Tag: فیصل سبزواری

  • پیپلزپارٹی کراچی کوجان بوجھ کر تباہ کررہی ہے، فیصل سبزواری

    پیپلزپارٹی کراچی کوجان بوجھ کر تباہ کررہی ہے، فیصل سبزواری

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ صوبے کو اختیارات ملیں اور اس پر حکومت ناگ بن کر بیٹھ جائے ایسا نہیں ہونا چاہئے، گیارہ سال سے پیپلزپارٹی فنڈز فراہم نہیں کررہی، جان بوجھ کر شہر تباہ کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کو جانچا جانا چاہئے کہ ان کے پاس اختیارات کتنے ہیں، یہ بھی جانچنا چاہئے کہ حکومتوں کی نیت کیسی ہے۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ 90 فیصد مسائل مقامی ہوتے ہیں، کچرا، پینے کے پانی اور سڑکوں کے مسائل ہوتے ہیں، صوبائی، وفاقی اور مقامی حکومت جو کوشش کررہی ہیں اس پر شہر نہیں چل سکتا، کراچی کو 6 ڈسٹرکٹس میں تقسیم کردیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی آدھی سڑکیں پانی کے رساؤ سے ٹوٹی ہوئی ہیں، جب مصطفی کمال ناظم تھے تب 43 ارب کا بجٹ تھا اب ایسا نہیں ہے، نعمت اللہ خان، مصطفی کمال کے دور میں نظام میں وسائل تھے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ پہلے اختیارات تھے اب تو یہ بھی نہیں دئیے جارہے، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا نظام بھی میئر کے پاس نہیں ہے، پیپلزپارٹی کی نااہلی نہیں بلکہ بدعنوانی ہے، جان بوجھ کر شہر تباہ کیا جارہا ہے۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ کے ایم سی کا ترقیاتی بجٹ سڑکوں پر لگتا نظر آنا چاہئے، پیپلزپارٹی کو برا لگتا ہے سندھ میں دوسرا انتظامی یونٹ نہ بنے۔

  • کوٹہ سسٹم اور خود مختار بلدیاتی نظام نہ ملا تو صوبے کا مطالبہ کرینگے، فیصل سبزواری

    کوٹہ سسٹم اور خود مختار بلدیاتی نظام نہ ملا تو صوبے کا مطالبہ کرینگے، فیصل سبزواری

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کوٹہ سسٹم اور خود مختار بلدیاتی نظام نہ ملا تو علیحدہ صوبے کا مطالبہ کریں گے، متحدہ نے شہری سندھ کے استحصال کا مقدمہ عدالتوں میں لے جانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے کوٹے کے نام پر پیپلز پارٹی کی جانب سے شہری سندھ کے استحصال کا مقدمہ عدالتوں میں لے جانے کا اعلان کردیا۔

    ایم کیو ایم نے ایک بار پھر سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے ملازمتوں میں نوکریاں نہ دینے ، میرٹ کا قتل کرنے ، متعصبانہ کوٹہ سسٹم، پبلک سروس کمیشن کی غیر جانب داری اور شہری سندھ کو زیادتی کا نشانہ بنانے پر سوالات اٹھا دئیے۔

    فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ کوٹہ سسٹم پر عدالتی کمیشن بنایا جائے اگر خود مختار بلدیاتی نظام نہ ملا تو صوبے کا مطالبہ بھی آئے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے عدالتوں سے شہری سندھ کے معاشی و سیاسی تجاوزات کو روکنے کا مطالبہ کردیا۔

    فیصل سبزواری نے  مزید کہا کہ ہمیں احساس نہ دلایا جائے کہ اٹھارہویں ترمیم کا ساتھ دے کر ایم کیو ایم نے غلطی کی، انہوں نے شہری سندھ کا مقدمہ لے کر دوبارہ عدالتوں میں جانے اور کوٹہ سسٹم پر عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔

    ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ عدالتیں اگر کراچی کو چالیس سال پرانی شکل میں لانا چاہتی ہیں تو پھر شہری سندھ پر قائم سیاسی و معاشی تجاوزات کا خاتمہ بھی کرنا ہوگا، شہری سندھ کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ نہ روکا تو صوبے کا مطالبہ آئے گا۔

    ایم کیو ایم رہنمائوں نے سندھ حکومت کو الٹی میٹم دیا کہ شہری سندھ کا لوٹا گیا پیسہ واپس کرکےزیادتیوں کا سلسلہ روکا جائے ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا۔

