Tag: فیصل ایدھی

  • ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    کراچی: فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا بھی کرونا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل ایدھی بھی کرونا وائرس کی وبا کا شکار ہو گئے ہیں، انھوں نے احتیاطاً کرونا ٹیسٹ کروایا تھا جس کا نتیجہ مثبت آ گیا ہے۔ ادھر وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے کرونا وبا ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ خدشے کے پیش نظر وزیر اعظم کو ٹیسٹ کروانے کی رائے دوں گا۔

    اے آر وائی نیوز کے رابطہ کرنے پر فیصل ایدھی نے ٹیسٹ پازیٹو آنے کی تصدیق کر دی، ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ اس وقت اسلام آباد میں ہیں، محکمہ صحت سندھ نے بھی کہا ہے کہ فیصل ایدھی کی کرونا رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔

    فیصل ایدھی کا ٹیسٹ شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں کیا گیا، ان کا کرونا ٹیسٹ 2 روز پہلے کرایا گیا تھا، ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فیصل ایدھی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

    ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ 5 دن قبل فیصل ایدھی نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، دو روز قبل انھوں نے کرونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی آج رپورٹ آئی ہے۔

    ادھر فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے فون پر اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ کراچی سے ہم تین لوگ اسلام آباد آئے تھے، ہماری ملاقات صرف عمران خان سے ہوئی ہے، ہم تینوں افراد اس وقت آئسولیٹ ہو گئے ہیں، جن میں میرے والد فیصل ایدھی، میں اور ہمارا ڈرائیور حنیف چینا شامل ہیں، ہمارے خاندان کے باقی افراد کراچی میں ہیں۔

  • کرونا وائرس، فلاحی اداروں نے سرد خانے کھول دئیے

    کرونا وائرس، فلاحی اداروں نے سرد خانے کھول دئیے

    کراچی: شہر قائد میں کام کرنے والے دو بڑے فلاحی اداروں نے کرونا وائرس کے پیش نظر بند کیے جانے والے غسل، کفن اور سرد خانے کھول دئیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سرد خانوں اور غسل خانوں کو کھول دیا ہے، کرونا وائرس سے انتقال کرجانے والوں کو بھی غسل دیا جائے گا۔

    فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ اہلخانہ کی جانب سے آگاہ کیا جائے گا تو غسل دینے والے حفاظتی انتظامات کرلیں گے۔

    دوسری جانب رمضان چھیپا کا کہنا ہے کہ سرد خانوں، غسل خانوں کو حفاظتی اقدامات کے بعد کھول رہے ہیں، چھیپا ایمبولینس میں کرونا ٹیم تشیل دی اور اسٹاف کو الگ کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کرونا صورت حال، دو بڑے فلاحی اداروں نے غسل و کفن اور سرد خانے بند کردیے

    رمضان چھیپا نے کہا کہ کرونا وائرس سے متعلق ایمبولینس الگ کررکھی ہے، ایمبولینس عملہ مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ کام کررہا ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل ایدھی اور چھیپا ویلفیئر نے اپنے تمام غسل و کفن اور سرد خانے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام انتظامات کو فوری روک دیا تھا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے پیاروں کی میتوں کے لیے ادارے پر دباؤ نہ ڈالیں کیونکہ یہ قدم مجبوری کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

  • ایدھی ایئر ایمبولینس سروس میں جدید طیارے کا اضافہ

    ایدھی ایئر ایمبولینس سروس میں جدید طیارے کا اضافہ

    کراچی: عالمی شہرت یافتہ ایدھی ایئر ایمبولینس سروس میں ایک اور طیارے کا اضافہ ہوگیا ہے،طیارے کا فی گھنٹہ کرایہ پچاس ہزار روپے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایدھی ایمبولینس سروس میں آج ایک نئے سیسنا 206 طیارے کا اضافہ کیا گیا ہے، فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالات میں طیاری مفت سروس دے گا۔

    ایدھی ذرائع کا کہنا ہے کہ ساڑھے5کروڑروپےمالیت کاطیارہ جدیدآلات سےلیس ہے، اور گلاس کارپٹ پرمشتمل جنرل ایوی ایشن کایہ پہلا طیارہ ہے۔

