Tag: فیصل سبزواری

  • ایم کیوایم بکاؤ مال نہیں ہے‘ فیصل سبزواری

    ایم کیوایم بکاؤ مال نہیں ہے‘ فیصل سبزواری

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ پارٹی آئین کے مطابق سادہ اکثریت سے رابطہ کمیٹی فیصلہ کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بہادر آباد میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اراکین کی پریس کانفرس کے دوران فیصل سبزواری نے کہا کہ لوگوں کو ذمہ داربنایا جاتا تھا وہ ذمہ داری سے بھاگتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے افسوسناک صورت حال پیدا کیوں ہوئی، یہ ایم کیو ایم پاکستان ہے کوئی مسلم لیگ کا دھڑا نہیں ہے۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ بدقسمتی سے پارٹی میں پچھلے ایک سال سے عہدے کی بھوک آگئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ کارکنان کی جماعت ہے 22 اگست سے پہلے صورت حال مختلف تھی، ایک برس کے دوران تنظیم میں عہدوں کی بھوک پیدا ہو گئی۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ عارضی مرکزبہادرآباد پرموجود اراکین ہی ایم کیوایم پاکستان ہیں، ہم نوٹوں کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تمیز سے ہاتھ جوڑ کر فاروق ستار سے بات کی لیکن بعض لوگوں نے نعرے لگا کر دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ کارکنان ہم سے سوال کرتے ہیں کیا آپ لوگ بک گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم تقسیم ہوگی تو پیپلزپارٹی کو فائدہ ہوگا۔

    ایم کیوایم رہنما نے کہا کہ رائے شماری کی بنیاد پرپہلے 4 ناموں کو سینیٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے جن میں کشور زہرہ، عبدالقادرخانزادہ ، سنجے پروانی اورعامرچشتی شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فاروق ستار پارٹی کنوینرہیں، ہم ساری باتیں نہیں مان سکتے، پارٹی آئین میں فرد واحد کو صوابدیدی اختیار حاصل نہیں ہے۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ بعض سینیٹ امیدوار25،25 کروڑ روپے لے کر گھوم رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم بکاؤ مال نہیں ہے۔

    ایم کیوایم رہنما نے کہا کہ فاروق ستار رابطہ کمیٹی کے ناموں کے سوا کوئی نام لے کر گئے توتماشا بنے گا، رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کا نام امیدواروں کی فہرست سے نکال دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • تین رکنی وفد فاروق ستار سے ملاقات کرے گا، امید ہے، حل نکل آئے گا: فیصل سبزواری

    تین رکنی وفد فاروق ستار سے ملاقات کرے گا، امید ہے، حل نکل آئے گا: فیصل سبزواری

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ہم کوئی بڑا قدم نہیں اٹھانا چاہتے، کوشش ہے اندرونی تنازعات کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    ان کا کہنا تھا کہ سید سردار، رؤف صدیقی، جاوید حنیف پر مشتمل تین رکنی وفد فاروق ستار سے ملاقات کرے گا، تینوں ذمہ داران فاروق ستارکومختصر ایجنڈا پیش کریں گے. امید ہے کہ فاروق ستار کو منا لیا جائے گا۔

    ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ پہلے رائے رابطہ کمیٹی دیتی تھی، فیصلے لندن سےہوتے تھے، اب رائے اور فیصلے رابطہ کمیٹی ہی کرتی ہے.

    انھوں نے کہا کہ سینیٹ کےانتخابات کیلئے تمام تیاریاں کرچکے ہیں، کاغذات نامزدگی موجود ہیں، کوشش ہے کوئی بھی پارٹی کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی نہ کرے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی مسئلے کا مثبت حل نکل آئے گا.

    یاد رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان میں کامران ٹیسوری کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر پھوٹ پڑی گئی تھی، جب کے بعد بہادر آباد اور پی آئی بی میں‌ الگ الگ پریس کانفرنسیں کی گئیں.

