر بھی ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ سابق وزیررانا ثناءاللہ ملزمان کو پکڑوانے کے بجائے ٹی وی پر آکر جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کا منصوبہ رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں ایک اجلاس میں کیا گیا۔

    اجلاس میں وہ ملزمان بھی موجود تھے جن کو رانا ثناءاللہ نے اپنی پریس کانفرنس میں بے گناہ بنا کر پیش کیا تھا، اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو وہ تصاویر بھی دکھائیں، جس میں مذکورہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

    شیریں مزاری نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر رانا ثناء اللہ کو گرفتار کیا جائے، کیوںکہ اگر وہ گرفتار نہ ہوئے تو تفتیشی افسران پر دباؤ ڈال کر کیس پر اثر انداز ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ انکوائری کروا کر حق نواز کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

    شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ فیصل آباد واقعہ کی تحقیقات کرنے سے قبل وہاں کی ضلعی انتظامیہ کو معطل کر ے کیونکہ وہ انکوائری پر اثر انداز ہونے کے لیے دباو ڈالے گی ۔

    ان کا کہنا تھاکہ ماڈل ٹاون کے واقعہ میں ملوث رانا ثناء اللہ کو صرف وزارت سے ہٹایا گیا گرفتار نہیں کیا گیا ۔ہمیں اس مرتبہ بھی حکومت پر اعتبار نہیں ہے کہ وہ سانحہ فیصل آباد کی انکوائری شفاف کرے گی ۔

    پاکستان تحریک انصا ف سیاسی جماعت ہے اور پرامن احتجاج کرنا ہماری آہینی حق ہے ۔حکومت اگر مذاکرت میں سنجیدہ ہے تو پہلے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے ۔ہم حکومت سے مذاکرت کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے حکومت کو اعتماد سازی کرنی ہوگی ۔

    قومی اسمبلی سے استعفوں کو موخر کیا گیا ہے ۔وزیر اعظم کے استعفی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ہم کبھی بھی وزیر اعظم کے استعفی سے پیچھے نہیں ہٹے لیکن کچھ وقت کے لیے موخر ضرور کر دیا گیا ہے ۔

    اگر حکومت نے 18 دسمبر سے قبل جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا تو پاکستان بند کرنے کی کال واپس لے سکتے ہیں ۔مسلئے کے حل کا دارمدار اب حکومت پر ہے ہم نے شروع سے لے کر اب تک لچک کا مظاہرہ کیا ہے ۔

    سانحہ فیصل آباد طے شدہ تھا ۔مسلم لیگ کا پروگرام ہمیشہ سے قتل وغارت کا رہا ہےسانحہ ماڈل ٹاون کے بعد سانحہ فیصل آباد میں بھی ثناء اللہ ملوث ہیں ۔رانا ثنا ء اللہ کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور وہ ہر روز ٹی وی پر بیٹھ کر قوم کے سامنے جھوٹ بولتے ہیں ۔

  • فیصل آباد: حق نواز کو چھ فٹ سے گولی ماری گئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی

    فیصل آباد: حق نواز کو چھ فٹ سے گولی ماری گئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی

    فیصل آباد: پی ٹی آئی کے کارکن کی پوسٹ مارٹم رپوٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکن حق نواز کو چھ فٹ سے گولی ماری گئی ہے۔

    گزشتہ دنوں فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے عمران خان کے  پلان سی پر عمل درآمد کرواتے ہوئے شہر بند کروادیا تھا اور اس دوران مشتعل لیگی کارکنوں نے پی ٹی آئی کی ریلی پر حملہ کردیا اور اس دوران فائرنگ سے پی ٹی آئی کارکن حق نواز جاں بحق ہو گیا تھا۔

    پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق ایک گولی لگنے سے حق نواز جان کی بازی ہار گیا جبکہ گولی چھ فٹ کے فاصلے سے ماری گئی تھی۔ ڈاکٹر جاوید اقبال نے پوسٹمارٹم رپورٹ ایم ایس کے حوالے کردی ہے۔ لواحقین کو رپورٹ حوالے کرنے سے پہلے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام سے مشاورت کی جائے گی۔

    ادھر پولیس کی خصوصی ٹیم نےفیصل آبادمیں تحریک انصاف کےاحتجاج کےدوران فائرنگ کرنےوالےشخص کی گرفتاری کیلئےمختلف علاقوں میں چھاپےمارے ہیں۔ پولیس نےکارروائی کےدوران فائرنگ کرنےوالےکے چھ قریبی عزیزوں اورساتھیوں کوحراست میں لےکرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ پولیس کےمطابق زیرحراست افرادسےتفتیش میں اصل ملزمان تک رسائی آسان ہو جائےگی۔

  • فیصل آباد: امتیاز ولد سراج فائرنگ کرنے والے کا ساتھی نکلا، فوٹیج نے بھانڈا پھوڑا