  • کراچی: ڈیفنس میں پولیس کی اسنیپ چیکنگ، ارکان اسمبلی کو بھی روک لیا گیا

    کراچی: ڈیفنس میں پولیس کی اسنیپ چیکنگ، ارکان اسمبلی کو بھی روک لیا گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پولیس کی اسنیپ چیکنگ کے دوران ارکان اسمبلی کو بھی روک لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اسنیپ چیکنگ کے دوران ارکان اسمبلی کو روک لیا گیا، فیصل سبزواری، پی ٹی آئی کے راجا اظہر کو گاڑی کی تصدیق کے لیے روکا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق فیصل سبزواری اور راجا اظہر کی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی تصدیق کے بعد جانے دیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز سلمان لودھی کے مطابق تحریک انصاف کے ایم پی اے راجا اظہر نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ تمام لوگوں کو چیک کیا جارہا ہے، شہر سے جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون لازمی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے بھی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور جب تک ان کی گاڑی کلیئر نہیں ہوگئی وہیں انتظار کرتے رہے۔

    مزید پڑھیں: سابق وزیراعظم کے بیٹے کا کراچی میں چالان

    پیپلزپارٹی کے سینیٹر امام الدین کے پروٹوکول کی گاڑی بھی دھر لی گئی، گاڑی پولیس موبائل کی طرح بنی تھی، سینیٹر کا ڈرائیور گاڑی چلا رہا تھا، گاڑی ڈرائیور سمیت تھانے منتقل کردی گئی۔

    واضح رہے کہ کالے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹ کے خلاف بھی پولیس کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں، ان گاڑیوں کی فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے اتار کر بھاری چالان کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ 25 دسمبر کو ڈیفنس میں گھر کے باہر ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی کو موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

    خیال رہے کہ چند ماہ قبل یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی گاڑی کا چالان کیا گیا تھا ان کی گاڑی میں فینسی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔

  • انٹرا پارٹی انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے، کنوینر خالد مقبول صدیقی ہیں: فیصل سبزواری

    انٹرا پارٹی انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے، کنوینر خالد مقبول صدیقی ہیں: فیصل سبزواری

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کا استعفیٰ منظورنہیں کیا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے فاروق ستار کے انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا.

    فیصل سبزوای نے کہا کہ فاروق ستارسے چند روز پہلے میٹنگ ہوئی تھی، جلد دوبارہ ملیں گے، مل کر بات چیت کریں گے.

    [bs-quote quote=” رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کا استعفیٰ منظورنہیں کیا” style=”style-2″ align=”left” author_name=”فیصل سبزواری”][/bs-quote]

    ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے ہیں کہ انتخابی عمل پرمنفی اثر پڑے، فاروق ستار نے  مطالبہ کیا تھا کہ 5 جولائی پرحالات کو واپس لایا جائے، ہم نے95 فی صد ساتھیوں کو5 جولائی کی ذمہ داریوں پر واپس لگا دیا.

    فیصل سبزواری نے کہا کہ بہادرآباد اور بی آئی بی کے کارکنان اب ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، چندروز تک فاروق ستارپریس کانفرنس نہ کرتے تو بہترتھا. 

    انھوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گا، کنوینر خالد مقبول صدیقی ہیں۔


    مزید پڑھیں: فاروق ستارکا انٹراپارٹی الیکشن کا مطالبہ، 23اگست کو ایم کیوایم کومیں نے بچایا


    ان کا کہنا تھا کہ زیربحث باتوں کو میڈیا پرالیکشن کے بعد لے آتے، امید ہے کہ فاروق ستار ہمارے ساتھ الیکشن کی تیاری کریں گے.

    یاد رہے کہ آج ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے انٹراپارٹی الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا 23اگست کو ایم کیوایم کومیں نے بچایا، ایم کیوایم پاکستان نظریاتی قائم کرنے کےمشن پرنکل چکا ہوں۔

  • سہیل انورسیال کی مہاجروں سے متعلق اشتعال انگیز تقریر، فیصل سبزواری کی کڑی تنقید

    سہیل انورسیال کی مہاجروں سے متعلق اشتعال انگیز تقریر، فیصل سبزواری کی کڑی تنقید

    کراچی: سابق وزیر داخلہ، سندھ سہیل انورسیال کی اشتعال انگیز تقریر نے سندھ اسمبلی کا ماحول گرما دیا.

    تفصیلات کے مطابق سہیل انور سیال بھی ذوالفقارمرزا کی زبان بولنے لگے، سندھ اسمبلی میں ہجرت کرنے والوں‌کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا.

    سہیل انور سیال نے کہا کہ ہندوستان سے آنے والوں کو ہم پال رہے ہیں، ان لوگوں کو ہم نے پناہ دی، ان کو گھر، زمینیں اوراناج دیا.

    انھوں نے کہا کہ سندھ میں جن کو پناہ دی، آج وہ ہی سندھ کے خلاف باتیں کررہے ہیں، ان کے بھگوڑے لیڈر نے پاکستان کے خلاف تقریریں کیں.

    سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے خود کو پاکستانی اورسندھی تسلیم کریں، پھر تنقید کریں.

    سہیل انورسیال کی تقریر کے دوران ایم کیو ایم کے اراکین نے شدید احتجاج کیا.

    بعد ازاں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فیصل سبزواری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نفرت، لاعلمی اورجہالت، یہ سارے عناصر سہیل انورسیال کی گفتگو میں نظرآئے.

    ان کا کہنا تھا کہ مہاجر اپنے حصے کا پاکستان لے کر آئے تھے، صوبے کو نوے فیصد ریونیو کراچی کما کردیتا ہے.

    فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ تنقید کرنے والے پہلے تاریخ پڑھ لیں.مہاجر اپنے حصے کا پاکستان لے کر آئے تھے.

  • ضمنی الیکشن: ایم کیوایم کی جانب سے فیصل سبزواری کو ٹکٹ نہیں دیا گیا

    ضمنی الیکشن: ایم کیوایم کی جانب سے فیصل سبزواری کو ٹکٹ نہیں دیا گیا

    کراچی: ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے ضمنی انتخاب میں فیصل سبزواری کو ٹکٹ نہیں دیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق این اے243 کے ضمنی انتخاب میں‌ ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے عامرچشتی کو ٹکٹ دیا گیا ہے.

    فیصل سبزواری نے ٹویٹر پر اعلان کیا کہ ایم کیوایم پاکستان کےعارضی مرکز بہارآباد میں رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا.

    انھوں نے لکھا کہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ حلقہ این اے243 پر ایم کیوایم پاکستان کے امیدوار عامر ولی الدین چشتی ہوں گے.

    یاد رہے کہ فیصل سبزواری اورمحفوظ یارنےاین اے243سےکاغذات جمع کرائے تھے. این اے 243 پر14 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے.

    واضح رہے کہ اس نشست سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی، البتہ بعد میں انھوں نے یہ سیٹ چھوڑ دی تھی.

  • عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکتے، وسیم اختر اور فیصل سبزواری

    عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکتے، وسیم اختر اور فیصل سبزواری

    کراچی : شہر قائد کے مئیر وسیم اختر اور فیصل سبز واری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما اپنی قیادت سے پوچھیں کہ ایم کیو ایم کی کیا اہمیت ہے، عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیر اعظم نہیں بن سکتے۔

    یہ بات انہوں نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہی۔ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم اپنے میئر کراچی کی وجہ سے الیکشن میں ہاری۔

    گزشتہ 35سال میں متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی والوں سے بہت سارے وعدے کئے گئےجو کبھی پورے نہیں ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مجبوری میں ایم کیوایم کے پاس گئی کیونکہ تحریک انصاف کو وفاق میں اپنے نمبرز  پورے کرنے تھے، وہ متحدہ پر لگائے گئے اپنے الزامات پر تاحال قائم ہیں۔

    فردوس شمیم نقوی کے بیان پر مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے مجھے تنقید کا نشانہ بناتےہیں، فردوس شمیم نقوی اپنی قیادت سے پوچھیں کہ ایم کیو ایم وفاق میں حکومت بنانے کیلئے کتنی اہمیت رکھتی ہے؟

    اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو مایوس کیا، اس لیے ہم نے تحریک انصاف سے اتحاد کیا، ہماری حمایت کے بغیر عمران خان وزیراعظم نہیں بن سکتے، اگر یہی معاملات رہے تو آئندہ ساتھ چلنے میں مشکلات پیدا ہوتی رہیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم نے بھی مجبوری کی حالت میں پی ٹی آئی سے ہاتھ ملایا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ مجبوریوں کے بجائے منصوبوں کا ذکر ہونا چاہئے، ہمیں مل کر سندھ کے مسائل حل کرنے ہیں۔ خواجہ اظہار الحسن نے عمران خان اور جہانگیر ترین سے مطالبہ کیا کہ وہ فردوس شمیم نقوی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کریں

    قبل ازیں فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس پی، اے پی ایم ایل کے سیکڑوں کارکنان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے، کراچی میں صاف اور شفاف انتخابات ہوئے۔

  • الیکشن کے طریقہ کار پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، محمد زبیر/فیصل سبزواری

    الیکشن کے طریقہ کار پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، محمد زبیر/فیصل سبزواری

    کراچی: سابق گورنر سندھ ن لیگ کے رہنما محمد زبیر اور ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ الیکشن کے طریقہ کار پر ہمارے شدید تحفظات ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار محمد زبیر اور ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    الیکشن کمیشن کو ایم کیو ایم کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہئے، محمد زبیر

    سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے حوالے سے تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں، الیکشن کے طریقہ کار پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، الیکشن کمیشن کو ایم کیو ایم کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہئے، فارم 45 پچیس جولائی کی شام کو دینا چاہئے تھا، ایک ہفتے بعد ویب سائٹ پر لگانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

    محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں مسائل ہیں، ہمیں ان شہروں کو آگے لے کر جانا ہے، کراچی میں کچرا اور پانی کے مسئلہ سمیت دیگر مسائل ہیں۔

    سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ن لیگ نے کراچی آپریشن کیا تھا وہ ایم کیو ایم کے خلاف نہیں تھا، آپ کسی سے بھی پوچھ لیں 2013 والا کراچی بہتر تھا یا آج کا بہتر ہے، لیاری ایکسپریس وے ہم نے مکمل کیا ہے، گرین لائن منصوبہ ہم مکمل کررہے ہیں۔

    کس کو پتہ ہے کہ فارم 45 کو کہاں بیٹھ کر بھرا گیا ہے، فیصل سبزواری

    ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس سے ایک روز پہلے ہم نے پریس کانفرنس کی، الیکشن کمیششن سے استعفے کا مطالبہ سب سے پہلے ہم نے کیا تھا، آر ٹی ایس نہیں چلا یہ آپ کا فیلئر ہے، کس کو پتہ ہے کہ فارم 45 کو کہاں بیٹھ کر بھرا گیا ہے۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی آپریشن کی تاکید کی تھی لیکن تحفظات سے حکومت کو آگاہ کیا تھا، کراچی ٹارگٹڈ آپریشن پر آج بھی ہمارے تحفظات ہیں، بہت ہوگیا ٹارگٹڈ آپریشن اب شہر کو ٹارگٹڈ ترقی کی ضرورت ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم نے الیکشن کے نتائج مسترد کردیے، وفاقی حکومت میں شامل نہ ہونے کا اعلان

    ایم کیو ایم نے الیکشن کے نتائج مسترد کردیے، وفاقی حکومت میں شامل نہ ہونے کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن 2018 کے نتائج مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت میں شامل نہ ہونے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی حکومت میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم انتخابی نتائج کو مسترد کرتی ہے، ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی جائے۔

    انھوں نے کہا کہ اگر ان کا مطالبہ نہیں مانا گیا، تو شدید مظاہروں کی طرف جائیں گے اور احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی طرف سے جہانگیرترین نے رابطہ کیا تھا، ہم ان سے ملیں گے، مگر رابطہ کمیٹی نے حکومت میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن نتائج پر شدید تحفظات ہیں، ہمارے نمائندوں کے سامنے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے، رابطہ کمیٹی نےدوروز میں کارکنوں کا اجلاس بلایا ہے، اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ آج عارف علوی نے بنی گالا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ عندیہ دیا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان سے بات چیت جاری ہے، مرکز اور صوبائی حکومت میں انھیں ساتھ لیا جاسکتا ہے۔


    ایم کیوایم سے بات چل رہی ہے، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ہمارے ساتھ ہے: عارف علوی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انتخابات 2018: بہت باریک کام ہوا ہے، فاروق ستار

    انتخابات 2018: بہت باریک کام ہوا ہے، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے انتخابات 2018 کے نتائج کے حوالے سے کہا ہے کہ بہت باریک کام ہوا ہے، الیکشن کے دن کچھ نہیں ہوا، گنتی کے دوران رگنگ ہوئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار نے کہا کہ فارم 45 دیا ہی نہیں گیا جو آفیشل رزلٹ ہوتا ہے، جو نتائج دئیے جارہے ہیں یہ پولنگ کے نہیں سیٹنگ کے نتائج ہیں۔

    رہنما ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے کہا کہ پولنگ والے دن کئی جگہوں سے کیمرے اتار لیے گئے تھے جبکہ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے شہباز شریف سے رابطہ ہوا ہے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج کو داغ دار کردیا ہے، ایسی دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں طے شدہ دھاندلی ہوئی، مردم شماری میں کم گنا گیا، حلقہ بندیاں کرکے ووٹ بینک متاثر کیا گیا، کل شام چھ بجے تک بہت شکایتیں تھیں، اصل ہاتھ اس کے بعد دکھایا گیا۔

    ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ این اے 240 کا نتیجہ ابھی تک نہیں سنایا گیا، انتخابی عمل مشکوک ہوگیا ہے، پولنگ ایجنٹس کو دھمکایا گیا کہ تمہارے ووٹ اتنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ دھاندلی کا الزام براہ راست الیکشن کمیشن پر لگ رہا ہے، الیکشن میں لوگوں کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، انتخابی عملے نے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا، مصنوعی اقدامات سے ملک کو نہیں چلایا جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