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا فاروق ستار کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ آج متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کے بلائے گئے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ فیصلہ بہادر آباد میں ڈپٹی کنوینرز کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا.

    تین رکنی وفد اور شرائط

    دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کا تین رکنی وفد فاروق ستار کو منانے پی آئی بی پہنچ گیا ہے۔ وفد میں رؤف صدیقی، جاویدحنیف او  سید سرداراحمد شامل ہیں۔

    ذرایع کے مطابق وفد نے دو شرائط فاروق ستار کے سامنے رکھی ہیں، جن میں آج کے جنرل ورکرز اجلاس کی منسوخی اور فاروق ستار کی بہادر آباد آکر اجلاس کی صدارت کرنا شامل ہے، جس کے بعد رابطہ کمیٹی کامران ٹیسوری کے معاملے پر نظر ثانی کرنے کو تیار ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • مصطفیٰ کمال چاہتے ہیں ہم اپنی شناخت بھول جائیں یہ ممکن نہیں، فیصل سبزواری

    مصطفیٰ کمال چاہتے ہیں ہم اپنی شناخت بھول جائیں یہ ممکن نہیں، فیصل سبزواری

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ بدقسمتی کے ساتھ ایم کیوایم کے ہرشہید کارکن کودہشت گرد بنا دیا گیا ہے جب کہ ہم بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں اور آج شہداء یادگار پر بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے رہے.

    وہ ایم کیوایم پاکستان کے مرکزی دفتر واقع بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، فیصل سبزواری نے کہا کہ ہمیں آج یاد گار شہداء جانے کی اجازت دی گئی جس کے لیے انتظامیہ، رینجرز اور پولیس کے شکر گذارہیں.

    فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے نہ تو پہلے تشدد پسند سیاست کی ہے اور نہ ہی اس قسم کی سیاست کی دعوت دیتے ہیں بلکہ 5 نومبر کے بعد صاف ستھری ایم کیو ایم سامنے آئی ہے.

    انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے 5 نومبرکو ایک بھرپوراورکامیاب جلسہ کیا اور کامیاب جلسے کے بعد کراچی کی بہت سی جماعتیں خاموش ہیں اور کامیاب جلسے کے بعد ایک سیاسی اتحاد کے بارے میں سوچا گیا.

    ایم کیوایم پاکستان کے رہنما نے مصطفیٰ کمال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر قاتل اور مہاجرمقتول کی سیاست دوبارہ نہیں ہونے دیں گے اسی لیے ذمہ دارانہ کوشش کے تحت پی ایس پی کے ساتھ آگے چلنے کے لیے قدم اٹھایا لیکن آپ چاہتے ہیں کہ ہم اپنی شناخت بھول جائیں یہ نہیں ہو سکتا.

    انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مہاجروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی آواز اٹھانا چاہتے ہیں لیکن مصطفیٰ کمال صاحب کہتے ہیں ان زیادتیوں کا ذکر چھوڑ دیں اور ہم اپنی شناخت چھوڑ دیں چنانچہ مصطفیٰ کمال صاحب خدارا لوگوں کے جذبات سے نہ کھیلیں میراتجربہ میڈیامیں اور ایم کیوایم میڈیا میں مصطفیٰ کمال سے زیادہ ہے.

    فیصل سبزواری نے کہا کہ مصطفیٰ کمال صاھب آپ کی جماعت کے 90 فیصد کارکنان سے رابطے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ جبر کے سائے ڈھلیں تو ہم دوبارہ ایم کیو ایم پاکستان میں دوڑے چلے آئیں لیکن ہم ایم پی اے یا ایم این اے پر ڈورے نہیں ڈالتے.

    انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ مصطفیٰ کمال کسی ذاتی دورے پر دبئی نہیں گئے تھے بلکہ ایک مطلوب شخص سے ملاقات کے لیے دبئی گئے تھے اس لیے مصطفیٰ کمال شیشے کے گھرمیں بیٹھ کرپتھرنہ ماریں ورنہ سب سے زیادہ نقصان آپ کا ہوگا.