    فلاحی ادارے کی ائیرایمبولینس میں شامل ہونے والا یہ طیارہ 6سیٹرہے جس کے ذریعے دشوارگزارعلاقوں سےمریضوں کوفوری طبی امداددی جاسکےگی، اور کسی حادثے کی صورت میں فی الفور جائے وقوعہ پر پہنچنا آسان ہوگا۔

    ایدھی فاؤنڈیشن کے روح رواں فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ عام حالات میں طیارے کا کرایہ 50 ہزار روپے فی گھنٹہ ہے ، تاہم کسی بڑے حادثے کی صورت میں ایدھی یہ سہولت عوام کو مفت مہیا کرے گا۔

    ایدھی فاونڈیشن کی بنیاد کراچی میں بسنے والے عبد الستارایدھی نے ایک پرانی ایمبولینس سے رکھی تھی ، انہوں بچپن سے ہی سے کڑے وقت کا سامنا کیا، اُن کی والدہ پر فالج کا حملہ ہوا تھا جس سے وہ ذہنی و جسمانی معذروی کا شکار ہو کر بستر سے جا لگی تھیں، جس کے بعد اس ننھے بچے نے کراچی کی سڑکوں پر اپنی ماں کے علاج کی غرض سے دردر کی ٹھوکریں کھائیں تاہم ماں کی نگہداشت کے لیے ایک بھی ادارہ نہ پایا تو سخت مایوسی میں مبتلا ہو گئے اور اکیلے ہی اپنی کا ماں کی نگہداشت میں دن ورات ایک کردیے۔

    اسی ابتلاء اور پریشانی کے دور میں انہیں ایک ایسے ادارے کے قیام کا خیال آیا جو بے کسوں اور لاچار مریضوں کی دیکھ بھال کرے، اپنے اسی خواب کی تعبیر کے لیے عبد الستارایدھی نے 1951 ء میں صرف پانچ ہزار روپے سے ایک کلینک کی بنیاد رکھی، یہ کلینک کراچی کے علاقے کھارادر میں کھولا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ایسے کئی رفاحی کلینک کا جال پورے ملک میں پھیلا دیا۔

    دوسری جانب ایدھی فاونڈیشن کی ایمبولینسس بد سے بد ترین حالت میں بھی زخمیوں اور لاشوں کو اُٹھانے سب سے پہلے پہنچ جاتی ہیں،میتوں کے سرد خانے اور غسل و تدفین کا ذمہ بھی اس محسن انسانیت نے اُٹھایا اور تعفن زدہ لاشوں کو اپنے ہاتھوں سے غسل دینا شروع کیا۔

    عبدالستارایدھی مذہب وفرقے، رنگ و نسل اور ادنی و اعلیٰ کی تفریق کے بغیرسب کی خدمت کے لیے ہمہ وقت مگن رہتے، وہ اپنے ادارے کے لیے سڑکوں پر، گلیوں میں در در جا کر چندہ اکھٹا کرتے اور اسے انسانیت کی خدمت میں لگا دیتے اور اپنی ذات پر گھر واہل و عیال پر سادگی اور میانہ روی اپنائے رکھتے۔

    ہزاروں یتیموں کے والد‘ بے سہاروں کا سہارا ‘ اپنی سماجی خدمات میں بے مثال عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016ء میں گردوں کے عارضے میں مبتلا ہوکر 88 سال کی عمرمیں اس دنیائے فانی سے کوچ کرگئے۔

    عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں گزشتہ سال مارچ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اُن کے نام کایادگاری سکہ جاری کیا تھا۔

    فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

    حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ انیس توپوں کی سلامی دی‘ ان کی میت کو گن کیرج وہیکلکے ذریعے جنازہ گاہ لایا گیا۔

    ملکی تاریخ میں اس سے پہلے صرف تین شخصیات کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی، قومی پرچم میں لپٹے جسد خاکی کو پاک بحریہ کے سیکیورٹی حصارمیں گن کیرج وہیکل پرمیٹھا درسے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا گیا۔