    فیصل آباد: امتیاز ولد سراج فائرنگ کرنے والے کا ساتھی نکلا، فوٹیج نے بھانڈا پھوڑا

    فیصل آباد: رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس میں معصوم بن کر پیش ہونے والا امتیاز ولد سراج فائرنگ کرنے والے کا ساتھی نکلا، ٹی وی فوٹیج نے یہ بھانڈا بھی پھوڑ دیا ہے۔

    راناثنا اللہ کی پریس کانفرنس میں پیش کیا جانے والا فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں پر فائرنگ کرنے والے کا ساتھی نکلے۔ تصویری ثبوتوں نے دودھ کا دودھ پانی کا پانی کردیا ہے۔ امتیازولد سراج جس کو رانا ثنا اللہ نے اپنی پریس کانفرنس میں معصوم بنا کر پیش کیا تھا تاہم اس کے خلاف تحریک انصاف نے فائرنگ کی ایف آئی آر کٹوائی دی ہے۔

    رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اصل مجرم کوئی اورہے، جسے ٹی وی کیمروں کی مدد سے پوری دنیا نے دیکھا ہے۔ ان کےبقول امتیازولد سراج کے خلاف غلط ایف آئی آرکٹوائی گئی ہے لیکن دال میں کچھ نہ کچھ کالا ضرور ہے۔ پی ٹی آئ یکے کارکنوں پر فائرنگ کرنے والے کے ساتھ امتیازولد سراج کیا کررہا تھا۔

    ٹی وی فوٹیج نےاس کا چہرہ بھی دکھادیا ہے۔ ناولٹی چوک پرفائرنگ کرنے والے سے امتیاز ولد سراج کی اتنی قربت کچھ اور ہی کہانی سنارہی ہے۔ امتیازولدسراج کی منظرمیں موجودگی اتفاقی بھی نہیں ہوسکتی لیکن ایک موقع پرتو وہ فائرنگ کرنے والے کے کاندھے پر ہاتھ رکھ کر اس سے کوئی بات بھی کررہا ہے۔ فوٹیج بتا رہی ہے کہ یقینا وہ اسے جانتا ہے ورنہ ایک بندوق بردار سے اتنی بے تکلفی کیسے برتتا۔

  • حق نوازقتل کیس، مزید 6 افراد زیر حراست

    حق نوازقتل کیس، مزید 6 افراد زیر حراست

    فیصل آباد: پی ٹی آئی کارکن حق نواز قتل کیس میں مزید چھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    فیصل آباد پولیس کی خصوصی ٹیم نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ناولٹی پل پر فائرنگ کرنے والے کے چھ قریبی عزیزوں اور ساتھیوں کو حراست میں لیا،ان افرادکو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق زیرحراست افراد سے تفتیش میں اصل ملزمان تک رسائی آسان ہو جائے گی ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے اصل ملزمان کو بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا ۔

  • رانا ثناءاللہ نے مقدمے میں نامزد افراد کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا

    رانا ثناءاللہ نے مقدمے میں نامزد افراد کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا

    فیصل آباد : ن لیگ کے رہنما رانا ثنااللہ نے ندیم مغل اور ایف آئی آر میں نامزد امتیاز ولد سراج کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کرنےوالے شخص کی تصویر بہت واضح ہے۔

    جس کا ن لیگ سےکوئی تعلق نہیں۔رانا ثنااللہ نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عمران خان سے منظوری کے بعد مقدمہ درج کرایا گیا۔ درخواست میں ملزم کانام امتیاز ولد سراج لکھوایا گیا ہے۔

    مجھ سمیت پی ٹی آئی والے کچھ لوگ بھی تفتیش میں شامل ہونگے۔رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ناولٹی پل پر پی ٹی آئی کے لوگ جلاؤ گھیراؤ کررہے تھے۔ ان لوگوں میں سےایک شخص نےآکرفائرنگ کی اورحق نوازجاں بحق ہوا۔

    سابق صوبائی وزیرقانون رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان اوردیگرنےذمہ داری براہ راست مجھ پرڈالنےکی کوشش کی۔ عمران خان نےاسلام آبادسےللکاراکہ ہم آپ کےگھر آرہے ہیں۔

    رانا ثناللہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملک کی ترقی روکنے کاایجنڈا شروع کررکھا ہے۔ پی ٹی آئی کے لوگ میرے گھر میں جلاؤ گھیراؤ کرناچاہتے تھے۔ جلاؤ گھیراؤ کا پیغام دینےوالوں کیخلاف درخواست دےرہاہوں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روزمسلم لیگ ن کے رہنما راناثنااللہ کا کہناتھا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کا ان کی فیملی سے کوئی تعلق نہیں اور جاں بحق ہونے والے شخص کا بھی پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہا تھا کہ فیصل آباد میں صبح 10 بجے تک زندگی معمول پر تھی لیکن پی ٹی آئی کے کارکنان نے ٹائر جلائے اور جلاﺅ گھیراﺅ کی سیاست کا آغاز کیا۔

    راناثنااللہ نے واضح طور پر بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ دوسرے شخص کی ہلاکت نہر میں چھلانگ لگانے سے ہوئی ہے ۔