    فیصل سبزواری نے کہا کہ فاروق ستارکی والدہ سےمتعلق بیان انتہائی غیراخلاقی تھا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ماں سب کی سانجھی ہوتی ہے اور آج پی ایس پی کی پریس کانفرنس سے مصطفیٰ کمال کو زیادہ نقصان ہوگا اور 2018 کے الیکشن کے بعد کراچی میں ایک اورجماعت کا اضافہ ہوجائے گا جس کی ضمانت بھی ضبط ہوجائے گی.

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں ناکام ہوچکی ہے، ہم کراچی کے لیے ہی نہیں بلکہ تمام شہروں کے بلدیاتی اختیارات کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں جس کے لیے سپریم کورٹ سے گزارش ہے کہ جلد از جلد اس مقدمے کو سُنا جائے اور اس اہم مسئلے کو سنا جائے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ایم کیوایم پاکستان زندہ ہے اوررہے گی، فیصل سبزواری

    ایم کیوایم پاکستان زندہ ہے اوررہے گی، فیصل سبزواری

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ الیکشن میں ہم جس نام سے بھی جائیں ایم کیوایم پاکستان زندہ ہے اور رہے گی، کسی دباؤکےتحت پی ایس پی والوں کے پاس نہیں گئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پی ایس پی رہنما رضا ہارون پی پی پی کے رہنما نبیل گبول اور متحدہ کے رکن اسمبلی سلمان مجاہدبلوچ بھی موجود تھے۔

    فیصل سبزواری کا پی ایس پی اور ایم کیو ایم کے سیاسی اتحاد کے حوالے سے کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے مثبت سوچ کے ساتھ یہ قدم اٹھایاہے، پی ایس پی سےسیاسی اتحاد ہوا ہے۔

    یہ سیاسی اتحادایک نام، ایک منشور اور ایک انتخابی نشان پرہوا ہے، فاروق ستار کہہ چکے ہیں کہ ایک حکمت عملی طے کی جائےگی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہم جس نام سے بھی جائیں ایم کیوایم پاکستان زندہ رہےگی،5نومبر کے کامیاب جلسے نے بھی ثابت کردیا کہ ایم کیوایم زندہ ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی دباؤکےتحت پی ایس پی والوں کےپاس نہیں گئے، پی ایس پی ہماری پریس کانفرنس میں آئی ہم نہیں گئے، تمام خواہشات کو پورا نہیں کیاجاسکتا۔

    ایک ایجنڈے پربات ہوئی ہے، میں ایم کیوایم پاکستان کےساتھ ہوں، انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایم کیوایم پاکستان زندہ ہے اور ہمیشہ موجود رہے گی۔

    ایک نام، ایک نشان اورایک پارٹی پربات ہوگی، رضا ہارون

    پی ایس پی رہنما رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم سے متعلق ہمارامؤقف واضح ہے، مجھےنہیں لگا کہ کسی سیاسی اتحاد پرگفتگو ہوئی ہے، ایک نام، ایک نشان اورایک پارٹی پربات ہوگی۔

    ہم نے تو ہمیشہ کہا کہ ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، ہم نے کب کہا کہ بات چیت کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا، ایم کیوایم بانی کی تھی ہےاور رہےگی، ہم نے صرف اگلےالیکشن نہیں بلکہ آئندہ آنے والی نسلوں کیلئےکام کرناہے، ہمیں اب نئے دورکا آغازکرنا چاہئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کل کی ملاقات میں برف پگھلی اورآج یہ سب ہواہے، ایم کیوایم پاکستان کے3رہنماؤں نے آج آصف زرداری سےملاقات کی، نبیل گبول سےگزارش ہے میرےبیان کو دوبارہ سن لیں۔