  • ڈکیتی کیس :فیصل ایدھی کوسنگین نتائج کی دھمکیاں

    ڈکیتی کیس :فیصل ایدھی کوسنگین نتائج کی دھمکیاں

    کراچی : ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ انہیں ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی کا کہناہےکہ ایدھی ہوم میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی جانب سے انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں۔

    فیصل ایدھی کا کہناتھاکہ میں اور میرے وکیل سٹی کورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد جیسے ہی باہر آئے توڈکیتی کےملزمان نےمجھے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ڈکیتی کے واقعے کے بعد بھی کوئی سبق نہیں سیکھا۔

    فیصل ایدھی نے اپنے وکیل کے ہمراہ متعلقہ پولیس اسٹیشن جاکر دھمکی کے خلاف شکایت درج کرادی۔

    مزید پڑھیں:ایدھی سینٹرمیں 5 کلوسونا اورلاکھوں روپے کی ڈکیتی

    یاد رہے کہ 19 اکتوبر 2014 کو 8 مسلح افراد نے میٹھادر کے ایدھی ہوم میں داخل ہوکر عملے کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا تھا اور ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی نقد رقم، سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    واضح رہےکہ فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سماعتوں سے صرف چند ملزمان عدالت میں پیش ہورہے ہیں جبکہ کچھ طبی بنیادوں پر عدالت نہیں آتے۔

  • مرحوم عبدالستار ایدھی کی خدمات کوہمیشہ یادرکھاجائےگا،چوہدری شجاعت

    مرحوم عبدالستار ایدھی کی خدمات کوہمیشہ یادرکھاجائےگا،چوہدری شجاعت

    کراچی : مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہناہے کہ انسانیت کے لیے مرحوم عبدالستار ایدھی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائےگا۔

    تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نےکراچی کےعلاقےمیٹھادر میں ایدھی فاﺅنڈیشن کا دورہ کیا اور منیجنگ ٹرسٹی فیصل ایدھی سے ملاقات کر کےمرحوم عبدالستار ایدھی کے انتقال پر تعزیت کی۔

    اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہناتھاکہ مرحوم ایدھی صاحب پاکستان کی تاریخی شخصیت تھے جن کی انسانیت کےلیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔

    مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق کہناتھا کہ وہ موجودہ حالات سےنہیں گھبرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج شام ان سے ملاقات کےلیےجاؤں گا۔

    مزید پڑھیں:انور مجید کےساتھ تعلقات سےانکار نہیں،آصف علی زرداری

    واضح رہے کہ آج مزار قائد پر حاضری کےبعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہناتھاکہ انور مجید سے تعلقات سے انکار نہیں ہے۔

  • فیصل ایدھی اور اہل خانہ کا اعضا عطیہ کرنے کا اعلان

    فیصل ایدھی اور اہل خانہ کا اعضا عطیہ کرنے کا اعلان

    کراچی : معروف سماجی رہنماء عبدالستار ایدھی صاحب (مرحوم) کے اعزاز میں ایس آئی یو ٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس فیصل ایدھی نے اہل خانہ سمیت اپنے اعضا بعد از مرگ عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی یو ٹی اسپتال کے زہر اہتمام معروف سماجی رہنما کی انسانی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایدھی خاندان کے علاوہ معروف ڈاکٹر ادیب رضوی سمیت معززین نے شرکت کی۔
    اس موقع پر ایدھی فاؤنڈیشن کے نئے سربراہ فیصل ایدھی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایدھی صاحب کا مشن جاری رکھنے کے لیے لوگوں کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا اور فاؤنڈیشن کو مضبوط کرنا ہوگا‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایس آئی یوٹی نے ایدھی صاحب کے گھر کے فرد کی طرح خدمت کی اور کوئی کسر نہیں چھوڑی، ڈاکٹر ادیب رضوی کی خدمات قوم کے سامنے ہیں اور ہمیں ایدھی صاحب کی طرح ان کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے‘‘۔

    مزید پڑھیں : عبدالستار ایدھی کی آنکھیں دو نابینا مریضوں کو لگا دی گئیں

    فیصل ایدھی نے بعد از مرگ اپنے اعضا عطیہ کرنے کا اعلان کیا اور ایس آئی یو ٹی میں اعضا عطیہ کرنے کے فارم پر دستخط بھی کیے، انہوں نے عوام سے اپیل کی انسانیت کی خدمت کے لیے ہر شخص کو چاہیے کہ بعد ازمرگ اپنے اعضا عطیہ کرے‘‘۔