    نئی پارٹی کا نام پاکستان قومی موومنٹ رکھاجائےگا، نبیل گبول

    نبیل گبول نے اپنی گفتگو میں انکشاف کیا کہ نئی پارٹی کا نام پاکستان قومی موومنٹ رکھاجائےگا، مصطفیٰ کمال تو کہتےتھے کہ ملنے کاسوال ہی پیدانہیں ہوتا، رضاہارون میرے بہت اچھے دوست ہیں یہ ہی مجھےایم کیوایم میں لے کر گئے تھے۔

    نبیل گبول کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم اور پی ایس پی کے اتحاد کی خبرچھ ماہ پہلےدی تھی، پرویز مشرف کی کوششوں سےہی ایم کیوایم اورپی ایس پی ایک ہوئے۔

    مجھے ایم کیوایم سے نکالنے والے خود نکل گئے، سلمان مجاہد بلوچ

    سلمان مجاہد بلوچ نے بتایا کہ فاروق ستار سے رابطہ کمیٹی کے ارکان نےناراضگی کااظہار کیا ہے، اجلاس میں رابطہ کمیٹی ارکان نے کہا کہ اگریہی کرنا تھا تو ہمیں کیوں بےوقوف بنایا؟

    انہوں نے کہا کہ مجھے ایم کیوایم سے نکالنے والے آج خود ایم کیوایم سے نکل گئے، فاروق ستار نے آج خود ہی ایم کیوایم کو ختم کردیا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال جب سے آئےتھے تب سےملاقاتیں جاری تھیں، آج میری آصف زرداری سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں حلقے کے مسائل پر گفتگو کی ہے، پیپلزپارٹی میں شامل نہیں ہورہاہوں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سٹی کونسل کا اجلاس طے شدہ تھا، فیصل سبزواری

    سٹی کونسل کا اجلاس طے شدہ تھا، فیصل سبزواری

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ سٹی کونسل کا اجلاس طے شدہ تھا، اپوزیشن نے ارشد وہرہ کے استعفے کی بات پر احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سب سے بڑی جماعت نے سٹی کونسل میں کامیاب چال چلتے ہوئے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے سے گریز کیا اور میئر کراچی وسیم اختر پر اعتماد کی تحریک منظور کرالی۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ اپوزیشن کی اپنی ایک سیاست ہے وہ سمجھتے ہیں کہ ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کے واقعے کے بعد ان کو ایک موقع ملا ہے، اور انہوں نے اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے.

    فیصل سبزواری نے کہا کہ ہم نے تمام ممبران کو اجلاس میں شرکت کرنے کا کہا تھا اور سب نے دیکھا کہ ہمارے205ارکان میں سے بہت بڑی تعداد آج اجلاس میں موجود تھی، ان کا مزید کہنا تھا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق تھا جو اس نے استعمال کیا۔

    علاوہ ازیں ڈپٹی میئر سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اسماعیل نے کہا کہ ارشد وہرہ کو بلا کر پوچھنا چاہئے تھا کہ وہ کون سے وسائل ہیں جو کہیں اور استعمال ہو رہے ہیں.

    ارشد وہرا سے راتوں رات پارٹی بدلنے کا جواز بھی پوچھنا چاہئے تھا، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی اجلاس مؤخر کروانے کی حکمت عملی میں کامیاب رہی۔

    اس حوالے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر اپوزیشن اراکین کے شکوے اور شکایتیں دور کریں، حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اختیارات کا رونا رونے والے کم از کم دستیاب وسائل تو استعمال کریں۔

  • کراچی کےعوام میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، فیصل سبزواری

    کراچی کےعوام میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، فیصل سبزواری

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کراچی میں آج بھی بدامنی ہے، عوام میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، انیس ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ مہاجروں کا سب سے زیادہ استحصال بانی ایم کیو ایم نے کیا۔

    ان خیالات کا اظہار ان رہنماؤں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی  گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی کے رہنے والوں کے مسائل حل ہونے چاہئیں، مسائل کے انبار اورعدم تحفظ کے باعث عوام میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔

    دیگرشہروں کی طرح کراچی کے مسائل پر بھی توجہ دینی چاہیئے، اس شہر کے مسائل کےحل کیلئے ہم تمام جماعتوں کے پاس گئے۔

    ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کراچی کے حالات اب ایک سال پہلےجیسے نہیں رہے، ہم پاکستان میں بیٹھ کرعدم تشدد کی سیاست نہیں کر رہے، 23اگست کی پالیسی کو آگےلیکر بڑھ رہے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ایس پی سےاتحاد کیلئے ہمارے اوپر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے، ہر محب وطن پاکستانی کیلئے متحدہ پاکستان کے دروازےکھلے ہیں۔

    مہاجروں کا استحصال خود بانی ایم کیوایم نے کیا، انیس ایڈووکیٹ

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ایس پی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ مہاجروں کا سب سے زیادہ استحصال خود بانی ایم کیوایم نے کیا، ان کو اس حال تک پہنچانے کا ذمہ داربانی ایم کیوایم ہی ہے، اس نے اپنے مفادات کیلئے مہاجروں کو استعمال کیا۔

    انیس ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہم کافی حد تک بانی ایم کیوایم کو بےنقاب کرچکے ہیں، ضمنی الیکشن میں بانی متحدہ کیخلاف پی ایس پی گراؤنڈ میں موجود رہی لیکن اس کو کہیں نہ کہیں سے آکسیجن مل رہی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ سیاست میں کوئی چیزحرف آخرنہیں ہوتی، ایم کیوایم سے انضمام کی خبروں کی تصدیق ڈاکٹر فاروق ستار ہی کرسکتےہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس پی نے پہلی مرتبہ جامعہ کراچی کی آفیسرز کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کی اور آئندہ آنے والے وقت میں پی ایس پی صرف کراچی ہی نہیں پورے سندھ کے عوام کی نمائندگی کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری لڑائی بڑے بدمعاش کے خاتمے کی ہے اور ہم نے بڑی حد تک اس بڑے بدمعاش کو ڈھیر بھی کردیا ہے۔

    لوگوں کو خوفزدہ کرکے انکے دل تبدیل نہیں ہو سکتے، مصطفیٰ عزیز آبادی

    ایم کیو ایم لندن کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ایم کیو ایم اپنی ایک تاریخ ہے جو ان کے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں جس کے بعد اس کی بنیاد رکھی گئی لیکن اسٹیبلشمنٹ نے ان کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کو طاقت کے زور پر دبایا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ اگر مسائل صرف حکومتوں میں آنے سے حل ہوتے تو قیام پاکستان سے آج تک بلوچستان میں بلوچ وزیر اعلیٰ رہے ہیں لیکن بلوچ آج بھی اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر نفرت اور تعصب کے عینک سے مسائل کو دیکھا جائے گا تو مسائل کا حل نکل نہیں سکتا، ایم کیو ایم کے ٹکڑے کرکے خوشیاں تو منائی جاسکتی ہیں لیکن لوگوں کو خوفزدہ کرکے وقتی طور پر خاموش تو کیا جا سکتا ہے ان کے دلوں کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

  • ایم کیوایم لوڈ شیڈنگ کیخلاف مظاہروں میں شامل ہوگی، فیصل سبزواری

    ایم کیوایم لوڈ شیڈنگ کیخلاف مظاہروں میں شامل ہوگی، فیصل سبزواری

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں فیصل سبزواری اورخواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں، کے الیکٹرک نےقبلہ درست نہ کیا تو ایم کیوایم بھی مظاہروں میں شامل ہو جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے عارضی مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کے ہمراہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن بھی موجود تھے۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ عوام کو بجلی کی عدم فراہمی پر وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف اور وزیر مملکت عابد شیرعلی اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجائیں۔

    خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ عابدشیرعلی صرف منہ سےبجلی بنا رہے ہیں اور شہری بدترین لوڈشیڈنگ سےشہری بلبلا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے اپنی آخرت اور شہریوں کی سحری خراب کر ڈالی ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے شہریوں کیلئے روزہ رکھنا محال ہو گیا ہے۔