    اس موقع پر ڈاکٹر ادیب رضوی نے معززین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایدھی صاحب نے مذہب اور فرقوں سے بالا تر ہوکر عوام کی خدمت کی، عبد الستار ایدھی انسان دوست اور ہمدرد طبیعت کے مالک تھے‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’2008 کو آنے والے زلزلے میں ایدھی صاحب کی خدمات کو دنیا نے تسلیم کیا، وہ ملک کے پہلے واحد شخص ہیں جنہوں نے اپنے اعضا بعد از مرگ عطیہ کرنے کی وصیت کی، عبدالستار ایدھی کے اس اقدام کے بعد سے اب تک 2 ہزار سے زائد افراد اپنے اعضا عطیہ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں‘‘۔

  • پولیس اہلکاروں کا احمد ایدھی پر مبینہ تشدد، آئی جی سندھ کا نوٹس 3 اہلکار معطل

    پولیس اہلکاروں کا احمد ایدھی پر مبینہ تشدد، آئی جی سندھ کا نوٹس 3 اہلکار معطل

    کراچی : معروف سماجی رہنما ڈاکٹرعبدالستار ایدھی مرحوم کے نواسے احمد ایدھی پر سرسید ٹاؤن کے پولیس اہلکاروں کا مبینہ تشدد، آئی جی سندھ پولیس نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق احمد ایدھی کو گھر واپس آتے ہوئے ناظم آباد پر کھڑی پولیس موبائل نے رُکنے کااشارہ کیا مگر گاڑی تیز رفتاری کے باعث کچھ آگے نکل گئی تھی، تاہم واپس آنے پر وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اُن کی شرٹ کے بٹن ٹوٹ گئے۔

    فیصل ایدھی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے پولیس کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا جس پر آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے رابطہ کر کے تحقیقات کے بعد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

    فیصل ایدھی نے مزید کہا کہ ’’ڈی آئی جی ویسٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے، تاہم ایس ایچ او کی جانب سے واقعے پر معافی مانگی گئی ہے‘‘۔

    دوسری جانب ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے موقف ظاہر کیا ہے کہ ’’احمد ایدھی کو ہراساں یا تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا ، بلکہ اُن کو سرسید ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقعے ایک پارک کے قریب روکا گیا اور شناخت کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی‘‘۔

    فیصل ایدھی نے پولیس کی جانب سے فوی اقدامات کرنے کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ معافی اور یقین دہانی کے بعد معاملے کو رفع دفع کردیا ہے۔

     

  • عبدالستار ایدھی کے نام پر یونیورسٹی تعمیر کی جائے، سراج الحق

    عبدالستار ایدھی کے نام پر یونیورسٹی تعمیر کی جائے، سراج الحق

    کراچی : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کی موت نے ثابت کردیا کہ جو لوگ عوام کے دلوں میں زندہ ہوں وہ کبھی مرتے نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میٹھا در سینٹر میں فیصل ایدھی سے تعزیت کی اور عبدالستار ایدھی کی مغفرت ، درجات کی بلندی کے لیے قرآن و فاتحہ خوانی کی گئی۔

    اس موقع پر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت کو چاہیے کہ عبد الستار ایدھی صاحب کی زندگی کو عملی نمونہ بنائے، ایدھی صاحب نےعوام کا پیسہ عوام پر خرچ کیا جبکہ پاکستان کا حکمراں طبقہ عوام کا پیسہ اکٹھا کر کے بیرون ملک لے جاتے ہیں‘‘۔Siraj1

    انہوں نے مزید کہا کہ’’ کراچی متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کا شہر ہے، یہاں ایماندار افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کراچی کے عوام نے عبدالستار ایدھی کو اُن کی فاؤنڈیشن کے لیے دل کھول کر امداد دی‘‘۔

    سراج الحق نے کہا کہ ’’پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ہے بلکہ غیر منصانہ تقسیم کی وجہ سے مسائل کا انبار پیدا ہورہا ہے،پاکستان کے اٹھانوے فیصد وسائل پر مراعاتی یافتہ طبقے نے قبضہ کیا ہوا ہے ، اسی وجہ سے سرکاری اداروں میں آسانی سے کرپشن کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث عوام کو اب ان اداروں پر بھروسہ نہیں رہا‘‘۔

    Siraj4

    امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عبدالستار ایدھی کے نام پر یونیورسٹی قائم کی جائے جہاں خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والوں کو داخلہ دیا جائے۔

    Siraj2

    بعد ازاں جماعت اسلامی کے سربراہ نے شہید قوال امجد صابری کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کی اور اُن کی درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔

  • ایدھی صاحب کا سوئم کل میمن مسجد میں ہوگا، فیصل ایدھی

    ایدھی صاحب کا سوئم کل میمن مسجد میں ہوگا، فیصل ایدھی

    کراچی : معروف سماجی رہنماء اور ایدھی فاؤنڈیشن کی باگ ڈور سنبھالنے والے فیصل ایدھی نے اعلان کیا ہے کہ عبدالستار ایدھی کا سوئم کل صبح ساڑھے 9 بجے میٹھادر میں واقع جامع مسجد میمن میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالستار ایدھی کی تدفین کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ ’’مسلح افواج کی جانب سے ایدھی صاحب کو خراج تحسین پیش کرنے پر شُکر گزار ہوں‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی کے نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے عوام کا مشکور ہوں اور اُن سے وعدہ کرتا ہوں کہ ’’عبدالستار ایدھی کی طرح ملک و قوم کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی‘‘۔

    فیصل ایدھی نے کہا کہ ’’ایدھی صاحب کا بچھڑنے سے ہمارے درمیان پیدا ہونے والے خلا کو پورا نہیں کیا جاسکتا تاہم ایدھی صاحب کے اس وژن کو جاری رکھنے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کی باگ ڈور میں سنبھالوں گا‘‘۔

    قبل ازیں گزشتہ روز ایدھی صاحب کی وفات کے بعد فیصل ایدھی نے ایدھی فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا، عوام الناس کی جانب سے ایدھی ہوم کی ہیلپ لائن 115 پر روزانہ کی طرح مشکل میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے کالز کا تانتا بندھا رہا، جس کے بعد ایدھی رضا کار غمزدہ حالت کے باوجود مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے اور عوام کے لیے فلاحی کاموں میں مصروف نظر آئے۔

     

     

  • ڈی ایچ اے کی 5 کلومیٹر طویل سڑک ایدھی سے منسوب کرنے کا اعلان

    ڈی ایچ اے کی 5 کلومیٹر طویل سڑک ایدھی سے منسوب کرنے کا اعلان

    کراچی : ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خیابانِ اتحاد ڈیفنس فیز 8 سے دو دریا تک کی پانچ کلو میٹر طویل سٹرک کا نام تبدیل کر کے عبدالستار ایونیو رکھنے کا اعلان کردیا۔

    ڈی ایچ اے حکام کے مطابق ایدھی صاحب کی انسانیت کی خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ’’بیچ ایونیو‘‘ کے نام کی سڑک کو ’’عبدالستار ایونیو‘‘ کے نام سے منسوب کردیا جائے۔

    اس فیصلے کے ذریعے عوام کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ ’’ایدھی صاحب نے بلا رنگ و نسل اور مذہب لوگوں کی خدمت میں اپنی زندگی کے 50 اہم سال وقف کیے اور اس کام کو آخری وقت تک جاری رکھا‘‘۔

    ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیئر زبیر احمد نے بتایا کہ ’’یہ ڈیفنس کی سب سے بڑی شاہراہ کو ایدھی صاحب کے نام سے منسوب کرنے کے لیے جلد باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں کور کمانڈر کراچی سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات شرکت متوقع ہے‘‘۔

    واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد اُن کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایدھی فاؤنڈیشن کے تمام معاملات اب ان کے ہاتھ میں ہیں اور وہ اپنے والد کی طرح ملک و قوم کی خدمت میں اپنی زندگی وقف کردیں گے‘‘۔