    رمضان المبارک کے آغاز سے ہی بجلی غائب ہو گئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک کو تاروں کی مرمت گرمیوں میں ہی کیوں یاد آتی ہے؟

  • علامتی دھرنا، کارکن کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، فیصل سبزواری

    علامتی دھرنا، کارکن کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، فیصل سبزواری

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ کارکن کے ماورائے عدالت قتل پر عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں ملوث پولیس اہلکاروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں علامتی دھرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ کارکن وسیم راجہ کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے جس کے خلاف میت کے ہمراہ علامتی دھرنا دیا ہے۔

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ وسیم راجہ کو مومن آباد تھانے کی پولیس نے حراست میں لیا تھا لیکن اسے کسی عدالت میں پیش کرنے کے بجائے ماورائے عدالت قتل کردیا گیا اور بہانہ یہ بنایا گیا کہ ملزم نے خودکشی کر لی ہے۔

    انہوں نے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کے دونوں تھانوں کے جو اہلکار اس سفاکانہ جرم میں ملوث ہیں انہیں فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے دو سو زائد کارکنان کا تین سال میں ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے لیکن کسی ایک کا بھی قاتل گرفتار نہیں ہو سکا ہے۔

  • ہر کام چین نے کرنا ہے تو وزارتِ بلدیات بھی انہیں دے دی جائے، خواجہ اظہار

    ہر کام چین نے کرنا ہے تو وزارتِ بلدیات بھی انہیں دے دی جائے، خواجہ اظہار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات کو وزارت سمیت ہی چین کو دے دیا جائے اُن سے وزارت نہیں سنبھالی جارہی ہے۔

    سندھ اسمبلی سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے وزیر بلدیات جام خان شورو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر بلدیات سے اپنی وزارت نہیں سنبھل پارہی ہے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ تھوڑا تھوڑا دینے کے بجائے وزیرِ موصوف پوری وزارت ہی چین کو کیو ں نہیں دے دیتے؟ یا پھر کوئی چینی ہی آکر سندھ میں وزارت بلدیات کا قلمدان سنبھالے۔

    انہوں نے کہا کہ آج بھی گلستان جوہر اورسرجانی ٹاون میں چائنہ کٹنگ ہو رہی ہے اور وزیر بلدیات کو پتہ ہی نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چا ئنا کٹنگ کی تحقیقات سندھ حکومت اپنے وزراء سے شروع کرے اور ایم کیو ایم پر ختم کرے ،ہم چائنا کٹنگ کرنے والوں کو سماج کا دشمن سمجھتے ہیں۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے ممبر صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری نے بھی میڈیا سے بات کی انہوں نے کہا کہ وزارتِ بلدیات کو چاہیے ایک کے ایم سی کی بلڈنگ ہی رہ گئی ہے اُسے بھی چائنا کو دے دیں۔

    اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیرزمان نے پوائنٹ آف آرڈر پر وزارتِ بلدیات کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ منتخب بلدیاتی نمائندگان کو فنڈز جاری نہیں کیے جارے ہیں اور صوبائی حکومت سارے اختیارات پر قابض ہے۔

    نقطعہ اعتراض پر سینیئر وزیر نثار کھوڑو اور وزیر بلدیات کی خرم شیر زمان کے نوک جھوک بھی ہوئی جب کہ قائد حزبِ اختلاف خواجہ اظہار سمیت ایم کیو ایم دیگر اراکین اسمبلی نے بھی خرم شیر زمان کا ساتھ دیا۔

  • فاروق ستار کی بلاول پر تنقید، ایم کیو ایم نے معافی مانگ لی

    فاروق ستار کی بلاول پر تنقید، ایم کیو ایم نے معافی مانگ لی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ فاروق ستار نے جو باتیں کہیں اس پر ہم اسٹینڈ کرتے ہیں لیکن انہوں نے بلاول کے لیے جو الفاظ ادا کیے اس پر اپنی اور جماعت کی جانب سے معافی کا خواستگار ہوں۔

     یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے لائیو گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا تھا کہ طاقت کے نشے میں آج ٹرک پر چڑھ کر کچھ لوگوں نے اپنی ٹھرک جھاڑی ہے، سندھ کے وڈیروں نے آج بھی سندھی کو غلام بنایا ہوا ہے، ہم چالیس سال سے جدوجہد کررہے تو وہ آج بھی جاری ہے۔

    یہ پڑھیں:سندھ کے وڈیروں نے آج بھی سندھی کوغلام بنایا ہوا ہے، ڈاکٹرفاروق ستار


    فاروق ستار کے اس بیان پر فیصل سبزواری نے معافی مانگی جواب میں قمر الزماں کائرہ نے بھی کہا کہ ہم بھی اپنے الفاظوں کی معافی چاہتے ہیں۔
    ایک سوال پر فیصل سبزواری نے کہا کہ عمران خان کی جماعت میں شامل افراد کی آف شور کمپنیاں ہیں، پہلے یہ طے کرلیا جائے کہ آف شور کمپنیاں بنانا جرم ہے کہ نہیں۔


    بلاول کی تقریر پر انہوں نے کہا کہ بلاول کے نعرے وفاقی سطح کے نہیں تھے دیہی سطح کے تھے۔

    پیپلز پارٹی کے سینیٹر قمر زماں کائرہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنا راستہ اختیار کرنے کا حق ہے ، اپوزیشن اور پی ٹی آئی کا اپنا نقطہ نظر ہے، مضبوط اپوزیشن کے لیے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔


    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جس علاقے جاتی ہے لوگ نکلتے ہیں، کل کی ریلی میں جہاں تک نگاہ گئی لوگوں کے سرہی سر تھے یہ سب نے دیکھا۔

    کائرہ نے کہا کہ ہم نے لوگوں کی تکلیف کومدنظر رکھتے ہوئے منگل کے بجائے اتوار کا دن رکھا تاکہ لوگوں کو تکلیف نہ پہنچے، جب بھی سیاسی کارروائی یا جلسہ ہوتا ہے تو لوگوں کو پریشانی تو ہوتی ہے، پہلے ایک کال پر کراچی بند ہوجایا کرتا تھا کیا لوگوں کو تکلیف نہیں ہوتی تھی؟

    فیصل سبزواری نے جواب میں کہا کہ 12مئی کی ویڈیو دیکھی جائے جو یو ٹیوب پر بھی موجود ہے جس میں راستے بند ہیں،شیری رحمن کی گاڑی نظرآرہی ہے، وی آئی پی موومنٹ پر سول اسپتال کے دروازے کنٹینر لگا کر بند کردیے جاتے ہیں ، بچہ مرجاتا ہے اسے بھی دیکھ لیا جائے۔

    پاکستان تحریک انصا ف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نواز شریف کا خود کو پاناما کے معاملے پر پیش نہ کرنا ہٹ دھرمی ہے ،حکومت نہیں مان رہی، ہمیں خود ہی باہر نکلنا ہوگا۔


    انہوں نے کہاکہ سات ماہ انتظارکیا، ہر فورم پر آواز بلند کرکے دیکھ لی، حکومت بد نیت ہے، وہ احتساب کا عمل آگے نہیں بڑھانا چاہتی، اعتزاز احسن کے راستے میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے اس لیے کہ وہ احتساب کا عمل آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی پی اور پی ٹی آئی دونوں جماعتیں سی پیک پر متفق ہیں لیکن دونوں کا اس بات پر بھی اتفاق ہے کہ حکومت کا اس معاملے پر مخصوص ایجنڈا ہے ۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہاکہ ایم کیو ایم ایک سیاسی طاقت تھی جو چار حصوں میں تقسیم ہوگئی ، ایم کیو ایم کی وجہ سے کراچی میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے اگر پی پی اسے پر کرنے کی کوشش کرے تو یہ اس کا سیاسی حق ہے۔